ربانی بنیں !

اللہ نے ہمیں رمضان المبارک کا مہینہ عطا کیا۔ ہم نے ذرہ مانگا، اس نے پہاڑ دیا۔ ہم نے قطرہ مانگا، اس نے دریا دیا اور ہر طرح کی نعمت سے مالا مال رکھا۔ اللہ کے نیک بندوں نے اس مہینے سے خوب فائدہ اٹھایا۔
جس کے پاس جتنا قیمتی سرمایہ ہوتا ہے، وہ اس کی حفاظت کے لیے اتنا ہی فکر مند، چوکس اور ہوشیار ہوتا ہے۔ کسی قیمتی شئے کو پالینے سے زیادہ مشکل کام اس کی حفاظت ہوتا ہے۔ بعض اوقات تو اس کی حفاظت ہی زندگی کا مقصد بن جاتا ہے۔ بعینہ دنیا کی کسی بھی قیمتی شئے سے زیادہ قیمتی اور اہم ہماری وہ نیکیاں ہیں، جو ہم نے رمضان میں کیں اور انعام الہٰی کے طور پر پائیں۔
رمضان کا مطلوب تقوی کا حصول ہے۔ رمضان ماہ صیام، ماہ قیام اور ماہ صبر ہے۔ پورے مہینہ سورج طلوع ہونے سے غروب ہونے تک حلال کاموں سے پرہیز، رات میں تراویح کا اہتمام اور تہائی رات تہجد اور استغفار کی پابندی، غرباء و مساکین کی مدد، زکاة و صدقات اور افطار کٹ کے ذریعے رفاہی کاموں میں سبقت، احباب و اعزاء کے لیے افطار کی دعوت کا اہتمام، خصوصا اخیر عشرے میں قیام اللیل و تسبیح اور اعتکاف کی رونق اس ماہ مبارک کی اصل کمائی ہے۔
روزے سے انسان کے اندر جذبۂ ایثار کی بھی پرورش ہوتی ہے۔ انسان جب روزے میں بھوکا پیاسا رہتا ہے اور اپنی دوسری خواہشوں کو بھی دبانے پر مجبور ہوتا ہے تو اس طرح اسے غریبوں، فاقہ کشوں، محتاجوں اور مظلوموں کے دکھ درد اور ان کے شب و روز کا اندازہ کرنے کا بذات خود موقع ملتا ہے۔ (تزکیہ نفس:صفحہ ۷۵)
انہی خوبصورت اور روح پرور ماحول کے ساتھ رمضان کا مہینہ گزر جاتا ہے اور زندگی پچھلی روٹین پر آجاتی ہے۔
رمضان تو ٹریننگ اور تزکیہ کا مہینہ ہے، پھر ہماری زندگی پچھلی روٹین پر کیوں چلی جاتی ہے؟ جو کچھ رمضان میں عبادات کیں اور ایمانی فضا قائم ہوئی وہ یکایک ختم کیوں ہوجاتی ہے؟
یہی سوال ہر ذہن میں ہونا چاہیے۔ ہم نے اپنی زندگی کے کتنے ہی رمضان گزار لیے، لیکن حقیقی تقویٰ کا حصول جو رمضان کا عین مطلوب ہے؛ وہ حاصل نہیں ہوتا ہے۔
رمضان کے بعد ایک حقیقی مسلمان کو تقویٰ، استقامت اور نیکیوں پر ہمیشگی اختیار کرنی چاہیے، یعنی رمضان کی تربیت کو باقی اگیارہ مہینے برقرار رکھنا۔ نمازوں کی پابندی، گناہوں سے اجتناب، نوافل کا اہتمام، استقامت اور صبر کے ساتھ اللہ کی بندگی جاری رکھنی چاہیے۔
مولانا امین احسن اصلاحی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
’’روزے کی عبادت اسلام نے اس لیے مقرر فرمائی ہے کہ ایک طرف نفس انسانی کے یہ سرکش رجحانات ضعیف ہو کر اعتدال پر آئیں اور دوسری طرف انسان کی قوت ارادی ان کو دبانے اور ان کو حدود الہی کا پابند بنانے کے لیے طاقت ور ہو جائے۔‘‘
(تزکیۂ نفس 240)
رمضان اپنی بہاریں دکھا کر رخصت ہو جاتا ہے اور نہ جانے کتنے ہی رمضان اسی طرح آئیں گے اور چلے جائیں گے، جیسے پچھلے کئی برسوں سے گزر رہے ہیں۔ لیکن اگر عید کے بعد ہماری عبادات میں وہی سستی اور کردار میں پرانی خامیاں لوٹ آئیں، تو ہمیں ڈرنا چاہیے کہ ہم نے صرف کیلنڈر کے دن گنے ہیں، دل کی دنیا نہیں بدلی۔ زندگی مختصر ہے اور مہلتِ عمل محدود۔
رمضان صرف ماہ صیام نہیں، بلکہ نظام حیات ہے۔ تبدیلی کا آغاز یہیں سے ہونا ہے۔
کوشش کریں کہ روزے کی عادت ختم نہ ہو، مساجد بند نہ ہوں، قرآن طاقوں کی زینت نہ بنے اور دل زندہ اور آباد رہیں۔
اے اللہ! ہمیں ان خوش نصیبوں میں جگہ دے جن کی زندگیوں میں تقویٰ کی بہار آ گئی ہے۔ اے اللہ! ہماری نمازوں، تلاوتوں اور آنسوؤں کو شرفِ قبولیت عطا فرما اور ہمیں ہمت دے کہ ہم صرف رمضانی نہیں، بلکہ مرتے دم تک تیرے سچے ربانی بندے بن کر رہیں، آمین!

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اپریل ٢٠٢٦