عموماً آپ نے سنا تو ہے کہ آبادی میں اضافہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ ہندوستان میں آبادی پر کنٹرول کے لیے کئی اسکیمیں چلائی گئی ہیں۔مذہبی اعتبار سے پختہ عقیدہ رکھنے والے مسلمانوں نے آبادی پر کنٹرول کے اس منصوبے کو کبھی پسند نہیں کیا، اسی طرح دیگر مذاہب میں سکھ، پارسی اور عیسائیوں نے بھی اسے کھلے دل سے تسلیم نہیں کیا، تاہم اسے ایک بڑا مسئلہ بنا کر پیش کیا جاتا رہا ہے۔ہندوستان میں آبادی پر کنٹرول کے لیے مختلف تدابیر اپنائی گئی ہیں۔
۱۹۵۲ءمیں ہندوستان دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے سرکاری سطح پر خاندانی منصوبہ بندی کا پروگرام شروع کیا۔ مقصد شرحِ پیدائش میں کمی اور آبادی کے توازن کو فروغ دینا تھا۔ اس پروجیکٹ کا نام “نیشنل فیملی پلاننگ پروگرام” تھا۔ اس کے تحت یہ باور کرایا گیا کہ صحت مند خاندان چھوٹی فیملی میں پروان چڑھتا ہے۔ ایک فرد کی معیشت کو اس کی فیملی کے حجم سے جوڑتے ہوئے معیارِ زندگی کا تجزیہ پیش کیا جاتا رہا۔
سن ۱۹۶۰ءمیں عوام کو مختلف مانع حمل طریقوں تک رسائی دینا اور خاندانی منصوبہ بندی کو عام کرنا اس منصوبے کا حصہ بنایا گیا۔ مانع حمل ادویات تک رسائی کا یہ پروگرام چلایا گیا اور عوامی بیداری کے لیے ہرطرح کے ذرائع استعمال کیے گئے۔۱۹۷۵ سے ۱۹۷۷ءمیں بڑے پیمانے پر نسبندی کی مہم چلائی گئی، جس پر بعد میں جبر اور انسانی حقوق سے متعلق شدید تنقید بھی ہوئی۔اس مہم کو (Sterilization Drive) کے نام سے بڑے زور و شور سے پیش کیا گیا۔ حکومت کے نمائندہ چینل دوردرشن پر اس پر عوامی بیداری کے لیے پروگرام پیش کیے جاتے رہے۔۱۹۷۶ ءمیں آبادی میں اضافے کو کم کرنے اور خاندانی منصوبہ بندی کو ترقیاتی حکمتِ عملی کا حصہ بنانے کی کوشش کے طور پر پہلی قومی آبادی پالیسی
(National Population Policy 1976) ترتیب دی گئی۔
۱۹۹۷ءمیں توجہ صرف آبادی پر نہیں بلکہ ماں اور بچے کی صحت اور تولیدی خدمات پر بھی مرکوز کی گئی۔ اس پروگرام کا نام Reproductive and Child Health (RCH) Programme تھا۔
اسی طرح آبادی پر کنٹرول کا پروگرام آگے بڑھا اورسن۲۰۰۰ءمیں رضاکارانہ منصوبہ بندی، مانع حمل سہولیات تک رسائی، زچہ و بچہ کی صحت اور طویل مدت میں آبادی کے استحکام کا ہدف پیش کیا گیا۔ اس پروگرام کا نام National Population Policy 2000 تھا۔
اس مقصد کو آگے بڑھاتے ہوئے ۲۰۰۵ءمیں دیہی علاقوں میں تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے ,National Rural Health Mission (NRHM) کے تحت فیملی پلاننگ متعارف کروائی گئی۔حالیہ دنوں میں حکومت کا منصوبہ خواتین اور جوڑوں کو مختلف مانع حمل ذرائع (جیسے Injectable Contraceptives، Centchroman، IUCD، گولیاں اور مانع حمل کے دوسرے ذرائع وغیرہ) فراہم کرنا اس پروگرام کا حصہ ٹھہرا۔
یہ ساری کوششیں عوام میں بیداری اور آبادی پر کنٹرول سے متعلق رہی ہیں، تاہم اس کے بالکل برعکس وہ ممالک بھی ہمارے سامنے موجود ہیں جنہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے آبادی کے تناسب کو کم کرنے کے بجائے اپنی عوام کی ترقی کا منصوبہ بنایا۔ہندوستان میں آبادی پر کنٹرول کے لیے کی جانے والی یہ ساری کوششیں انسانی جسم کے ساتھ مکمل کھلواڑ ہیں۔ ادویات کا مستقل استعمال، کمانے کے محدود ذرائع، اور پیداوار بڑھانے یا ہیومن ورک فورس کو زیادہ پیداواری بنانے پر توجہ نسبتاً کم دکھائی دیتی ہے۔
دوسرے ممالک کی مثالیں سمجھتے ہیں۔آبادی کے لیے منصوبہ بنانے کے بجائے انہوں نے انسانی وسائل کو پروڈکٹیو بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کی، جیسے:
سنگاپور (Singapore) کو اکثر اس بات کی مثال کے طور پر پیش کیا جاتا ہے کہ محدود زمین اور نسبتاً کم قدرتی وسائل کے باوجود مؤثر پالیسیوں سے خوش حالی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس کی کامیابی صرف آبادی کو کنٹرول کرنے کی وجہ سے نہیں بلکہ بہتر حکمرانی، تعلیم، منصوبہ بندی اور وسائل کے مؤثر استعمال کی وجہ سے بھی ہے۔
۱) معیاری رہائش:
ان کی حکومت نے اپنی توجہ عوام کی رہائش پر مرکوز کی ہے۔ تقریباً۷۵سے۸۰ فیصد سے زیادہ آبادی سرکاری منصوبہ بند رہائشی اسکیموں میں رہتی ہے۔ اس سے شہری آبادی کو مناسب قیمت پر گھر، صاف ماحول اور بنیادی سہولتیں میسر آتی ہیں۔ رہائشی علاقوں میں اسکول، پارک، بازار اور ٹرانسپورٹ کو بھی منصوبہ بندی کے تحت تعمیر کیا جاتا ہے۔
۲) نقل و حمل کے ذرائع میں تبدیلی:
جدید میٹرو (MRT)، بس نیٹ ورک اور مربوط ٹرانسپورٹ سسٹم نے نجی گاڑیوں پر انحصار کم کیا۔ سڑکوں پر بھیڑ کم رکھنے کے لیے گاڑیوں کی ملکیت پر سخت ضوابط اور فیسیں نافذ کی گئی ہیں۔آپ نجی گاڑیوں کے مقابلے میں سرکاری نقل و حمل کو زیادہ ارزاں اور معیاری بنانے پر توجہ دیتے ہیں، جبکہ ہمارے ملک ہندوستان میں آج بھی پرائیویٹائزیشن کو خوب فروغ دیا جا رہا ہے۔
۳)تعلیم اور انسانی وسائل:
حکومت نے معیاری تعلیم، فنی تربیت اور مسلسل مہارتوں کی ترقی پر سرمایہ کاری کی۔ حکومتی تعلیمی اداروں کا معیار بلند کرنا عوامی سطح پر معیاری تعلیم کا حق ملک کے ہر بچے تک یقینی بنا سکتا ہے۔ نتیجتاً افرادی قوت زیادہ پیداواری بنی اور معیشت نے اعلیٰ قدر کی صنعتوں اور خدمات کی طرف ترقی کی۔تعلیمی نظام میں کرپشن کو کم کیا گیا تاکہ حکومتی اداروں کا معیار برقرار رہے۔ کسی بھی ملک میں تعلیم کا بڑھتا اور گھٹتا معیار ہی اس ملک کی ترقی کی رفتار کو طے کرتا ہے۔
وہیں دوسری طرف ہمارے ملک میں دن بہ دن تعلیم کا بجٹ کم اور معیار گرتا جا رہا ہے۔ اس کے برعکس نجی اداروں کو مکمل آزادی دے دی گئی ہے کہ وہ جتنا چاہیں تعلیم پر عوام سے پیسہ حاصل کرتے رہیں۔ کوئی گرفت رکھنے والا نہیں ہے، بلکہ تعلیمی اداروں کو نجی سرمایہ کاری کا پورا سیکٹر بنا دیا گیا ہے تاکہ حکومت کارپوریٹ کو مضبوط کرے اور عوام کے لیے تعلیم کا حصول مشکل ترین بنا دے۔
۴)محدود زمین کا مؤثر استعمال:
بلند عمارتیں، مخلوط استعمال (Mixed-use) منصوبے اور طویل المدتی شہری منصوبہ بندی کے ذریعے کم رقبے میں زیادہ لوگوں کو معیاری سہولتیں فراہم کی گئیں۔ پانی، توانائی اور کچرے کے انتظام کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی۔تعلیمی اداروں کے نصاب میں عوامی بیداری کے اسباق بھی شامل ہیں تاکہ رہائش کی تہذیب ایک اچھے شہری میں پیدا ہو۔ ہمارے یہاں نصاب آبادی پر کنٹرول کے طریقوں سے سیاہ کیا گیا ہے، جب کہ ان کے نصاب میں عمارتوں میں رہنے کا سلیقہ، قدرتی وسائل کے استعمال کی تہذیب اور صفائی کے لیے خود آگاہی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
۵)آبادی اور معیشت میں توازن:
سنگاپور نے مختلف ادوار میں اپنی ضروریات کے مطابق پالیسیاں تبدیل کیں۔ جب شرحِ پیدائش بہت کم ہونے لگی تو حکومت نے شادی اور بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مالی مراعات، والدین کی چھٹیاں اور دیگر سہولتیں متعارف کرائیں۔ ساتھ ہی ہنرمند تارکینِ وطن (Skilled Immigrants) کو بھی معیشت کی ضروریات کے مطابق شامل کیا گیا۔حکومتی مراعات، عوام کی ضرورت اور ان کی اجرت میں توازن دراصل حکومتوں کو اپنی عوام کا بہی خواہ ثابت کرتا ہے۔
مسائل کو حل کرنے کے بجائے سارا ملبہ آبادی پر ڈالنا پہلو تہی ہے، یا نفرت کی سیاست کے ذریعے ملک میں جرائم کو فروغ دینا دراصل حکمرانوں کا سیاسی ایجنڈا تو ہو سکتا ہے، ترقی کی پہل نہیں۔
۶)وسائل کی منصفانہ تقسیم:
صحت، تعلیم، رہائش اور بنیادی انفراسٹرکچر تک وسیع رسائی نے معیارِ زندگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اگرچہ سنگاپور میں آمدنی کا تفاوت (Income Inequality) مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، لیکن سرکاری پالیسیاں سماجی تحفظ اور مواقع کی فراہمی کے ذریعے اس کے اثرات کم کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ہم اگر اس تقابل میں اپنے ملک ہندوستان کا تجزیہ کریں تو صحت کے ادارے عوام میں عدم تحفظ کی مثال بن چکے ہیں۔ لوگ سرکاری دواخانوں کو کم ترجیح دیتے ہیں۔ انتظامی ابتری کھل کر سامنے آتی ہے اور پرائیویٹ ہسپتالوں پر عوام زیادہ انحصار کرتی ہے، جب کہ یہ بنیادی ضرورت ہے جس کا معیار حکومت بہتر کر سکتی ہے۔
۷)تعلیم، تحقیق اور اختراع:
نیدرلینڈز نے تعلیم، تحقیق اور اختراع کے شعبے کو بہت ترقی دی ہے۔ یونیورسٹیاں، تحقیقی ادارے اور نجی کمپنیاں مل کر نئی ٹیکنالوجی اور زرعی حل تیار کرتی ہیں۔ تحقیق کے شعبے سے جڑے طالب علموں کو حکومتی خصوصی مراعات حاصل ہیں۔ کسانوں کو جدید تربیت اور سائنسی معلومات تک رسائی دی جاتی ہے۔
۸) جدید زرعی نظام:
نیدرلینڈز نے اراضی کی قلت کی شکایت کے بجائے اس کا حل نکالا۔ نیدرلینڈز کا رقبہ نسبتاً چھوٹا ہے، لیکن یہ دنیا کے بڑے زرعی برآمد کنندگان میں شمار ہوتا ہے۔گرین ہاؤس فارمنگ، ڈرپ ایریگیشن، جدید بیج، روبوٹکس اور ڈیٹا پر مبنی کاشت کاری سے کم زمین پر زیادہ پیداوار حاصل کی جاتی ہے۔ پانی اور کھاد کا استعمال بھی انتہائی مؤثر طریقے سے کیا جاتا ہے۔جب کہ ہمارا ملک ہندوستان زرعی پیداوار والا ملک ہے۔ زمینیں وافر ہیں، غذائی اجناس اگانے کی فراوانی ہے، لیکن حکومتی منصوبے انتہائی ناقص ہیں۔ یوٹیلٹی پر کنٹرول، معیار اور منصفانہ تقسیم کا ناقص نظام ہمارے ملک کو پیداواری اور انسانی وسائل کی فراوانی کے باوجود مسائل سے دوچار کیے ہوئے ہے۔
۹) مضبوط لاجسٹک تجارت:
نیدرلینڈز میں Port of Rotterdam یورپ کی اہم بندرگاہوں میں شامل ہے۔ اپنے پڑوسی ممالک سے تجارتی تعلقات کی بہتری کی کوشش کی گئی ہے۔بہترین سڑکیں، ریل اور آبی راستے اشیا کی تیز تر نقل و حمل کو ممکن بناتے ہیں، جس سے تجارت اور روزگار میں اضافہ ہوتا ہے، اور قیمتوں اور شرح پر حکومتوں کا کنٹرول اسے مزید مہمیز عطا کرتا ہے۔ہمارے ملک میں سرمایہ کاری صرف سرمایہ داروں کے ہاتھ میں سمٹ کر رہ جاتی ہے۔ تجارت میں بھی کارپوریٹ کو تقویت ملتی ہے، جبکہ کمزور طبقہ ہمیشہ کمزوری کی راہ پر گامزن نظر آتا ہے۔اور ہمارے ملک میں اپنے پڑوسی ملکوں سے عوامی مفاد میں بہتر استواری تو کجا دشمنی شدید ہوا دینے کا منصوبہ سرچڑھ کر بولتا ہے۔
۱۰)پانی کا مؤثر انتظام:
نیدرلینڈز جیسے ملک کا ایک بڑا حصہ سطحِ سمندر سے نیچے واقع ہے۔ ڈائیکس (Dikes)، پمپنگ سسٹمز اور پولڈر نظام کے ذریعے سیلاب سے حفاظت اور زمین کا مؤثر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس وجہ سے رہائش، زراعت اور صنعت کے لیے قابلِ استعمال زمین محفوظ رہتی ہے۔
ہمارے ملک کو اللہ تعالیٰ نے پانی کے ذرائع سے مالا مال رکھا ہے، اس کے باوجود اس کی حفاظت کے لیے کوئی معقول نظم نہیں ہے۔ نہ حکومت کی توجہ ہے اور نہ ہی عوامی بیداری کا مضبوط نظام موجود ہے۔ جتنا شور آبادی پر کنٹرول کے نظام کے بارے میں نظر آتا ہے، اگر اتنی ہی توجہ پانی کے مؤثر استعمال پر دی جاتی تو ملک کی ترقی کا ایک بڑا کام ہوتا۔
۱۱)سماجی خدمات اور وسائل کی تقسیم:
معیاری تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتوں تک وسیع رسائی فراہم کی جاتی ہے۔ٹیکس کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی کا ایک حصہ عوامی خدمات اور سماجی تحفظ پر خرچ کیا جاتا ہے، جس سے مواقع کی نسبتاً منصفانہ تقسیم میں مدد ملتی ہے، جب کہ ہمارے ملک ہندوستان میں عوام سے ٹیکس ریاستی اور مرکزی سطح پر ضرور لیا جاتا ہے، لیکن منصفانہ تقسیم کے بجائے اسے ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ان دونوں ملکوں کے ماڈل پیش کرنے کا مقصد یہی ہے کہ جس شدت سے ہمارے یہاں آبادی پر کنٹرول کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ سمجھایا گیا ہے، یہ محض ایک فسانہ ہے، جو صرف انسانی زندگی کے ساتھ ایک خوفناک کھیل کی مانند ہے۔ دراصل انسانی اور مادی وسائل کے پیداواری نظام پر حکمت کی نگاہ اور سچی بہی خواہی ہی ملک کی خوش حالی کی مرہونِ منت ہے۔کیا ملک کی خوش حالی کا تعلق آبادی پر کنٹرول سے وابستہ ہے؟ یہ ایک بہت بڑا سوال ہے۔
نہیں، ایسا نہیں ہے۔سنگاپور کی مثال یہ بتاتی ہے کہ خوش حالی کا انحصار صرف آبادی کے حجم پر نہیں بلکہ اچھی حکمرانی، تعلیم، قانون کی بالادستی، منصوبہ بندی، سرمایہ کاری اور وسائل کے مؤثر استعمال پر بھی ہوتا ہے۔
اسی طرح نیدرلینڈز کا ماڈل بھی ترقی کی راہ میں آبادی کے اضافے کو الزام نہیں دیتا بلکہ عوامی ترقی کی نئی راہیں واضح کرتا ہے۔اگر کسی ملک کی آبادی زیادہ ہو تو بھی درج ذیل اقدامات ترقی میں مدد دے سکتے ہیں:
معیاری تعلیم اور ہنرمندی میں سرمایہ کاری، صحت کی بہتر سہولتیں، شفاف اور مؤثر حکمرانی، شہری منصوبہ بندی اور سستی رہائش، جدید زراعت اور صنعت، عوامی ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کی مضبوطی، روزگار کے مواقع اور ٹیکنالوجی کی ترویج۔اس طرح وسائل کی پیداوار اور تقسیم بہتر بنا کر بڑھتی ہوئی آبادی کے باوجود بھی اعلیٰ معیارِ زندگی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
عوام میں علم اور حقیقی شعور کی کمی دراصل حکومتی سطح پر ہونے والی زیادتیوں پر توجہ مرکوز نہیں ہونے دیتی۔ مثلاً مذہبی اعتبار سے اسلام نے مسلمانوں کو یہ شعور قرآنِ مجید میں واضح طور پر دیا ہے کہ آبادی مسئلہ نہیں ہے۔ یہ کائنات انسانوں کے لیے بنائی گئی ہے۔ اس میں انسان ہی کی پیدائش پر کنٹرول کرنا اس زمین کی پیداوار کو کم کرتا ہے۔ اس زمین میں اللہ تعالیٰ نے اتنی وسعت رکھی ہے کہ وہ انسانی تعداد کے لحاظ سے رزق فراہم کرے، چوں کہ ہم نے اس معتدل نظام کو پُرتعیش زندگی کے لیے خود نقصان پہنچایا ہے۔
اسلام آبادی (Population) کو محض تعداد کے طور پر نہیں دیکھتا بلکہ انسان کو اللہ تعالیٰ کی نعمت، امانت اور زمین پر اس کاخلیفہ قرار دیتا ہے۔ اسلام محض غربت یا معاشی خوف کی وجہ سے اولاد سے منع نہیں کرتا۔ اس کے ساتھ اسلام والدین پر اولاد کی صحیح تربیت، تعلیم اور کفالت کی ذمہ داری بھی عائد کرتا ہے۔مثلاً قرآنِ کریم میں اللہ رب العالمین کا ارشاد ہے:
وَلَا تَقْتُلُوا أَوْلَادَكُمْ خَشْيَةَ إِمْلَاقٍ ۖ نَحْنُ نَرْزُقُهُمْ وَإِيَّاكُمْ ۚ إِنَّ قَتْلَهُمْ كَانَ خِطْئًا كَبِيرًا
(الإسراء : 31)
’’اپنی اولاد کو افلاس کے اندیشے سے قتل نہ کرو۔ ہم انہیں بھی رزق دیں گے اور تمہیں بھی۔ درحقیقت اُن کا قتل ایک بڑی خطا ہے۔‘‘
ایک مسلمان کو بحیثیتِ مسلمان اس آیت کے تناظر میں حق و انصاف سے کام لیتے ہوئے اس بیان کیے گئے آبادی کے قصے سے دوری بنا لینی چاہیے۔ معاشی خوف کو اولاد سے محرومی یا ان کی جان لینے کی وجہ نہیں بنایا جا سکتا۔کون سا بچہ کس مقصد سے دنیا میں پیدا کیا جا رہا ہے، یہ رب العالمین کی حکمت ہے۔ اس نے فرمایا:
إِنِّي جَاعِلٌ فِي الْأَرْضِ خَلِيفَةً
(البقرہ :30)
“میں زمین میں ایک خلیفہ (نمائندہ) بنانے والا ہوں۔”
انسان زمین کی آبادکاری، اصلاح اور ذمہ دارانہ استعمال کے لیے پیدا کیا گیا ہے۔ اس لیے آبادی پر کنٹرول کے اس شوشے کو سمجھتے ہوئے ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی توجہ اس جانب مرکوز کروائے اور کبھی بھی آبادی پر کنٹرول کی اس مہم سے متاثر ہو کر اس کا حصہ نہ بنے۔
ہندوستان کی آزادی کے بعد ملک کی آبادی تقریباً ۳۵سے ۳۶ کروڑ تھی، لیکن اُس وقت یہاں غربت اور بھکمری بہت زیادہ تھی۔ آج آبادی میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، مگر اس کے ساتھ ساتھ ذرائع اور وسائل میں بھی بے پناہ ترقی ہوئی ہے۔ ہر شعبے میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، اور ایک ہی زمین سے سال میں کئی کئی بار فصلیں حاصل کی جا رہی ہیں۔ ہمارا ملک اپنی زرعی اور صنعتی پیداوار دوسرے ممالک کو برآمد (ایکسپورٹ) بھی کر رہا ہے۔اس لیے آبادی میں اضافہ بذاتِ خود کوئی رکاوٹ نہیں ہے، بلکہ جتنی آبادی بڑھتی ہے، اتنے ہی نئے وسائل، مواقع اور معاشی سرگرمیاں بھی پیدا ہوتی ہیں، اور اسی زمین سے زیادہ پیداوار حاصل کرنا ممکن ہو جاتا ہے۔
یورپی ممالک میں آبادی نسبتاً کم ہے اور وسائل زیادہ ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ اپنے مختلف شعبوں میں کام کرنے کے لیے دوسرے ممالک سے افرادی قوت (لیبر) بلاتے ہیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک بھی اپنی معیشت اور ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے زیادہ آبادی والے ممالک کی افرادی قوت پر کسی نہ کسی حد تک انحصار کرتے ہیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments