کہا جاتا ہے کہ تاریخ ماضی کے واقعات کا ایک منظم مطالعہ ہے، جو شواہد کی بنیاد پر کیا جاتا ہے تاکہ وقت کے ساتھ انسانی معاشرے کو سمجھا جا سکے۔ معروف مورخ اور فلسفی آرنلڈ جے ٹوئن بی (1889-1975) تاریخ کی تعریف یوں کرتے ہیں کہ یہ تہذیبوں اور ان کے عروج و زوال کا مطالعہ ہے۔ مگر یہ تعریفیں مکمل معلوم نہیں ہوتیں۔ تاریخ کی سب سے جامع اور مفصل تعریف ابنِ خلدون (1334-1406) نے کی ہے، جو فلسفۂ تاریخ اور علمِ تاریخ نویسی کے بانی سمجھے جاتے ہیں۔ انھوں نے اپنی شہرۂ آفاق تصنیف مقدمہ ابنِ خلدون میں تاریخ کو انسانی تہذیب کا ریکارڈ قرار دیا ہے اور اس میں آنے والی تبدیلیوں کو بیان کیا ہے، جس میں واقعات کا بیان، اسباب و نتائج کا تجزیہ، قوموں کے عروج و زوال اور جغرافیائی، سیاسی، سماجی، معاشی اور ماحولیاتی عوامل شامل ہیں۔
تاہم قرآن مجید میں تاریخ پیش کرنے کا انداز کچھ مختلف ہے۔ چوں کہ قرآن ہدایت کی کتاب ہے، اس لیے وہ تاریخ بیان کرتے ہوئے روایتی سوانحی اندازِ بیان سے گریز کرتا ہے۔ قرآن تاریخی واقعات کو انسانیت کے لیے رہنمائی اور عبرت کے طور پر پیش کرتا ہے۔ قرآن مجید پچیس انبیاء کے مستند تاریخی حالات بیان کرتا ہے، مگر حضرت یوسفؑ کے سوا کسی نبی کی زندگی کو ایک جگہ مکمل طور پر بیان نہیں کرتا، بلکہ مختلف مقامات پر اس کے مختلف پہلو بیان کرتا ہے۔ جب بھی قرآن کسی موضوع کا ذکر کرتا ہے تو اس کی تائید کے لیے کسی نبی کی زندگی کا متعلقہ واقعہ بیان کرتا ہے۔
مثلاً حضرت نوحؑ کا ذکر قرآن کی مختلف سورتوں میں کم از کم 43 مقامات پر ملتا ہے، لیکن یہ محض بے مقصد تکرار نہیں ہے۔ اگر اس انداز پر غور کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ہر جگہ قرآن ایک نئے زاویے اور نئی تعلیم کے ساتھ اس واقعے کو بیان کرتا ہے۔
حضرت موسیٰؑ اور فرعون کی داستان قرآن کی 34 مختلف سورتوں میں بیان ہوئی ہے، مگر ہر جگہ اس کا زاویہ اور مقصد مختلف ہے۔ مثال کے طور پر سورہ قصص (باب 28) میں حضرت موسیٰؑ کا واقعہ مکہ کے مشرکین کے غرور اور تکبر کے پس منظر میں بیان کیا گیا ہے، جو رسول اللہ ﷺ کی دعوتِ حق کو کمزور کرنا چاہتے تھے، تاکہ وہ زمین میں فساد اور ظلم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ انھوں نے جان بوجھ کر رسول اللہ ﷺ کی نبوت کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کیے۔
اسی پس منظر میں قرآن فرعون کے تکبر کا ذکر کرتے ہوئے کہتا ہے:
إِنَّ فِرْعَوْنَ عَلَا فِى ٱلْأَرْضِ وَجَعَلَ أَهْلَهَا شِيَعًۭا يَسْتَضْعِفُ طَآئِفَةًۭ مِّنْهُمْ يُذَبِّحُ أَبْنَآءَهُمْ وَيَسْتَحْىِۦ نِسَآءَهُمْ ۚ إِنَّهُ كَانَ مِنَ ٱلْمُفْسِدِينَ.
(القصص: 4)
’’فرعون نے زمین میں سرکشی اختیار کی اور لوگوں کو گروہوں میں تقسیم کر دیا، ان کے ایک گروہ کو کمزور بناتا، ان کے بیٹوں کو قتل کرتا اور ان کی عورتوں کو زندہ چھوڑ دیتا۔ بے شک وہ فساد پھیلانے والوں میں سے تھا۔‘‘
اس سورت میں حضرت موسیٰؑ کی زندگی کے ایک حصے کی پوری داستان بیان کی گئی ہے کہ کس طرح اللہ کا خفیہ منصوبہ خاموشی سے کام کرتا ہے۔ حضرت موسیٰؑ کی پیدائش سے لے کر ان کے قتل سے بچنے، پھر فرعون ہی کے گھر میں پرورش پانے، اور بالآخر فرعون کی ظلم و جبر کے خلاف کھڑے ہونے تک کے واقعات بیان کیے گئے ہیں۔ آخرکار فرعون اور اس کی سلطنت تباہ و برباد ہوگئی۔ قرآن اس داستان کو ان الفاظ پر ختم کرتا ہے:
وَٱسْتَكْبَرَ هُوَ وَجُنُودُهُ فِى ٱلْأَرْضِ بِغَيْرِ ٱلْحَقِّ وَظَنُّوٓا۟ أَنَّهُمْ إِلَيْنَا لَا يُرْجَعُونَ فَأَخَذْنَـٰهُ وَجُنُودَهُ فَنَبَذْنَـٰهُمْ فِى ٱلْيَمِّ ۖ فَٱنظُرْ كَيْفَ كَانَ عَـٰقِبَةُ ٱلظَّـٰلِمِينَ.
(القصص: 39-40)
’’اس نے اور اس کے لشکروں نے زمین میں ناحق تکبر کیا اور یہ گمان کیا کہ وہ ہماری طرف لوٹائے نہیں جائیں گے۔ پھر ہم نے اسے اور اس کے لشکروں کو پکڑ لیا اور سمندر میں پھینک دیا۔ پس دیکھ لو ظالموں کا انجام کیا ہوا۔‘‘
دوسری طرف حضرت موسیٰؑ کا واقعہ سورہ شعراء (باب 26) میں ایک مختلف زاویے سے بیان ہوا ہے۔ مکہ کے مشرکین بار بار مطالبہ کرتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ کوئی واضح معجزہ پیش کریں تاکہ وہ آپ کو نبی مان لیں۔ قرآن پہلے کائنات میں موجود اللہ کی نشانیوں کی طرف توجہ دلاتا ہے:
أَوَلَمْ يَرَوْا۟ إِلَى ٱلْأَرْضِ كَمْ أَنۢبَتْنَا فِيهَا مِن كُلِّ زَوْجٍۢ كَرِيمٍ. إِنَّ فِى ذَٰلِكَ لَـَٔايَةًۭ ۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُم مُّؤْمِنِينَ.
(الشعراء: 7-8)
’’کیا انھوں نے زمین کو نہیں دیکھا کہ ہم نے اس میں کس قدر عمدہ چیزیں اگائی ہیں؟ بے شک اس میں ایک نشانی ہے۔‘‘
لیکن جب فرعون نے خاص نشانی کا مطالبہ کیا تو حضرت موسیٰؑ نے اپنا عصا پھینکا جو ایک واضح سانپ بن گیا اور اپنا ہاتھ نکالا تو وہ دیکھنے والوں کے لیے چمکتا ہوا سفید نظر آیا۔ اس کے باوجود فرعون ایمان نہ لایا اور کہنے لگا:
قَالَ لِلْمَلَإِ حَوْلَهُ إِنَّ هَـٰذَا لَسَـٰحِرٌ عَلِيمٌۭ. يُرِيدُ أَن يُخْرِجَكُم مِّنْ أَرْضِكُم بِسِحْرِهِۦ فَمَاذَا تَأْمُرُونَ.
(الشعراء: 34-35)
’’یہ شخص تو ایک ماہر جادوگر ہے جو اپنے جادو سے تمھیں تمھاری زمین سے نکالنا چاہتا ہے۔‘‘
پھر قرآن بیان کرتا ہے کہ کس طرح حضرت موسیٰؑ نے شاہی جادوگروں کو سب کے سامنے شکست دی۔ جادوگروں نے واضح نشانی دیکھ کر ایمان قبول کر لیا اور کہا:
قَالُوٓا۟ آمَنَّا بِرَبِّ ٱلْعَـٰلَمِينَ. رَبِّ مُوسَىٰ وَهَـٰرُونَ.
(الشعراء: 47-48)
’’ہم ایمان لائے رب العالمین پر، جو موسیٰ اور ہارون کا رب ہے۔ ‘‘
مگر فرعون ایمان نہ لایا، کیوں کہ وہ ضد پر قائم تھا۔ بالآخر وہ غرق ہوگیا اور تباہ ہو گیا۔ قرآن اس واقعے کے آخر میں کہتا ہے:
إِنَّ فِى ذَٰلِكَ لَـَٔايَةًۭ ۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُم مُّؤْمِنِينَ.
(الشعراء: 67)
’’بے شک اس میں ایک نشانی ہے۔‘‘
یہ واقعہ مکہ کے مشرکین کو واضح پیغام دیتا تھا کہ جب کوئی شخص ایمان نہ لانے کا فیصلہ کر لے تو کوئی نشانی اسے قائل نہیں کر سکتی۔ اور جو ایمان لانا چاہتا ہے اس کے لیے زمین و آسمان میں اللہ کی بے شمار نشانیاں موجود ہیں۔ رسول اللہ ﷺ کو بھی تسلی دی گئی کہ اگر وہ ایمان نہیں لاتے تو آپ غم نہ کریں کیونکہ وہ کسی بھی نشانی کے باوجود ایمان نہیں لائیں گے۔
جیسا کہ پہلے بیان ہوا کہ حضرت یوسفؑ کی داستان ایک منفرد مثال ہے، کیوں کہ اسے قرآن میں ایک ہی جگہ یعنی سورہ یوسف (باب 12) میں بیان کیا گیا ہے۔ اگر اس سورت کے نزول کے پس منظر کو دیکھا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ مکی دور کے آخری زمانے میں نازل ہوئی جب مسلمانوں پر ظلم و ستم انتہا کو پہنچ چکا تھا اور مشرکین رسول اللہ ﷺ کو قتل کرنے یا جلا وطن کرنے کی سازشیں کر رہے تھے۔ رسول اللہ ﷺ کے قبیلے اور رشتہ دار ہر ممکن طریقے سے اس دعوتِ حق کو روکنا چاہتے تھے۔
ان حالات میں اللہ تعالیٰ نے حضرت یوسفؑ کی داستان نازل فرمائی جس میں یہ اشارہ تھا کہ حق کو بالآخر غلبہ حاصل ہوگا اور دنیا کی کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی چاہے وہ بظاہر کتنی ہی کمزور کیوں نہ ہو۔
اگر حضرت محمد ﷺ اور حضرت یوسفؑ کی زندگیوں کا تقابل کیا جائے تو حیرت انگیز مماثلت نظر آتی ہے۔ رسول اللہ ﷺ کو قتل کرنے کی سازش بھی ان کے اپنے رشتہ داروں نے کی تھی، جیسے حضرت یوسفؑ کے ساتھ ان کے بھائیوں نے کیا تھا۔ مگر آخرکار دونوں عظمت کے مقام تک پہنچے۔
مکہ کی فتح کے موقع پر سازش کرنے والے لوگ ہاتھ باندھے معافی مانگ رہے تھے، جیسے حضرت یوسفؑ کے بھائی ان کے سامنے کھڑے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے سب کو عام معافی دیتے ہوئے وہی الفاظ فرمائے جو حضرت یوسفؑ نے اپنے بھائیوں کو معاف کرتے وقت کہے تھے:
قَالَ لَا تَثْرِيبَ عَلَيْكُمُ الْيَوْمَ ۖ يَغْفِرُ اللَّهُ لَكُمْ ۖ وَهُوَ أَرْحَمُ الرَّاحِمِينَ.
