درس قرآن تقدیر، مصیبت اور مومن کا یقین قرآن کی روشنی
زمرہ : النور

مَاۤ اَصَابَ مِنْ مُّصِیْبَةٍ اِلَّا بِاِذْنِ اللّٰهِ ؕ وَمَنْ یُّؤْمِنْ بِاللّٰهِ یَهْدِ قَلْبَهٗ ؕ وَاللّٰهُ بِكُلِّ شَیْءٍ عَلِیْمٌ ۟۞ وَاَطِیْعُوا اللّٰهَ وَاَطِیْعُوا الرَّسُوْلَ ۚ فَاِنْ تَوَلَّیْتُمْ فَاِنَّمَا عَلٰی رَسُوْلِنَا الْبَلٰغُ الْمُبِیْنُ ۟ ۞(سورہ التغابن آیت نمبر11،12 )

کوئی مصیبت کبھی نہیں آتی مگر اللہ کے اذن ہی سے آتی ہے ۔جو شخص اللہ پر ایمان رکھتا ہو اللّٰہ اس کے دل کو ہدایت بخشتا ہے اور اللّٰہ کو ہر چیز کا علم ہے اللہ کی اطاعت کرو،رسول کی اطاعت کرو اگر تم اطاعت سے منہ موڑ تے ہو تو ہمارے رسولﷺ پرصاف صاف حق پہنچا دینے کے سوا کوئی ذمہ داری نہیں ہے اللّٰہ وہ ہے جس کے سوا کوئی خدا نہیں لہذا ایمان لانے والوں کو اللہ پر بھروسہ رکھنا چاہیے۔

مَاۤ اَصَابَ مِنْ مُّصِیْبَةٍ فِی الْاَرْضِ وَلَا فِیْۤ اَنْفُسِكُمْ اِلَّا فِیْ كِتٰبٍ مِّنْ قَبْلِ اَنْ نَّبْرَاَهَا ؕ اِنَّ ذٰلِكَ عَلَی اللّٰهِ یَسِیْرٌ ۟ۚۖ ۞ لِّكَیْلَا تَاْسَوْا عَلٰی مَا فَاتَكُمْ وَلَا تَفْرَحُوْا بِمَاۤ اٰتٰىكُمْ ؕ وَاللّٰهُ لَا یُحِبُّ كُلَّ مُخْتَالٍ فَخُوْرِ۔

(سورہ الحدیدآیت نمبر 23-22)
کوئی مصیبت ایسی نہیں ہے جو زمین میں یا تمہارے نفس پر نازل ہوتی ہو اور ہم نے اس پیدا کرنے سے پہلے ایک کتاب (یعنی نوشتہ تقدیر)میں لکھ نہ رکھا ہو،ایسا کرنا اللہ کے لے بہت آسان کام ہے ۔(یہ سب کچھ اس لئے ہے)تاکہ جو کچھ بھی نقصان تمہیں ہو اس پر تم دل شکستہ نہ ہو اور جوکچھ اللہ تمہیں عطا فرمائے اس پر پھول نہ جاؤ۔اللہ ایسے لوگوں کو پسند نہیں کرتا جو اپنے آپ کو بڑی چیز سمجھتے ہیں اور فخرجتاتے ہیں ۔
یہاں’’ کتاب‘‘سے مراد نوشتہ تقدیر ہے۔ اللہ تعالیٰ کے لیے ہر انسان کی تقدیر لکھ دینا کوئی مشکل کام نہیں۔ قرآن مسلمانوں کو یہ حقیقت ذہن نشین کراتا ہے کہ نہ مصیبتیں خود بخود آتی ہیں اور نہ دنیا میں کسی کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنی مرضی سے کسی پر کوئی مصیبت نازل کر دے۔ ہر چیز اللہ تعالیٰ کے اذن اور حکمت کے تحت ہوتی ہے، اگرچہ انسان اُس حکمت کو پوری طرح نہ سمجھ سکے۔قرآن یہ تعلیم دیتا ہے کہ حالات اچھے ہوں یا برے، انسان کو ہر حال میں اللہ اور اُس کے رسول ﷺ کی اطاعت پر قائم رہنا چاہیے۔ اگر انسان مصائب اور مشکلات سے گھبرا کر راہِ حق سے ہٹ جائے تو دراصل وہ اپنا ہی نقصان کرتا ہے۔ رسولِ اکرم ﷺ کی ذمہ داری صرف حق کو واضح طور پر پہنچا دینا تھی، اور آپ ﷺ نے یہ حق پوری طرح ادا فرما دیا۔حقیقت یہ ہے کہ کائنات کے تمام اختیارات صرف اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہیں۔ کوئی دوسرا ،اچھی یا بری تقدیر بنانے کا اختیار نہیں رکھتا۔ اچھا وقت آتا ہے تو اللہ کے حکم سے آتا ہے اور مشکلات دور ہوتی ہیں تو اُسی کی رحمت سے دور ہوتی ہیں۔اسی لیے ایک سچا مومن ہر حال میں اللہ پر بھروسہ رکھتا ہے اور یقین کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہتا ہے۔صحابۂ کرامؓ کی زندگیاں اس یقین کی روشن مثال تھیں۔ کامیابی اور فتوحات کے وقت اُن کی گردنیں اللہ تعالیٰ کے حضور جھک جاتی تھیں، جبکہ آزمائش اور ناکامی کے مواقع پر بھی وہ مایوسی کا شکار نہیں ہوتے تھے۔ وہ ہر حال کو اللہ کی طرف سے سمجھتے اور صبر و رضا کا مظاہرہ کرتے تھے۔ مالی تنگی ہو، سیاسی مشکلات ہوں، عزیزوں کی جدائی ہو یا جنگی ناکامیاں، وہ کبھی اللہ کی رحمت سے ناامید نہیں ہوتے تھے۔اسی یقین اور توکل کی وجہ سے وہ بڑے سے بڑے خطرات کا سامنا کر لیتے تھے۔ اُن کا ایمان تھا کہ موت اپنے مقررہ وقت پر ہی آئے گی اور جو اللہ نے لکھ دیا ہے وہ ہو کر رہے گا۔ اسی لیے اُن کے عزم کو نہ پہاڑ روک سکتے تھے، نہ سمندر بہا سکتے تھے، نہ طوفان ہلا سکتے تھے اور نہ آگ کے شعلے جلا سکتے تھے۔

 یَقُوْلُوْنَ لَوْ كَانَ لَنَا مِنَ الْاَمْرِ شَیْءٌ مَّا قُتِلْنَا هٰهُنَا ؕ قُلْ لَّوْ كُنْتُمْ فِیْ بُیُوْتِكُمْ لَبَرَزَ الَّذِیْنَ كُتِبَ عَلَیْهِمُ الْقَتْلُ اِلٰی مَضَاجِعِهِمْ

 (آل عمران 154)
’’ اگر( قیادت) کے اختیارات میں ہمارا کچھ حصہ ہوتا تو ہم یہاں مارے نہ جاتے ان سے کہہ دو کہ ’’ اگر تم اپنے گھروں میں بھی ہوتے توجن لوگوں کی موت لکھی ہوئی تھی وہ خود اپنی قتل گاہوں کی طرف نکل آتے‘‘۔

اَیْنَ مَا تَكُوْنُوْا یُدْرِكْكُّمُ الْمَوْتُ وَلَوْ كُنْتُمْ فِیْ بُرُوْجٍ مُّشَیَّدَةٍ ؕ(نساء78)

’’رہی موت ،تو جہاں بھی تم ہو وہ بہر حال تمہیں آکر رہے گی ،خواہ تم کیسی ہی مضبوط عمارتوں میں ہو۔’’
اللہ تعالیٰ خوب جانتا ہے کہ کون شخص حقیقی ایمان رکھتا ہے اور اس کے ایمان کی کیفیت اور درجہ اخلاص کیا ہے۔ اسی لیے وہ اپنے علمِ کامل کی بنیاد پر اسی دل کو ہدایت عطا کرتا ہے جس میں ایمان موجود ہو، اور ہر بندے کو اس کے ایمان کے مطابق ہدایت نصیب فرماتا ہے۔کیا اللہ تعالیٰ اپنے مومن بندوں کے حالات سے بے خبر ہوسکتا ہے؟ ہرگز نہیں۔ اللہ نے ایمان کی دعوت دے کر اور اہلِ ایمان کو دنیا کی سخت آزمائشوں میں ڈال کر انہیں بے سہارا نہیں چھوڑ دیا۔ وہ خوب جانتا ہے کہ ایک مومن کن حالات سے گزر رہا ہے اور کس طرح اپنے ایمان کے تقاضے پورے کررہا ہے۔لہٰذا اطمینان رکھو کہ جو مصیبت بھی اللہ کے اذن سے تم پر آتی ہے، اس کے پیچھے یقیناً کوئی بڑی مصلحت اور عظیم خیر پوشیدہ ہوتی ہے۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ اپنے مومن بندوں کا خیرخواہ ہے، وہ بلا وجہ انہیں مصائب میں مبتلا نہیں کرنا چاہتا۔
یہ آیاتِ مبارکہ مومن کو یہ سبق دیتی ہیں کہ زندگی اور موت، کامیابی اور ناکامی، راحت اور مصیبت سب اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہیں۔ مومن کا کام یہ ہے کہ وہ ہر حال میں صبر، توکل، ایمان اور اطاعتِ الٰہی کو مضبوطی سے تھامے رکھے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے