جب عائشہ بارہ برس کی تھی، تب وہ اور اس کا خاندان اس مکان میں رہنے کے لیے آئے تھے، مکان کا کرایہ بہت کم تھا، اس لیے اس کی بناوٹ بھی ناقص تھی اور ہر طرف گندگی پھیلی ہوئی تھی۔ مکان میں ابھی بہت سا کام باقی تھا۔ عائشہ کے ابا نے سب کو ایک ایک کام دے دیا۔ عائشہ کو درختوں اور پودوں سے بہت محبت تھی، اسی لیے اس نے گھر کے ویران پڑے گارڈن کو صاف کرنے کی ذمہ داری لے لی۔ پہلے اس نے گارڈن سے سوکھے پتے صاف کیے، پھر گملوں کی صفائی کی، ٹوٹے ہوئے گملوں کو ٹھیک کیا اور ہر گملے سے سوکھے پودے نکال دیے۔ اس کے بعد وہاں نئے پودے لگائے گئے؛ پھولوں کے پودے، سبزیوں کے پودے اور کچھ خوبصورتی بڑھانے والے پودے بھی لگائے گئے۔
یہ گارڈن اتنا خوبصورت بن گیا کہ ہر آنے والا شخص وہاں وقت گزارنا اور پودوں کے قریب بیٹھنا بہت پسند کرتا تھا۔ اس گارڈن کا ایک ایک پتہ عائشہ کے دل کے بہت قریب تھا، وہ کسی بھی پودے کو خود سے جدا ہونا ایسے محسوس کرتی، جیسے کوئی اس کے جسم کا حصہ لے جا رہا ہو۔ وقت کے ساتھ بہت سے پودے درخت بن گئے، کچھ پر پھل آنے لگے اور پھولوں کی خوشبو ہر طرف پھیلنے لگی۔ عائشہ اپنے گھر والوں کے ساتھ ہر شام وہیں بیٹھ کر چائے پیتی تھی، اپنی بلی منو کے ساتھ وہاں کھیلتی اور اس باغ میں خوشی کے لمحات گزارتی تھی۔ وقت گزرتا گیا اور ایک دن وہی ہوا جس کے نہ ہونے کی عائشہ دعا کیا کرتی تھی۔ مکان کا مالک آ کھڑا ہوا اور کہنے لگا: اب یہ گھر مجھے کسی اور کام کے لیے چاہیے، آپ لوگ یہاں کافی عرصہ گزار چکے ہیں، اب کرایہ کی مدت ختم ہو چکی ہے، اس لیے مکان کی چابیاں مجھے واپس کر دیں۔ عائشہ کے والد خوددار انسان تھے، انھوں نے فوراً کہا کہ ہمیں چند دن کا وقت دے دیں، ہم کوئی اور مکان دیکھ کر یہاں سے چلے جائیں گے۔
عائشہ کی آنکھیں بار بار آنسوؤں سے بھر جاتی تھیں، وہ امی سے بار بار کہتی: امی ہمارے درخت اور پودے، ان کا کیا ہوگا! امی اسے پیار سے سمجھاتیں، میری جان ہم کرایہ دار ہیں، ایک دن تو ان سب چیزوں کو چھوڑنا ہی پڑتا ہے۔ عائشہ سارا دن درختوں سے لپٹ کر روتی رہتی اور اس قدر روتی کہ اس کے آنسوں درختوں کی چھال تک کو تر کر دیتے تھے، ایسا لگتا جیسے وہ درخت بھی اس کے ساتھ رو رہے ہوں۔
آخرکار گھر چھوڑنے کا وقت آ گیا۔ عائشہ کا دل جیسے ٹوٹ رہا تھا، وہ اپنے دوپٹے سے آنسو بار بار صاف کرتی، بار بار اپنے آپ کو مناتی، کہتی کہ یہ گھر اپنے نہیں ہوتے، لیکن اس کے آنسو ایک لمحے کے لیے بھی کم نہیں ہوتے۔ آخر کیسے کم ہوتے، ایک ایک ہاتھ سے لگایا ہوا پودا، ایک ایک بیج اور ایک ایک پتہ عائشہ کے لیے بہت قیمتی تھا اور ایک ہی لمحے میں مکان کے مالک نے یہ سب کچھ عائشہ سے جدا کر دیا۔ بہرحال گھر کی سیڑھیاں اترتے وقت عائشہ کے دل میں ایک عجیب سی سوچ آئی، وہ سوچنے لگی کہ شاید ایک لڑکی کے لیے اپنے والدین کا گھر بھی کسی کرائے کے مکان کی طرح ہی ہوتا ہے، جہاں ایک بیٹی برسوں رہتی ہے، محبتیں بساتی ہے، یادیں سمیٹتی ہے، مگر ایک وقت آتا ہے جب اسے وہ گھر چھوڑ کر کسی اور گھر جانا پڑتا ہے۔
اس کے دل میں بے اختیار ایک شعر گونج اٹھا:
ہائے افسوس کرائے کے مکانوں والے
خدشۂ کوچ سے گملے بھی نہیں رکھ پاتے
٭ ٭ ٭

![Girls Plant 1 [ Kiraye Ka Baagh]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/03/Girls-Plant-1-Kiraye-Ka-Baagh.jpg)
0 Comments