محترمہ چیف ایڈیٹر و ایڈیٹر صاحبہ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الحمد للہ! “ھادیہ ای میگزین” کا تازہ شمارہ پڑھنے کا موقع ملا۔ یہ شمارہ علمی، فکری اور روحانی اعتبار سے نہایت مؤثر ہے۔ اس میں ملک و قوم کے موجودہ حالات کے تناظر میں فکری اور عملی رہنمائی کا حسین امتزاج نظر آتا ہے۔ مضامین کا انتخاب نہایت عمدہ، بامقصد اور معیاری ہے۔ ہر مضمون دل و دماغ کو متاثر کرنے کے ساتھ عمل کی ترغیب بھی دیتا ہے۔”بچیوں کے لیے ملک کا غیر محفوظ ماحول” کے عنوان سے مضمون پڑھ کر یہ احساس مزید گہرا ہوا کہ بچیوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے ساتھ عزت و احترام کا برتاؤ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لیے عوامی شعور بیدار کرنا اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے والدین، تعلیمی اداروں اور معاشرے کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ مضمون فکر انگیز اور معلومات افزا ہے۔”بیوہ: اسلامی تعلیمات اور سماجی رویّہ” کے عنوان سے مضمون بیوہ خواتین کی زندگی اور ان کے حقوق کو مؤثر انداز میں اجاگر کرتا ہے۔مصنفہ نے نہایت دل نشیں اسلوب میں بیوہ کے حقِ وراثت کی اہمیت واضح کرتے ہوئے قارئین کی توجہ اس اہم مسئلے کی طرف مبذول کرائی ہے۔ اس سے یہ احساس بھی پیدا ہوتا ہے کہ بیوہ خواتین کو معاشرے کی ہمدردی، احترام اور تعاون کی کس قدر ضرورت ہے۔”پسند کی شادی اور عمر کا تفاوت” کے عنوان سے مضمون میں مصنف نے نہایت سلیقے اور متوازن انداز میں مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ باہمی سوجھ بوجھ، اعتماد اور رضامندی ایک کامیاب ازدواجی زندگی کی مضبوط بنیاد ہیں۔ اس کے ساتھ خاندانی اقدار اور والدین کی رضامندی کی اہمیت کو بھی خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے۔ یہ ایک دلچسپ اور معلوماتی مضمون ہے، جو قارئین کو متوازن انداز میں سوچنے کی ترغیب دیتا ہے۔”ھادیہ” کی پوری ٹیم مبارک باد اور تحسین کی مستحق ہے۔ اس شمارے کی تیاری میں شامل ہر فرد کی محنت، خلوص اور لگن قابلِ ستائش ہے۔ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ تمام کی کاوشوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے بہترین ثمرات دنیا و آخرت میں نصیب فرمائے اور اس میگزین کو مزید ترقی، مقبولیت اور افادیت سے نوازے۔آمین
جوابِ
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
محترمہ طیبہ سسٹر
آپ کا مراسلہ پڑھ کر دلی مسرت ہوئی۔ آپ نے جس خلوص اور محبت کے ساتھ “ھادیہ ای میگزین” کے مضامین پر اپنے قیمتی تاثرات قلم بند کیے ہیں، وہ ہمارے لیے باعثِ مسرت ہیں۔آپ کے مکتوب سے اندازہ ہوا کہ آپ “ھادیہ” کی مستقل قاری ہیں۔ یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ہم آپ کے قیمتی قلمی تعاون کے بھی مشتاق اور منتظر ہیں، کیونکہ “ھادیہ” خواتین اور طالبات کا ایک معیاری ڈائجسٹ ہے اور اپنے قلم کاروں کی ہمیشہ قدر کرتا ہے۔ھادیہ ٹیم آپ کی دل سے مشکور ہے ۔
والسلام
ایڈیٹر
ھادیہ ای میگزین
٭ ٭ ٭


0 Comments