نَحْنُ نَقُصُّ عَلَيْكَ نَبَأَهُمْ بِالْحَقِّ ۚ إِنَّهُمْ فِتْيَةٌ آمَنُوا بِرَبِّهِمْ وَزِدْنَاهُمْ هُدًى۔
وَرَبَطْنَا عَلَىٰ قُلُوبِهِمْ إِذْ قَامُوا فَقَالُوا رَبُّنَا رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ لَنْ نَدْعُوَا مِنْ دُونِهِ إِلَٰهًا ۖ لَقَدْ قُلْنَا إِذًا شَطَطًا۔
هَٰؤُلَاءِ قَوْمُنَا اتَّخَذُوا مِنْ دُونِهِ آلِهَةً ۖ لَوْلَا يَأْتُونَ عَلَيْهِمْ بِسُلْطَانٍ بَيِّنٍ ۖ فَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرَىٰ عَلَى اللَّهِ كَذِبًا۔ وَإِذِ اعْتَزَلْتُمُوهُمْ وَمَا يَعْبُدُونَ إِلَّا اللَّهَ فَأْوُوا إِلَى الْكَهْفِ يَنْشُرْ لَكُمْ رَبُّكُمْ مِنْ رَحْمَتِهِ وَيُهَيِّئْ لَكُمْ مِنْ أَمْرِكُمْ مِرْفَقًا
(سورۃ الکہف: آیات 13 تا 16)
ترجمہ: ہم آپ کو ان کا سچا واقعہ سناتے ہیں۔ بے شک وہ چند نوجوان تھے جو اپنے رب پر ایمان لائے، اور ہم نے ان کی ہدایت میں اضافہ فرما دیا۔
اور ہم نے ان کے دلوں کو مضبوط کر دیا جب وہ اٹھ کھڑے ہوئے اور انہوں نے کہا: ہمارا رب آسمانوں اور زمین کا رب ہے، ہم اس کے سوا کسی اور کو ہرگز معبود نہیں بنائیں گے، ورنہ ہم حد سے بڑھ جائیں گے۔ یہ ہماری قوم ہے جس نے اللہ کے سوا دوسرے معبود بنا لیے ہیں، وہ ان کے حق میں کوئی واضح دلیل کیوں نہیں لاتے؟ پس اس سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جو اللہ پر جھوٹ باندھے۔
اور جب تم ان لوگوں سے اور ان کے معبودوں سے الگ ہو گئے ہو تو غار کی طرف چلے جاؤ، تمہارا رب تم پر اپنی رحمت پھیلا دے گا اور تمہارے معاملے میں آسانی پیدا فرما دے گا۔
یہ آیات اصحابِ کہف کے ایمان، استقامت اور قربانی کا ایسا روشن نمونہ پیش کرتی ہیں جو ہر دور کے مسلمانوں، خصوصاً نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ یہ واقعہ ہمیں بتاتا ہے کہ جب انسان اخلاص کے ساتھ حق کو اختیار کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے ہدایت، نصرت اور آسانیوں کے دروازے کھول دیتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں کہ ہم آپ کو ان نوجوانوں کا سچا واقعہ سناتے ہیں۔ بے شک وہ چند نوجوان تھے جو اپنے رب پر ایمان لائے اور ہم نے ان کی ہدایت میں اضافہ فرما دیا۔
اس آیت میں سب سے پہلی بات یہ واضح کی گئی کہ قرآن کا بیان کردہ واقعہ محض قصہ گوئی نہیں بلکہ ’’بالحق‘‘یعنی مکمل سچائی پر مبنی ہے۔ اس میں انسانیت کے لیے رہنمائی کا سامان ہے۔ ان نوجوانوں کو ’’فِتْیَةٌ‘‘ کہا گیا، جس سے ان کی جوانی، طاقت، جرأت اور اخلاص کی طرف اشارہ ملتا ہے۔
یہ نوجوان ایک ایسے معاشرے میں رہتے تھے جہاں شرک عام تھا، لیکن انہوں نے ماحول کے دباؤ کو قبول نہیں کیا بلکہ اپنے رب کو پہچانا اور ایمان لے آئے۔ یہی وہ پہلا قدم تھا جس نے ان کی تقدیر بدل دی۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے اس اخلاص کا صلہ یہ دیا کہ ان کے دلوں میں ہدایت، بصیرت اور یقین میں مزید اضافہ فرما دیا۔
مفسرین کرام لکھتے ہیں کہ ہدایت کا ایک درجہ وہ ہے جو ہر انسان کو فطرتاً ملتا ہے، لیکن جب بندہ اپنے اختیار سے حق کو قبول کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اسے مزید ہدایت سے نوازتا ہے۔ یہی مفہوم ’’وَزِدْنَاهُمْ هُدًى‘‘ میں بیان ہوا ہے۔
اسی طرح آہت 14 میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ہم نے ان کے دلوں کو مضبوط کر دیا، جب وہ اٹھ کھڑے ہوئے اور انہوں نے اعلان کیا کہ ہمارا رب آسمانوں اور زمین کا رب ہے، ہم اس کے سوا کسی اور کو معبود نہیں بنائیں گے، ورنہ ہم حد سے بڑھ جائیں گے۔
یہاں ’’رَبَطْنَا عَلَىٰ قُلُوبِهِمْ‘‘ ایک نہایت اہم تعبیر ہے، جس کا مطلب ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے دلوں میں ثبات، حوصلہ اور سکون پیدا کر دیا۔ ایمان کا تقاضا صرف دل میں یقین رکھنا نہیں بلکہ اس پر ڈٹ جانا بھی ہے، اور یہ استقامت اللہ کی خاص عطا ہے۔
’’إِذْ قَامُوا‘‘کے الفاظ اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ انہوں نے خاموش رہنے کے بجائے کھل کر حق کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنی قوم کے سامنے توحید کا واضح اور دو ٹوک اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا رب وہ ہے جو آسمانوں اور زمین کا مالک ہے، لہٰذا ہم اس کے سوا کسی کو نہیں پکاریں گے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر ہم اللہ کے سوا کسی کو معبود مانیں تو یہ ’’شططاً‘‘ یعنی بہت بڑی زیادتی اور گمراہی ہوگی۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ شرک صرف ایک غلطی نہیں بلکہ ایک عظیم ظلم ہے۔اس کی بعد کی آیت میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ یہ ہماری قوم ہے جس نے اللہ کے سوا دوسرے معبود بنا لیے ہیں، وہ ان کے حق میں کوئی واضح دلیل کیوں نہیں لاتے؟ پس اس سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جو اللہ پر جھوٹ باندھے۔
اس آیت میں اصحابِ کہف نے اپنی قوم کے عقائد کا نہایت حکیمانہ اور علمی انداز میں رد کیا۔ انہوں نے یہ سوال اٹھایا کہ اگر تمہارے معبود سچے ہیں تو ان کے حق میں کوئی واضح دلیل پیش کرو۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام اندھی تقلید کا نہیں بلکہ دلیل اور عقل کا دین ہے۔
انہوں نے یہ بھی فرمایا کہ جو شخص اللہ پر جھوٹ باندھتا ہے، یعنی اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراتا ہے، اس سے بڑا ظالم کوئی نہیں۔ اس میں ایک داعی کے لیے اہم رہنمائی ہے کہ وہ باطل نظریات کو صرف رد ہی نہ کرے بلکہ ان کی کمزوری کو دلیل کے ساتھ واضح بھی کرے۔
یہ آیت ہمیں یہ بھی سکھاتی ہے کہ معاشرے کی غلطیوں پر خاموش رہنا درست نہیں، بلکہ حکمت اور علم کے ساتھ ان کی اصلاح کی کوشش کرنا ضروری ہے۔
ارشاد فرمایا کہ جب تم ان لوگوں سے اور ان کے معبودوں سے الگ ہو گئے ہو تو غار کی طرف چلے جاؤ، تمہارا رب تم پر اپنی رحمت پھیلا دے گا اور تمہارے معاملے میں آسانی پیدا فرما دے گا۔
یہ آیت ہجرت اور اعتزال کے اصول کو بیان کرتی ہے۔ جب انسان دیکھے کہ اس کا ماحول اس کے ایمان کے لیے خطرہ بن رہا ہے اور وہ دین پر قائم نہیں رہ سکتا، تو ایسے ماحول سے نکل جانا ایک درست اور بسا اوقات ضروری فیصلہ ہوتا ہے۔
اصحابِ کہف نے اللہ کے لیے اپنی قوم، اپنا شہر اور اپنی آسائشیں چھوڑ دیں۔ انہوں نے ایک غار کو اپنا مسکن بنایا، جو بظاہر ایک تنگ اور مشکل جگہ تھی، لیکن اللہ تعالیٰ نے اسے اپنی رحمت کا مرکز بنا دیا۔
’’يَنْشُرْ لَكُمْ رَبُّكُمْ مِنْ رَحْمَتِهِ‘‘سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی رحمت کو ان لوگوں پر وسیع کر دیتا ہے جو اس کے لیے قربانی دیتے ہیں۔ اسی طرح ’’وَيُهَيِّئْ لَكُمْ مِنْ أَمْرِكُمْ مِرْفَقًا‘‘ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے معاملات میں آسانی اور سہولت پیدا فرما دیتا ہے۔
مجموعی ہدایات اور عملی نکات
ان آیات سے چند اہم اصول سامنے آتے ہیں۔ سب سے پہلی بات یہ ہے کہ ایمان انسان کی سب سے بڑی طاقت ہے، خصوصاً نوجوانی میں جب انسان کے اندر جذبہ، ہمت اور عزم موجود ہوتا ہے۔
دوسری بات یہ کہ حق کے لیے کھڑا ہونا ضروری ہے۔ صرف دل میں ایمان رکھنا کافی نہیں بلکہ اس کا اظہار اور اس پر عمل بھی لازم ہے۔
تیسری بات یہ کہ دعوت کا کام علم اور دلیل کے ساتھ ہونا چاہیے۔ باطل کا رد حکمت اور بصیرت کے ساتھ کیا جائے۔
چوتھی بات یہ کہ اگر ماحول ایمان کے خلاف ہو جائے تو اس سے علیحدگی اختیار کرنا اور دین کی حفاظت کرنا ایک اہم اصول ہے۔
پانچویں اور سب سے اہم بات یہ کہ اللہ تعالیٰ اپنے مخلص بندوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتا۔ وہ ان کے دلوں کو مضبوط کرتا ہے، ان کی ہدایت میں اضافہ کرتا ہے اور ان کے لیے ایسے راستے کھول دیتا ہے جن کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے۔
اصحابِ کہف کا واقعہ ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ جب نوجوان ایمان، یقین، اخلاص اور قربانی کے ساتھ میدان میں آتے ہیں تو وہ تاریخ کا رخ بدل دیتے ہیں۔ انہوں نے ثابت کیا کہ سچائی پر قائم رہنے والے کبھی ناکام نہیں ہوتے، چاہے وقتی طور پر مشکلات کا سامنا ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔
آج کے دور میں بھی ہمیں اسی جذبے کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے ایمان کی حفاظت کریں، حق کو پہچانیں، اس پر ثابت قدم رہیں اور اللہ پر کامل بھروسہ رکھیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں بھی سچا ایمان، استقامت، بصیرت اور حق کے لیے کھڑے ہونے کی توفیق عطا فرمائے، اور ہمیں ان لوگوں میں شامل فرمائے جن کی ہدایت میں وہ اضافہ فرماتا ہے۔
آمین یا رب العالمین۔
٭ ٭ ٭


کم وقت میں بھوت اچھا درس ھوا