درس حدیث ظالم اور مظلوم دونوں کی مدد کا اسلامی تصور
زمرہ : النور

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا’’اپنے بھائی کی مدد کرو، خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم۔‘‘صحابۂ کرامؓ نے عرض کیایا رسول اللہ! مظلوم کی مدد تو سمجھ میں آتی ہے، لیکن ظالم کی مدد کیسے کی جائے؟
آپ ﷺ نے فرمایا ’’تم اسے ظلم کرنے سے روک دویہی اس کی مدد ہے۔‘‘
(صحیح البخاری، کتاب المظالم، حدیث: 2444)
بظاہر یہ بات عجیب محسوس ہوتی ہے، کیونکہ دنیا کا دستور یہ ہے کہ لوگ ظالم کا ساتھ دیتے ہیں یا اس کے خوف سے خاموش رہتے ہیں زمانۂ جاہلیت میں بھی یہی تصور عام تھا کہ اپنے قبیلے والے کی حمایت کی جائے، خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم لیکن اسلام نے اس سوچ کو یکسر بدل دیا۔ اسلام نے یہ تعلیم دی کہ حقیقی وفاداری یہ نہیں کہ اپنے بھائی کو گمراہی اور ظلم کی راہ پر چلتا دیکھ کر خاموش رہا جائے، بلکہ سچی محبت یہ ہے کہ اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے برائی سے بچایا جائےاب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ظالم کو ظلم سے روکنا اس کی مدد کیسے شمار ہوگا؟اس کا جواب نہایت واضح ہے۔ جب کسی شخص کو ظلم سے روکا جاتا ہے تو وہ گناہ سے بچ جاتا ہےمظلوم کے حقوق محفوظ رہتے ہیں، معاشرے میں عدل و انصاف قائم ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ کے عذاب سے حفاظت ہوتی ہے اور امن و سکون کو فروغ ملتا ہے۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ انسان آخرت کی جواب دہی سے محفوظ رہتا ہے۔
ذرا تصور کیجیے کہ اگر آپ کا کوئی بھائی کسی شخص کو قتل کرنے جا رہا ہو اور آپ اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے روک دیں تو آپ نے درحقیقت دو زندگیاں بچا لیں۔ ایک اس شخص کی جو قتل ہونے والا تھا اور دوسری اپنے بھائی کی، جسے آپ نے ایک سنگین گناہ، دنیا کی رسوائی اور آخرت کے عذاب سے محفوظ کر لیا۔ اس سے بڑی خیرخواہی اور مدد اور کیا ہو سکتی ہے؟
اسی حقیقت کو رسول اللہ ﷺ نے ایک نہایت خوبصورت مثال کے ذریعے واضح فرمایا۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اللہ کی حدود کا احترام کرنے والوں اور ان کی خلاف ورزی کرنے والوں کی مثال ایک ایسی کشتی کی مانند ہے جس میں سوار لوگوں نے قرعہ اندازی کی۔ کچھ افراد اوپر والے حصے میں اور کچھ نیچے والے حصے میں آئے۔ نیچے والے جب پانی لینے جاتے تو انہیں اوپر والوں کے پاس سے گزرنا پڑتا۔ انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ ہم اپنے حصے میں ایک سوراخ کر لیں تاکہ دوسروں کو تکلیف نہ ہو۔اب اگر اوپر والے انہیں ایسا کرنے سے نہ روکیں تو پوری کشتی پانی میں ڈوب جائے گی اور سب ہلاک ہو جائیں گے۔ لیکن اگر وہ ان کا ہاتھ پکڑ لیں اور انہیں سوراخ کرنے سے روک دیں تو نہ صرف وہ خود بچ جائیں گے بلکہ پوری کشتی بھی محفوظ رہے گی۔(صحیح البخاری، کتاب الشرکۃ، حدیث : 2493)
یہ مثال ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ معاشرے میں ایک فرد کی برائی صرف اسی تک محدود نہیں رہتی بلکہ اس کے اثرات پورے معاشرے کو متاثر کرتے ہیں۔ اگر ظالم کو ظلم سے نہ روکا جائے تو اس کے نتائج سے کوئی محفوظ نہیں رہتا۔اسی لیے اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا:

وَاتَّقُوا فِتْنَةً لَّا تُصِيبَنَّ الَّذِينَ ظَلَمُوا مِنكُمْ خَاصَّةً(الأنفال : 25)

’’اور بچو اُس فتنے سے جس کی شامت مخصوص طور پرصرف اُنہی لوگوں تک محدود نہ رہے گی جنہوں نے تم میں سے گناہ کیا ہو۔‘‘
قرآن مجید میں ایک اور مقام پر ارشاد ہوتا ہے:

وَتَعَاوَنُوا عَلَى الْبِرِّ وَالتَّقْوَىٰ وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ۔ (المائدہ : 2)

’’جو کام نیکی اور خدا ترسی کے ہیں ان میں سب سے تعاون کرو اور جو گناہ اور زیادتی کے کام ہیں ان میں کسی سے تعاون نہ کرو۔‘‘
مزید فرمایا:

كُنتُمْ خَيْرَ أُمَّةٍ أُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَتَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنكَرِ۔

(سورۃ آل عمران 110)
’’اب دنیا میں وہ بہترین گروہ تم ہو جسے انسانوں کی ہدایت و اصلاح کے لیے میدان میں لایا گیا ہے۔ تم نیکی کا حکم دیتے ہو بدی سے روکتے ہو۔‘‘
حضرت عمر بن خطابؓ فرمایا کرتے تھے۔’’اس قوم میں کوئی بھلائی نہیں جو نصیحت نہ کرےاور اس قوم میں بھی کوئی بھلائی نہیں جو نصیحت قبول نہ کرے۔‘‘
اسی طرح حضرت ابوبکر صدیقؓ نے ایک مرتبہ فرمایا’’لوگو تم قرآن کی اس آیت کو پڑھتے ہو‘‘:

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا عَلَيْكُمْ أَنفُسَكُمْ لَا يَضُرُّكُم مَّن ضَلَّ إِذَا اهْتَدَيْتُمْ

(المائدہ 105)
’’اے لوگو جو ایمان لائے ہو اپنی فکر کرو کسی دُوسرے کی گمراہی سے تمہارا کُچھ نہیں بگڑتا اگر تم خود راہِ راست پر ہو۔‘‘
لیکن تم اس کا مفہوم صحیح نہیں سمجھتے۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جب لوگ ظالم کو دیکھیں اور اسے ظلم سے نہ روکیں تو قریب ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنا عذاب سب پر عام کر دے۔اس وضاحت سے معلوم ہوتا ہے کہ صرف اپنی اصلاح کافی نہیں بلکہ معاشرے کی اصلاح اور برائی کو روکنے کی کوشش بھی مؤمن کی ذمہ داری ہے۔
قرآن مجید میں مزید تنبیہ کی گئی ہے:

وَلَا تَرْكَنُوا إِلَى الَّذِينَ ظَلَمُوا فَتَمَسَّكُمُ النَّارُ وَمَا لَكُم مِّن دُونِ اللَّهِ مِنْ أَوْلِيَاءَ ثُمَّ لَا تُنصَرُونَ

(ہود 113)
’’اِ ن ظالموں کی طرف ذرا نہ جھکنا ورنہ جہنم کی لپیٹ میں آ جاؤ گے اور تمہیں کوئی ایسا ولی و سرپرست نہ ملے گا جو خدا سے تمہیں بچا سکے اور کہیں سے تم کو مدد نہ پہنچے گی۔‘‘
عملی زندگی میں اس حدیث کا اطلاق بے شمار صورتوں میں ہوتا ہے۔ اگر آپ کا کوئی دوست غیبت کر رہا ہو تو اسے نرمی سے منع کرنا اس کی مدد ہے۔ اگر کوئی رشوت لیتا ہو تو اسے سمجھانا اس کی مدد ہے۔ اگر کوئی اپنے اہل و عیال پر ظلم کرتا ہو تو اسے روکنا اس کی مدد ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے برائی کو روکنے کا طریقہ بھی واضح فرمایا’’تم میں سے جو شخص کوئی برائی دیکھے اسے اپنے ہاتھ سے روکے اگر اس کی طاقت نہ ہو تو زبان سے روکے اور اگر یہ بھی ممکن نہ ہو تو دل میں اسے برا سمجھے اور یہ ایمان کا کمزور ترین درجہ ہے۔‘‘(صحیح مسلم:49)
اسی مقصد کے لیے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا گیا:

وَلْتَكُن مِّنكُمْ أُمَّةٌ يَدْعُونَ إِلَى الْخَيْرِ وَيَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَيَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنكَرِ

(آل عمران 104)
’’تم میں کچھ لوگ تو ایسے ضرور ہی رہنے چاہیے جو نیکی کی طرف بلائیں بھلائی کا حکم دیں اور برائیوں سے روکتے رہیں۔‘‘
خلاصۂ کلام یہ ہے کہ مظلوم کی مدد اس کا حق دلانا ہے جبکہ ظالم کی مدد اسے ظلم، گناہ اور اللہ کی پکڑ سے بچانا ہے۔ جو شخص اپنے بھائی، دوست یا عزیز کو برائی میں مبتلا دیکھ کر خاموش رہتا ہے وہ درحقیقت اس کا خیرخواہ نہیں بلکہ اس کی تباہی میں خاموش شریک بن جاتا ہے۔حقیقی دوستی، سچی محبت اور کامل خیرخواہی یہی ہے کہ ہم ایک دوسرے کو برائی سے بچائیں نیکی کی طرف رہنمائی کریں اور اللہ تعالیٰ کی ناراضی سے محفوظ رکھنے کی کوشش کریں۔اللہ تعالیٰ ہمیں حق بات کہنے، ظلم کو روکنے، نیکی کو فروغ دینے اور صحیح معنوں میں ایک دوسرے کا مددگار بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے