دنیا کی ہر تہذیب نے قدیم تہذیبوں سے استفادہ کیا اور ان کے مثبت اثرات کو اپنے دامن میں محفوظ کیا ہے۔ اس ضمن میں مسلمانوں کو بھی یہ اعزاز حاصل ہے کہ انھوں نے تہذیبی ارتقاء کے لیے قدیم انسانی فکر و دانش سے بھرپور استفادہ کیا۔ اسلامی تہذیب و تمدن کی بنیادیں جہاں خلافتِ راشدہ اور عہدِ بنی عباس میں ملتی ہیں، وہیں برصغیر ہند میں سلاطینِ دہلی اور مغل حکمرانوں کے ادوار میں بھی اس کے واضح نقوش دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن بعض مؤرخین کی یہ نادانی اور ستم ظریفی کہیے کہ انھوں نے اپنا زیادہ تر زورِ قلم فتوحات کی داستانوں پر صرف کیا، نتیجتاً علم و ادب اور تہذیبی خدمات کو وہ توجہ نہیں ملی، جس کے وہ مستحق تھے۔ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ مغل سلاطین نے تہذیب و تمدن کے ارتقاء میں ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا۔ خصوصاً شاہی خانوادے سے تعلق رکھنے والی خواتین نے علم و ادب اور تہذیبی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی لی، انھوں نے مدارس و مساجد کے قیام میں اہم کردار ادا کیا اور علماء و فضلاء اور طلبہ کی سرپرستی کی، تاکہ وہ معاشی تفکرات سے بے نیاز ہو کر تصنیف و تالیف اور علمی تحقیق کا کام سرانجام دے سکیں۔
مؤرخ افضل حسین لکھتے ہیں کہ مغل حرم میں ہندو مسلمان، عیسائی، ایرانی، تورانی، پرتگالی اور مختلف یورپی قومیتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین موجود تھیں۔ وہ بالواسطہ طور پر اپنے شریک حیات اور دوسروں کو مختلف زبانوں سے آشنا کرتیں اور مختلف علاقائی ثقافتوں اور فنونِ لطیفہ سے روشناس کراتیں۔
وشو بھارتی یونیورسٹی کے محققین راج دیپ سنہا اور اناپورنا سنہا داس کی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ مغل ہندوستان میں شاہی خواتین کو بہت سے قانونی حقوق اور غیر معمولی اختیارات حاصل تھے۔ انھیں فرمان، حکم، نشان اور پروانہ جیسی سرکاری دستاویزات جاری کرنے کا اختیار بھی حاصل تھا۔ شاہجہاں کے دور حکومت میں شاہی مہر ملکہ ممتاز محل کے پاس تھی اور ان کی وفات کے بعد یہ مہر ان کی بیٹی جہاں آرا بیگم کو سونپ دی گئی۔
شہنشاہ جہانگیر کی ملکہ نورجہاں بھی سیاسی اور انتظامی معاملات میں غیر معمولی اثر و رسوخ رکھتی تھیں۔ ریاست کے اہم فیصلے ان کی رضامندی کے بغیر نہیں کیے جاتے تھے، یہاں تک کہ جہانگیر کے دور کے سونے اور چاندی کے سکوں پر بھی نورجہاں کا نام کندہ کیا جاتا تھا۔
شاہی خواتین نے سماجی ترقی کے مختلف میدانوں میں جو بیش بہا خدمات انجام دیں، ان میں خصوصا ملکہ گل بدن بیگم، نور جہاں، جہاں آرا، ممتاز محل، حمیدہ بانو بیگم، زیب النساء، زینت النساء، اعز النساء کے نام قابل قدر ہیں۔ آئیے ان کے کارناموں پر مختصر روشنی ڈالتے ہیں۔
گل بدن بیگم
شہنشاہ بابر کی بیٹی گل بدن بیگم اپنے زمانے کی نہایت ذہین اور علم دوست خاتون تھی۔مطالعے کے اعلیٰ ذوق کی حامل تھیں، جس کی وجہ سے اپنے زمانے کی اعلیٰ ادیب و شاعر مانی جاتی تھیں۔ ان کی زندگی کا بیشتر حصہ کابل میں گزرا، جہاں فارسی زبان رائج تھی، اسی لیے انھوں نے اپنی مشہور کتاب “ہمایوں نامہ” فارسی زبان میں تحریر کی۔ بڑی سخی اور فیاض تھیں، اپنے زمانے کے علماء و فضلا ٔ کو وظائف سے نوازا کرتیں، لاوارث لڑکیوں کی پرورش کرنے کو اپنے لیے سعادت سمجھتی تھیں۔ برطانوی مصنف خاتون روبی لال گل بدن کی تصنیف ہمایوں نامہ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ان کی تاریخ نویسی مغلیہ معاشرے کے ثقافتی اور سماجی پہلوؤں کو سمجھنے میں بہت اہم ذریعہ ہے اور اس زمانے کی سیاسی، تمدنی اور تاریخی واقعات و پہلوؤں پر ملکہ گل بدن کو بھرپور عبور حاصل تھا۔
گل بدن بیگم
شہنشاہ بابر کی بیٹی گل بدن بیگم اپنے زمانے کی نہایت ذہین اور علم دوست خاتون تھی۔مطالعے کے اعلیٰ ذوق کی حامل تھیں، جس کی وجہ سے اپنے زمانے کی اعلیٰ ادیب و شاعر مانی جاتی تھیں۔ ان کی زندگی کا بیشتر حصہ کابل میں گزرا، جہاں فارسی زبان رائج تھی، اسی لیے انھوں نے اپنی مشہور کتاب “ہمایوں نامہ” فارسی زبان میں تحریر کی۔ بڑی سخی اور فیاض تھیں، اپنے زمانے کے علماء و فضلا ٔ کو وظائف سے نوازا کرتیں، لاوارث لڑکیوں کی پرورش کرنے کو اپنے لیے سعادت سمجھتی تھیں۔ برطانوی مصنف خاتون روبی لال گل بدن کی تصنیف ہمایوں نامہ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ان کی تاریخ نویسی مغلیہ معاشرے کے ثقافتی اور سماجی پہلوؤں کو سمجھنے میں بہت اہم ذریعہ ہے اور اس زمانے کی سیاسی، تمدنی اور تاریخی واقعات و پہلوؤں پر ملکہ گل بدن کو بھرپور عبور حاصل تھا۔
نورجہاں بیگم
شہنشاہ جہانگیر کی محبوب ملکہ نور جہاں بیگم 1577ء میں قندھار میں پیدا ہوئیں۔ انھیں فارسی ادب پر عبور حاصل تھا اور شعر و سخن کا خاص ذوق تھا۔ بدیہی گوئی میں بھی وہ اپنے عہد میں بے مثال سمجھی جاتی تھیں۔ مؤرخین نے ان کے علم دوستی صدقہ و خیرات، متانت و شرافت و دانشمندی کے بہت سے تذکرے کیے ہیں۔ نور جہاں بیگم فنونِ لطیفہ، آرائش و زیبائش اور سلیقہ مندی میں بھی بے مثال تھیں۔اس نے زیور، پوشاک، بناؤ سنگھار، دیگر آرائش کی چیزوں میں نئی نئی ایجادات کیں۔ عطرِ جہانگیری ایجاد کیا، جو گلاب سے تیار ہونے والی ایک خاص خوشبو تھی۔ ان کے وضع کردہ جبے، برقعے، کم خواب، بادلہ اور فرشِ چاندنی پورے ہندوستان میں مشہور ہو گئے تھے۔
حمیدہ بانو بیگم
ہمایوں کی اہلیہ حمیدہ بانو بیگم بھی اپنے مذہبی ذوق اور سماجی خدمات کے لیے قابل ذکر ہیں۔ انھوں نے سیاسی اور جنگی میدان میں ہمایوں کا مردانہ وار ساتھ دیا۔ کئی کئی دن جنگلوں میں قیام کر کے سفر اور بھوک کی صعوبتیں برداشت کیں۔ عربوں سے انس و عقیدت رکھتی تھیں۔ تین سو عربوں کو لا کر ایک بستی میں آباد کیا، یہ بستی اب بھی عرب سرائے کے نام سے معروف ہے۔
جہاں آرا بیگم
