سوال:
میرے بھائی کی پان کی دکان ہے۔ وہ اس میں گٹکا اور سگریٹ بھی بیچتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کا کوئی کاروبار نہیں ہے۔ کیا ہم ان کے گھر جائیں تو ان کے یہاں کھانا کھا سکتے ہیں؟ اور وہ کبھی ہمیں کچھ پیسے دیں تو لے سکتے ہیں؟ کیا ہمارے لیے ان کے گھر کھانا کھانا اور ان سے پیسے لینا جائز ہے؟
جواب:
تمباکو پر مشتمل اشیاء جیسے گٹکا، سگریٹ، پان، مسالہ وغیرہ مضرِ صحت ہیں۔ جدید تحقیقات سے ان کا جسمانی صحت کے لیے مضر ہونا ثابت ہو چکا ہے۔ یہ چیزیں مہلک بیماریوں، مثلاً کینسر، پھیپھڑے، منہ اور دل کے امراض وغیرہ کا سبب بنتے ہیں۔ شریعت میں انسانی جان کی حفاظت کا حکم دیا گیا ہے، اس لیے اس کو ضرر پہنچانے والی چیزوں سے بچنا چاہیے۔ علماء نے تمباکو سے بنی ہوئی تمام اشیاء کو مکروہ تحریمی قرار دیا ہے۔ بعض تو انہیں حرام کہتے ہیں۔
جن چیزوں کا استعمال مکروہ تحریمی یا حرام ہو ان کی تجارت بھی مکروہ یا حرام ہوگی۔ اس لیے اس سے اجتناب کرنا چاہیے اور کوئی دوسرا کاروبار اختیار کرنا چاہیے۔ اگر اس پیشے کو فوراً ترک کرنا ممکن نہ ہو تو کوئی دوسرا کام تلاش کر کے آہستہ آہستہ اُدھر منتقل ہونا چاہیے۔
ظاہر ہے پان کی دکان پر فروخت ہونے والی تمام چیزیں حرمت یا کراہت کے دائرے میں نہیں آئیں گی۔ اس لیے آپ کے بھائی کے کل کاروبار کو حرام یا مکروہ نہیں قرار دیا جا سکتا اگر کسی شخص کی آمدنی مخلوط ہو، اس کا کچھ حصہ حلال اور کچھ حرام، مکروہ یا مشکوک ہو تو اس کی دعوت یا ہدیہ قبول کرنا جائز ہے۔ نبی ﷺ نے بعض یہود کی دعوت قبول فرمائی، حالاں کہ ان کی کمائی میں حرام (سود وغیرہ) شامل ہوتا تھا۔ فقہاء نے جس شخص کی کمائی میں حلال و حرام کی آمیزش ہو اس کے یہاں کھانا کھانے یا اس کا ہدیہ قبول کرنے کو جائز لکھا ہے۔
اس چیز کا بھی خیال رکھنا چاہیے کہ رشتوں کو حتی الامکان نبھانے کی کوشش کی جائے اور محض شک و شبہ کی وجہ سے انھیں کاٹنے کی نوبت نہ آئے۔ بالکلیہ بائیکاٹ کرنے سے قطع تعلق کی نو بت آسکتی ہے۔
اگر کوئی شخص بہت زیادہ احتیاط کرنا چاہے تو وہ ایسا کر سکتا ہے کہ اندازہ کرکے جتنی مالیت کا کھانا استعمال کیا ہو اس کے بہ قدر بعد میں صدقہ کر دے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments