معروف اسلامی اسکالر اور ماہرِ سیاسیات ڈاکٹر زینت کوثر آج ملیشیا میں انتقال کرگئیں۔
إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ.
ڈاکٹر زینت کوثر کا وطنی تعلق حیدرآباد (تلنگانہ ) سے ہے۔نانھوں نے گھر سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد بی۔اے کی تعلیم عثمانیہ یونیور سٹی حیدر آباد سے اور پولیٹیکل سائنس کے مضمون میں ایم۔اے کی ڈگری شری وینکٹیش وارا سے حاصل کی۔ اس کے بعد انھوں نے 1986ء میں ایم۔فل اور 1991ء میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے پی۔ایچ۔ڈی کی سندیں حاصل کیں۔ ان کا اکیڈمک کیرئیر بہت شاندار رہا ہے۔ مغرب اور اسلام کی سیاسی فکر، مغرب کی جدید سیاسی نظریات، مطالعہ نسواں، مسلم خواتین، تحریک آزادی نسواں اور اس کا تنقیدی جائزہ اور جدیدیت ان کی تحقیق کا خاص میدان رہا ہے۔ انھوں نے اکیڈمک سطح پر فمینزم کا بھرپور تنقیدی جائزہ بھی لیا ہے اور مغرب کے تمام کھوکھلے نعروں کو عیاں کر دیا ہے۔
زینت کوثر 1991ء سے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائشیا (IIUM) سے وابستہ رہیں اور 1991ء سے 2006ء تک اسی یونیورسٹی میں شعبہ پولیٹکل سائنس میں پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور بعد میں 2007ء سے 2009ء تک قطر یونیورسٹی (QU) کے شعبہ بین الاقوامی امور میں پڑھایا۔ ان کی تحقیقی اور علمی خدمات کی بنا پر بین الاقوامی یونیورسٹی ملیشیا نے Quality Research Award اور Excellent Researcher کے ایوارڈ سے بھی نوازا۔ انھیں (2000 Outstanding Intellectuals of the 21th century 2005, Cambrige) میں بھی شمار کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر زینت کوثر نے متنوع موضوعات پر ایک درجن سے زیادہ کتب اور سو سے زیادہ مقالات و مضامین لکھے ہیں اور آخری دم تک آپ ل علمی کاموں میں مصروف عمل رہیں۔ علمی حلقوں میں ان کی تحقیقات کو خوب سراہا گیا۔ ان کی چند معروف کتابوں کے نام یہ ہیں:
1- Nationalism:An Analysis of the ideas of the Azad
2-Muslim Women At The Cross Roads
3- Political Participation of Women
4- Perspective Of Gender Feminists and Islamic Revivalists
5- Political Development: An Islamic Prespective
6-Women in Feminism and Politics:New Directions Towards Islamisation
7-Womens Empowerment and Islam
8- Contemporary Islamic Political Thought
9 -Modern Western Ideologies: Islamic Critique
واضح رہے کہ آپ کے شوہر ڈاکڑ ممتاز علی صاحب بھی ایک معروف دانشور اور مصنف ہیں اور ملیشیا کی بین الاقوامی یونیورسٹی میں پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت فرمائے، آمین!
٭ ٭ ٭


0 Comments