شاہجہاں کی دختر جہاں آرا بیگم بھی اپنے علم و فضل کے لیے نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ ان کی تعلیم کے لیے باقاعدہ ایک اتالیق مقرر تھی، جو حفظ قران، علمِ طب، ادب شناسی، قرأت و تجوید میں امتیازی حیثیت رکھتی تھیں۔ ان کی زیر تربیت وہ ایک بہترین مصنفہ اور شاعرہ بن کر نکھریں۔ مونسہ الارواح اور رسالۂ صاحبیہ جیسی تصوف و روحانیت پر مبنی ان کی تحریروں سے پتہ چلتا ہے کہ وہ مذہبی اور فکری مباحث میں بہت سرگرم تھیں۔ اپنے وقت کی بہت مؤثر شخصیت مانی جاتی تھیں۔ انہیں چھ لاکھ روپے سالانہ کا گراں قدر وظیفہ ملتا تھا، جسے وہ سماجی و رفاہی کاموں میں لگا دیتی تھیں۔ آگرہ کی جامع مسجد انہی کی تعمیر کردہ ہے، جو مغلیہ دور کی بڑی شاندار مسجد شمار کی جاتی ہے۔ یہ مسجد مغلیہ دور کے حسنِ تعمیر اور جمالیاتی ذوق کی ایک درخشاں مثال ہے۔ سرخ پتھر سے بنی اس عظیم الشان مسجد کی یہ خاصیت ہے کہ اس کی عظمت و وقار دور ہی سے دیکھنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیتے ہیں۔ اس کے بلند محرابی دروازے اور قرآنی آیات سے مزین سنگ مرمر کی تحریریں روحانی فضا پیدا کرتی ہیں۔ کشادہ صحن کے وسط میں بنا ہوا حوض اور اس میں نصب فوارہ مسجد کے سکون و طہارت کی علامت محسوس ہوتا ہے۔ مسجد کے اطراف میں بنی دلکش برجیاں اور چھت پر قائم سرخ گنبد اس کی شان میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔ جب سورج کی روشنی ان سرخ پتھروں اور سنگ مرمر کی تحریروں پر پڑتی ہے، تو یوں محسوس ہوتا ہے گویا فن تعمیر اور روحانیت ایک حسین منظر میں ڈھل گئے ہوں۔ اس طرح یہ مسجد نہ صرف عبادت کا مقدس مقام ہے، بلکہ مغلیہ عہد کی تعمیراتی مہارت اور شاہی خواتین کے ذوق جمال کی بھی ایک شاندار یادگار ہے۔
زیب النساء بیگم
یہ اورنگزیب عالمگیر کی بڑی بیٹی زیب النساء تھی، جنھیں علم و ادب کا گہوارہ کہا جائے تو مبالغہ نہ ہوگا۔ اپنے وقت کی معروف عالمہ و حافظہ مریم زمانی سے سات سال کی عمر میں قران مجید کا حفظ مکمل کیا، جس کے بدلے انھیں انعام کے طور پر 30 ہزار اشرفیاں ملیں۔ دینی علوم، عربی و فارسی، فنِ خطاطی اور تحقیقی امور میں ماہر تھیں۔ سخاوت و فیاضیت میں درجۂ کمال کو پہنچ چکی تھیں۔ ارباب اہل علم کی قدردانی اور سرپرستی کے علاوہ ان کے دست کرم سے بے شمار غریب لڑکیوں، بیواؤں، یتیم بچوں کے لیے وظیفے مقرر ہوتے تھے۔ انھوں نے ایک بیت العلوم بھی قائم کر رکھا تھا، جس میں مختلف علوم و فنون کے ماہرین مختلف عناوین پر ہمہ وقت تصنیف و تالیف کے کام میں مصروف رہتے تھے۔ زیب النسا ٔکے علمی معیار کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انھوں نے مایہ ناز مصنف امام رازی کی تفسیر الکبیر کا فارسی ترجمہ زیب التفاسیر کے نام سے کیا۔ انھوں نے ملا سعید اشرف سے فقہ، اصولِ فقہ اور علمِ حدیث کی تعلیم پائی۔
زینت النساء بیگم
یہ اورنگزیب عالمگیر کی چھوٹی بیٹی، زیب النساء کی بہن تھیں۔ دین سے محبت شریعت کی پابندی انھیں اپنے جلیل القدر والد سے ورثے میں ملی تھی۔ اپنی سخاوت و انصاف پروری، بلند اخلاق کے لیے بہت مشہور تھیں۔ حافظِ قرآن اور شرعی علوم کی ماہر تھیں اور انھیں شاعری کا بھی خاص ذوق تھا۔ اورنگزیب کے عہد میں تکثیری سماج کے لیے جو فقہ اسلامی فتاویٰ عالمگیری رائج کیا گیا، اس کی ترتیب و تدوین بھی بعض روایتوں کے مطابق ان سے منسوب کی جاتی ہے۔ انھوں نے دہلی میں زینت المساجد کے نام سے ایک عظیم مسجد تعمیر کروائی، جو سرخ پتھر اور سنگِ مرمر سے بنی مغل فن تعمیر کا ایک خوبصورت نمونہ ہے۔ دہلی کی جامع مسجد کے بعد یہی بڑی مسجد ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ اپنی شادی کرنے کے بجائے اپنے جہیز کی ساری رقم مسجد کی تعمیر میں لگا دی۔
الغرض مسلم شاہی خواتین اس دور میں اپنی علم دوستی اور غرباء پروری کے لیے بہت مشہور و معروف تھیں۔ نہ صرف یہ کہ وہ لاکھوں کی لاگت رکھ کر مسجدیں بنواتیں بلکہ ان مسجدوں کے لیے وقف بھی معین کر دیتی تھیں، تاکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی سماجی فلاح و بہبود، علماء اور طلباء پر خرچ کیا جاسکے۔ سماجی خدمات کے ساتھ معاشی میدان میں بھی ان خواتین کا نمایاں کردار تھا۔ مریم الزمانی جو شہنشاہ اکبر کی ملکہ تھیں، سمندری تجارت میں حصہ لیتی تھیں۔ ان کے تجارتی جہاز ہندوستان سے حجاز تک سفر کرتے تھے۔ اس تجارت سے حاصل ہونے والے آمدنی کا ایک حصہ رفاہی کاموں پر خرچ کرتی تھیں۔ جہاں آرا بیگم نے دہلی میں بازاروں، سراؤں، تجارتی مراکز کی تعمیر کروا کر معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا۔ چاندنی چوک جیسے اہم تجارتی مرکز کی ترقی میں بھی ان کی سرپرستی کا اہم کردار تھا۔
المختصر یہ کہ فن تعمیر، رفاہی سرگرمیوں، دینی خدمات، مساجد و مدارس کی تعمیر، علماء و طلبہ کی سرپرستی، سماجی فلاح و بہبود اور انسانیت نوازی کے ذریعے معاشرے کے تہذیبی تشکیل میں ان خواتین نے اپنا جو حصہ ادا کیا، اس سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ اسلامی تہذیب کی ترقی صرف حکمرانوں یا مردوں کی کاوشوں کا مرہونِ منّت نہیں، بلکہ خواتین کا بھی اس میں مؤثر اور قابل قدر حصہ رہا ہے۔ آج جب کہ فرقہ پرست قوتوں کی جانب سے ہندوستانی تاریخ کے بعض پہلوؤں کو مسخ کرکے اس کو اک رخا ثابت کرنے کی جو ناکام کوشش کی جارہی ہے، اس تناظر میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ان روشن کرداروں کو اجاگر کیا جائے۔ ذرائع ابلاغ کا سہارا لے کر حقیقت و دیانتداری کے ساتھ پورے ملک و ملت کے سامنے آشکار کیا جائے۔ مسلم شاہی خواتین کے یہ کارنامے دراصل ہماری تہذیبی روایت کا وہ روشن باب ہیں، جو آنے والی نسلوں کے لیے علم و خدمت اور کردار سازی کی ایک مضبوط مثال پیش کرتی ہیں۔
حوالہ جات
- Humayun-nama , Gulbadan Begum
- Domesticity and Power in the Early Mughal World, Ruby Lal
- Women in Mughal India , Rekha Misra
- The Mughal Empire, John F. Richards
- Medieval India: From Sultanat to the Mughals, Satish Chandra
- History of Aurangzib , Jadunath Sarkar
٭ ٭ ٭


0 Comments