The Power of Your Subconscious Mind : ذہن کی پوشیدہ طاقت ایک فکری و نفسیاتی حاصل مطالعہ

ڈاکٹر جوزف، مرفی بیسویں صدی کے معروف روحانی و نفسیاتی مصنفین میں شمار ہوتے ہیں، جن کی تحریروں کا مرکزی محور انسانی ذہن، یقین، دعا اور مثبت سوچ کی قوت ہے۔ انھوں نے سادہ، عام فہم اور ترغیبی انداز میں یہ تصور پیش کیا کہ انسان کی زندگی کی بڑی تبدیلیاں اندر سے شروع ہوتی ہیں۔ ان کی شہرۂ آفاق کتاب The Power of Your Subconscious Mind (اردو میں: ذہن کی پوشیدہ طاقت، مترجم: پروفیسر امیر خان حکمت۔ اشاعت زیر اہتمام: کتاب میلہ لاہور ) اس کتاب کا شمار دنیا کی مقبول ترین سیلف ہیلپ کتب میں کیا ہے، جس میں مصنف نے لاشعور کو انسانی شخصیت، صحت، عادات، کامیابی اور ناکامی کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرنے والی قوت کے طور پر پیش کیا ہے۔ یہ کتاب قاری کو اپنے باطن کی طرف متوجہ کرتی ہے اور اسے یہ پیغام دیتی ہے کہ اگر انسان اپنی سوچ اور یقین کی سمت درست کر لے تو اس کی زندگی میں غیر معمولی تبدیلی ممکن ہے۔

جدید دور کا انسان سائنسی ترقی، سہولتوں اور تیز رفتار زندگی کے باوجود جس ذہنی انتشار، خوف، بے یقینی اور اضطراب کا شکار ہے، اس نے نفسیات اور خود شناسی سے متعلق کتب کو غیر معمولی اہمیت عطا کر دی ہے۔ بیسویں صدی میں شائع ہونے والی چند کتابیں ایسی ہیں جنھوں نے عام قاری کے ذہن پر گہرا اثر چھوڑا، ان میں ڈاکٹر جوزف مرفی کی کتاب The Power of Your Subconscious Mind ایک نمایاں نام ہے۔ یہ کتاب محض نفسیات کی درسی بحث نہیں، بلکہ انسانی ذہن، یقین، سوچ اور باطنی قوتوں پر ایک فکری مکالمہ ہے، جس نے دنیا بھر میں لاکھوں قارئین کو اپنی طرف متوجہ کیا۔

یہ کتاب بنیادی طور پر اس تصور کے گرد گھومتی ہے کہ انسان کی زندگی میں پیش آنے والے زیادہ تر حالات اس کے لاشعور کی پیداوار ہوتے ہیں۔ مصنف کے نزدیک انسان کا سب سے بڑا مسئلہ باہر کی دنیا نہیں، بلکہ اس کے اپنے ذہن کی ترتیب ہے۔ اگر ذہن کی تربیت درست ہو جائے تو حالات بدلنے لگتے ہیں اور اگر ذہن منفی سانچوں میں قید رہے تو انسان سہولتوں کے باوجود پریشان ہی رہتا ہے۔

ڈاکٹر جوزف مرفی انسانی ذہن کو دو حصوں میں تقسیم کرتے ہیں: شعوری اور لاشعوری۔ شعوری ذہن وہ ہے جو روزمرہ فیصلے کرتا، سوچتا اور تجزیہ کرتا ہے، جبکہ لاشعور وہ گہری سطح ہے جہاں خیالات، یقین، خوف اور احساسات محفوظ ہو جاتے ہیں۔ مصنف کے مطابق لاشعور محض واقعات، حادثات، شخصیات، و الفاظ کا ذخیرہ نہیں، بلکہ ایک فعال قوت ہے جو انسان کے رویّوں، عادتوں، صحت اور مستقبل پر اثر انداز ہوتی ہے۔ انسان جو کچھ بار بار سوچتا اور محسوس کرتا ہے، لاشعور اسے قبول کر کے حقیقت بنانے لگتا ہے۔

کتاب کا ایک مرکزی نکتہ یہ ہے کہ لاشعور کسی خیال کو پرکھتا نہیں، بلکہ اسے حکم سمجھ کر قبول کرتا ہے۔ اگر انسان بار بار خود کو ناکام، کمزور یا بدقسمت کہتا ہے تو لاشعور انہی تصورات کے مطابق اس کی شخصیت اور حالات تشکیل دیتا ہے۔ اس کے برعکس مثبت سوچ، اعتماد اور امید لاشعور میں راسخ ہو جائیں تو انسان کے اندر سے کامیابی کی راہیں نکلنے لگتی ہیں۔ یہاں مصنف سوچ کو محض ذہنی عمل نہیں بلکہ زندگی کی سمت متعین کرنے والی قوت قرار دیتے ہیں۔

ڈاکٹر جوزف مرفی کے نزدیک یقین (Belief) وہ بنیاد ہے جس پر لاشعور کی عمارت کھڑی ہوتی ہے۔ محض خواہش یا وقتی جذبہ کافی نہیں، بلکہ جب کوئی بات دل کی گہرائی میں یقین بن جاتی ہے تو لاشعور اسے سچ مان کر اس کے مطابق حالات پیدا کرنے لگتا ہے۔ اسی لیے مصنف شک، خوف اور تذبذب کو انسانی ترقی کی سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق انسان اکثر اپنی ناکامیوں کا سبب حالات کو ٹھہراتا ہے، حالانکہ اصل سبب اس کا اپنا باطنی یقین ہوتا ہے۔

کتاب میں احساسات (Feelings) کو غیر معمولی اہمیت دی گئی ہے۔ مصنف کے مطابق لاشعور الفاظ سے زیادہ احساسات کی زبان سمجھتا ہے۔ اگر انسان کامیابی کے الفاظ تو ادا کرے مگر دل میں خوف اور مایوسی ہو، تو لاشعور خوف کو قبول کرتا ہے۔ اسی لیے مثبت سوچ کے ساتھ مثبت احساس پیدا کرنا ضروری ہے۔ یہ نکتہ کتاب کو محض نظری گفتگو سے نکال کر عملی زندگی سے جوڑ دیتا ہے۔

صحت اور بیماری کے حوالے سے ڈاکٹر جوزف مرفی کا نقطۂ نظر خاصا توجہ طلب ہے۔ وہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ بہت سی جسمانی بیماریاں دراصل ذہنی دباؤ، خوف، احساسِ جرم اور منفی سوچ کا نتیجہ ہوتی ہیں۔ جب انسان مسلسل ذہنی تناؤ میں رہتا ہے تو اس کا اثر جسم پر ظاہر ہونے لگتا ہے۔ مصنف لاشعور کو ایک قدرتی شفا دینے والا نظام قرار دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ جب ذہن سکون، امید اور اعتماد کی حالت میں ہو تو جسم خود کو ٹھیک کرنے لگتا ہے۔ اگرچہ جدید طب اس تصور کو مکمل طور پر قبول نہیں کرتی، تاہم نفسیاتی دباؤ اور جسمانی بیماری کے تعلق سے انکار بھی ممکن نہیں۔

کتاب میں خوف کو انسانی زندگی کا سب سے بڑا دشمن کہا گیا ہے۔ مصنف کے مطابق خوف اکثر حقیقی نہیں، بلکہ ذہنی تصور ہوتا ہے، مگر لاشعور اسے حقیقت سمجھ کر ویسا ہی ردِعمل پیدا کرتا ہے۔ خوف انسان کی صلاحیتوں کو محدود کر دیتا ہے اور اسے نئے تجربات سے روکتا ہے۔ خوف سے نجات کا راستہ مصنف کے نزدیک یہ ہے کہ انسان اپنے لاشعور کو اعتماد، تحفظ اور کامیابی کے پیغامات دے اور بار بار دے، یہاں تک کہ خوف کی جگہ یقین لے لے۔

مالی مسائل اور رزق کے حوالے سے بھی کتاب ایک نفسیاتی زاویہ پیش کرتی ہے۔ ڈاکٹر جوزف مرفی کے مطابق غربت صرف معاشی مسئلہ نہیں، بلکہ ایک ذہنی کیفیت بھی ہے۔ جو شخص خود کو ہمیشہ محروم سمجھتا ہے، اس کا لاشعور اسی محرومی کو قائم رکھتا ہے۔ اس کے برعکس رزق کو وسعت اور خالق و رازق ( مصنف نے قدرت لفظ کا استعمال کیا ہے ) کی عطا سمجھنا انسان کے رویّے اور فیصلوں کو بدل دیتا ہے، جس کے نتیجے میں مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ یہاں مصنف دولت کو مقصد نہیں بلکہ ذہنی وسعت کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔

کتاب میں دعا کو بھی ایک نفسیاتی عمل کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر جوزف مرفی کے مطابق دعا کی اصل قوت اس یقین میں ہے کہ جو مانگا جا رہا ہے وہ مل چکا ہے۔ دعا اگر خوف اور شک کے ساتھ کی جائے تو لاشعور متذبذب رہتا ہے، جبکہ یقین کے ساتھ کی گئی دعا لاشعور کو متحرک کر دیتی ہے۔ یہ تصور مذہبی اور نفسیاتی فکر کے درمیان ایک دلچسپ ربط پیدا کرتا ہے، اگرچہ بعض حلقے اسے سادہ کاری (Oversimplification) قرار دیتے ہیں۔ ( ڈاکٹر جوزف مرفی عیسائی ( اہل کتاب ) ہیں۔ اور مذہبی خطابات بھی کرتے ہیں)

نیند اور لاشعور کے تعلق پر بھی کتاب میں مفصل گفتگو کی گئی ہے۔ مصنف کے مطابق سونے سے پہلے کے خیالات لاشعور میں گہرائی سے اترتے ہیں۔ اگر انسان سونے سے پہلے پریشانی، خوف یا غصے میں مبتلا ہو تو یہی کیفیت اس کے ذہن میں راسخ ہو جاتی ہے۔ اس کے برعکس شکرگزاری اور سکون کے خیالات آئندہ دن کی ذہنی کیفیت کو بہتر بناتے ہیں۔ اسی طرح backbiting غبت بھی وہ عادت ہے جو لاشعور کے ذخیرہ کو ظاہر کرتی ہے۔

کتاب کا ایک اہم پیغام یہ بھی ہے کہ انسان ماضی کی ناکامیوں اور احساسِ جرم سے خود کو آزاد کرے۔ ماضی میں الجھے رہنا لاشعور کو کمزور کرتا ہے اور انسان کو آگے بڑھنے سے روکتا ہے۔ خود کو معاف کرنا اور اپنی غلطیوں سے سیکھنا ذہنی آزادی کی بنیاد ہے۔

اگر کتاب پر مجموعی تنقیدی نظر ڈالی جائے تو یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ڈاکٹر جوزف مرفی بعض مقامات پر لاشعور کی طاقت کو حد سے زیادہ مثالی بنا دیتے ہیں۔ عملی زندگی کے پیچیدہ سماجی، معاشی اور نفسیاتی عوامل کو بعض اوقات نظرانداز کر دیا جاتا ہے، جس سے قاری غیر حقیقت پسندانہ توقعات قائم کر سکتا ہے۔ اسی طرح صحت اور بیماری کے حوالے سے بعض دعوے جدید سائنسی معیار پر پورے نہیں اترتے۔ تاہم اس کے باوجود کتاب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ انسان کو مایوسی، بے بسی اور خود ترسی سے نکال کر ذمہ داری، امید اور خود آگہی کی طرف لے جاتی ہے۔

مجموعی طور پر The Power of Your Subconscious Mind ایک ایسی کتاب ہے جو قاری کو یہ احساس دلاتی ہے کہ زندگی کے بہت سے دروازے باہر سے بند نہیں ہوتے بلکہ اندر سے بند کیے جاتے ہیں۔ جب انسان اپنے ذہن کو پہچان لیتا ہے تو وہ حالات کا غلام نہیں رہتا بلکہ اپنے فیصلوں کا معمار بن جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کتاب کو محض نفسیات کی کتاب کہنا صحیح نہیں ہے۔ یہ دراصل انسان کو اپنی ذات کے اندر جھانکنے کی دعوت دیتی ہے۔

کتاب کا فکری تقابل اور تجزیہ

ڈاکٹر جوزف مرفی کی یہ کتاب جہاں امید، خود اعتمادی اور مثبت سوچ کو فروغ دیتی ہے، وہیں اس پر چند سنجیدہ تنقیدی سوالات بھی اٹھتے ہیں۔ مصنف لاشعور کو غیر معمولی حد تک طاقتور ثابت کرتے ہوئے بعض اوقات انسانی مسائل کو حد سے زیادہ سادہ بنا دیتے ہیں، جس سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ صرف سوچ کی تبدیلی سے زندگی کے تمام پیچیدہ مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ عملی زندگی میں سماجی، معاشی اور نفسیاتی عوامل کی پیچیدگی کو نظرانداز کرنا ایک کمزوری محسوس ہوتی ہے۔ مزید یہ کہ صحت اور بیماری کے حوالے سے پیش کیے گئے بعض دعوے جدید سائنسی تحقیق کی کسوٹی پر پورا نہیں اترتے اور قاری کو غیر حقیقت پسندانہ توقعات میں مبتلا کر سکتے ہیں۔ دعا اور یقین کے تصورات کو نفسیاتی اصولوں سے جوڑنا فکری طور پر دلکش ضرور ہے، مگر ان میں سائنسی احتیاط کم دکھائی دیتی ہے۔ اس کے باوجود کتاب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ قاری کو مایوسی سے نکال کر اپنی داخلی قوتوں پر غور کرنے کی ترغیب دیتی ہے، جو آج کے ذہنی انتشار میں ایک مثبت پہلو ہے۔

ڈاکٹر جوزف مرفی کی کتاب The Power of Your Subconscious Mind بظاہر نفسیات اور شخصیت سازی کے لئے معاون کتاب ہے، مگر اس کی فکری بنیادیں محض نفسیاتی نہیں بلکہ ایک مخصوص روحانی تصورِ کائنات سے جڑی ہوئی ہیں۔ اسلامی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو کتاب کی سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ وہ لاشعور کو بعض مقامات پر اس درجے ’خالقِ حقیقت‘ بنا دیتی ہے کہ انسان کے ذہن کو تقدیر اور نتائج کا مرکزی سرچشمہ قرار دے دیا جاتا ہے۔ اسلام میں یقیناً نیت، ارادہ اور حسنِ ظن کی بڑی قدر ہے، مگر نتیجہ اور اثر کا حقیقی اختیار اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے: ’’وَمَا تَشَاءُونَ إِلَّا أَنْ يَشَاءَ اللَّهُ‘‘ (التکویر: 29)۔ لہٰذا محض ’سوچ‘ کو سببِ قطعی سمجھ لینا ایک فکری مبالغہ ہے۔

کتاب میں دعا کو بھی ایک نفسیاتی تکنیک کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جبکہ اسلام میں دعا عبادت ہے اور بندگی کا اظہار۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’الدعاء هو العبادة‘ (ترمذی)۔ ڈاکٹر مرفی کے ہاں دعا کا زور ’قبولیت کے تصور‘ پر ہے، اسلام میں دعا کے ساتھ تسلیم و رضا بھی لازم ہے۔ یعنی قبولیت کا ایک رخ یہ بھی ہے کہ اللہ بہتر فیصلہ فرمائے، خواہ وہ ہماری خواہش کے مطابق ہو یا نہ ہو۔

مزید یہ کہ کتاب کا ’کششِ حقیقت‘ (attraction) والا تصور بعض قارئین کو اس غلط فہمی میں مبتلا کر سکتا ہے کہ ہر بیماری یا ناکامی صرف منفی سوچ کی پیداوار ہے۔ اسلام اس سادہ کاری کو قبول نہیں کرتا۔ قرآن آزمائش کو انسانی زندگی کی سنت قرار دیتا ہے: ’وَلَنَبْلُوَنَّكُمْ بِشَيْءٍ مِنَ الْخَوْفِ وَالْجُوعِ.‘ (البقرہ: 155)۔ یعنی خوف، فقر، نقصان اور دکھ کبھی تربیت اور ابتلاء بھی ہوتے ہیں، محض ذہنی غلطی نہیں۔

البتہ انصاف یہ ہے کہ کتاب کے بعض اصول اسلام کے مزاج سے قریب بھی ہیں: مثلاً امید، حسنِ ظن، خوف سے نجات، خود احتسابی اور مثبت عمل کی تلقین۔ اسلام بھی مایوسی سے روکتا ہے: ’لَا تَقْنَطُوا مِنْ رَحْمَةِ اللَّهِ‘ (الزمر: 53)۔ تاہم اسلامی فریم ورک میں ان اصولوں کی بنیاد ’انسانی ذہن کی مطلق طاقت‘ نہیں بلکہ توحید، توکل اور اسباب کے ساتھ جدوجہد ہے۔ چنانچہ یہ کتاب نفسیاتی ترغیب کے طور پر مفید ہو سکتی ہے، مگر اسے اسلامی عقیدہ اور تصورِ تقدیر کا متبادل سمجھنا درست نہیں۔ لہٰذا اس کتاب کے مطالعہ سے پہلے یہ بات اچھی طرح ذہن نشین ہونا چاہیئے کہ ’حکمت مومن کی گمشدہ میراث ہے، جہاں سے بھی ملے اسے لے لو ۔‘

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے