سادگی فرد اور سماج کے لیے رحمت

انسانی تاریخ کے ہر دور میں بعض اخلاقی اقدار ایسی رہی ہیں جنہوں نے معاشروں کو استحکام، سکون اور توازن عطا کیا ہے۔ سادگی بھی انہی اعلیٰ انسانی اوصاف میں سے ایک ہے۔ آج کا دور مادہ پرستی، صارفیت، نمود و نمائش اور غیر ضروری مقابلہ آرائی کا دور بن چکا ہے۔ انسان کی قدر و قیمت اس کے کردار، علم اور خدمتِ خلق کے بجائے اس کے لباس، رہائش، گاڑی اور ظاہری شان و شوکت سے متعین کی جانے لگی ہے۔ زندگی کا مقصد سکون و اطمینان کے بجائے زیادہ سے زیادہ مادی اشیاء کا حصول بن کر رہ گیا ہے۔ اس رجحان نے افراد کو معاشی دباؤ، نفسیاتی تناؤ اور سماجی بے چینی میں مبتلا کر دیا ہے۔ایسے ماحول میں اسلام سادگی، اعتدال اور قناعت کا ایک حسین تصور پیش کرتا ہے، جو انسان کو غیر ضروری بوجھوں سے نجات دلا کر متوازن اور پُرسکون زندگی عطا کرتا ہے۔ سادگی انسان کو زندگی کی حقیقی ترجیحات سے جوڑتی اور اسے ظاہری نمائش کے بجائے باطنی تعمیر کی طرف متوجہ کرتی ہے۔

سادگی کا مفہوم

سادگی کا مطلب غربت یا محرومی نہیں، بلکہ اپنی حیثیت اور جائز آمدنی کے مطابق تکلف، اسراف اور نمود و نمائش سے بچتے ہوئے متوازن زندگی گزارنا ہے۔ اسلام نہ رہبانیت کی تعلیم دیتا ہے اور نہ دنیا کی جائز نعمتوں سے محرومی کو پسند کرتا ہے۔ مطلوب یہ ہے کہ انسان نعمتوں سے فائدہ اٹھائے، لیکن ان کا غلام نہ بنے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

 قُلْ مَنْ حَرَّمَ زِينَةَ اللّٰهِ الَّتِي أَخْرَجَ لِعِبَادِهِ وَالطَّيِّبَاتِ مِنَ الرِّزْقِ

 (الأعراف:32)
’’اے محمد ؐ ، اِ ن سے کہو کس نے اللہ کی اُس زینت کو حرام کر دیا ہے جسے اللہ نے اپنے بندوں کے لیے نکالا تھا اور کس نے خدا کی بخشی ہوئی پاک چیزیں ممنوع کر دیں؟‘‘
یہ آیت اس حقیقت کو واضح کرتی ہے کہ اسلام نعمتوں سے استفادہ کی اجازت دیتا ہے، لیکن اسراف اور تکبر سے منع کرتا ہے۔

سادگی اور بخل میں فرق

بعض لوگ سادگی اور بخل کو ایک ہی چیز سمجھ بیٹھتے ہیں، حالاں کہ دونوں میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ سادگی اعتدال کا نام ہے، جب کہ بخل حقوق کی ادائیگی میں کوتاہی کا نام ہے۔سادگی کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ انسان گندگی اور بے ترتیبی اختیار کرے یا استطاعت کے باوجود اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کی ضروریات پوری نہ کرے۔ اسی طرح بہتر لباس پہننا، گھر کو مناسب انداز میں سجانا اور مہمان نوازی کرنا اسلام کے خلاف نہیں، بلکہ اگر نیت درست ہو تو باعثِ اجر ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

 إِنَّ اللّٰهَ جَمِيلٌ يُحِبُّ الْجَمَالَ 

(صحیح مسلم)
’’بے شک اللہ تعالیٰ خود خوب صورت ہے اور خوب صورتی کو پسند فرماتا ہے۔‘‘
اس لیے اسلام حسنِ ذوق اور نفاست کو پسند کرتا ہے، البتہ اس کے ساتھ عاجزی اور میانہ روی بھی ضروری ہے۔

رسول اللہ ﷺ کی سادہ زندگی

رسول اللہ ﷺ پوری انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہیں۔ آپ ﷺ نے نہایت سادہ زندگی بسر فرمائی، لیکن کبھی بناوٹی درویشی اختیار نہیں فرمائی۔ بعض اوقات آپ ﷺ کے گھر میں کئی کئی دن چولہا نہیں جلتا تھا، مگر جب اللہ تعالیٰ نعمت عطا فرماتا تو آپ ﷺ اسے قبول بھی فرماتے اور دوسروں کو بھی اس سے فائدہ پہنچاتے۔
حضرت عمرؓ ایک مرتبہ رسول اللہ ﷺ کے حجرے میں حاضر ہوئے تو دیکھا کہ آپ ﷺ کھجور کے پتوں کی چٹائی پر آرام فرما رہے ہیں، جس کے نشانات جسمِ مبارک پر پڑ گئے تھے۔ حضرت عمرؓ کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ آپ ﷺ نے فرمایا:‘‘کیا تم اس بات پر راضی نہیں کہ ان کے لیے دنیا ہو اور ہمارے لیے آخرت؟’’ (صحیح بخاری)
یہی وہ توازن ہے جس کی تعلیم اسلام دیتا ہے کہ دنیا کو مقصد نہیں بلکہ ذریعہ سمجھا جائے۔

سادگی اور نظافت

سادگی ہرگز یہ نہیں کہ انسان صفائی اور نفاست کو ترک کر دے۔ اسلام نے نظافت کو ایمان کا حصہ قرار دیا ہے۔
علامہ جلال الدین سیوطیؒ نے امام خطابیؒ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ناز و نعمت اور آرائش میں حد سے بڑھنے سے منع فرمایا اور میانہ روی کا حکم دیا۔ البتہ سادگی کا مطلب یہ نہیں کہ صفائی، طہارت اور خوش نمائی کو چھوڑ دیا جائے، کیوں کہ اسلام میں نظافت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔چنانچہ ایک مسلمان نہ متکبرانہ شان و شوکت اختیار کرتا ہے اور نہ ہی بدنظمی اور گندگی کو دینداری سمجھتا ہے۔

موجودہ دور میں اسراف اور نمود و نمائش

آج شادی بیاہ، دعوتوں اور سماجی تقریبات میں فضول خرچی ایک وبا کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ شادی جو کبھی ایک سادہ اور بابرکت تقریب ہوا کرتی تھی، اب ایک مہنگا پروجیکٹ بن کر رہ گئی ہے۔ لاکھوں روپے کے لباس، قیمتی زیورات، مہنگا سنگھار، پرتعیش ہال، فوٹوووڈیو گرافی اور بے شمار غیر ضروری رسومات معاشرے پر معاشی بوجھ بن چکی ہیں۔ بسا اوقات لوگ ایک تقریب کے اخراجات پورے کرنے کے لیے قرضوں کے بوجھ تلے دب جاتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

 وَلَا تُسْرِفُوا ۚ إِنَّهُ لَا يُحِبُّ الْمُسْرِفِينَ

(الأعراف: 31)
’’حد سے تجاوز نہ کرو، اللہ حد سے بڑھنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔‘‘
اسراف صرف ایک معاشی مسئلہ نہیں، بلکہ ایک اخلاقی اور روحانی بیماری بھی ہے۔

شادی بیاہ میں اسلامی اعتدال

اسلام نے نکاح کو آسان اور سادہ رکھنے کی تعلیم دی ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

 إِنَّ أَعْظَمَ النِّكَاحِ بَرَكَةً أَيْسَرُهُ مَؤُونَةً

(مسند احمد) ’’سب سے زیادہ بابرکت نکاح وہ ہے جس میں خرچ کم ہو۔‘‘
یہ حدیث اس حقیقت کو واضح کرتی ہے کہ نکاح کی برکت اس کے اخراجات میں نہیں، بلکہ اس کی سادگی اور خلوص میں ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ شادیوں کو رسم و رواج، مقابلہ آرائی اور نمود و نمائش کا میدان بنانے کے بجائے انہیں آسان، سادہ اور اسلامی تعلیمات کے مطابق بنایا جائے۔

سادگی کے سماجی فوائد

سادگی صرف ایک انفرادی خوبی نہیں، بلکہ ایک ایسا اجتماعی وصف ہے جو پورے معاشرے کی فلاح و استحکام کا ذریعہ بنتا ہے۔ جب کسی معاشرے میں میانہ روی کو قدر و منزلت حاصل ہوتی ہے تو فضول اخراجات کی دوڑ کم ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں مالی دباؤ اور معاشی مشکلات میں کمی آتی ہے۔
سادگی نکاح جیسے مقدس عمل کو بھی آسان بناتی ہے۔ جب شادی بیاہ کو غیر ضروری رسومات اور دکھاوے سے پاک رکھا جاتا ہے تو نوجوانوں کے لیے ازدواجی زندگی کا آغاز آسان ہو جاتا ہے اور بہت سی سماجی برائیاں خود بخود ختم ہونے لگتی ہیں۔اسی طرح سادگی معاشرے میں حسد، مقابلہ بازی اور احساسِ محرومی کے رجحانات کو کم کرتی ہے اور اخوت، ہمدردی اور باہمی احترام کو فروغ دیتی ہے۔سادہ طرزِ زندگی خاندانوں میں سکون، محبت اور اطمینان پیدا کرتا ہے۔ جب انسان اپنی توانائیاں اور وسائل محض ظاہری دکھاوے کے بجائے حقیقی ضروریات اور تعمیری مقاصد پر صرف کرتا ہے تو اس کے ذاتی اور خاندانی معاملات زیادہ متوازن ہو جاتے ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ سادگی صرف ایک اخلاقی خوبی نہیں، بلکہ سماجی عدل، معاشرتی توازن اور اجتماعی خوش حالی کی مضبوط بنیاد ہے۔

سلفِ صالحین کا طرزِ زندگی

صحابۂ کرامؓ اور سلفِ صالحین کی زندگیوں کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ان کے پاس وسائل بھی تھے اور مواقع بھی، لیکن ان کی زندگیوں میں سادگی، قناعت اور تواضع نمایاں تھی۔ وہ اپنی ضروریات پوری کرتے تھے، مگر دنیا کی چمک دمک کو زندگی کا مقصد نہیں بناتے تھے۔ ان کی نگاہ آخرت کی کامیابی پر ہوتی تھی، اسی لیے دنیا ان کے ہاتھ میں رہتی تھی دل میں نہیں۔
سادگی دراصل ایک طرزِ فکر، ایک اخلاقی رویہ اور ایک اسلامی تہذیبی قدر ہے۔ یہ انسان کو اسراف، تکلف اور مصنوعی معیارِ زندگی کی غلامی سے آزاد کرتی ہے۔آج جب معاشرہ فضول خرچی، نمود و نمائش اور معیارِ زندگی کو بلند تر بنانے کی دوڑ میں اس قدر مصروف ہو چکا ہے کہ غریب، نادار اور بنیادی ضروریات سے محروم افراد اس کی توجہ سے اوجھل ہوتے جا رہے ہیں، ایسے میں سادگی کی تعلیم پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں سادگی، اعتدال اور قناعت کو فروغ دیں، اپنی شادیوں، تقریبات اور روزمرہ زندگی کو غیر ضروری تکلفات سے پاک کریں اور نئی نسل کو یہ شعور دیں کہ عزت و وقار کا معیار دولت کی نمائش نہیں، بلکہ کردار، علم، تقویٰ اور خدمتِ خلق ہے۔اگر معاشرہ سادگی کو اپنا شعار بنا لے تو نہ صرف بے شمار معاشی اور سماجی مسائل حل ہو سکتے ہیں، بلکہ افراد کے دلوں میں سکون، خاندانوں میں محبت اور معاشرے میں حقیقی خوش حالی بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ یہی سادگی کی وہ رحمت ہے جس کی آج کے انسان کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے