سینے میں یزیدیت کا ظلم چھپاتے ہوئے
لوگ زار و قطار روئے امام حسینؓ مناتے ہوئے
یاد رکھیے! جب سانحۂ شہادتِ امام حسینؓ کا تذکرہ کریں تو اسے صرف مظلومیت کی داستان بنا کر پیش نہ کریں۔
نئی نسل کو یہ بھی بتائیں کہ کربلا صرف اہلِ بیتؓ کی پیاس، عورتوں اور بچوں کی بے بسی کی داستان نہیں، بلکہ یہ جرأت، استقامت، حق پر ثابت قدمی اور باطل کے سامنے سر نہ جھکانے کا نام ہے۔
کربلا، امام حسینؓ کی اس عظیم قربانی کا نام ہے جو انہوں نے حق کی خاطر اپنی جان نچھاور کرکے پیش کی۔
یہ باطل کے سامنے ثابت قدمی، ظلم کے خلاف مزاحمت اور دینِ اسلام کی حقیقی روح کو زندہ رکھنے کی بے مثال داستان ہے۔
کربلا وہ آئینہ ہے جس میں اسلام اپنی حقیقی روح، اپنے اصل پیغام اور اپنے اخلاقی اصولوں کو نمایاں کرتا ہے۔ یہ ہر اس فکر کی نفی کرتا ہے جو انسان کو طاغوت کی اطاعت یا ظلم کے سامنے جھکنے پر آمادہ کرے۔
اسلام نے حق و باطل کے درمیان واضح حدود متعین کر دی ہیں، اور ان حدود سے تجاوز کی اجازت کسی کو نہیں۔
تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ نواسۂ رسول اللہ ﷺ کے قاتل بظاہر خود کو مسلمان کہتے تھے۔ وہ نمازیں بھی پڑھتے تھے، مگر اہل بیت کے معصوم جانوں کا قتل بھی کرتے ۔
قرآن کی تلاوت بھی کرتے تھے، مگر ان کے دل ایمان کی روح سے خالی تھے۔ وہ کلمہ بھی پڑھتے تھے، لیکن عملاً اپنے دنیاوی مفادات اور طاقت کے مراکز کی اطاعت کو ترجیح دیتے تھے۔
یہی وہ فکری فرق ہے جو واضح کرتا ہے کہ صرف پیدائشی یا ظاہری مسلمان ہونا کافی نہیں، بلکہ صحیح عقیدہ، صالح کردار، اور قول و فعل کی مطابقت ہی ایک حقیقی مسلمان کی پہچان ہے، اور یہی شہادتِ امام حسینؓ کا اصل پیغام بھی ہے۔
سانحۂ کربلا درحقیقت اسلام کی حقیقی فکر کے ظہور کا ذریعہ ہے۔ اس کی یاد تازہ رکھنا ہر دور کی ضرورت ہے، تاکہ ہماری نسلیں بھی اپنے زمانے کے ہر ظلم، جبر اور باطل کے مقابلے میں حسینی فکر، جرأت اور استقامت کے ساتھ کھڑی ہو سکیں اور فرزندِ شیرِ خدا حضرت امام حسینؓ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے حق و انصاف کا پرچم بلند رکھیں۔
٭ ٭ ٭

![Girls Plant[Fikr e Husain RA]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/07/Girls-PlantFikr-e-Husain-RA.jpg)
0 Comments