لےپالک

زبردست بارش کے آثار ہیں، اب کھڑکی بند کر دیتی ہوں۔
خیر النساء بوا نے آگے بڑھ کر تیزی سے کھڑکی کے دونوں پٹ بند کر دیے تھے اور مدیحہ کے بستر کے قریب کھڑے ہو کر پردے برابر کرنے لگیں۔ مدیحہ نے بے بسی سے کھڑکی کی جانب دیکھا اور بوا سے دھیمی آواز میں کہا:
”تھوڑی دیر اور کھلا رہنے دیتیں۔“
”بی بی، پورا بستر بھیگ جاتا آپ کا، بارش بہت تیز ہوگی۔“
مدیحہ کی نگاہیں کھڑکی کے شیشے سے تیزی سے گرتی ہوئی بوندوں پر جم سی گئیں۔
ایک کے بعد ایک گرتی ہوئی بوندیں گویا کسی ریس میں لگی ہوئی تھیں۔ انھیں بہت جلدی تھی زمین کی آغوش میں سمانے کی۔ وہ نیلگوں آسمان کی وسعتوں کو چھوڑ کر زمیں کے ایک بہت چھوٹے حصے کو سیراب کرنے کے لیے بے تاب تھیں۔
کیا زمین کا وہ حصہ بھی ان کا اسی جنون سے انتظار کر رہا ہے؟ وہ ان کا سچا قدردان ہے بھی یا نہیں؟ لگتا ہے ان بوندوں کو اس سوال سے کوئی غرض نہیں۔ شاید وہ قدردانی کے لفظ سے ہی ناواقف ہیں، یا شاید وہ اس کا مطلب بھی جاننے کی خواہش مند نہیں۔
انھیں تو ایک ہی دھن سوار تھی، جلد از جلد زمین تک پہنچ جانے کی۔ اسی دھن میں انھوں نے برق رفتاری سے ہزاروں، لاکھوں میل کی مسافتیں طے کی تھیں، ہوا کے بے رحم تھپیڑے کھائے تھے، بجلی کی خوفناک آوازیں جھیلی تھیں، اسی بجلی کی جس کی زد میں آ کر نہ جانے کتنے آشیانے جل کر راکھ ہوئے تھے، مگر یہ ضدی بوندیں تو کسی چیز کو خاطر میں نہ لانے والی تھیں۔ تبھی تو تواتر کے ساتھ گرتے ہوئے اس کی کھڑکی سے لگے گملوں کو سیراب کر رہی تھیں۔
”چائے پی لیں، بی بی، پھر میں بھی گھر جاؤں گی۔ آج میری بیٹی اور داماد آنے والے ہیں۔“
اس نے مدیحہ کو سہارا دے کر بٹھایا اور چائے کا کپ اس کے کمزور ہاتھوں میں تھما دیا۔ مدیحہ نے چائے سے نکلتی بھاپ کو تیزی کے ساتھ ہوا میں تحلیل ہوتے دیکھا۔
سب کو جلدی ہے، سب کو جانا ہے۔
یہ الفاظ اس کی زبان نے نہیں، دل نے ادا کیے تھے۔زبان تو خیر النساء بوا کو دروازے اور کھڑکیاں صحیح سے بند کرنے کی ہدایت دے رہی تھی۔
”بی بی، کھانا میں سائیڈ والی میز پر ڈھک کر رکھ دیتی ہوں، آپ کھا لیجیے گا۔ فون آپ کا پورا چارج ہو چکا ہے، وہ بھی میز پر رکھا ہوا ہے۔
آپ کو فون لا دوں؟ سمن بیٹی کی کال کا وقت بھی ہونے والا ہے۔“
بوا جلدی جلدی اپنے کام سمیٹ رہی تھیں۔ اس نے ادھر اثبات میں سر ہلایا اور بوا اُدھر فون اس کے ہاتھوں میں تھما چکی تھیں۔
بوا کے قدموں کی چاپ اب دور جا رہی تھی۔ اب اس کا تنہائی کا ساتھی اور ہمدم وہ فون بن چکا تھا۔ اس نے ایک سپاٹ نظر اس بے جان ساتھی پر ڈالی اور آنکھیں موند لیں۔
نہ جانے کیوں وہ اس نئے نویلے اسمارٹ ساتھی سے دل کا کوئی تعلق محسوس نہیں کرتی تھی۔ وہ ساتھی جس کی دوستی سبھی کو اپنوں سے بیگانہ بنا رہی تھی۔ دنیا کے ہر غم اور فکر کو بھلا کر سب ہی تو اس کے دیوانے تھے، اس کی برق رفتار خدمات پر فدا، سوائے ایک اس کے، جسے آج بھی صرف سمن سے بات کرنے کے لیے اس کا سہارا لینا پڑ رہا تھا۔سمن، اس کی پیاری بیٹی، اس کی آنکھوں کی ٹھنڈک، دل کا قرار، گویا پوری زندگی کا سرمایہ۔ نہ جانے اس کا فون ابھی تک کیوں نہیں آیا۔
اس سوچ کا آنا تھا کہ اس کے ہاتھ خودبخود فون کی طرف بڑھ گئے۔
”جس نمبر سے آپ بات کرنا چاہتے ہیں، وہ ابھی مصروف ہے۔“
کئی مرتبہ کوشش کرنے کے باوجود مشینی آواز میں ریکارڈ پیغام اس کے کانوں میں چبھنے لگا۔ اس نے خاموشی سے فون میز کے کنارے پر رکھا اور خود کو تسلی دینے لگی۔
کتنا کام ہے اس کے اوپر۔ ابھی نئی نئی نوکری ہے، مصروف تو ہوگی ہی۔ میں یہاں بالکل فارغ ہوں، اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ اب سب لوگ اسی طرح خالی ہوں۔
لفظ ”خالی“ نے اس کے اندر کے درد کو جیسے جگا سا دیا تھا۔واقعی سکندر، آپ کے بعد زندگی میں کچھ بھی نہیں ہے۔ یہ خالی کشکول ہے جسے اب دنیا کی کوئی محبت نہیں بھر سکتی۔ اگر سمن نہ ہوتی تو میں شاید کبھی جینے کا تصور بھی نہ کر پاتی۔
خودکلامی کرتے ہوئے اس نے اپنے کمزور وجود کو بستر سے نیچے اتارا اور سرہانے رکھی اپنی چھڑی کو تھام کر دھیرے دھیرے اپنے کمرے کی طرف چل دی۔
سلیقے سے سجا ہوا اس کا کمرہ آج بھی ویسا ہی تھا جیسے سکندر کی زندگی میں ہوا کرتا تھا۔ سکندر کے کپڑوں کی الماری، ان کے استری کیے ہوئے کپڑے، پرفیوم، ان کی فائلیں اور کاغذات، سب آج بھی جیسے سکندر کا انتظار کر رہے تھے۔وہ الماری بند ہی کرنے والی تھی کہ لاکر سے جھانکتے کاغذ نے اس کے ہاتھوں کو منجمد کر دیا۔
یہ لاکر کس نے کھول لیا؟ سکندر نے اپنی زندگی میں بھی اس کو کبھی کھلا نہیں چھوڑا تھا۔
کانپتے ہاتھوں سے اس نے لاکر کو پورا کھول لیا۔ اس کی چابی ابھی پچھلے ویک اینڈ پر سمن نے اس سے لی تھی۔ وہ جلدی میں تھی، اس کو ایئرپورٹ بھی جانا تھا۔ اس کے کچھ اوریجنل سرٹیفکیٹ سکندر کی الماری میں تھے۔
آخری وقت میں تو اس لڑکی کو ہوش آتا ہے۔
سمن کی یاد سے انھیں خیال آیا کہ وہ موبائل باہر والے کمرے میں ہی چھوڑ آئی تھی۔لاکر کو پورا کھول کر باہر نکلے کاغذ کو وہ اس کی فائل میں لگانے لگی۔
تبھی اس کاغذ پر آنسوؤں کے نشان اس کو حیران زدہ کر دیتے ہیں۔
یہ کون سا کاغذ ہے؟
اس نے حیرانی سے اس کاغذ کو پڑھنا شروع کر دیا۔ کاغذ پر لکھے الفاظ اس کی نگاہوں میں دھند لانے لگے۔
ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟ نہیں، یہ سب جھوٹ ہے، سب غلط ہے۔ میں ابھی ڈاکٹر صبوحی کو فون کرتی ہوں۔
اس نے فائل کو پورا کھول کر کاغذات کو اندر رکھا۔ تبھی اس کی نظر سامنے رکھے لفافے پر گئی۔لفافے کو تیزی سے چاک کرکے اس نے پڑھنا شروع کر دیا۔
مدیحہ!
جس وقت تم یہ تحریر پڑھ رہی ہوگی، میں اس دنیائے فانی سے رخصت ہو چکا ہوں گا۔تم جس لمحے میری رفیقِ حیات بن کر میری زندگی میں شامل ہوئیں، میں نے خود کو مکمل سمجھا، مگر شاید میں تمہیں مکمل نہ کر سکا۔
اس لیے شادی کے پانچ سال بعد بھی جب ہمارا آنگن ننھی کلکاریوں سے محروم رہا تو تم ڈپریشن میں جانے لگیں۔ تم یتیم خانے سے کسی بچے کو گود لینے پر بھی راضی نہیں تھیں، کیونکہ تمہیں لگتا تھا نہ جانے کس کا خون ہوگا۔
میں نہ چاہتے ہوئے بھی تم سے اختلاف نہ کر سکا۔ خاندان میں کوئی اپنا بچہ دینے کو تیار نہ تھا، اور یہ ان کا حق تھا، مگر اس بات پر تم نے اپنی سگی بہنوں اور میرے بھائی بہنوں سے تعلقات توڑ لیے۔
تبھی خدا کی رحمت سے تم امید سے ہو گئیں۔ ہمارا کیس شروع ہی سے کچھ پیچیدگیوں کا شکار تھا۔ تمہیں بھی اس کا اندازہ ہونے لگا تھا۔
پورے نو مہینے تم نے راتوں کو اٹھ اٹھ کر اپنی اولاد کی سلامتی کی دعائیں مانگیں، غریبوں میں صدقات کیے، رشتہ داروں سے اپنے تعلقات بحال کر لیے۔
میں جہاں تمہاری بدلی ہوئی شخصیت سے خوش تھا، وہیں پریشان بھی تھا کہ اگر، خدانخواستہ، ہماری اولاد کو کچھ ہو گیا تو نہ جانے تم کیسے ردِّعمل ظاہر کرو گی۔
پھر آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹر صبوحی سے تمہارا گڑگڑا کر اپنی اولاد کی سلامتی مانگنا مجھے اندر تک ہلا گیا۔
میری اولاد شروع ہی سے خطرے میں تھی، اور یہ بات میں جانتا تھا۔ تمہاری ساری رپورٹیں میرے فولڈر میں رہتی تھیں۔ میں ان کو تمہارے ساتھ شیئر نہیں کر سکتا تھا۔
تمہاری جذباتیت اب مجھے خوف میں مبتلا کر رہی تھی۔اور اسی خوف نے مجھے اپنے چپراسی شمس الدین کی چوتھی بچی گود لینے پر مجبور کر دیا۔ہماری بچی تو دنیا میں آنے سے پہلے ہی رخصت ہو چکی تھی۔ میں تو کھل کر اس کے جانے کا غم بھی نہیں منا سکتا تھا۔
پھر سمن بڑی ہوئی۔ اس کے خدوخال، چہرہ مہرہ، سب کچھ اس کے حقیقی والدین سے مشابہت رکھتا تھا، مگر تمہیں اس میں ہمیشہ میرا اور اپنا عکس دکھائی دیتا تھا۔
شاید محبت صرف اندھی ہی نہیں ہوتی بلکہ انسان کو اندھا بھی بنا دیتی ہے۔
سمن کی اٹھارویں سالگرہ پر اس کے حقیقی والدین اس سے ملنے آئے تھے۔ میں نے انھیں منع نہیں کیا۔ انھوں نے سمن کو دعائیں دیں اور رخصت ہو گئے۔وہ جانتے ہیں، زندگی بہت سخت امتحان لیتی ہے، اور ان میں سے ایک امتحان کا نام غربت بھی ہے۔
مدیحہ! میں چاہتا ہوں تم مضبوط بنو۔ اللہ تعالیٰ کی ذات پر بھروسا رکھو۔ وہ ہمارے لیے خود ہم سے بھی زیادہ مہربان ہے۔
سمن کو اس حقیقت سے خود روشناس کرانا۔
دیکھو، بکھرنا مت۔تمہیں ہماری محبت کا واسطہ۔
سمن کو گود لینے کے تمام کاغذات فائل میں موجود ہیں۔
صرف تمہارا
سکندر حیات
اور میں یہی سوچ رہی تھی کہ میرے رب نے متبنی کو انکے والدین کا نام دینے کی بات کیوں کہی؟ ۔

وَاللّٰهُ یَقُوْلُ الْحَقَّ وَهُوَ یَهْدِی السَّبِیْلَ ۞اُدْعُوْهُمْ لِاٰبَآىِٕهِمْ هُوَ اَقْسَطُ عِنْدَ اللّٰهِ — فَاِنْ لَّمْ تَعْلَمُوْۤا اٰبَآءَهُمْ فَاِخْوَانُكُمْ فِی الدِّیْنِ وَمَوَالِیْكُمْ — وَلَیْسَ عَلَیْكُمْ جُنَاحٌ فِیْمَاۤ اَخْطَاْتُمْ بِهٖ — وَلٰكِنْ مَّا تَعَمَّدَتْ قُلُوْبُكُمْ — وَكَانَ اللّٰهُ غَفُوْرًا رَّحِیْمًا ۞

( سورہ احزاب آیت نمبر 4,5)
”اور نہ اس نے تمہارے منہ بولے بیٹوں کو تمہار حقیقی بیٹا بنایا ہے۔ یہ تو وہ باتیں ہیں جو تم لوگ اپنے منہ سے نکال دیتے ہو،مگر اللہ وہ بات کہتا ہے جو مبنی بر حقیقت ہے، اور وہی صحیح طریقے کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔منہ بولے بیٹو ں کو ان کے باپوں کی نسبت سے پکارو،یہ اللہ کے نزدیک زیادہ منصفانہ بات ہے۔ اور اگے تمہیں معلوم نہ ہو کہ ان کے باپ کون ہے تو وہ تمہارے دینی بھائی اور رفیق ہیں۔ نادانستہ جو بات تم کہو اس کے لیے تم پر کوئی گرفت نہیں ہے،لیکن اس بات پر ضرور گرفت ہے جس کا تم دل سے ارادہ کرو۔ اللہ درگزر  کرنے والا اور رحیم ہے۔“
کسی بچے کو لیکر پالنا انکی کفالت کرنا ایک نیکی کا کام ہے لیکن انھیں اپنا نام دینا اللہ کے نزدیک نا پسندیدہ ہے ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے