دنیا کے کئی خطوں میں ’’خاندانی عزت‘‘یا ’’غیرت‘‘ کو تہذیب، ثقافت، سماجی وقار اور روایتی اقدار سے جوڑا جاتا ہے۔ بظاہر ’’غیرت‘‘ ایک مثبت تصور ہے، جو احترام، کردار، اخلاق اور وقار کی علامت سمجھا جاتا ہے، لیکن المیہ یہ ہے کہ اسی مقدس لفظ کو اکثر ظلم، جبر اور تشدد کے جواز کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، خصوصاً عورتوں اور لڑکیوں کے خلاف غیرت کے نام پر ہونے والا گھریلو تشدد ظلم کی اُن ہولناک صورتوں میں سے ایک ہے جو نہ صرف جسم بلکہ روح کو بھی زخمی کر دیتا ہے۔اس تشدد کو اکثر روایت، خاندانی عزت اور اخلاقی اقدار کے نام پر چھپا دیا جاتا ہے، یہاں تک کہ بعض اوقات ظالم کو مجرم نہیں بلکہ ’’غیرت مند‘‘ سمجھا جانے لگتا ہے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ جہاں خوف، جبر اور عورت کی آزادی سلب کر لی جائے، وہاں غیرت نہیں بلکہ ظلم اپنی بدترین شکل میں موجود ہوتا ہے۔
اسلام نے ہر انسان کو عزت، حرمت اور جان کے تقدس کا حق عطا کیا ہے۔
قرآنِ مجید میں ارشاد ہوتا ہے:
وَلَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِیْۤ اٰدَمَ
’’یہ تو ہماری عنایت ہے کہ ہم نے بنی آدم کو بزرگی دی۔‘‘(سورۃ الإسراء: 70)
یہ عزت صرف مرد کے لیے نہیں بلکہ عورت کے لیے بھی برابر ہے۔ اسلام نے عورت کو جائیداد نہیں بلکہ مکمل انسان قرار دیا ہے، جسے تعلیم، رائے، نکاح اور زندگی کے فیصلوں کا حق حاصل ہے۔لیکن مردانہ بالادستی پر قائم بعض معاشروں میں عورت کو خاندان کی ’’عزت‘‘ کا نمائندہ بنا دیا گیا ہے۔ اس کی آزادی، لباس، تعلیم، ملازمت، دوستی، شادی اور حتیٰ کہ روزمرہ زندگی تک پر نگرانی رکھی جاتی ہے۔ اگر عورت اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کی کوشش کرے تو اسے ’’باغی’’،’’بدکردار‘‘ یا ’’بے غیرت‘‘قرار دے دیا جاتا ہے۔ یہی سوچ غیرت کے نام پر گھریلو تشدد کو جنم دیتی ہے۔یہ تشدد صرف مارپیٹ تک محدود نہیں بلکہ مختلف صورتوں میں سامنے آتا ہے، مثلاً جسمانی تشدد، ذہنی اذیت، مسلسل تذلیل، زبردستی شادی، گھر میں قید کرنا، تعلیم یا ملازمت سے روکنا، فون اور سماجی روابط پر پابندی لگانا، دھمکیاں دینا، تیزاب گردی اور بعض صورتوں میں قتل تک۔
اکثر ایسے واقعات میں متاثرہ عورت نے کوئی جرم نہیں کیا ہوتا، بلکہ اس کا ’’قصور‘‘صرف یہ ہوتا ہے کہ اس نے اپنی مرضی سے جینے کی کوشش کی۔ پسند کی شادی، زبردستی شادی سے انکار، تعلیم حاصل کرنے کی خواہش، ملازمت اختیار کرنا، طلاق کا مطالبہ یا حتیٰ کہ سوشل میڈیا کا استعمال بھی بعض خاندانوں میں نام نہاد ’’عزت‘‘ کے خلاف سمجھا جاتا ہے۔
انیس سالہ رخیمہ کی مثال ہمارے معاشرے کی ہزاروں لڑکیوں کی کہانی ہے۔ رخیمہ اپنی یونیورسٹی کی تعلیم جاری رکھنا چاہتی تھی، مگر اس کے خاندان نے اس کی مرضی کے بغیر اس کی شادی ایک عمر رسیدہ کزن سے طے کردی۔ جب اس نے انکار کیا تو اس کے والد اور بھائیوں نے اس پر خاندان کی بے عزتی کا الزام لگا دیا۔ اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، گھر میں قید کردیا گیا، اس کا فون چھین لیا گیا اور تعلیم جاری رکھنے سے روک دیا گیا۔ اس کی ماں خوف کے باعث خاموش رہی۔ آخرکار رخیمہ کو ’’خاندان کی عزت‘‘ بچانے کے لیے زبردستی شادی پر مجبور کردیا گیا۔اس ایک فیصلے نے اس کی تعلیم، خواب، شخصیت اور مستقبل کو بری طرح کچل دیا۔ یہ صرف ایک لڑکی کی شکست نہیں تھی بلکہ ایک معاشرے کی اخلاقی ناکامی تھی۔اسی طرح نادیہ نامی ایک شادی شدہ عورت ملازمت کرنا چاہتی تھی، مگر اس کا شوہر سمجھتا تھا کہ کام کرنے والی عورت اس کی سماجی حیثیت کو نقصان پہنچائے گی۔ وہ مسلسل نادیہ کی تذلیل کرتا، اس کا فون چیک کرتا، اسے سہیلیوں سے ملنے سے روکتا اور ملازمت کی صورت میں طلاق کی دھمکیاں دیتا۔اگرچہ یہاں جسمانی تشدد موجود نہیں تھا، لیکن نادیہ شدید ذہنی دباؤ، خوف، بے بسی اور ذہنی ڈپریشن کا شکار ہوگئی۔ یہ حقیقت سمجھنا ضروری ہے کہ غیرت کے نام پر ہر تشدد ہمیشہ جسمانی نہیں ہوتا، بلکہ بعض اوقات نفسیاتی اور جذباتی جبر انسان کو اندر سے توڑ دیتا ہے۔ مسلسل خوف، نگرانی، تحقیر اور آزادی سلب کر لینا بھی گھریلو تشدد کی خطرناک شکلیں ہیں۔غیرت کے نام پر قتل اس ظلم کی سب سے ہولناک صورت ہے۔ اقراء نامی ایک نوجوان لڑکی نے اپنی پسند سے مختلف ذات(برادری) کے ایک لڑکے سے شادی کرلی۔ اس کے خاندان نے اسے اپنی توہین سمجھا۔ کچھ عرصے بعد گھر والوں نے بظاہر معاف کرنے کا ڈرامہ کیا اور اسے واپس بلا لیا، مگر بعد میں اس کے بھائی نے اسے قتل کردیا اور دعویٰ کیا کہ اس نے خاندان کی ’’غیرت‘‘ بچانے کے لیے یہ قدم اٹھایا۔حقیقت یہ ہے کہ یہ قتل غیرت نہیں بلکہ کھلی سفاکیت تھا۔ اسلام کسی بے گناہ انسان کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے برابر قرار دیتا ہے۔قرآن میں اللہ تعالی فرماتاہے ۔
مَنْ قَتَلَ نَفْسًابِغَیْرِ نَفْسٍ اَوْ فَسَادٍ فِی الْاَرْضِ فَكَاَنَّمَا قَتَلَ النَّاسَ جَمِیْعًا
’’جس نے کسی ایک بے گناہ انسان کو قتل کیا، گویا اس نے پوری انسانیت کو قتل کر دیا۔‘‘(سورۃ المائدہ 32)
رسول اللہ ﷺ نے عورتوں کے ساتھ حسنِ سلوک کو ایمان کی خوبی قرار دیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا:’’تم میں بہترین وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے بہترین ہو۔‘‘(جامع الترمذی)
یہ حدیث اس تصور کو مکمل طور پر رد کرتی ہے کہ مرد کو عورت پر ظلم، تشدد یا جبر کا اختیار حاصل ہے۔ اسلام میں مرد کو ’’نگہبان‘‘ ضرور قرار دیا گیا ہے، مگر اس نگہبانی کا مطلب محبت، تحفظ، ذمہ داری اور عدل ہے، نہ کہ جبر، تشدد اور اختیار کا ناجائز استعمال۔افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ غیرت کے نام پر ہونے والا تشدد اکثر گھر کی چار دیواری میں ہوتا ہے، اس لیے اسے رپورٹ کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ باپ، بھائی، شوہر، چچا، ماموں، ساس یا دیگر رشتہ دار اس ظلم میں شریک ہوتے ہیں، جبکہ متاثرہ عورت تنہا رہ جاتی ہے۔ بعض اوقات پورا معاشرہ بھی ظالم کے ساتھ کھڑا نظر آتا ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments