محترمہ چیف ایڈیٹر و ایڈیٹر صاحبہ!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الحمد للہ! ھادیہ ای میگزین کا جون 2026ء کا شمارہ میرے زیرِ مطالعہ ہے۔ ہمیشہ کی طرح اس کا اسلوبِ تحریر نہایت دل نشیں، شائستہ اور فکر انگیز ہے، جو قاری کو ابتدا سے انتہا تک اپنے ساتھ جوڑے رکھتا ہے۔ خصوصاً ’’بہنیں پوچھتی ہیں‘‘ جیسے مستقل سلسلے نہ صرف دینی رہنمائی فراہم کرتے ہیں بلکہ روزمرہ زندگی کے اہم مسائل کا آسان اور مدلل حل بھی پیش کرتے ہیں۔ہادیہ ای میگزین کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ صرف اصلاحِ فکر اور اصلاحِ معاشرہ تک محدود نہیں، بلکہ قارئین کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کی علمی و عملی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل تعلیم، سماجی ذرائع ابلاغ اور دیگر عصری موضوعات پر مشتمل معلوماتی مضامین اس میگزین کو مزید مفید اور منفرد بنا دیتے ہیں۔ان مضامین کے ذریعے قارئین نہ صرف دینی شعور حاصل کرتے ہیں بلکہ جدید دنیا کے تقاضوں سے بھی باخبر رہتے ہیں۔میں خود بھی اس میگزین سے بھرپور استفادہ کرتی ہوں اور چونکہ میرا ایک تعلیمی ادارہ(انسٹیٹیوٹ) بھی ہے، اس لیے ہادیہ ای میگزین کو اپنے ادارے کے مختلف گروپس میں شیئر کرتی ہوں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس کے علمی، تربیتی اور اصلاحی مواد سے فائدہ اٹھا سکیں۔’’بچیوں کے لیے ملک کا غیر محفوظ ماحول‘‘ ایک نہایت اہم، فکر انگیز اور دل کو جھنجھوڑ دینے والا مضمون ہے۔ ڈاکٹرخان مبشرہ فردوس صاحبہ نے اعداد و شمار اور حقائق کی روشنی میں جس انداز سے معصوم بچیوں کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کے واقعات کو پیش کیا ہے، وہ ہر حساس انسان کو سوچنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ یہ نہایت افسوس اور تشویش کا باعث ہے کہ ایک بڑے جمہوری ملک میں کم سن بچیوں کے خلاف ایسے سنگین جرائم مسلسل پیش آ رہے ہیں اور بہت سے مجرم قانون کی کمزوریوں یا طویل عدالتی عمل کے باعث سخت سزا سے بچ نکلتے ہیں۔یہ مسئلہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ والدین، اساتذہ، سماجی تنظیمیں اور حکومتی ادارے سب کو مل کر ایسا محفوظ ماحول بنانے کی ضرورت ہے، جہاں ہر بچی خود کو محفوظ محسوس کر سکے۔ اس مضمون کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ صرف مسئلے کی نشاندہی نہیں کرتا بلکہ قارئین کے اندر احساسِ ذمہ داری بھی بیدار کرتا ہے۔ہادیہ ای میگزین کا یہ مضمون موجودہ دور کے ایک نہایت حساس اور اہم مسئلے کو اجاگر کرنے کی کامیاب کوشش ہے۔ میں مصنفہ کو اس اہم موضوع پر قلم اٹھانے اور معاشرے کی توجہ اس سنگین مسئلے کی جانب مبذول کرانے پر مبارک باد پیش کرتی ہوں۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس میگزین کے ذمہ داران، مصنفین اور معاونین کی کاوشوں کو شرفِ قبولیت بخشے اور اسے مزید ترقی اور مقبولیت عطا فرمائے، تاکہ علم، شعور اور اصلاح کا یہ سفر اسی طرح جاری و ساری رہے۔
آمین
جواب
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
سسٹر رابعہ صاحبہ!
آپ کا محبت بھرا مراسلہ موصول ہوا، جسے پڑھ کر دلی مسرت ہوئی۔ آپ کی آرا اور تجاویز نہایت اہم اور قابلِ قدر ہیں۔ خصوصاً بچیوں کے تحفظ کے حوالے سے آپ کی یہ بات قابلِ توجہ ہے کہ معاشرے کے ہر طبقے اور ہر شعبے کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
امید ہے کہ آپ آئندہ بھی اپنی قیمتی آرا اور مفید تجاویز بھیجتی رہیں گی۔ ہادیہ ٹیم آپ کی محبت، اعتماد اور حوصلہ افزائی کے لیے دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہے۔
والسلام
ایڈیٹر ہادیہ ای میگزین
٭ ٭ ٭


0 Comments