اختر ممبئی کے رہنے والے ہیں۔ ان کے آبا واجداد بھی ممبئی شہر میں ہی رہتے تھے۔ ابھی ممبئی کے ماہم علاقے میں ان کی عطر کی دکان ہے۔ اختر کا یہ نیا پیشہ ہے جو انھوں نے قریب آٹھ سال پہلے شروع کیا تھا۔ اس سے پہلے اختر پرائیویٹ ڈرائیور کے طور پر کام کرتے تھے۔ بیوی اور دو بچوں پر مشتمل ان کی چھوٹی سی فیملی ہے۔ ان کے بیٹے کی عمر دس سال اور بیٹی کی عمر چھ سال ہے۔ ماہم میں ہی ان کا گھر بھی ہے۔
ماہم میں بیت النصر کے ہیڈ آفس کے پاس ہی اختر کی دکان ہے۔ بیت النصر کے ذمہ دار ان سے جب تقریبا پانچ سال پہلے ملے تو اختر فورا ہی ممبر بن گئے۔ اپنا کھاتہ کھلوایا اور بچت شروع کردی۔ اختر روزانہ پچاس سے سو روپے تک جمع کرلیتے ہیں۔
اختر نے بیت النصر میں کھاتہ کھولنے کے قریب ایک سال کے بعد اپنا پہلا قرض لیا۔ حالاں کہ اپنے بچت کھاتے سے ہی انھوں نے اپنی کاروباری ضرورتوں کو پورا کرنا شروع کردیا تھا۔ اختر بتاتے ہیں: ’’میری بچت شروع ہو گئی تھی۔ پہلے میں بس کما کھارہا تھا۔ کچھ بھی بچا نہیں پارہا تھا۔ کھاتہ کھلنے سے میرے پاس سرمایہ جمع ہونے لگا۔ اب میرے پاس عطر اور اگربتی کے کاروباریوں کو دینے کے لیے پیسے بچنے لگے ہیں۔‘‘
اختر کو بیت النصر کا روزانہ کلکشن کا طریقہ بہت اچھا لگتا ہے۔ وہ کہتے ہیں: ’’سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ڈیلی کلکٹر آکر پیسے لے جاتا ہے۔ تبھی بچت ممکن ہوپاتی ہے اور پیسے جمع ہوجاتے ہیں۔ اسی طریقے سے قرض کے پیسے بھی ادا ہوجاتے ہیں۔ ہمیں آسانی ہوتی ہے۔ اگر ایسا نہ ہو تو ہماری روز کی کمائی کھانے پینے میں ہی خرچ ہوجائے اور ہمیں پتہ بھی نہ چلے۔‘‘
کاروبار کا دائرہ بڑھا
جب اختر کے بچت کھاتے میں پیسے جمع ہونے لگے تو بیت النصر نے خود انھیں قرض کی پیشکش کی۔ اختر یاد کرکے کہتے ہیں کہ جب قرض کی ضرورت پڑی تو ایک دن میں ہی انھیں گولڈ لون مل گیا۔ وہ کہتے ہیں: ’’سرکاری بینک سے ایسا قرض لینے پر تو دھندے سے آٹھ دس دن کی فرصت ہوجاتی ہے اور مغز ماری جو ہوتی ہے سو الگ۔‘‘
اختر کو پہلا قرض فروری 2015 میں پندرہ ہزار روپے کا ملا تھا۔ وہ یاد کرتے ہیں: ’’پہلا قرض لے کر میں ممبئی کے محمد علی روڈ گیا۔ دکان کے لیے ضروری مال خریدا۔ اسی طرح دوسرے اور تیسرے قرض کی رقم کو بھی میں نے دکان میں ہی انویسٹ کیا۔ دھیرے دھیرے میری دکان بڑی ہوتی چلی گئی۔ دو سال پہلے میں نے اپنی دکان پر ایک اسٹاف بھی رکھ لیا ہے۔ ‘‘
اسٹاف رکھنے سے اختر کا کام اور بڑھ گیا۔ وہ بتاتے ہیں: ’’اسٹاف رہنے سے کاروبار بڑھتا ہے۔ کہیں جانا ہو تو دکان نہیں بند کرنی پڑتی۔ اگر میں دکان پر نہیں ہوں تو میرا اسٹاف دکان سنبھال لیتا ہے۔ دکان کے لیے سامان خریدنے جانا ہو تو ایک آدمی ضروری ہے۔ آدمی نہ ہو تو کام مشکل ہوجاتا ہے۔ دکان بند رہنے سے کسٹمر ادھر ادھر چلے جاتے ہیں۔ ‘‘
بچت ہوئی دوگنی
آسان اور بلاسودی قرض کے دوسرے فائدے بتاتے ہوئے اختر کہتے ہیں: ’’بیت النصر سے قرض لے کر بزنس کرنے سے اب میرے پاس کچھ نقد سرمایہ رہتا ہے۔ اب میں نقد سامان خریدتا ہوں تو مجھے دس سے بیس فیصد سستا مال مل جاتا ہے۔ ادھار سامان خریدنے پر یہ ممکن نہیں تھا۔ میری تھوڑی کمائی تو اسی وجہ سے بڑھ گئی ہے۔ ‘‘
اختر بیت النصر سے مزید قرض لینا چاہتے ہیں تا کہ وہ اپنی دکان پر اور بہتر قسم کی اگربتی، عطر اور لوبان وغیرہ رکھ سکیں اور اچھی کوالٹی کا سامان مانگنے والے کسٹمر خالی ہاتھ نہ لوٹیں۔
اختر کے کاروبار میں ترقی کی وجہ ان کی روزانہ کی بچت میں ہونے والا اضافہ ہے۔ پہلے وہ صرف پچاس یا سو روپے جمع کرپاتے تھے۔ اب دو سو سے چار سو روپے جمع کرلیتے ہیں۔ اس بچت کا استعمال وہ اپنی دکان کے لیے ہفتہ واری خرید میں کرتے ہیں۔ اختر بتاتے ہیں: ’’کچھ سامان لانا ہوتا ہے تو میں پیسے نکال لیتا ہوں۔ بیت النصر سے پیسہ نکالنے جاتا ہوں تو فوراً پیسے مل جاتے ہیں۔ ذرا بھی دشواری نہیں ہوتی ہے۔ عزت بھی ملتی ہے۔ یہ ہمارے گھر جیسا ادارہ ہے۔‘‘
گھر آئی خوشحالی
اختر کے کاروبار میں ہونے والی ترقی کا فائدہ ان کے گھر پر بھی دکھنے لگا ہے۔ گھر پر آسانیاں فراہم ہوئی ہیں۔ وہ کہتے ہیں: ’’اب راشن خریدنے میں پریشانی نہیں ہوتی ہے۔ بچت کھاتے میں پیسے ہمیشہ جمع رہتے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر میں فوراً پیسے نکال لیتا ہوں۔ سامان بھی اب آسانی سے خرید لیتا ہوں۔ بیت النصر کے قرض سے ڈیلی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔ جس سے میں نے گھر کے لیے نیا ایل سی ڈی ٹی وی خریدا ہے۔ پرانا فریج خراب ہوا تو بدل کر نیا لے لیا۔ پرانا فون ہینگ کرتا تھا تو اسے بدل کر کچھ دنوں پہلے دس ہزار کا نیا اسمارٹ فون خریدا ہے۔‘‘
اختر کہتے ہیں: ’’اب زندگی بہتر طریقے سے جینے کے لیے کوئی سامان خریدنے میں جھجک نہیں ہوتی ہے۔ میرے پاس اب اتنے پیسے رہتے ہیں۔ میرا حوصلہ بڑھ گیا ہے۔‘‘
اختر کی زندگی میں ہونے والی ترقی یہیں تک محدود نہیں ہے۔ یہ ان کے بچوں کی پرورش و پرداخت میں بھی دکھائی دے رہی ہے۔ اب ان کے بچوں کو گھر پر ٹیوشن مل رہا ہے۔ اختر نے بتایا: ’’پچھلے ایک سال سے بچوں کے اسکول کی ہی ایک ٹیچر میرے بچوں کو ٹیوشن پڑھانے آتی ہیں۔ اس کام کے لیے انھیں ہر ماہ چھ ہزار روپے دیتا ہوں۔ اگر مجھے قرض نہیں ملتا اور میرے کاروبار میں ترقی نہ ہوتی تو میں شائد ہی بچوں کو ایسی تعلیم دلا پاتا۔ ‘‘
بیت النصر میں کھاتہ کھولنے سے پہلے اختر اور ان کی بیوی کا بینک میں بھی تقریباً دس سال پرانا کھاتہ تھا۔ مگر اس بینک میں وہ کوئی رقم جمع نہیں کرپائے تھے۔ بچت نہ کرپانے کی وجہ اختر اس طرح بتاتے ہیں: ’’روز روز بینک جا کر پیسے جمع کرنا میرے لیے ممکن نہیں تھا۔ بیت النصر والے خود پیسے لینے آتے ہیں، اس طرح ہم پیسے بچالیتے ہیں۔ یہ لوگ سامنے آتے ہیں تو ہم پیٹ کاٹ کر بھی بچت کرلیتے ہیں۔‘‘
کیا انھوں نے کبھی کسی بینک سے قرض لینے کی کوشش کی ہے؟ اس سوال کے جواب میں اختر کہتے ہیں: ’’آپ کو تو پتہ ہی ہے کہ کتنا چپل گھسنا پڑتا ہے۔ آئی ٹی ریٹرن لاؤ۔ یہ کاغذ لاؤ۔ وہ کاغذ لاؤ۔ اب آپ ہی بتائیے کہ ہمارے جیسا چھوٹے موٹے کاروبار والا آدمی آئی ٹی ریٹرن کیسے بھرے گا۔‘‘
حالاں کہ اختر نے حال میں ہی سرکاری بینک سے مدرا لون اسکیم کے تحت ایک لاکھ روپے کا قرض لینے کی کوشش کی مگر کامیاب نہیں ہو سکے۔ اس عمل میں جو تجربہ ہوا وہ کافی دل شکن تھا۔ وہ کہتے ہیں: ’’میں نے آٹھ دنوں تک دوڑ لگائی اور پھر تھک ہار کر ہاتھ کھڑے کردیے۔ بینک والوں کو دکان کا لائسنس اور آئی ٹی ریٹرن کے کاغذات چاہیے تھے جو میرے پاس نہیں تھے۔‘‘
اختر نے مدرا لون لینے کی کوشش کی مگر انھوں نے مہاجنوں کے سامنے کبھی ہاتھ نہیں پھیلایا۔ وہ کہتے ہیں: ’’جتنی بڑی چادر ہے اتنا ہی پاؤں پھیلانا چاہیے۔‘‘
آسان ہوتی قرض کی شرطیں
بیت النصر کی مختلف میٹنگوں میں شامل ہونے کا دعوت نامہ ملتا رہتا ہے مگر وہ کبھی شریک نہیں ہو پائے۔ اختر کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل میں انھیں موقع ملا تو اپنے جیسے کاروباریوں کو اور بڑا قرض دینے کی مانگ اٹھائیں گے۔
حالانکہ اختر ابھی تک بیت النصر کی میٹنگ میں جا نہیں سکے ہیں۔ مگر وہ اکثر بیت النصر کی آفس جاتے رہتے ہیں اور اپنے خیالات سے ان کو واقف کراتے رہتے ہیں۔ اختر کہتے ہیں: ’’میں نے بیت النصر کو کہا کہ آپ بطور ضمانت سونا رکھے بغیر قرض دیجیے۔ اس پر بیت النصر کے لوگوں نے کہا کہ ہم اس طرح کے قرض کی ایک اسکیم شروع کرنے والے ہیں۔ جیسے ہی یہ اسکیم شروع ہوجاتی ہے، ہم آپ کو بلائیں گے۔ پھر انھوں نے مجھے ایک نئی لون اسکیم ’گروپ ڈپازٹ لون‘ کے لیے بلایا۔ اس اسکیم میں سونا گروی رکھے بغیر مجھ سمیت تین لوگوں کے گروپ میں سے ہر ایک ممبر کو بیس بیس ہزار روپے کا قرض دیا گیا ہے۔‘‘
اختر مانتے ہیں کہ بیت النصر کے قرض کا سروس چارج مناسب ہے۔ ان کے مطابق کوآپریٹو کے کام کاج کے لیے سروس چارج ضروری ہے۔ پھر بھی وہ سروس چارج میں تھوڑی بہت تبدیلی چاہتے ہیں۔ اختر کہتے ہیں: ’’میں کبھی بیت النصر کی میٹنگ میں گیا تو سروس چارج کی بات رکھوں گا۔ بے شک سروس چارج کم ہے مگر اس کو تھوڑا اور کم کرنا چاہیے۔ سروس چارج کم ہونے سے میں مزید قرض لے سکتا ہوں۔‘‘
٭ ٭ ٭


0 Comments