بیوہ عورت کہاں عدّت گزارے ؟
سوال:
میری شادی کو سات سال ہو چکے ہیں۔ دو ہفتے قبل میرے شوہر کا انتقال ہوگیا۔ میرا ایک تین سالہ بیٹا ہے۔ سسرال میں میرے سسر اور دو دیور رہتے ہیں، جبکہ میری ساس کا انتقال ہو چکا ہے۔ میرے سسر بیمار ہیں اور بسترِ علالت پر ہیں، جبکہ ایک دیور غیر شادی شدہ ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں سے رشتے کی ایک خالہ میرے ساتھ رہ رہی تھیں، لیکن اب وہ واپس جا رہی ہیں۔
ایسی صورت میں مجھے عدّت گزارنے میں دشواری محسوس ہو رہی ہے۔ کیا میں اپنی بہن کے گھر عدّت گزار سکتی ہوں؟ میرے والدین اور بھائی نہیں ہیں، صرف ایک بہن ہے۔
سسرال والے کہتے ہیں کہ بہن کے گھر نامحرم بہنوئی کی موجودگی کی وجہ سے عدّت گزارنا مناسب نہیں۔ اگر ایسا ممکن نہ ہو تو کیا میں اپنے تین سالہ بیٹے کے ساتھ الگ مکان کرائے پر لے کر عدّت گزار سکتی ہوں؟ الحمدللہ مالی اعتبار سے کوئی مشکل نہیں، کیونکہ میرے والد کے مکان کا کرایہ مجھے اور میری بہن کو ملتا ہے۔
جواب:
عام حالات میں شریعت کا حکم یہ ہے کہ عورت اپنے شوہر کے انتقال کے بعد عدّتِ وفات (چار ماہ دس دن) اسی گھر میں گزارے جہاں وہ شوہر کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔ بلا ضرورت کسی دوسرے مقام پر منتقل ہو کر عدّت گزارنا درست نہیں۔
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
وَالَّذِينَ يُتَوَفَّوْنَ مِنْكُمْ وَيَذَرُونَ أَزْوَاجًا يَتَرَبَّصْنَ بِأَنْفُسِهِنَّ أَرْبَعَةَ أَشْهُرٍ وَعَشْرًا (سورۂ البقرہ: 234)

’’تم میں سے جو لوگ مر جائیں ، ان کے پیچھے اگر ان کی بیویاں زندہ ہوں، تو وہ اپنے آپ کو چار مہینے ، دس دن روکے رکھیں‘‘
احادیثِ نبویہ سے معلوم ہوتا ہے کہ اس مدت میں عورت دوسرا نکاح نہیں کرتی، زیب و زینت سے اجتناب کرتی ہے اور بلا ضرورت گھر سے باہر نہیں نکلتی۔البتہ اگر سسرال میں رہنے سے عورت کی جان، عزت و آبرو، پردے یا ذہنی و معاشرتی سکون کو حقیقی خطرہ یا شدید دشواری لاحق ہو تو وہ کسی مناسب جگہ منتقل ہو کر عدّت گزار سکتی ہے۔
اس سلسلے میں کتب حدیث میں حضرت فاطمہ بنت قیس رضی اللہ عنہا کا واقعہ رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اگرچہ یہ عدّتِ طلاق کا واقعہ ہے، تاہم اس سے عدّت کے دوران مناسب رہائش کے بارے میں اصولی رہنمائی ملتی ہے۔ حضرت فاطمہ بنت قیس رضی اللہ عنہا کے شوہر ےنے انہیں تین طلاق دے دی تھی۔
’’رسول اللہ ﷺ نے پہلے انہیں عدت کے زمانے میں ایک دوسری صحابیہ حضرت اُ مِّ شریک رضی اللہ عنہا کے گھر رہنے کا فرمایا، پھر وہاں زیادہ لوگوں کی آمد و رفت کے باعث حضرت عبداللہ بن اُمِّ مکتوم رضی اللہ عنہ کے گھر منتقل ہونے کی ہدایت فرمائی، کیونکہ وہ نابینا تھے اور وہاں پردے کا بہتر انتظام تھا۔ چنانچہ انھوں نے اپنی پوری عدّت وہیں گزاری۔‘‘
(صحیح مسلم: 1480)
آپ کے حالات کے پیشِ نظر درج ذیل صورتوں میں سے کسی ایک پر عمل کیا جا سکتا ہے:
۱۔اگر سسرال میں الگ، محفوظ اور باپردہ کمرہ موجود ہو اور غیر شادی شدہ دیور کے ساتھ اختلاط یا تنہائی کی نوبت نہ آئے تو وہیں عدّت گزارنا بہتر ہے۔ آپ اپنے بیمار سسر کی خدمت بھی کر سکتی ہیں، کیونکہ وہ آپ کے محرم ہیں۔
۲۔اگر بہن کے گھر الگ کمرہ، پردے اور رہائش کا مناسب انتظام موجود ہو اور بہنوئی کے ساتھ اختلاط یا خلوت کی صورت پیدا نہ ہو تو وہاں عدّت گزارنے کی بھی گنجائش ہے۔ صرف بہنوئی کا نامحرم ہونا بذاتِ خود ممانعت کی وجہ نہیں، اصل شرط پردے اور شرعی حدود کی پابندی ہے۔
۳۔اگر آپ مالی استطاعت رکھتی ہیں اور اپنے تین سالہ بیٹے کے ساتھ کسی محفوظ مکان میں الگ رہ سکتی ہیں تو یہ صورت زیادہ اطمینان بخش ہے۔ اس سے پردے، سکون اور تحفظ کا بہتر انتظام ممکن ہوگا اور بہت سے عملی اشکالات بھی ختم ہو جائیں گے۔لہٰذا آپ اپنے حالات، سہولت اور شرعی تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے ان میں سے کسی بھی مناسب صورت کا انتخاب کر سکتی ہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے