ظلم پھر ظلم ہے، آغاز سے انجام تلک!(آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد فلم “دی وائس آف ہند رجب” پر تجزیہ)

میں نے اپنی پوری زندگی میں کبھی سنیما گھر کا رخ نہیں کیا تھا۔ نہ اس دنیا سے کوئی خاص شغف تھا اور نہ ہی پردۂ سینما کی چمک دمک نے کبھی اپنی جانب متوجہ کیا۔ مگر جب یہ خبر ملی کہ آسکر کے لیے نامزد فلم”دی وائس آف ہند رجب“ ممبئی میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے تو دل میں ایک عجیب سی کشش پیدا ہوئی۔ شاید یہ محض ایک فلم نہ تھی، بلکہ ایک ایسی چیخ تھی جو سرحدوں، زبانوں اور زمانوں کی قید سے آزاد ہو کر انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے نکلی تھی۔ چنانچہ اسی بہانے پہلی مرتبہ سنیما جانے کا تجربہ نصیب ہوا، اور ایسا تجربہ، جو یادداشت کے افق پر ہمیشہ کے لیے ثبت ہو گیا۔
یہ فلم دراصل فلم نہیں، بلکہ انسانیت کا ایک نوحہ ہے۔ ظلم و بربریت کے سینے پر لکھی ہوئی ایک خونی تحریر، جس کا ہر منظر دل کے نہاں خانوں میں اتر کر روح کو زخمی کر دیتا ہے۔ پردے پر چلتی ہوئی تصویریں محض تصاویر نہیں، بلکہ معصومیت کی سسکتی ہوئی صدائیں تھیں۔ ہر منظر یوں محسوس ہوتا تھا، جیسے کسی نے انسانی دل کو مٹھی میں جکڑ لیا ہو اور آہستہ آہستہ اسے نچوڑ رہا ہو۔
ہند رجب، صرف چھ برس کی ایک معصوم بچی۔ زندگی کے رنگ ابھی اس کی ہتھیلیوں پر پوری طرح ابھرے بھی نہ تھے کہ موت کے سائے اس کے گرد منڈلانے لگے۔ خوف سے لرزتی، سہمتی، مدد کے لیے پکارتی، اپنے ہی پیاروں کی لاشوں کے درمیان بیٹھی وہ ننھی جان تین گھنٹے تک امید کا دامن تھامے رہی۔ اس کی ہر پکار گویا آسمان کے دروازوں پر دستک تھی، اور ہر سسکی انسانیت کے کانوں میں ایک سوال بن کر گونج رہی تھی۔
: ”کیا کوئی ہے جو مجھے بچا لے؟“
لیکن افسوس! ظلم اپنی تمام تر سفاکی کے ساتھ اس پر ٹوٹ پڑا۔ اس گاڑی پر، جس میں زندگی کی آخری سانسیں سمٹی ہوئی تھیں، دو سو پچپن گولیاں برسائی گئیں۔ یہ گولیاں صرف ایک معصوم جسم کو چھلنی نہیں کر گئیں، بلکہ انسانیت کے چہرے پر بھی ایسے زخم ثبت کر گئیں، جن کا مداوا شاید کبھی ممکن نہ ہو۔
فلم میں ریڈ کریسنٹ کے امدادی کارکنوں کی جدوجہد، بے بسی اور اضطراب کو جس دردناک انداز میں پیش کیا گیا، وہ آنکھوں کو نم اور دل کو موم کر دیتا ہے۔ انسان بار بار سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ آخر وہ کون سی دنیا ہے، جہاں مدد کے لیے بڑھنے والے ہاتھ بھی نشانہ بنا دیے جاتے ہیں، جہاں ایمبولینس بھی محفوظ نہیں رہتی۔
فلم کا سب سے دل خراش پہلو صرف ہند رجب کی تنہائی نہیں، بلکہ ان لوگوں کی بے بسی بھی ہے، جو اسے بچانے کے لیے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر نکل کھڑے ہوئے تھے۔ ساتھ ہی ریڈ کریسنٹ کے امدادی کارکن عمر اور رانا کی جدوجہد محض ایک امدادی کارروائی نہیں، بلکہ انسانیت کے نام ایک خاموش عہد کی تعبیر محسوس ہوتی ہے۔ وہ ہر خطرے سے آگاہ تھے۔ ان کی ہر کوشش، ہر دوڑ اور ہر بے قرار لمحہ ناظرین کو اس احساس سے بھر دیتا ہے کہ دنیا ابھی پوری طرح انسانیت سے خالی نہیں ہوئی۔
دوسری جانب مہدی کی بے بسی بھی دل کو چیر کر رکھ دیتی ہے۔ ایک ایسا انسان، جو ہر لمحہ بچانے کی خواہش رکھتا ہے، مگر حالات اس کے ہاتھ باندھ دیتے ہیں۔ اس کی آواز میں چھپی ہوئی بے اختیاری، اس کے لہجے میں لرزتی ہوئی امید اور اس کی خاموش مجبوری انسان کو یہ احساس دلاتی ہے کہ بعض اوقات سب سے بڑا عذاب یہ نہیں ہوتا کہ انسان مر جائے، بلکہ یہ ہوتا ہے کہ وہ کسی کو مرتا ہوا دیکھے اور اس کے پاس کچھ کرنے کی طاقت نہ ہو۔
اور پھر وہ مکالمے! ہند رجب کی معصوم آواز جب بھی سماعت سے ٹکراتی ہے، یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کسی نے دل پر ایک اور زخم لگا دیا ہو۔ خوف سے کانپتی ہوئی وہ ننھی بچی بار بار مدد مانگتی ہے، کبھی خاموش ہو جاتی ہے، کبھی سہم کر سوال کرتی ہے، اور ہر مرتبہ اس کی آواز دل کی دیواروں سے ٹکرا کر روح تک اتر جاتی ہے۔
ادھر عمر اور رانا مسلسل اسے حوصلہ دیتے رہتے ہیں۔ کبھی پیار سے اس کا نام پکارتے ہیں، کبھی اس سے باتیں کرتے ہیں، کبھی دعائیں پڑھتے ہیں اور کبھی اسے یقین دلاتے ہیں کہ ”ہم آ رہے ہیں“؛ صرف اس لیے کہ اس کا دھیان خوف سے ہٹ جائے، اس کی امید کا چراغ بجھنے نہ پائے اور وہ آخری لمحوں تک تنہائی کے احساس سے مغلوب نہ ہو۔ یہ مناظر محض دیکھے نہیں جاتے، بلکہ جھیلے جاتے ہیں۔
ہند کی والدہ کی تڑپ بھی کم قیامت نہیں۔ ایک ماں، جو اپنی بیٹی کو دلاسہ دینا چاہتی ہے، اسے زندگی کی امید دلانا چاہتی ہے، مگر خود اندر ہی اندر ٹوٹ رہی ہوتی ہے۔ اس کے الفاظ میں ممتا کی حرارت بھی ہے اور بے بسی کی ٹھنڈک بھی۔ وہ اپنی بیٹی کے خوف کو اپنے سینے میں سمیٹ لینا چاہتی ہے، مگر فاصلے، حالات اور جنگ اس کی ممتا کے ہاتھ باندھ دیتے ہیں۔ اس کی ہر صدا، ہر دعا اور ہر لرزتی ہوئی سانس دل کو اس شدت سے مضمحل کر دیتی ہے کہ آنکھیں خودبخود اشک بار ہو جاتی ہیں۔
دنیا میں بے شمار فلمیں بنتی ہیں۔ بہت سی ایسی بھی ہوتی ہیں جو دیکھنے والوں کو رُلا دیتی ہیں، مگر وقت گزرنے کے ساتھ ان کے مناظر بھی ذہن کی دھند میں گم ہو جاتے ہیں۔
’’دی وائس آف ہند رجب‘‘ ان میں سے نہیں۔ یہ فلم ختم ہونے کے بعد بھی ختم نہیں ہوتی۔ اس کے مناظرپردۂ سنیما سے اتر کر دل کی دیواروں پر ثبت ہو جاتے ہیں۔ اس کی آوازیں کانوں سے نکل کر ضمیر میں بسیرا کر لیتی ہیں، اور اس کے کردار حافظے کا حصہ نہیں، بلکہ انسان کے وجود کا حصہ بن جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سنیما سے نکل آنے کے بعد بھی یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ہند رجب کی وہ لرزتی ہوئی آواز ابھی تک فضا میں معلق ہے، عمر اور رانا کی بے قرار صدائیں اب بھی سنائی دے رہی ہیں، اور انسان کا دل آج بھی اسی بے رحم انتظار میں کہیں ٹھہرا ہوا ہے۔
سنیما ہال میں ایک عجیب کیفیت طاری تھی۔ ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے ہر شخص اپنی جگہ منجمد ہو گیا ہو۔ فلم ختم ہونے کے بعد بھی کوئی اٹھنے کو تیار نہ تھا۔ خاموشی کا ایک دبیز کفن پورے ہال پر تن گیا تھا۔ کہیں کہیں دبی ہوئی سسکیوں کی آواز اس سکوت کو چیرتی تھی۔ آنکھیں نم تھیں، چہرے بجھے ہوئے تھے اور دلوں پر ایسا بوجھ تھا، جسے لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہ تھا۔
مجھے بار بار یہ احساس ستاتا رہا کہ ہم نے تو صرف ایک کہانی دیکھی، صرف ایک ہند رجب کو جانا، صرف ایک سانحے پر آنسو بہائے۔ مگر اس سرزمین پر نہ جانے کتنی ہند رجبیں ہوں گی، جن کی داستانیں کبھی قلم تک نہ پہنچ سکیں،کتنی ماؤں کی آہیں ہوں گی، جو فضاؤں میں تحلیل ہو گئیں، کتنے خواب ہوں گے، جو ملبے تلے دفن ہو گئے،اور کتنی صدائیں ہوں گی، جو دنیا کے شور میں ہمیشہ کے لیے گم ہو گئیں۔
یہ فلم محض ایک سینمائی تجربہ نہیں، بلکہ ضمیر کا امتحان ہے۔ یہ انسان ہونے یا نہ ہونے کا پیمانہ ہے۔ یہ ایک ایسا آئینہ ہے، جس میں ہر شخص کو اپنا چہرہ دیکھنا چاہیے۔ اگر یہ فلم دیکھ کر دل نہ کانپے، آنکھ نہ بھیگے اور روح مضطرب نہ ہو، تو شاید ہمیں اپنے اندر جھانکنے کی ضرورت ہے، کیونکہ بعض اوقات ظلم کا سب سے بڑا المیہ، ظالم کا ظلم نہیں، بلکہ تماشائیوں کی خاموشی ہوتی ہے۔
”دی وائس آف ہند رجب“صرف ایک بچی کی آواز نہیں،یہ پوری مظلوم انسانیت کی اجتماعی فریاد ہے، ایک ایسا نوحہ جو زمانے کے کانوں میں مدتوں گونجتا رہے گا۔
میں سنیما سے واپس تو آ گئی، مگر میرا ایک حصہ وہیں رہ گیا، اس ننھی بچی کی آخری پکار کے ساتھ، اس خاموشی کے ساتھ، اور ان آنسوؤں کے ساتھ، جو شاید عمر بھر خشک نہ ہو سکیں۔
بعض فلمیں ختم ہو جاتی ہیں، مگر ان کے سوال ختم نہیں ہوتے۔ ہند رجب کی آواز بھی انہی سوالوں میں سے ایک ہے، جو شاید قیامت تک انسانیت کے ضمیر کا تعاقب کرتی رہے گی۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے