صحت مند زندگی اور پائیدار ماحول کی جانب ایک مؤثر قدم
قدرت کے حسین مناظر اور اس رنگین دنیا کے بے شمار قدرتی نمونے انسان کو ہمیشہ حیرت و مسرت سے ہمکنار کرتے ہیں۔ یہی قدرت انسانی زندگی کی بقا اور ترقی کا بنیادی سرچشمہ بھی ہے۔ قدرت کی رہنمائی اور اس کے عطا کردہ وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انسان نے ادویات، غذائی مصنوعات، مختلف مرکبات اور بے شمار مفید اشیاء تیار کی ہیں جو زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انسانی تہذیب کی ترقی نے بلاشبہ زندگی کو آسان، آرام دہ اور سہولتوں سے بھرپور بنا دیا ہے، لیکن اس ترقی کے ساتھ ایسے مسائل بھی جنم لے چکے ہیں جنہوں نے انسانی صحت اور ماحولیات دونوں کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ آج ترقی یافتہ دنیا میں جدید سہولتوں کی فراوانی کے باوجود انسانی صحت اور قدرتی ماحول کو نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کیمیائی مادّوں سے تیار کردہ اشیاء، پلاسٹک کی بڑھتی ہوئی کھپت، فضائی اور آبی آلودگی، اور قدرتی وسائل کا بے دریغ استعمال ماحول کے لیے خطرناک ثابت ہو رہے ہیں۔ فیکٹریوں سے نکلنے والا دھواں، گاڑیوں کا پولیوشن، گھریلو اور صنعتی فضلہ، اور مختلف مصنوعی مصنوعات سے پیدا ہونے والی آلودگی نے کرۂ ارض کے ماحولیاتی توازن کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف موسمی تبدیلیوں میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ انسانی صحت بھی مختلف بیماریوں اور مسائل کا شکار ہو رہی ہے۔
ایسے حالات میں ’’قدرت کی طرف لوٹنے‘‘ کا تصور ایک مؤثر اور قابلِ عمل حل کے طور پر سامنے آتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قدرتی چیزوں کے استعمال کو فروغ دیا جائے اور پلاسٹک و دیگر غیر قدرتی اشیاء کے نقصانات کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کیا جائے۔ قدرتی غذاؤں، جڑی بوٹیوں، قدرتی مصنوعات اور سادہ طرزِ زندگی کو اپنانا نہ صرف انسانی صحت کے لیے مفید ہے بلکہ ماحول کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
آج دنیا بھر کے ماہرینِ ماحولیات اور طبی ماہرین اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ انسان دوبارہ قدرتی طرزِ زندگی کی طرف رجوع کرے۔ یہ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک ایسی ناگزیر ضرورت ہے جو انسانی بقا، صحت مند معاشرے اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت بن سکتی ہے۔
قدرت سے ہم آہنگ زندگی اختیار کرنا دراصل اپنے وجود، اپنی صحت اور اپنے ماحول سے محبت کا اظہار ہے۔ اگر ہم ایک صحت مند، متوازن اور پائیدار دنیا کے خواہاں ہیں تو ہمیں قدرت کے اصولوں کو سمجھتے ہوئے اپنی زندگیوں میں ان کا عملی نفاذ کرنا ہوگا۔ یہی وہ راستہ ہے جو انسانیت کو بہتر صحت، صاف ماحول اور روشن مستقبل کی طرف لے جا سکتا ہے۔
قدرتی زندگی کی اہمیت
اللہ تعالیٰ نے انسان کو ایک متوازن، خوبصورت اور فطری نظام عطا کیا ہے۔ قرآنِ کریم میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
’’وَلَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِیْۤ اٰدَمَ وَحَمَلْنٰهُمْ فِی الْبَرِّ وَالْبَحْرِ وَرَزَقْنٰهُمْ مِّنَ الطَّیِّبٰتِ وَفَضَّلْنٰهُمْ عَلٰی كَثِیْرٍ مِّمَّنْ خَلَقْنَا تَفْضِیْلًا ۟۠ ۞ “
’’ یہ تو ہماری عنایت ہے کہ ہم نے بنی آدم کو بزرگی دی اور انہیں خشکی اور تری میں سواریاں عطا کیں اور انکو پاکیزہ چیزوں سے رزق دیا اور اپنی بہت سی مخلوقات پر نمایاں فوقیت بخشی.‘‘ (70 الاسراء)
انسان کو افضل و اشرف بنایا ساتھ ہی بہت سی نعمتیں عطا کی لیکن جب انسان زمین پر عدم توازن برپا کرنے لگا تو ایک مقام پر یہ ارشاد فرمایا:
’’ظَهَرَ الْفَسَادُ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ بِمَا كَسَبَتْ أَيْدِي النَّاسِ“
ترجمہ:’’خشکی اور تری میں فساد برپا ہو گیا ہے انسانوں کے اپنے اعمال کی وجہ سے۔‘‘
آج زمین پر جو عدم توازن (Imbalance) پیدا ہو چکا ہے، وہ بڑی حد تک انسانی کمزوریوں اور غلط طرزِ عمل کا نتیجہ ہے۔ ماحولیاتی آلودگی، موسمی تبدیلی، پلاسٹک کا بڑھتا ہوا استعمال اور انسانی صحت سے متعلق سینکڑوں مسائل اسی فساد کی جدید شکلیں ہیں۔ اس لیے اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ انسان فطرت کی طرف لوٹے اور قدرت سے اپنا تعلق مضبوط کرے۔
اسلام نے سادگی، صفائی اور اعتدال پر مبنی زندگی کی تعلیم دی ہے۔ اس نے وقت کی پابندی، قدرتی اشیاء کے استعمال، سادہ غذا، انسانی زندگی اور وقت کی قدر و قیمت، ہریالی اور کھیتی کی حفاظت، پانی کے درست استعمال اور اس کے تحفظ جیسے اصولوں کی رہنمائی فراہم کی ہے۔ اسی طرح قرآنِ کریم میں بار بار قدرتی مظاہر اور کائنات کی نشانیوں پر غور و فکر کی دعوت دی گئی ہے تاکہ انسان اپنے خالق کو پہچانے اور فطرت کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط بنائے۔ یہ بھی واضح کیا گیا کہ کائنات کی کوئی چیز بے مقصد پیدا نہیں کی گئی بلکہ ہر شے اپنے اندر حکمت اور فائدہ رکھتی ہے۔
قدرتی طرزِ زندگی کیا ہے؟
قدرتی طرزِ زندگی سے مراد ایسی زندگی ہے جس میں خوراک، لباس، صفائی اور روزمرہ استعمال کی اشیاء میں قدرتی وسائل اور قدرتی مصنوعات کو ترجیح دی جائے، جبکہ مصنوعی اور کیمیائی طور پر تیار کردہ اشیاء کے استعمال سے حتی الامکان پرہیز کیا جائے۔ اسی طرح علاج و معالجہ میں بھی قدرتی ذرائع اور فطری طریقوں سے استفادہ کرنے کو اہمیت دی جاتی ہے۔
اس طرزِ زندگی کے چند بنیادی اصول ہیں، جن میں سادگی، اعتدال اور فطرت سے لگاؤ اور قربت اہم ہیں۔ مثال کے طور پر بالوں کی نگہداشت کے لیے آج کل شیمپو کا استعمال عام ہو چکا ہے، جبکہ ماضی میں بالوں کو آملہ، شیکاکائی اور سرسوں کی کھلی جیسی قدرتی اشیاء سے دھویا جاتا تھا۔ جدید کیمیائی مصنوعات نے بڑی حد تک ان قدرتی طریقوں کی جگہ لے لی ہے، حالانکہ بعض اوقات یہ چیزیں جلد اور بالوں کی جڑوں کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہوتی ہیں۔
آج بھی ہندوستان اور دنیا کے مختلف ممالک میں بہت سی خواتین بالوں اور جلد کی نگہداشت کے لیے گھریلو نسخے، اور گھریلو اور قدرتی اشیاء کا استعمال کرتی ہیں۔ لیموں، بیسن اور ملائی کا لیپ، شہد اور انڈے کی سفیدی سے تیار کردہ لیپ (face pack)، نیز مختلف پھلوں کے چھلکوں سے بنائے گئے لیپ جلد کی صحت برقرار رکھنے اور قدرتی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے مؤثر ذرائع سمجھے جاتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جدید دور میں قدرتی اور گھریلو مصنوعات کی اہمیت دوبارہ بڑھ رہی ہے۔ گھریلو طور پر تیار کردہ صابن، فیس پیک، ہربل شیمپو اور بالوں کی صفائی و نگہداشت کے لیے دیگر قدرتی مصنوعات آج بھی نہ صرف دستیاب ہیں بلکہ ان کے استعمال میں مسلسل اضافہ بھی ہو رہا ہے۔ یہ رجحان اس بات کا ثبوت ہے کہ انسان فطرت کی افادیت و اہمیت اور اس کے دیرپا فوائد کو دوبارہ محسوس کرنے لگا ہے۔
غیر قدرتی مصنوعات کے نقصانات
جدید دور کی سب سے خطرناک مصنوعات میں پلاسٹک کا بڑھتا ہوا استعمال شامل ہے۔ اس کی کم قیمت، آسان دستیابی اور روزمرہ زندگی میں اس کے وسیع استعمال نے اسے انسانی زندگی کا ایک لازمی حصہ بنا دیا ہے۔ حالانکہ موجودہ رپورٹس کے مطابق پلاسٹک کے نقصانات اس کے فوائد کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ اور خطرناک ہیں۔ کھانے کی اشیاء کی پیکنگ میں ایسے کیمیکلز کا استعمال کیا جاتا ہے جس سے وہ مہینوں خراب نہیں ہوتی مثلاً دالیں گیہوں کے آٹے ، میدے، دلیا وغیرہ سے تیار کردہ مختلف اقسام کے نصف تیار کھانے (half cooked food) انسانی صحت کے لئے نہایت مضر ہیں۔ انکی پیکنگ کے لیے پلاسٹک بیگ کااستمال دھڑلے سے کیا جاتا ہے ۔ ان پیکنگ سے نکلنے والے فضلے کوڑے دان کے ذریعے سڑکوں اور گلیوں کے نکڑ پر گندگی کا ڈھیر بن جاتے ہیں۔
اقوامِ متحدہ اور مختلف ماحولیاتی اداروں کی رپورٹس کے مطابق ہر سال لاکھوں ٹن پلاسٹک سمندروں، دریاؤں اور زمین میں جمع ہو کر ماحول کو آلودہ کرتے ہیں۔ پلاسٹک ایک ایسی مصنوعی شے ہے جو برسوں بلکہ بعض اوقات صدیوں تک گل سڑ نہیں پاتی، جس کی وجہ سے یہ ماحول کے لیے ایک مستقل خطرہ بنی رہتی ہے۔
جانوروں اور پرندوں کے لیے بھی پلاسٹک زہر کی حیثیت رکھتا ہے۔ بہت سے جانور اسے خوراک سمجھ کر کھا لیتے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی بیماری یا موت واقع ہو جاتی ہے۔ اسی طرح پلاسٹک کے تھیلے اور دیگر فضلات نالیوں اور سیوریج کے نظام کو جام کر دیتے ہیں، جس سے بارش کے پانی اور گندے پانی کی نکاسی میں شدید مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ متعدد علاقوں میں یہی صورتحال سیلاب اور ماحولیاتی مسائل کا سبب بھی بنتی ہے۔اس طرح پلاسٹک کا بے تحاشا استعمال نہ صرف انسانی صحت بلکہ حیوانات، آبی حیات اور مجموعی ماحولیاتی نظام کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے، جس کے تدارک کے لیے قدرتی اور متبادل ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کیمیکلز اور پلاسٹک کی مصنوعات کا متبادل
کپڑے کے تھیلے، کاغذی تھیلے، بانس اور لکڑی سے بنی ٹوکریاں یا باسکٹ پلاسٹک کی تھیلیوں کا بہترین متبادل ثابت ہو سکتی ہیں۔ ہم یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ پہلے کے زمانے میں بچے ہوئے کپڑوں سے خواتین سلائی مشین پر بیٹھ کر تھیلے بنا دیا کرتی تھیں۔ ان پر مختلف نقش و نگار بنا کر انہیں زیب و زینت سے آراستہ کیا جاتا اور خوبصورت شکل میں پیش کیا جاتا تھا۔ اس طرح بہترین رنگ برنگے پرس، بیگ اور تھیلے لوگوں کی دلکشی کا مرکز ہوتے تھے۔ لوگ انہیں پسند کرتے تھے اور ایک دوسرے کو سیکھنے سکھانے کا ماحول بھی موجود تھا۔ ایک دوسرے کو دیکھ کر شوق پیدا ہوتا تھا، خواتین کی ہنرمندی میں اضافہ ہوتا تھا اور ان کی قدرتی صلاحیتیں مزید نکھرتی تھیں۔
لیکن اب آرڈر کی ہوئی اشیاء اور پلاسٹک کے بیگ کا استعمال گھر گھر کی ضرورت بن چکا ہے۔ کھانا گرم رکھنے کے لیے ہاٹ پاٹ اور کیسرول برتنوں کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ اگرچہ یہ واضح نہیں ہو پاتا کہ ان میں رکھے گئے کھانے پر کس قسم کا کیمیائی ردِعمل ہوتا ہے اور ان کے اندر موجود کیمیکلز جسم میں جا کر کیا نقصان پہنچاتے ہیں۔ اکثر کئی برسوں کی تحقیق کے بعد کسی چیز کے مضر اثرات سامنے آتے ہیں، لیکن تب تک ہم اس کے استعمال کے اتنے عادی ہو چکے ہوتے ہیں کہ اس سے خود کو روک نہیں پاتے۔
ہم دیکھتے ہیں کہ پہلے روٹی رکھنے کی ڈلیا، مونج اور بانس کی بنی ٹوکریاں، مٹی کے روٹی دان، دہی اور کھیر جمانے کے مٹی کے برتن، اور مٹی کی ہانڈی عام استعمال میں تھیں، لیکن اب یہ اشیاء شاذ و نادر ہی نظر آتی ہیں۔ دوسری طرف پلاسٹک کے نقصانات مسلسل بڑھ رہے ہیں اور اس حوالے سے مختلف رپورٹس بھی سامنے آ رہی ہیں۔ پلاسٹک کے برتنوں میں کھانا گرم کرنے اور ان میں کھانے پینے سے متعلق متعدد احتیاطی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کا استعمال جاری ہے۔ اس سے اپنے آپ کو روک پانا انسان کے لیے بہت مشکل ہو گیا ہے۔
اگر ایک خاندان روزانہ ایک پلاسٹک بیگ استعمال کرتا ہے تو سال بھر میں 365 پلاسٹک بیگ استعمال ہوتے ہیں، لیکن اگر وہی خاندان کپڑے کے تھیلوں کا استعمال اختیار کر لے تو یہ تعداد تقریباً صفر ہو سکتی ہے۔ اس طرح مصنوعی اشیاء کا استعمال کم ہوگا۔ لہٰذا اس جانب خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اسلامی تعلیمات اور قدرتی زندگی
اسلامی تعلیم میں دھوکہ دہی کی ممانعت ہے ۔اس سلسلے میں ایک مشہور واقعہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے ملتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک مرتبہ بازار سے گزر رہے تھے آپ نے ایک غلے کے ڈھیر میں ہاتھ ڈالا تو اندر سے گیہوں بھیگا ہوا نکلا جبکہ اوپر سے خشک نظر آ رہا تھا آپ نے فروخت کرنے والے سے پوچھا “یہ کیا ہے اس نے عرض کیا بارش کی وجہ سے گیہوں بھیگ گیا ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم نے بھیگا ہوا غلہ اوپر کیوں نہیں رکھا تاکہ لوگ اسے دیکھ لیتے؟
فرمایا”من غش فلیس منی‘‘۔ جس نے دھوکہ دیا وہ مجھ سے نہیں‘‘۔
یہ واقعہ اس بات کی دلیل ہے کہ اسلام میں دھوکہ دہی کی کوئی گنجائش نہیں خریدار کو اصل چیز کی حالت سے اگاہ کرنا ضروری ہے۔ عیب چھپانا غلط معلومات دینا لوگوں کو فریب دے کر فائدہ حاصل کرنا اسلامی تعلیم کے سراسر خلاف ہے ۔
اسی طرح اسلام اعتدال اور توازن کی تعلیم دیتا ہے، صفائی کی ترغیب دیتا ہے اور ماحول کے تحفظ کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے درخت لگانے کی حوصلہ افزائی فرمائی، ہری بھری کھیتی کو بلاوجہ برباد کرنے سے منع فرمایا اور پانی کے ضیاع سے بچنے کی تلقین کی۔ اسلامی تعلیمات میں فطرت کے احترام اور وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیا گیا ہے۔
ہمیں ان تعلیمات پر غور کرنا چاہیے اور اپنے بچوں کو ماحولیات کے تحفظ اور سادہ زندگی گزارنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ انہیں مصنوعی اشیاء سے حتی الامکان پرہیز اور قدرتی متبادل اختیار کرنے کی طرف متوجہ کرنا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے گھریلو سطح پر ہاتھ سے بنی ہوئی اشیاء کے استعمال کو فروغ دینا چاہیے، مثلاً پلاسٹک بیگ کے بجائے کپڑے کے تھیلے استعمال کرنا، قدرتی اور گھریلو اشیاء کو ترجیح دینا، درخت لگانا، باغیچے کی سبزیاں اور پھل استعمال کرنا، گھریلو طور پر پالی گئی مرغیوں اور گائے کا دودھ استعمال کرنا، اور ڈبہ بند اشیاء سے حتی الامکان اجتناب کرنا چاہیے۔ہمیں خود بھی اس طرزِ زندگی کو اپنانا چاہیے اور بچوں کو بھی اس کی طرف متوجہ کرنا چاہیے، ورنہ آنے والی نسلیں نہ جانے کن کن کیمیائی اشیاء کے استعمال سے اپنی صحت اور زندگی کو نقصان پہنچا بیٹھیں گی۔
اگر چہ قدرت کی طرف لوٹنے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ہم ترقی سے انکار کرتے ہیں، بلکہ اس کا مطلب ترقی اور فطرت کے درمیان توازن قائم کرنا ہے۔ ایسی طرزِ زندگی نہ صرف ہماری صحت کے لیے مفید ہوگی بلکہ پوری انسانیت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی اور آنے والے مستقبل میں صحت مند زندگی کی علامت بنے گی۔اگر آج ہم اپنی عادات میں مثبت تبدیلی لائیں اور ہم میں سے ہر ایک اپنے ڈسٹ بن کے وزن کو کم کرنے کی ترغیب دیں تو آنے والی نسلوں کو ایک صاف ستھرا، سرسبز اور صحت بخش ماحول میسر آئے گا، اور بہت سے مہلک امراض پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔ہم میں سے ہر ایک یہ دیکھے کہ اسنے روز مرہ کی زندگی میں پیک اور ڈبہ بند اشیاء میں کتنی احتیاط برتی اور روزآنہ کے فضلات میں کتنی کمی آئی؟
قدرت کی طرف لوٹیں کا پیغام دراصل صحت مند انسان، محفوظ ماحول اور متوازن ترقی کی جانب ایک قدم ہے جسے اختیار کرنا آج کے دور کی اہم ضرورت ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments