بارہ سال کا احمد پہلے ہر بات اپنی والدہ سے شیئر کرتا تھا۔ ہر معاملے میں فرمانبردار تھا، فجر میں جلدی جاگ جاتا تھا، چھوٹے بہن بھائی کی اسکول کی تیاری میں مدد کرتا تھا۔ جونہی وہ تیرہ سال کا ہوا، اس کی عادتیں بدلنے لگیں۔ بڑی فکر مند لہجے میں احمد کی والدہ سنا رہی تھیں:
میں اپنے سب سے بڑے بیٹے احمد کے لیے بہت فکر مند ہوں۔
میم! نہ جانے کیا ہوا، اچانک اس کا رویّہ بدلنے لگا ہے۔دروازہ بند رکھتا ہے، ہر وقت خاموش رہتا ہے، دوستوں کے ساتھ زیادہ رہتا ہے۔پہلے اسے لگتا تھا کہ مما میری ہر بات سمجھتی ہیں، لیکن اب وہ بات بے بات جھلا جاتا ہے اور کہتا ہے:آپ مجھے سمجھتے ہی نہیں۔کبھی کہتا ہے’’آپ نے بچپن سے مجھ پر پابندیاں لگائی ہیں، میری اپنی تو کوئی زندگی ہی نہیں ہے۔‘‘آج تو غضب ہی ہوگیا۔ جو میرا سب سے آئیڈیل بچہ تھا، اسی نے مجھے تیز آواز میں جھڑک کر ناشتا چھوڑ دیا اور اسکول چلا گیا۔ میرے بچے کوکسی کی نظر لگ گئی ہے، یا وہ کسی کی صحبت میں بگڑ گیا ہے۔’’وہ بھرائی ہوئی آواز میں اپنا درد بیان کر رہی تھیں۔
جبکہ حقیقت کچھ اور ہے۔ ہر ایک مثال کو الگ الگ سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔اس کا دماغ اپنی الگ شناخت بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ بچے کی اپنی شناخت اس کے دوستوں کے درمیان ہے، جہاں وہ ذہین ہے، سمجھدار ہے اور مسئلے کا حل نکالنے والا ہیرو مانا جاتا ہے، لیکن والدین کے نزدیک وہ زیرو ہے۔ اسی لیے وہ دو مختلف کیفیات کے درمیان شدید کنفیوژن کا شکار رہتا ہے۔ اسے چیٹنگ یا گفتگو کے دوران ایک مکمل انسان تصور کیا جاتا ہے، جبکہ گھر میں اس کے ساتھ مختلف رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔ یہی دو متضاد صورتیں اس کے اندر شدید تناؤ پیدا کرتی ہیں، جس کے سبب یہ کیفیت پیدا ہوتی ہے۔
اسی طرح دوسرے کیس میں ایک خاتون نے شکایت کی کہ:
’’پندرہ سالہ زینب آئینے کے سامنے کھڑی رہتی ہے۔کبھی بال پسند نہیں آتے، کبھی ناک، کبھی رنگ، کبھی قد۔ انہی باتوں سے متعلق ماں سے سوال بھی کرتی ہے: امی! بال کیسے لگ رہے ہیں؟،یہ کلر کیسا لگ رہا ہے؟،ہماری ہائیٹ کیوں نہیں بڑھ رہی؟
گھنٹوں آئینے میں دیکھتی رہتی ہے۔ ماں کا دل اس کی اتنی توجہ دیکھ کر گھبرانے لگتا ہے۔ ماں بے چین رہتی ہے، کبھی اسکول بیگ غائب دماغی سے چیک کر لیتی ہے، کبھی موبائل اٹھا کر دیکھتی ہے۔ماں، زینب کے اچانک سجنے سنورنے اور اپنے حسن کو نہارتے رہنے سے گھبرانے لگی ہے۔ اسی مستقبل کے دباؤ میں وہ زینب پر چڑھنے لگتی ہے اور کہتی ہے: اتنی دیر آئینے میں کیا دیکھتی رہتی ہو؟
آخر زینب خود پر اتنی توجہ کیوں دینے لگی ہے؟ماں، خوف کی وجہ سے اسے کسی نہ کسی کام میں انگیج کرنا چاہتی ہے، مگر وہ کام بھی توجہ سے نہیں کرتی۔ کبھی گلاس توڑ دیا، کبھی استری کرتے ہوئے دوپٹہ جلا دیا، کبھی دودھ اُبل گیا۔ماں کی وحشت حد سے سوا ہے کہ کہیں وہ کسی غلط صحبت میں تو نہیں پڑ گئی؟‘‘
یہ Body Image کی تشکیل کا مرحلہ ہے۔ اس مرحلے میں بے یقینی کی کیفیت سے بچہ پریشان رہتا ہے۔ زینب کا کسی کے ساتھ کوئی افیئر نہیں ہے، بلکہ وہ اپنے ہم عمر Peer Group کے دباؤ میں ہے۔ وہ ان کے درمیان ایڈجسٹ ہونے اور سب سے بہتر بننے کی کوشش کر رہی ہے۔اس مرحلے کا تقاضا یہی ہے کہ بچہ خود پر توجہ دے۔ بلکہ والدین اس مرحلے کو آسان بنا سکتے ہیں۔ بغیر ٹوکے اس کی مدد کریں اور کہیں: ’’ہاں بیٹا! آپ کو یہ کلر بہت بھا رہا ہے۔‘‘’’آپ کے بال واقعی توجہ دینے سے خوب صورت ہوگئے ہیں۔‘‘
اس سے اس میں اعتماد پیدا ہوگا۔
بعض والدین اس تبدیلی کو نفرت یا تضحیک کے انداز میں دیکھتے ہیں۔ دونوں رویّے درست نہیں۔ اپنے بچے کے اعتماد کو مضبوط کرنے کا یہی طریقہ اسے باڈی امیج کے اس مرحلے سے نکلنے میں مدد دے گا، ورنہ یہی تشنگی اسے مستقل ایک ناپسندیدہ یا مضطرب انسان بنا کر رکھ دے گی۔
سترہ سالہ علی پہلے ہر بات مان لیتا تھا۔ اب یوں لگتا ہے جیسے اسے اپنے والدین پر اعتبار ہی نہیں رہا۔ اب وہ ہر بات پر سوال کرتا ہے:”کیوں؟‘‘
’’کس لیے؟‘‘”اس کی دلیل کیا ہے؟‘‘
والدین اس کی بدتمیزی سے نالاں ہو رہے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ بچوں کو اپنے بڑوں پر اعتبار کرنا چاہیے، جتنا کہا جائے اتنا ہی کرنا چاہیے۔ دراصل’’یہ بہت بدتمیز ہوگیا ہے‘‘ یا ’’اپنی مرضی کرنے لگا ہے‘‘ والدین کی سوچ ہے۔
جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس کے دماغ کا Prefrontal Cortex تیزی سے ترقی کر رہا ہے، جس کی وجہ سے وہ ہر بات پر تنقیدی انداز میں سوچنے لگا ہے۔پری فرنٹل کورٹیکس کے کچھ فنکشنز بچے کو سوال کرنے پر اُکساتے ہیں، لیکن اس کے لہجے کی بے یقینی والدین کو انسیکیور بنا دیتی ہے۔
چودہ سالہ سارہ معمولی سی بات پر رو پڑتی ہے۔پانچ منٹ بعد ہنس رہی ہوتی ہے۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پر بہن بھائی سے لڑ پڑتی ہے، چیختی ہے، چلاتی ہے، کبھی کبھی خاموش ہو جاتی ہے، جیسے شدید تکلیف میں ہو۔ کچھ پوچھنے پر بیزاری سے جواب دیتی ہے، گویا پوچھنا اسے نہیں بھایا، اور کبھی رونے لگتی ہے کہ اس کے ساتھ ہمیشہ ناانصافی ہوتی ہے۔ دس منٹ بعد پھر غصے میں
آ جاتی ہے۔یہ ’’ڈرامہ‘‘ نہیں ہے۔ بچہ کوئی شرارت یا بگڑی ہوئی حرکتیں نہیں کر رہا ہے۔
یہ ہارمونل تبدیلیوں (Hormonal Changes) اور لمبک سسٹم (Limbic System) کی سرگرمی کی وجہ سے ہونے والے Mood Swings ہیں۔
ان دونوں نظاموں کا فنکشن بچے کی نوعمری ہی میں شروع ہوتا ہے۔
بچپن میں دماغ نسبتاً متوازن رفتار سے ترقی کرتا ہے، لیکن بلوغت (Puberty) کے آغاز پر جنسی ہارمونز، جیسے Testosterone، Estrogen اور Progesterone تیزی سے بڑھتے ہیں۔یہ ہارمونز لمبک سسٹم کو زیادہ متحرک (Highly Active) بنا دیتے ہیں۔
نتیجتاً بچے کو: خوشی زیادہ شدید محسوس ہوتی ہے۔غصہ جلد آتا ہے۔اداسی گہری محسوس ہوتی ہے۔دوستوں کی رائے بہت اہم لگتی ہے۔معمولی بات بھی دل پر لگ جاتی ہے۔اسی لیے والدین کو لگتا ہے کہ بچہ’’بلاوجہ اوور ری ایکٹ‘‘کر رہا ہے، حالانکہ اس کے دماغ میں جذباتی نظام بہت سرگرم ہے۔اس بات کو اس مثال سے سمجھا جا سکتا ہے۔تصور کریں کہ ٹین ایجر کا دماغ ایک گاڑی ہے۔لمبک سسٹم = طاقتور انجن
ہارمونز = ایندھن
Prefrontal Cortex = بریک اور اسٹیئرنگ
ٹین ایج میں انجن پوری طاقت سے چل رہا ہوتا ہے، لیکن بریک اور اسٹیئرنگ ابھی مکمل طور پر تیار نہیں ہوتے۔اس لیے بچہ کبھی تیز غصہ کرتا ہے، کبھی جلد خوش ہوتا ہے، کبھی فوری فیصلہ کر لیتا ہے، اور بعد میں پچھتاتا ہے۔اگر والدین ٹین ایج کے بچے میں ہونے والی تبدیلیوں اور ان سے پیدا ہونے والے مسائل کو سمجھ لیں تو ان کے لیے بچے کے رویّوں اور ردِعمل کو سمجھنا آسان ہو جائے گا۔اس عمر کو ماہرینِ نفسیات اور ماہرینِ تعلیم شدید دباؤ اور تناؤ کی عمر قرار دیتے ہیں۔
ماہرِ نفسیات ایرک ایرکسن (Erik Erikson) کی ایک کتاب ہے:
(Childhood and Society (1950
اس کتاب میں نوعمر بچوں کے مسائل کو سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ایرکسن کے مطابق ٹین ایج کا بنیادی نفسیاتی مرحلہ ہے: شناخت بمقابلہ کردار کا شش و پنج
(Identity vs. Role Confusion)
یعنی نوجوان اس عمر میں یہ جاننے کی کوشش کرتا ہے: میں کون ہوں؟،میری شناخت کیا ہے؟،میری زندگی کا مقصد کیا ہے؟،لوگ مجھے کس نظر سے دیکھتے ہیں؟
اگر اسے صحیح رہنمائی نہ ملے تو وہ Confusion، بے چینی اور احساسِ کمتری کا شکار ہو سکتا ہے۔والدین، اساتذہ یا گھر کے بزرگ اگر گاہے بگاہے اپنے رویّے سے اسے ان سوالوں کے جواب دیں تو بچے کی شخصیت پُراعتماد رہتی ہے اور وہ بہت ڈسپلن کے ساتھ پروان چڑھتا ہے۔
مثلاً :گاہے بگاہے اپنے نوعمر بیٹے یا بیٹی کو پوری توجہ کے ساتھ اس کی خوبیوں کی فہرست بنا کر بتائیں:”بیٹا زید! آپ کی ایک عادت بہت اچھی ہے کہ آپ اپنے بہن بھائیوں کی بہت مدد کرتے ہیں۔ آپ میں احساسِ ذمہ داری بہت زیادہ ہے۔‘‘
اگر کوئی بچہ پڑھائی میں کمزور ہو تو والدین فوراً اس کا تقابل بڑے بہن بھائی یا دوسرے بچوں سے نہ کریں۔ اس کے بجائے، جس بچے میں کوئی کمزوری ہو، اسے اس کی کمزوری کا احساس دلانے کے بجائے اس کی خوبیوں پر اپنی اور پورے گھر کی توجہ مرکوز کریں۔اس کے سوال کا جواب اسے ملے گا کہ والدین کی نظر میں میری وقعت ہے اور مجھ پر ان کی توجہ ہے۔کبھی کبھی اسے اپنے فیصلے خود لینے دیجیے۔کہیے: ’’بیٹا! آپ کی کیا رائے ہے؟‘‘ ’’آپ کا فیصلہ کیا ہے؟‘‘”آپ مسئلے کی باریکی کو بہت توجہ سے سمجھتے ہیں، اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟‘‘”گھر کے اس مسئلے میں آپ کیا مشورہ رکھتے ہیں؟‘‘اسے جواب ملے گا کہ اس گھر میں اس کی حیثیت اور اہمیت ہے۔
آپ نے اسلامی تاریخ میں صہیب، مصعب کا واقعہ پڑھا کہ جنگ کا اعلان ہوا تو ان دو چھوٹے بچوں نے پیارے نبی ﷺ سے کہا:’’ہم بھی جہاد پر چلیں گے۔‘‘ اپنے قد کو بلند کرنے کے لیے انگوٹھوں کے بل کھڑے ہوئے۔ پیارے نبی ﷺ نے ان بچوں پر اعتماد کیا، انہیں روکا نہیں، ان کے فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھا۔اسی طرح حضرت علیؓ نے جب محمد ﷺ کے ساتھ ایمان قبول کرنے کا فیصلہ کیا تو ان کے والدِ محترم نے انہیں نہیں روکا۔ زید بن حارثہؓ نے نوعمری میں جب اپنے والدِ محترم سے کہا کہ میں اپنی بقیہ زندگی پیارے نبی ﷺ کے ساتھ گزارنا چاہتا ہوں تو ان کے والد نے ان کی اس خواہش کا احترام کیا۔بچوں کی یہ مثالیں ہمیں سمجھاتی ہیں کہ نوعمر بچوں پر اعتماد کرنا، ان کا احترام کرنا، انہیں معمولاتِ زندگی میں شامل کرتے ہوئے مشورہ لینا، چھوٹی چھوٹی ذمہ داریاں دینا اور خوب تعریف کرنا ان کا اعتماد بڑھاتا ہے۔
مکہ میں آپ ﷺ کے ساتھ نوعمر صحابہ کی ایک بڑی جماعت دیکھتے ہیں۔ جو چیز انہیں دین کی طرف متاثر کرتی ہے، وہ اللہ کے سوا کسی کی غلامی نہ ہونا ہے۔ گویا اس عمر میں دباؤ کو کم کرنے کا فارمولہ یہی ہے کہ جو آپ کا دل چاہے، اللہ سے رجوع کرتے ہوئے رب سے مشورہ کیجیے۔ یہ کہتے رہیں تاکہ وہ خود پر دباؤ کم محسوس کریں اور اپنے دل میں رب کے سامنے جواب دہی کا خوب احساس رکھیں۔اسی طرح یہ بھی والدین کی ایک غلطی ہے۔ اسے یہ بتایا جاتا ہے کہ استاد نے آپ کی شکایت کی ہے، تو وہ اندر سے بے چین ہو جاتا ہے کہ استاد اسے برا لڑکا یا لڑکی سمجھتے ہیں۔
والدین اسے بتائیں کہ آپ کے استاد نے آپ کی رائٹنگ(Writing) کی تعریف کی ہے۔ اگر رائٹنگ اچھی واقعی نہ ہو تو کہیے کہ استاد نے آپ کے ڈسپلن (Discipline) کی تعریف کی ہے کہ استاد کی عدم موجودگی میں جب سب بچے باتیں کر رہے ہوں تب بھی آپ خاموش رہتے ہیں۔
اسے بتائیے کہ زید بیٹا! آپ کے چچا اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ زید مسجد میں پابندی سے آتا ہے۔ اسے کہیے کہ دادی اماں نے سب کے سامنے آپ کی تعریف کی ہے۔
آپ کے ابو نے کہا کہ میں چاہتا ہوں زید جیسا ڈسپلن ہر بچے میں آئے۔
کوشش یہ ہو کہ جس خوبی کا احساس دلایا جا رہا ہے، وہ اس بچے میں واقعی موجود ہو، تاکہ بچہ نوعمری میں اپنی خامیوں اور کمیوں سے بے چینی محسوس نہ کرے اور اس کا برین (Brain) اس کی خوبیوں کی تصویر کو بڑا کر کے ظاہر کرے، اور اس کے اندرونی خلجان کو یہ جواب ملے کہ مجھ سے متعلق میرے اطراف کے لوگ اچھی رائے رکھتے ہیں۔
اس عمر کی ان تبدیلیوں کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے پورے نظام کو سمجھیں۔یونیسیف نے ٹین ایج یا نوعمری کی تعریف اس طرح کی ہے:
’’ٹین ایج زندگی کا ایسا مرحلہ ہے جس میں بچے کے جسم، ذہن، جذبات اور دوسروں سے تعلقات تیزی سے بدلنے لگتے ہیں۔ یہی تبدیلیاں اس کے رویّے، سوچ اور شخصیت پر گہرا اثر ڈالتی ہیں۔‘‘
یہ بات ایرکسن نے بھی کہی اور ڈبلیو ایچ او (WHO) نے بھی سمجھائی ہے کہ نوعمری میں والدین کو توقعات وابستہ کرنے کے بجائے اپنے بچے کے اس تکلیف دہ مرحلے کو آسان بنانے میں معاونت کرنی چاہیے۔
ڈبلیو ایچ او (WHO) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ان الفاظ میں ٹین ایج کی تعریف کی ہے:
’’ٹین ایج زندگی کا وہ اہم عبوری دور ہے جو بچپن اور بالغ زندگی کے درمیان پل کا کام کرتا ہے۔ عموماً یہ عمر 10 سے 19 سال تک ہوتی ہے۔ اس عرصے میں بچے کے جسم، دماغ، جذبات، سوچنے کے انداز، شخصیت اور سماجی تعلقات میں تیز رفتار اور گہری تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں، جو اس کی پوری زندگی پر اثر انداز ہوتی ہیں۔“
والدین کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ میرا بچہ بگڑا نہیں، گندی صحبت کا شکار نہیں ہوا، وہ بدتمیز نہیں ہو رہا، وہ نافرمان نہیں ہے، بلکہ اس بچے کے دماغ میں اپنی عمر کے مقابلے وسعت زیادہ پیدا ہو گئی ہے اور وہ اس کو سمیٹ نہیں پا رہا۔
اگر پانچ سال کے بچے کا ذہن ایک چھوٹے باغ کی مانند ہے تو ٹین ایجر کا ذہن ایک بڑے شہر کی تعمیر جیسا ہے۔
کہیں سڑکیں بن رہی ہیں،کہیں پرانی عمارتیں گر رہی ہیں،کہیں نئی بنیادیں رکھی جا رہی ہیں،کہیں ٹریفک کا نظام ابھی مکمل نہیں ہوا۔اسی لیے کبھی سوچ درست ہوتی ہے اور کبھی جذبات غالب آ جاتے ہیں۔ یہ ایک مثال ہے، اس عمر کی تبدیلی کو سمجھنے کے لیے۔اس عمر میں سب سے اہم چیز یہ ہے کہ بچے کا دماغ جنسِ مخالف کی طرف متجسس ہو جاتا ہے، اس لیے وہ بار بار متجسس نگاہ سے دیکھتا ہے۔
بیٹے کے لیے والدِ محترم کی اور بیٹی کے لیے والدہ کی ذمہ داری ہے کہ اس موضوع پر گفتگو کریں۔انہیں سمجھائیں کہ بیٹا! کئی مرتبہ ہمیں اپنے جذبات کو از خود کنٹرول کرنا پڑتا ہے۔ انہیں سماج میں جذبات کی پردہ داری اور رب العالمین سے مدد کا جذبہ پیدا کریں۔ انہیں مثال سے سمجھائیں۔
مثلاً:”جب آپ کو بھوک لگ جائے تو ہوٹل میں جا کر دوسرے کھانے پر کیوں نہیں ٹوٹ پڑتے؟ اپنے ٹیبل پر بیٹھ کر مینو دیکھتے ہیں، آرڈر کرتے ہیں اور اپنے کھانے کا انتظار کرتے ہیں۔ہم دوسرے کا کھانا بھوک کی شدت میں کیوں نہیں چھینتے؟کیونکہ ہمیں دوسروں کا خیال ہوتا ہے۔ ہم سماج میں ناقابلِ قبول رویّے کو نہیں اپناتے، بلکہ اپنے جذبات پر قابو پا لیتے ہیں۔ یہ کام ہم شعوری طور پر کرتے ہیں۔بالکل اسی طرح اگر ہمیں واش روم جانے کی حاجت ہو تو ہم صبر کے ساتھ واش روم تک خود کو کنٹرول کرتے ہیں۔ اگر شدتِ پیاس سے پریشان ہوں تب بھی کسی سے پانی چھین کر نہیں پیتے۔
یہ سارے معمولاتِ زندگی ہیں۔ ہم نے ان پر قابو پانا اور تہذیب و تمدن سیکھ لیا ہے۔ انہی جبلتوں کی طرح ایک اور جبلت بھی ہے جس پر قابو پانا سیکھنا چاہیے۔“
اللہ کا حکم ہے کہ نو سال کی عمر سے نماز کا پابند بنائیے۔
’’نماز کی عادت حیا پیدا کرتی ہے۔“
”بے شک نماز انسان کو بے حیائی اور برائی سے روکتی ہے۔“
دس سال کی عمر سے بچے میں مخالف جینڈر کی جانب تجسس پیدا ہو جاتا ہے، اس لیے اسے نماز پڑھ کر اور شعور کے ساتھ خود پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔
دوسری صورت میں انسان اگر ایسا نہ کرے تو محفل میں بیٹھ کر بے ہودہ اور گندے مذاق کرنے لگتا ہے، تنہائی میں فحش شارٹس (Shorts) اور ویڈیوز دیکھتا ہے، نگاہ میں حیا سوزی پیدا ہوتی ہے اور کردار میں بے باکی اور بے مروتی آ جاتی ہے۔
ہمیشہ یاد رکھیے، آپ کیا سوچ رہے ہیں، کن خیالات کو جگہ دے رہے ہیں، ایک تجربہ کار نگاہ اسے پہچان لیتی ہے۔یہ بات جب والدین بڑی حکمت کے ساتھ روزانہ الگ الگ کہانیوں، واقعات کے ذریعے براہِ راست یا بالواسطہ بچے کے ذہن میں بٹھاتے رہیں گے تو اللہ رب العالمین انہیں عمل پر خود آگاہ رکھے گا۔
اس طرح کی گفتگو کرتے ہوئے خصوصاً ماں کو نہ شرمانا چاہیے اور نہ بے پروا ہونا چاہیے، کیونکہ تیرہ سال کی عمر ابھی ناپختگی کا مرحلہ ہے، اس لیے اس عمر کو گنوانا نہیں چاہیے۔چونکہ بچے خود اس دور میں اس بات پر توجہ دیتے ہیں کہ لوگ ان کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں، اس لیے اس پر عمل کرنا ان کے لیے آسان محسوس ہوتا ہے۔
یاد رہے، فیمنزم کے مادر پدر آزاد نظریات بچوں کو سوشل میڈیا، ریلز (Reels) اور شارٹس (Shorts) کے ذریعے یہ باور کروا رہے ہیں کہ انہیں آزادی سے ان موضوعات پر محفلوں میں بات کرنے میں عار محسوس نہیں کرنا چاہیے، بلکہ ایسی محفلوں کی ترویج بھی کی جا رہی ہے کہ بچہ سوشل میڈیا پر فحش مواد دیکھے اور اسے اپنی زندگی میں معمول (Normalised) بنا لے۔
لیکن اگر گھروں میں ان موضوعات سے بچنے کی ترغیب نہ دی جائے تو بچے سوشل میڈیا یا جنریشن زی (Gen Z) کلچر کو اپنا مربی بنا لیتے ہیں۔
1) بچے کے شدید جذبات کو فوراً ”بدتمیزی“ کا نام نہ دیں۔ نوعمر بچہ چاہے شدید غصے میں ہو، یا تنہائی پسند ہو، یا اضطراب (Anxiety) کا شکار ہو، بالکل نہ گھبرائیں۔ نارمل ہو کر اسے سمجھنے کی کوشش کریں اور بہت نرمی سے کہیں:”اوکے بیٹا، جو مناسب سمجھیں۔“
2) غصے کے وقت لمبی نصیحت سے گریز کریں۔ایسے وقت میں نصیحت جلتی پر تیل کا کام کرتی ہے۔ بچے سے ناراضی کا اظہار نہ کریں۔ مسکرا دیں اور کہیں:”ہوتا ہے بیٹا، ٹین ایج میں ایسا ہوتا ہے۔ ریلکس بیٹا، مما انڈراسٹینڈ کرتی ہیں۔“
3) پہلے بچے کے جذبات کو تسلیم کریں اور بچے کی آنکھ میں جھانکتے ہوئے کہیں:”لگتا ہے آج تم بہت پریشان ہو۔“ ”اچھا، ابھی ذہن کو نہ تھکائیں، ہم سکون سے اس مسئلے پر بات کریں گے۔“ مائیں بیٹیوں سے اور والد بیٹوں سے الجھنے کی غلطی کر بیٹھتے ہیں۔ بالکل نہ الجھیں، فاصلہ بنا لیں، کول (Cool) ہونے کے بعد بات کریں۔
4) جب بچہ پُرسکون ہو جائے تو گفتگو کریں، کیونکہ اسی وقت اس کا Prefrontal Cortex بہتر انداز میں کام کرتا ہے۔یاد رکھیں کہ بچہ اس عمر میں کوئی پری پلان بدتمیزی نہیں کرتا، وہ خود اپنی تبدیلی سے مجبور ہوتا ہے۔ اسے ہمدردی اور سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔
بہت حکمت کے ساتھ اس میں Coping Skill پیدا کریں۔ آئندہ مضمون میں ہم اسی پر بات کریں گے۔Puberty یعنی تیرہ سال کی عمر میں اللہ سے رجوع کرنا سکھانا، ساتھ مل کر عبادت کروانا اور بہت حوصلہ افزائی کرنا سب سے اہم کام ہے۔اسلام نوجوانی کو ذمہ داری کے آغاز کا مرحلہ قرار دیتا ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:”سات آدمیوں کو اللہ تعالیٰ اپنے عرش کا سایہ عطا فرمائے گا… ان میں ایک وہ نوجوان بھی ہے جس نے اپنی جوانی اللہ کی عبادت میں گزاری۔“
Parda by Syed Abul A’la Maududi
UNICEF. The State of the World’s Children
Laurence Steinberg. Adolescence (13th Edition)
Erik H. Erikson. Childhood and Society
Jean Piaget. The Psychology of the Child
Daniel J. Siegel. Brainstorm: The Power and Purpose of the Teenage Brain
American Psychological Association (APA). Resources on Adolescent Development
٭ ٭ ٭


السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ بچوں کو نماز کی طرف کس طرح رجوع کروائیں بچے مسجد میں جاتے ہیں نماز نہیں پڑھتے اور گھر واپس ا کر کہتے ہیں کہ ہم نے نماز پڑھ لی تو ان کو کس طرح سمجھائیں