(یوسف: 92)
’’آج تم پر کوئی گرفت نہیں، اللہ تمہیں معاف کرے اور وہ سب سے بڑھ کر رحم کرنے والا ہے۔ ‘‘
اس داستان کے اختتام پر قرآن کہتا ہے:
لَقَدْ كَانَ فِیْ قَصَصِهِمْ عِبْرَةٌ لِّاُولِی الْاَلْبَابِؕ.
(یوسف: 111)
’’یقیناً ان کے قصوں میں عقل والوں کے لیے عبرت ہے۔ ‘‘
اس داستان کا لازمی سبق یہ ہے کہ پاکیزہ کردار رکھنے والوں کو کامیابی سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، چاہے وہ بظاہر کمزور ہوں اور باطل قوتوں کو بالآخر سرنگوں ہونا پڑتا ہے چاہے وہ کتنی ہی طاقتور کیوں نہ نظر آئیں۔ یہ مکہ کے ظالموں کے لیے واضح پیغام تھا۔
اس طرح واضح ہوتا ہے کہ قرآن تاریخ کو محض ماضی کے واقعات کا ریکارڈ نہیں، بلکہ انسانیت کے لیے اخلاقی، روحانی اور سماجی رہنمائی کے طور پر پیش کرتا ہے۔ قرآن تاریخی واقعات کے ذریعے اس الٰہی قانون کو واضح کرتا ہے جو دنیا میں ہمیشہ کارفرما رہتا ہے۔ لوگوں کو نصیحت کرتا ہے، برائی سے خبردار کرتا ہے اور ان لوگوں کے انجام کو بیان کرتا ہے جو اللہ کے قانون کی مخالفت کرتے ہیں۔
قرآن کے نزدیک تاریخ پڑھنے کے چند بنیادی مقاصد درج ذیل ہیں:
(1) الٰہی قانون کی پہچان
قرآن تاریخی واقعات کے ذریعے دکھاتا ہے کہ دنیا میں اللہ کا قانون کس طرح کام کر رہا ہے۔ قومِ نوح، عاد، ثمود اور لوط کے واقعات بیان کر کے یہ واضح کرتا ہے کہ حق اور باطل کی کشمکش میں آخرکار حق کو غلبہ حاصل ہوتا ہے اور باطل تباہ ہو جاتا ہے۔ قرآن کہتا ہے:
سُنَّةَ اللَّهِ فِي الَّذِينَ خَلَوْا مِن قَبْلُ ۖ وَلَن تَجِدَ لِسُنَّةِ اللَّهِ تَبْدِيلًا.
(الأحزاب: 62)
’’یہ اللہ کا وہی طریقہ ہے جو پہلے بھی جاری رہا ہے اور تم اللہ کے طریقے میں کوئی تبدیلی نہیں پاؤ گے۔ ‘‘
(2) مقصد کے مطابق واقعات کا انتخاب
قرآن تاریخ کو زمانی ترتیب کے ساتھ بیان نہیں کرتا، بلکہ ایسے واقعات کا انتخاب کرتا ہے جن میں اخلاقی اور روحانی تعلیم ہو۔ کیوں کہ اس کا مقصد صرف کہانی بیان کرنا نہیں، بلکہ ہدایت دینا ہے۔ مثال کے طور پر حضرت یوسفؑ کی داستان صبر، اللہ پر بھروسہ، معافی اور الٰہی تدبیر کا سبق دیتی ہے۔
(3) اخلاقی اور روحانی سبق کا ذریعہ
قرآن بار بار کہتا ہے کہ پچھلے واقعات میں اہلِ عقل کے لیے سبق ہے۔ حضرت لوطؑ اور حضرت شعیبؑ کی قوموں کے واقعات موجودہ اور آئندہ نسلوں کو برائی اور فساد سے بچنے کی تعلیم دیتے ہیں۔
(4) قوموں کا عروج و زوال
حضرت موسیٰؑ اور فرعون کے واقعات کے ذریعے قرآن واضح کرتا ہے کہ تکبر، ظلم، فساد، اور اللہ کی نشانیوں کو جھٹلانا قوموں کے زوال کا سبب بنتا ہے۔
(5) تجدید و احیا کا الٰہی قانون
اسلام سے پہلے عرب معاشرہ اخلاقی اور سماجی طور پر زوال کا شکار تھا۔ طاقت ہی حق سمجھی جاتی تھی، غلاموں اور عورتوں پر ظلم عام تھا، اور بت پرستی رائج تھی۔ لیکن اسلام کی آمد کے بعد یہی معاشرہ 23 سال کے اندر ایک مثالی معاشرے میں بدل گیا۔
مشہور مورخ ’پی کے ہٹی‘ لکھتے ہیں کہ اس معاشرے کی نمایاں خصوصیات یہ تھیں: ’’بہادری، مصیبت میں صبر، ہمسایوں کے حقوق کی پاسداری، مردانگی، سخاوت، مہمان نوازی، عورتوں کا احترام اور وعدوں کی پابندی۔‘‘
قرآن اس تبدیلی کو یوں بیان کرتا ہے:
وَ اذْكُرُوْا نِعْمَتَ اللّٰهِ عَلَیْكُمْ اِذْ كُنْتُمْ اَعْدَآءً فَاَلَّفَ بَیْنَ قُلُوْبِكُمْ فَاَصْبَحْتُمْ بِنِعْمَتِهٖۤ اِخْوَانًاۚ.
(آل عمران: 103)
’’اور اللہ کی اس نعمت کو یاد کرو جب تم ایک دوسرے کے دشمن تھے، پھر اس نے تمہارے دلوں میں محبت ڈال دی اور تم اس کے فضل سے بھائی بھائی بن گئے۔‘‘
پھر چند ہی سالوں میں یہی عرب دنیا کے بڑے حصے پر حکمران بن گئے۔ قرآن اس اصول کو واضح کرتے ہوئے کہتا ہے:
وَعَدَ ٱللَّهُ ٱلَّذِينَ ءَامَنُوا۟ مِنكُمْ وَعَمِلُوا۟ ٱلصَّـٰلِحَـٰتِ لَيَسْتَخْلِفَنَّهُمْ فِى ٱلْأَرْضِ كَمَا ٱسْتَخْلَفَ ٱلَّذِينَ مِن قَبْلِهِمْ.
(النور: 55)
’’اللہ نے تم میں سے ایمان والوں اور نیک عمل کرنے والوں سے وعدہ کیا ہے کہ وہ انہیں زمین میں اقتدار عطا کرے گا جیسے اس نے ان سے پہلے لوگوں کو دیا تھا۔‘‘
اسی طرح قرآن یہ بھی واضح کرتا ہے:
اِنَّ اللّٰهَ لَا یُغَیِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتّٰى یُغَیِّرُوْا مَا بِاَنْفُسِهِمْؕ.
(الرعد: 11)
’’اللہ کسی قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنی حالت نہ بدلیں۔ ‘‘
(6) تکرار کا مقصد
قرآن میں تاریخی واقعات کی تکرار محض بے مقصد نہیں بلکہ نصیحت، یاد دہانی اور تاکید کے لیے ہے۔ قرآن کہتا ہے:
ٱللَّهُ نَزَّلَ أَحْسَنَ ٱلْحَدِيثِ كِتَـٰبًۭا مُّتَشَـٰبِهًۭا مَّثَانِىَ.
(الزمر: 23)
’’اللہ نے بہترین کلام نازل کیا ہے، ایک ایسی کتاب جو آپس میں ملتی جلتی اور بار بار دہرائی گئی آیات پر مشتمل ہے۔‘‘
نتیجہ
اس طرح یہ واضح ہو جاتا ہے کہ قرآن تاریخ کو محض قصہ گوئی کے لیے بیان نہیں کرتا، بلکہ صرف ہدایت کے مقصد سے پیش کرتا ہے، تاکہ معاشرہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرائے اور ان لوگوں کے انجام سے سبق حاصل کرے، جنھوں نے اللہ کے قانون کی نافرمانی کی اور اس کے غضب کا شکار ہوئے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments