فلاحی ریاست کا تصور مغل دور میں
زمرہ : ادراك

ہندوستان کی موجودہ صورتحال میں مذہبی اور کمیونل منافرت کا بازار اتنا گرم ہے کہ ہر جگہ بس ہندو مسلم نفروتوں سے سوشل میڈیا ، الیکٹرونک میڈیا ہو یا ، کالج ، یونیورسٹی اسکول کیمپس ہو یا پبلک ٹرانسپورٹ ہو یا عبادت خانوں میں پارکوں میں آئے دن ہندو مسلم نفرت کی واردات رونما ہونے لگی ، کیا وجہ ہے کہ ہندوستان میں انگریزوں کی آمد سے پہلے سے مسلمان اور غیر مسلم ہندوستان میں مل جل کر رہتے تھے، مذہبی رواداری اس زمانے میں بھی رہی جب ہندوستان کے بڑے علاقوں میں مغلیہ سلطنتیں رہیں ہیں اور مغل کے علاوہ دیگر مسلم حکمراں یا نواب، انہوں نے کبھی کوئی مذہبی تفریق روا نہیں رکھی بلکہ مذہبی رواداری ہندوستان کی تہذیبی روایت رہی ہے ،تاریخ کے اوراق اس سلسلے میں گواہ ہیں کہ برصغیر کی تاریخ میں مغلیہ دور 1526ءسے 1857 ءتک کو عموماً سیاسی استحکام، انتظامی مہارت اور ثقافتی ترقی کے حوالے سے یاد کیا جاتا ہے۔ تاہم اس دور کا ایک اہم پہلو جس پر نسبتاً کم بات کی جاتی ہے، وہ ہے فلاحی ریاست کا تصور۔ مغل حکمرانوں نے صرف سلطنت کو وسعت دینے یا اقتدار برقرار رکھنے پر توجہ نہیں دی بلکہ عوامی بہبود، سماجی ہم آہنگی اور علمی ترقی کو بھی اپنی پالیسیوں کا حصہ بنایا۔ خاص طور پر اکبر ، جہانگیر اور شہاہ جہاں کے ادوار میں فلاحی اقدامات واضح طور پر سامنے آتے ہیں۔مغل دور میں فلاحی ریاست کے مختلف پہلوؤں؛ صحت، تعلیم، سماجی بہبود، مذہبی آزادی، حکومتی اعتماد، رواداری اور فنونِ لطیفہ کا ایک مثالی دور شمار کیا جاتا ہے ۔

1۔ صحت کا نظام اور عوامی بہبود:

مغل دور میں صحت کے شعبے کو خاص اہمیت دی گئی۔ مختلف شہروں میں دارالشفا (ہسپتال) قائم کیے گئے جہاں عوام کو بلا معاوضہ علاج فراہم کیا جاتا تھا۔ ان ہسپتالوں میں یونانی (Unani) اور آیوروید دونوں طریقۂ علاج رائج تھے، جو اس بات کی علامت ہے کہ مقامی اور بیرونی علوم کو یکجا کیا گیا۔
حکیموں اور ویدوں کو سرکاری سرپرستی حاصل تھی اور انہیں وظائف دیے جاتے تھے تاکہ وہ تحقیق اور علاج پر توجہ دے سکیں۔ مریضوں کے مذہب یا ذات کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں رکھا جاتا تھا۔ اس طرح صحت کا نظام ایک حقیقی فلاحی ماڈل کی شکل اختیار کر گیا۔

2۔ تعلیم اور علمی ترقی:

مغل حکمرانوں نے تعلیم کو بھی فلاحی ریاست کا بنیادی ستون سمجھا۔ مدارس، مکتب اور علمی مراکز قائم کیے گئے جہاں دینی علوم کے ساتھ ساتھ فلسفہ، ریاضی، طب اور ادب کی تعلیم دی جاتی تھی۔
خاص طور پر اکبرکے دور میں ایک ترجمہ بیورو قائم کیا گیا جہاں سنسکرت، عربی اور فارسی کتب کا ترجمہ ہوا۔ اس عمل نے مختلف تہذیبوں کے درمیان علمی پل کا کام کیا۔ ہندو اور مسلم دونوں طلبہ کو یکساں مواقع فراہم کیے گئے، جس سے تعلیم میں شمولیت (inclusivity) کو فروغ ملا۔
اسی کے ساتھ مسلمانوں نے فنون جنگ میں بڑی ترقی کی تھی ، انہوں نے یہ فن ترکوں سےسیکھا تھا، جو یورپ کے فنون جنگ سے متاثر تھے اور کچھ ایرانیوں سے بھی سیکھا تھا۔مغلوں کی فوج کے نظم ونسق کو ہندو را جاؤں نے بڑی رغبت سے اختیار کیا، تمدن جیسے جیسے بڑھتا گیااور جنگ میں توپوں کے استعمال کی کثرت ہوئی تو مسلمانوں نے حصار بندی کو بڑی ترقی دی۔ مسلمانوں ہی نے یہاں بارو د رائج کی ، ہندؤوں کو جنگ میں ہاتھیوں پر بڑا بھروسہ رہا کرتا تھا لیکن مسلمانوں نے سواروں کے دستہ کے طریقہ ٔجنگ کو اتنی ترقی دی کہ ہاتھی ،جنگی مصرف کے لیے بے کار ہو گئے اور دو لڑائی میں صرف ہار برداری کے کام میں آنے لگے۔
ملکی نظام اور دربار کے آداب ، لباس ، پوشاک ،اعلیٰ طبقہ کے طرز زندگی، سامان تعیشات ،فنون لطیفہ ،تعمیرات اور فن باغبانی میں مسلمانوں کے اثرات بہت نمایاں طور پر ظاہرہوئے ، مغلوں نے دربار کے مراسم، خطابات اور سرکاری عہدہ داروں کے آداب میں جن باتوں کو رائج کیا ان کو اکثر ہندؤوں نے فخر یہ نقل کیا۔ راجستھان اور مالوہ کی بعض ریاستوں میں سرکاری زبان اب تک اردو ہے اور اس کا رسم الخط دیو ناگری کے بجائے فارسی رسم الخط ہے۔

3۔ فلاحی کام اور سماجی خدمات:

مغل دور میں عوامی فلاح کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے، جن میں:
1)لنگر خانے جہاں غریبوں اور مسافروں کو مفت کھانا دیا جاتا تھا۔
2)کنویں، تالاب اور نہریں، تاکہ پانی کی فراہمی بہتر ہو۔
3)سرائیں (rest houses) جہاں مسافر قیام کر سکتے تھے۔
4)سڑکوں اور پلوں کی تعمیر، جس سے تجارت اور آمدورفت آسان ہوئی۔
یہ تمام اقدامات بلا تفریق مذہب و ملت ،عوام کے لیے تھے اور ریاست کی ذمہ داری کا اظہار کرتے تھے۔

4۔ مذہبی آزادی اور رواداری:

مغل دور کا سب سے نمایاں پہلو مذہبی رواداری تھا، خاص طور پر اکبر کے زمانے میں۔ انہوں نے صلحِ کل (Universal Peace) کی پالیسی اپنائی، جس کے تحت ہر مذہب کے ماننے والوں کو آزادی دی گئی۔
اکبر نے جزیہ ٹیکس ختم کیا، ہندوؤں کو اعلیٰ عہدے دیے اور مختلف مذاہب کے علماء کو دربار میں مکالمے کا موقع فراہم کیا۔ اس سے ایک ایسا ماحول پیدا ہوا جہاں اختلاف کے باوجود احترام موجود تھا۔
اگرچہ بعد کے ادوار میں کچھ تبدیلیاں آئیں، لیکن مجموعی طور پر مغل دور میں مذہبی ہم آہنگی کا ایک مضبوط تصور قائم رہا۔

ایک برہمن کے ساتھ عالمگیر کا فیاضانہ سلوک:

چندر نے لکھا ہے کہ ’’ہم نے متعدد پروانے پاکستان ہٹاریگل سوسائٹی جرنل میں شائع کیے ہیں ، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمگیر نے اجین کے ایک برہمن خاندان کو خیرات کے طور پر زمینیں دیں، حالانکہ وہ غیر مسلموں کا دشمن مشہور کیا جاتا ہے ، ذیل میں ہم ایک دوسرا پروانہ پیش کرتے ہیں جس سے ہندؤوں کے ساتھ عالمگیر کے فیاضانہ سلوک کا مزید ثبوت ملے گا ، یہ پروانہ عالمگیر کے ۴۲ ویں سال جلوس میں جاری ہوا ، اس میں دھرن گاؤں کے متصدیوں کو اطلاع دی گئی ہے کہ انڈول کے پرگنہ میں موضع بھالگاؤں میں سے دو پر تن زمین بنجر خارج جمع ولائق زراعت رنگ بھٹ ولد نیک بھٹ کو خیرات کے طور پر دی جاتی ہے تا کہ وہ اس کی آمدنی کو اپنی معیشت میں صرف کرے اور کوئی اس میں مزاحم اور تعرض نہ ہو، خیرات کے لفظ سے ظاہر ہے کہ اس قسم کی زمین دینے میں عالمگیر ہندو اور مسلمان کی تمیز نہیں کرتا تھا۔‘‘

5۔ حکومتی اعتماد اور عدل و انصاف:

فلاحی ریاست کی بنیاد عوام کا حکومت پر اعتماد ہوتا ہے، اور مغل حکمرانوں نے اس پہلو کو بھی اہمیت دی۔ عوام کے لیے دیوانِ عام کا نظام تھا جہاں وہ براہ راست اپنی شکایات پیش کر سکتے تھے۔
جہانگیر نے’’زنجیرِ عدل‘‘ نصب کی تاکہ کوئی بھی شخص آسانی سے انصاف حاصل کر سکے۔ اس طرح انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا اور حکومتی شفافیت میں اضافہ ہوا۔
مغلوں کے زمانے میں عدل کا نظام تین افراد پر خاص طور پر مشتمل تھا؛ بادشاہ ، صدر اور دیوان اعلی ، بادشاہ وقت کے بعد محکمہ عدل وانصاف کا سب سے بڑا عہدہ دار صدر ہوتا تھا، وہ قاضی القضاۃ کے فرائض بھی ادا کرتا تھا، اس کے فرائض کی ادائیگی میں دیوان اعلی مدد دیا کرتا تھا ، مفتی کا ذکر برابر آتا ہے مگر یہ کوئی سرکاری عہدہ نہ تھا بلکہ وہ غیر سرکاری طور پر فتوے دیا کرتا تھا ، صدر کے پاس جب کاموں کی زیادتی ہوتی تو وہ میر عدل کا تقرر کر کے کام کا بار ہلکا کرتا تھا۔ لشکر کےساتھ جو قاضی ہوتے تھے وہ بھی میر عدل کہلاتے تھے۔
حکومت کا نظام عدل: عام طور سے علاقے:صوبے سر کار اور پر گنوں میں منقسم تھے۔ ہر سر کار کے نظم و نسق کے لیے چار عہدیدار ہوتے تھے؛ فوجدار، کوتوال ، عامل اور قاضی ، فوجدار اس کی نگرانی کرتا تھا کہ قانون کی پابندی ہو رہی ہے، امن قائم ہے، سرکاری حکام اپنے فرائض صحیح طور پر انجام دے رہے ہیں اور کہیں فتنہ وفساد کا تو احتمال نہیں ہے، وہ بادشاہ وقت کے تمام احکام کو نافذ کراتا لیکن اس کا محکمہ عدل و انصاف سے کوئی تعلق نہ ہوتا تھا ، کوتوال کی حیثیت مجسٹریٹ ، پولیس کے سر براہ اور بلدیہ کے صدر کی ہوتی تھی ، سرکار میں جو جرائم ہوتے ، ان کے مقدمات اس کے پاس ہوتے ،کو تو ال اور قاضی کی عدالتوں کے مقدموں کی تصریح تو نہیں ملتی لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ غیر مذہبی مقدمے کوتوال کے سامنے پیش ہوتے تھے اور مذہبی شرعی معاملات مثلاً نکاح ، طلاق ، وراثت یا شہری جھگڑے کے مقدمات قاضی کی عدالت میں طے ہوتے ، عدل و انصاف کا محکمہ کوتوال اور قاضی دونوں کے ذمہ ہوتا تھا، عامل بھی ان دونوں سے تعاون کرتا تھا کیونکہ رہزنوں، چوروں اور فسادیوں کو اسی کے ذریعہ سزا ملتی تھی ، کوتوال کی کچہری چبوتر وہ کہلاتی تھی ،اور نگ زیب نے اپنے حکام کے لیے جو ہدایات جاری کی تھیں ان میں کوتوال کو خاص طور پر اس کی تاکید تھی کہ وہ تمام جھگڑوں کی نگرانی خود کرے، جس کا تعلق شرعی مسائل سے ہو اس کو قاضی کے پاس بھیج دیا جائے ، اگر مال سے متعلق ہو تو صوبہ دار کے سامنے پیش کیا جائے ، اسی سلسلہ میں ایک فرنگی سیاح مزیق نے یہ دلچسپ واقعہ لکھا ہے کہ وہ اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ کشتی کے ذریعہ دریائے ہگلی سے گور جارہا تھا ، ایک گاؤں کے کچھ لوگ ان کو دریائی قزاق سمجھے ، کیونکہ چاٹگام کے کچھ فرنگی بحری لٹیروں نے غارت گری کر کے اس علاقہ میں دہشت پھیلا رکھی تھی، اس لیے مزیق اور اس کے ساتھی گرفتار کر کے قید کر دیے گئے، گاؤں کے شقہ دارکو ان کے مقدمہ کے فیصلہ کا اختیار نہ تھا اس لیے اس نے اس کی روداد لکھ کر ان کو محافظوں کی نگرانی میں مدنا پور کے کو تو ال کے پاس بھیج دیا ، وہاں ان کا مقدمہ پیش ہوا اور وہ بری کر دیے گئے۔(کتاب : ہندوستان کے عہد ماضی میں مسلمان حکمرانوں کی مذہبی رواداری )

6) فنونِ لطیفہ اور ثقافتی ہم آہنگی:

مغل دور، فنونِ لطیفہ کے فروغ کا سنہری دور تھا۔ مصوری، موسیقی، خطاطی اور فنِ تعمیر کو سرکاری سرپرستی حاصل تھی۔ اس میدان میں بھی مذہب کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں تھا۔ہندو، مسلم اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کو یکساں مواقع دیے گئے۔ مغل مصوری میں ایرانی، وسط ایشیائی اور ہندوستانی انداز کا امتزاج نظر آتا ہے۔شاہ جہاں کے دور میں فنِ تعمیر اپنے عروج پر پہنچا، جس کی مثال تاج محل اور دیگر شاہکار عمارات ہیں۔ یہ فنون نہ صرف خوبصورتی کا اظہار تھے بلکہ مختلف ثقافتوں کے امتزاج کی علامت بھی تھے۔

7) ریاست اور معاشرہ کا ایک مربوط تعلق:

مغل دور میں ریاست اور معاشرے کے درمیان ایک مضبوط تعلق قائم تھا۔ حکمران خود کو صرف اقتدار کا مالک نہیں بلکہ عوام کا ذمہ دار نگہبان سمجھتے تھے۔ اس تصور نے فلاحی اقدامات کو فروغ دیا اور عوامی سطح پر استحکام پیدا کیا۔ ریاستی پالیسیاں اس طرح ترتیب دی گئیں کہ مختلف طبقات کے درمیان توازن برقرار رہے اور معاشرہ ہم آہنگی کے ساتھ ترقی کرے۔ اگر مغل دور میں مذہبی منافرت کا تصور ہوتا تو بغاوت ضرور ہوتی جبکہ تاریخ میں ہمیں دونوں کمیونٹی پر بادشاہوں کی عنایتیں یکساں نظر آتی ہیں۔

حوالہ جات:

Findly, E. B. (1993). Nur Jahan: Empress of Mughal India. Oxford University Press. Koch, E. (2006). The Complete Taj Mahal and the Riverfront Gardens of Agra. Thames & Hudson. Lal, R. (2005). Domesticity and Power in the Early Mughal World. Cambridge University Press. Richards, J. F. (1993). The Mughal Empire. Cambridge University Press. Qureshi, I. H. (2004). Mughal Administra- tion. Karachi: University Press. Ali, K. (2010). A New History of Indo-Paki- stan. Lahore: Aziz Publishers. Tripathi, R. S. (1960). History of India. Del-hi: Motilal Banarsidass

ہندوستان کے عہد ماضی میں مسلمان حکمرانوں کی مذہبی رواداری مسلم سلاطین اور ان کی رواداری

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اپریل ٢٠٢٦