ہندوستان میں گھریلو تشدد کا خوفناک چہرہ

عورت صدیوں سے اس معاشرے کی بنیاد سمجھی جاتی رہی ہے۔ وہ ماں ہے، بیٹی ہے، بہن ہے اور بیوی ہے، مگر افسوس کہ اسی عورت کو سب سے زیادہ اذیت بھی یہی سماج دیتا آیا ہے۔ ہندوستان جیسے ترقی پذیر ملک میں، جہاں تعلیم، ٹیکنالوجی اور ترقی کے بڑے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں، آج بھی ہزاروں خواتین اپنے ہی گھروں میں تشدد، جہیز کی لالچ، ذہنی اذیت اور قتل کا شکار ہو رہی ہیں۔سب سے زیادہ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ یہ ظلم اب صرف جاہل اور پسماندہ گھروں تک محدود نہیں رہا بلکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ، مہذب اور سماجی طور پر بااثر خاندان بھی اس ظلم میں برابر کے شریک دکھائی دیتے ہیں۔ ڈاکٹر، انجینئر، سرکاری افسران اور تعلیم یافتہ گھرانے، جن سے معاشرے کو انسانیت اور شعور کی امید ہوتی ہے، وہی اکثر ایسے دل سوز واقعات میں ملوث نظر آتے ہیں۔یہ سوال شدت سے ابھرتا ہے کہ آخر کیسی تعلیم ہے جو انسان کو ڈگری تو دے دیتی ہے مگر انسانیت نہیں سکھا پاتی؟ تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود جب ایک بہو کو جہیز کے لیے جلایا جاتا ہے، مارا جاتا ہے یا مسلسل ذہنی اذیت دی جاتی ہے تو سوال صرف فرد پر نہیں بلکہ پورے تعلیمی اور سماجی نظام پر اٹھتا ہے کہ آخر ہم نے تعلیم سے سیکھا کیا ہے؟
نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو (NCRB) کی’’Crime in India 2023‘‘رپورٹ کے مطابق صرف ایک سال میں ہندوستان میں جہیز سے متعلق 15,489 مقدمات درج ہوئے، جبکہ 6,156 خواتین جہیز کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اوسطاً ہر روز 17 سے 18 خواتین جہیز، گھریلو تشدد یا سسرالی مظالم کی بھینٹ چڑھتی رہیں۔اعداد و شمار یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ صرف 2023 میں ہزاروں خواتین یا تو زندہ جلائی گئیں، یا انہیں خودکشی پر مجبور کیا گیا، یا مسلسل ذہنی تشدد کے ذریعے موت کے دہانے تک پہنچا دیا گیا۔
اتر پردیش اور بہار جیسے صوبے ان جرائم میں سرفہرست رہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ مسئلہ پورے ملک میں پھیلا ہوا ہے۔
اس المیے کا ایک اور بھیانک پہلو وہ سماجی دباؤ ہے جو اکثر لڑکی کے اپنے ہی گھر والے اُس پر ڈالتے ہیں۔ جب ایک بیٹی اپنے والدین کو فون کر کے روتی ہے، تشدد کی شکایت کرتی ہے یا بتاتی ہے کہ اُس کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے تو اکثر اُسے یہی جواب دیا جاتا ہے۔’’تھوڑا سمجھوتہ کرو… شادی کے بعد سب کو برداشت کرنا پڑتا ہے… ہم نے بھی تو کیا تھا… سسرال ہی اصل گھر ہے…‘‘
مگر شاید یہ سماج یہ بھول جاتا ہے کہ برداشت اور ظلم سہنے میں بہت فرق ہوتا ہے۔ پہلے زمانوں میں بھی عورتیں ظلم سہتی تھیں، فرق صرف اتنا ہے کہ اُس وقت میڈیا اور سوشل میڈیا کی رسائی کم تھی، اس لیے عورتوں کی چیخیں چار دیواری سے باہر نہیں نکل پاتی تھیں۔ آج واقعات سامنے آ رہے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ظلم بڑھ گیا ہو، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ظلم ہمیشہ سے موجود تھا، صرف خاموش تھا۔
والدین کے یہی جملے رفتہ رفتہ ایک عورت کو اندر سے توڑ دیتے ہیں۔ وہ اپنے درد کو چھپانا سیکھ لیتی ہے اور اپنی چیخوں کو خاموشی میں بدل دیتی ہے، کیونکہ اُسے یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ اگر وہ واپس آئی تو سماج اُسے ناکام قرار دے گا۔
اسی ‘‘سمجھوتے‘‘کے نام پر عورت پر ایسا ذہنی دباؤ ڈالا جاتا ہے کہ وہ ظلم سہنے کو اپنی تقدیر سمجھنے لگتی ہے۔ بہت سی خواتین صرف اس خوف سے برسوں ظلم برداشت کرتی رہتی ہیں کہ کہیں والدین کی عزت پر حرف نہ آ جائے یا لوگ اُنہیں طعنے نہ دیں۔ یہی خاموشی اکثر ایک دن موت کی خبر میں بدل جاتی ہے۔
تحقیقی رپورٹس یہ بھی بتاتی ہیں کہ 2019 سے 2023 کے درمیان پانچ برسوں میں 33,466 سے زائد جہیز اموات سرکاری ریکارڈ کا حصہ بنیں۔ یہ صرف وہ خواتین ہیں جن کی موت درج ہو سکی، جبکہ ہزاروں کیس ایسے بھی ہوتے ہیں جو کبھی پولیس تک نہیں پہنچ پاتے۔ کئی خاندان عزت، سماجی دباؤ اور ’’لوگ کیا کہیں گے؟‘‘جیسے جملوں کے نیچے اپنی بیٹیوں کی چیخیں دفن کر دیتے ہیں۔
عورت کو بچپن سے صبر، خاموشی اور برداشت سکھائی جاتی ہے، مگر مرد کو احترام، برابری اور انسانیت نہیں سکھائی جاتی۔ یہی وجہ ہے کہ شادی جیسے مقدس رشتے کو بھی ایک معاشی سودا بنا دیا گیا ہے، جہاں لڑکی کی عزت، جان اور جذبات کی قیمت سونے، گاڑی اور نقدی سے لگائی جاتی ہے۔یہ سماج شاید اُس وقت تک نہیں جاگے گا جب تک ہر گھر سے ایک بیٹی کی چیخ نہ سنائی دے۔ یہاں عورت کی موت پر چند دن شور تو مچتا ہے، مگر پھر سب کچھ معمول پر آ جاتا ہے۔ قاتل پھر اسی سماج میں عزت کے ساتھ گھومتے پھرتے ہیں، رسمیں بدستور اسی شان سے ادا کی جاتی رہتی ہیں، اور ایک نئی بیٹی کو پھر اسی آگ میں دھکیل دیا جاتا ہے۔
یہ المیہ صرف عورت کی موت کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مرتی ہوئی حساسیت کا ہے۔ جہاں بیٹی کی لاش پر بھی خاندان اپنی ’’عزت‘‘ بچانے میں مصروف رہتا ہو، وہاں انسانیت کی قبر شاید بہت پہلے کھودی جا چکی ہوتی ہے۔حال ہی میں دہلی، بنگلورو، بھوپال اور گریٹر نوئیڈا جیسے شہروں سے سامنے آنے والے واقعات نے اس مسئلے کی سنگینی کو مزید واضح کر دیا ہے۔ کئی خواتین نے مرنے سے پہلے اپنے اہلِ خانہ کو فون کر کے مدد کی فریاد کی، کئی کے جسم پر تشدد کے نشانات ملے، اور کئی کی موت کو خودکشی یا حادثہ قرار دے کر معاملہ دبانے کی کوشش کی گئی۔یہ واقعات محض خبریں نہیں بلکہ اس سماج کے ضمیر پر لگے ایسے داغ ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔المیہ یہ ہے کہ ہم نے عورت کو جینا نہیں بلکہ صرف سہنا سکھایا ہے۔ اُسے بچپن سے یہی بتایا جاتا ہے کہ شوہر کا گھر ہی اُس کی آخری منزل ہے، چاہے وہاں اُس کی عزت محفوظ ہو یا نہیں، اُس کی جان سلامت رہے یا نہیں۔

خواتین کے ساتھ ہونے والے ان مظالم کا حل کیا ہے ؟

آج ضرورت صرف قانون بدلنے کی نہیں بلکہ اُس ذہنیت کو بدلنے کی ہے جو بیٹی کو انسان نہیں بلکہ ظلم سہنے والی مخلوق سمجھتی ہے۔اصل مسئلہ صرف جہیز نہیں بلکہ وہ ذہنیت ہے جو عورت کو انسان کے بجائے ایک ذمہ داری، بوجھ یا خریدی گئی چیز سمجھتی ہے۔ ہمارے معاشرے میں اکثر عورت کے مرنے کے بعد انصاف کی بات کی جاتی ہے، مگر اُس کے جیتے جی اُس کی خاموشی سننے والا کوئی نہیں ہوتا۔ جب ایک عورت کو جلایا جاتا ہے تو صرف اُس کا جسم نہیں جلتا بلکہ انسانیت، تعلیم، اخلاقیات اور پورا معاشرہ راکھ ہو جاتا ہے۔
سوال اب صرف حکومت، عدالت یا قانون سے نہیں بلکہ پورے معاشرے سے ہے کہ آخر کب تک بیٹیوں کی لاشوں پر رسمیں زندہ رکھی جائیں گی؟ کب تک تعلیم یافتہ خاندان انسانیت کے امتحان میں ناکام ہوتے رہیں گے؟ اور کب تک عورت کی چیخوں کو ’’گھریلو معاملہ ‘‘کہہ کر دفن کیا جاتا رہے گا؟
اگر اب بھی سماج خاموش رہا تو آنے والے وقت میں تاریخ یہ نہیں لکھے گی کہ عورتیں کمزور تھیں، بلکہ یہ لکھے گی کہ ایک پورا معاشرہ بیٹیوں کی لاشوں پر کھڑا ہو کر بھی خاموش تماشائی بنا رہا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے