موجودہ دور سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ ہر روز نئی ایجادات انسانی زندگی کو آسان اور سہل بنا رہی ہیں۔ انہی جدید ایجادات میں ایک اہم ایجاد ’’چیٹ جی پی ٹی‘‘ (ChatGPT) بھی ہے، جسے امریکی کمپنی اوپن اے آئی (OpenAI) نے 30 نومبر 2022 کو متعارف کرایا۔ یہ مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) پر مبنی ایک جدید نظام ہے جو مختلف سوالات کے جوابات دیتا ہے، مضامین تحریر کرتا ہے، معلومات فراہم کرتا ہے اور شعر و شاعری بھی تخلیق کر سکتا ہے۔بلاشبہ یہ ایک مفید اور جدید ٹیکنالوجی ہے، لیکن حالیہ برسوں میں اس کے غلط اور غیر ذمہ دارانہ استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے منفی اثرات خصوصاً نئی نسل اور طلبہ میں واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔آج کل بہت سے لوگ چیٹ جی پی ٹی سے شعر و شاعری، مضامین اور دیگر تحریریں تیار کروا کر انہیں اپنی تخلیق کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ بعض افراد مصنوعی ذہانت سے لکھی گئی شاعری یا تحریروں کو سوشل میڈیا پر اپنے نام سے شائع کرکے شہرت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس طرزِ عمل سے حقیقی ادیبوں، شاعروں اور تخلیق کاروں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔ ادب دراصل احساس، مشاہدے اور ذاتی تجربات کا مظہر ہوتا ہے، لیکن جب انسان اپنی فکری محنت کے بجائے مشین پر انحصار کرنے لگے تو اس کی تخلیقی صلاحیتیں رفتہ رفتہ کمزور ہونے لگتی ہیں۔ نتیجتاً معاشرے میں نقل، مصنوعی شہرت اور غیر مستند نسبتوں کا رجحان فروغ پاتا ہے۔اسی طرح بہت سے افراد چیٹ جی پی ٹی سے اشعار، اقوال اور مختلف معلومات حاصل کرکے بغیر تحقیق و تصدیق کے انہیں استعمال کرنے لگتے ہیں۔ بعض اوقات کسی شعر کو غلطی سے کسی دوسرے شاعر کے نام سے منسوب کر دیا جاتا ہے یا ایسے اشعار پیش کیے جاتے ہیں جو درحقیقت کسی معروف شاعر کے ہوتے ہی نہیں۔ اگر صارف تحقیق کیے بغیر ایسی معلومات کو اپنی اسائنمنٹ، تقریر، مضمون یا سوشل میڈیا پوسٹ میں شامل کر لے تو غلط معلومات پھیلنے لگتی ہیں۔ادبی دنیا میں درست حوالہ اور صحیح نسبت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ کسی شاعر، مصنف یا عالم کی بات اس کے درست نام کے ساتھ نقل کرنا علمی امانت داری کہلاتا ہے۔ اگر کسی شخص کا کلام کسی دوسرے کے نام سے پیش کر دیا جائے تو یہ علمی بددیانتی کے زمرے میں آتا ہے۔ اسی لیے تحقیق، تصدیق اور مستند ماخذ سے رجوع کو ہمیشہ اہم سمجھا گیا ہے۔خصوصاً نئی نسل میں تحقیق اور مطالعے کے بجائے تیار شدہ مواد پر انحصار کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اسکولوں، کالجوں اور مدارس میں جب اسائنمنٹ، مضامین یا تحقیقی کام دیے جاتے ہیں تو بہت سے طلبہ خود محنت کرنے کے بجائے چیٹ جی پی ٹی سے مواد حاصل کرکے جمع کرا دیتے ہیں۔اس کے نتیجے میں ان کی سوچنے، تحقیق کرنے اور لکھنے کی صلاحیتیں کمزور ہو رہی ہیں۔ وہ کتابوں کے مطالعے سے دور ہوتے جا رہے ہیں اور آسان راستہ اختیار کرنے کے عادی بنتے جا رہے ہیں۔
تعلیم کا مقصد محض امتحانات میں اچھے نمبرات سے کامیابی حاصل کرنا نہیں بلکہ علم، فہم اور شعور کی آبیاری کرنا ہے۔ جب کوئی طالب علم کسی موضوع کو سمجھے بغیر تیار شدہ مواد جمع کراتا ہے تو اس کی علمی بنیاد مضبوط نہیں ہو پاتی۔ چنانچہ امتحانات میں اچھے نتائج حاصل کرنے کے باوجود اس کے اندر حقیقی علمی صلاحیت پیدا نہیں ہوتی۔ یہی وجہ ہے کہ آج بہت سے طلبہ اظہارِ خیال، تحریر نویسی اور مسائل کے تجزیاتی حل میں دشواری محسوس کرتے ہیں۔ایک اور تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ بعض لوگ دینی مسائل، قرآنِ کریم کی تفسیر، احادیث کی تشریح اور شرعی احکام جاننے کے لیے بھی چیٹ جی پی ٹی کا سہارا لینے لگے ہیں۔ حالانکہ دینِ اسلام نہایت حساس اور ذمہ داری کا متقاضی معاملہ ہے۔ قرآن و حدیث کی تشریح، فقہی مسائل کی وضاحت اور حلال و حرام کے احکام بیان کرنا ہر فرد یا نظام کے بس کی بات نہیں۔ اس کے لیے گہرے علم، تقویٰ، تجربے اور معتبر دینی کتابوں اور حوالوں سے واقفیت ضروری ہے۔قرآن و حدیث کی تفہیم، دینی احکام اور شرعی مسائل کے حل کے لیے مستند علمائے کرام اور مفتیانِ کرام سے رجوع کرنا ناگزیر ہے۔ مصنوعی ذہانت کے نظام، بشمول چیٹ جی پی ٹی، شرعی فتوے دینے کے مجاز نہیں ہیں۔ خود یہ پلیٹ فارمز بھی واضح کرتے ہیں کہ ان کے جوابات حتمی یا مستند دینی حکم نہیں سمجھے جانے چاہیں۔
تجربات اور مشاہدات سے یہ حقیقت بھی واضح ہوتی ہے کہ چیٹ جی پی ٹی اور دیگر مصنوعی ذہانت کے ماڈلز مختلف النوع معلومات کو یکجا کرکے پیش کرتے ہیں، جن میں صحیح اور غلط، معتبر اور غیر معتبر مواد شامل ہو سکتا ہے۔ شرعی مسائل کے درست حل کا انحصار مسئلے کی مکمل نوعیت، حالاتِ حاضرہ،زمان ومکان،فقہی مسالک(حنفی،شافعی،حنبلی،مالکی) اور مستند دینی ماخذ سے رجوع پر ہوتا ہے۔ مصنوعی ذہانت کے نظام انسان نہیں بلکہ کمپیوٹر پروگرام ہیں جو دستیاب معلومات کی بنیاد پر جواب دیتے ہیں۔ وہ انسانی فہم، حالات کے تنوع اور شرعی باریکیوں کو مکمل طور پر نہیں سمجھ سکتے۔
لہٰذا شرعی مسائل کے حل کے لیے چیٹ جی پی ٹی یا دیگر مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارمز پر مکمل اعتماد کرنا درست نہیں۔ اگر کوئی شخص بغیر تحقیق کے ان جوابات پر بھروسہ کرے تو وہ غلط فہمی یا گمراہی کا شکار ہو سکتا ہے۔ دین سیکھنا نہایت نازک معاملہ ہے، اسی لیے اہلِ علم نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ علمِ دین مستند ذرائع سے حاصل کیا جائے۔
قرآنِ کریم میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
فَسْـَٔلُوْۤا اَهْلَ الذِّكْرِ اِنْ كُنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ۞
’’اہل ذکر سے پُوچھ لو اگر تم لوگ خود نہیں جانتے‘‘(سورۃ النحل، آیت43)
اس آیتِ مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ دینی معاملات میں اہلِ علم کی طرف رجوع کرنا ضروری ہے، کیونکہ ایک مستند عالم مسئلے کی مکمل کیفیت، حالات، زمان و مکان اور فقہی تفصیلات کو مدنظر رکھ کر جواب دیتا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت ایسی گہرائی اور باریکی کو مکمل طور پر نہیں سمجھ سکتی۔آخر میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی ایک جدید اور مفید ٹیکنالوجی ہے، لیکن اس کا غلط اور غیر ذمہ دارانہ استعمال نئی نسل کی علمی، ادبی اور تخلیقی صلاحیتوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ مطالعے کی عادت اپنائیں، خود تحقیق کریں، اپنی تحریری اور فکری صلاحیتوں کو فروغ دیں اور مصنوعی ذہانت کو صرف معاون ذریعہ سمجھیں۔ کیونکہ حقیقی کامیابی ہمیشہ محنت، دیانت داری، تحقیق اور علم کے ذریعے حاصل ہوتی ہے۔
٭ ٭ ٭

![Memaar e Jahaan Tu Hai 2 [Chat GPT]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/06/Memaar-e-Jahaan-Tu-Hai-2-Chat-GPT.jpg)
0 Comments