Bougain Villea Calling
موبائل فون اٹھایا۔
بچوں کے موبائل پر مسلسل کال آرہی تھی تو نام دیکھ کر سمجھ میں نہیں آیا کہ یہ بیٹی کی سہیلی ہے یا بیٹے کا سہیلا ہے، بچے چھت پر تھے، جتنی دیر میں نے سوچنے سمجھنے میں لگائی، کال بند ہوچکی تھی۔
چولہے پر سینڈوچ کے لیے آملیٹ بن رہا تھا اور اتنا وقت نہیں تھا کہ بچوں کو آواز دے کر تفتیش کروں، بھول گئی۔
بیٹی کی قمیض ڈیزائن کررہی تھی، آواز دے کر پوچھا :
’’یہ والا بنا دوں؟ ‘‘
دور سے ہی بھائی کے ساتھ لڈو کھیلتی کے پاس اتنی فرصت نہیں تھی کہ تفصیل بتاتی، کہتی ہے:
’’ ا سکرین شاٹ میں ہے ،دیکھ لیں وہ ڈیزائن۔‘‘
ان کاموبائل اٹھایا تو ’’وہ والی‘‘ کی طرف سے میسجز کا انبار لگا ہوا تھا۔
’’اب یہ ’’وہ والی‘‘کون سی والی ہو سکتی ہے ؟لگاتی ہوں اس کا بھی سراغ۔‘‘بس سوچ ہی سکی، اس کےبعد ذہن سے نکل گیا۔
بیٹے کے دوست کی والدہ کو پڑھائی کے متعلق کچھ بات کرنی تھی مجھ سے، جیسے ہی کال بند ہوئی ،موبائل تھماتے اسکرین پرنظر پڑی تو نظر آیا ’’نمونہ‘‘۔
بس ماتھے پر ہتھیلی ہی مار سکی کہ عصر کا وقت نکلا جا رہا تھا۔
’’وہ تمھاری Ice Cream پوچھ رہی ہےکہ آج کا ٹیسٹ کیسا ہوا تھا؟‘‘ بھائی نے بہن کے سامنے موبائل لہرایا مگر پکڑایا نہیں۔ وہ موبائل کے حصول کے لیے بھائی پرجھپٹی تو بھائی نے دوڑ لگادی۔ شور شرابہ سنائی دیا تو تصفیہ کے طور پہ میں نے دونوں کی دسترس سے موبائل دور کر دیا۔پھر پچھلی تمام پہیلیاں بھی یکےبعد دیگرے میری آنکھوں کے آگے ناچنے لگیں۔لگا لی دونوں کی عدالت۔
’’ادھر آؤ ذرا دونوں! یہ گتھی تو سلجھاؤ پہلے۔‘‘کچن میں ہی بیلن لہرا کے قطار بنوا لی دونوں کی۔
’’ہاں تو Bougain Villeaکون سی پہیلی ہے؟‘‘ تھانیدار کی طرح تفتیش شروع کی۔
’’ماما! یہ میری فرینڈ Villa-e- Fatima (ولائے فاطمہ) کا nick ہے۔‘‘بیٹی نے ایک ہاتھ سے اپنا مکھڑا چھپاتے ہوئے ہنسی دباتے کہا۔
’’اچھا تو ’’وہ والی‘‘کون سی والی ہے؟‘‘ تیوری چڑھاتے ہوئے میں نے پوچھا۔
’’یہ سدرہٰ ہے۔ بات کرتے ہوئے ’’وہ ناں…وہ ناں‘‘ بہت بولتی ہے۔‘‘اب کے بیٹی نے آنکھیں پٹپٹا کے جواب دیا۔
’’اور یہ ’’نمونہ‘‘ کے بارے میں بھی وضاحت کر دیں برخوردار!‘‘بیٹے کو مخاطب کیا تو گڑبڑا کے بولا:
’’ وہ ماما بہت Mod بنتا ہے، کہتا ہے میں Model بنوں گا تو اس کی اردو تو ’’نمونہ‘‘ ہی ہے، بس وہی لکھا ہے میں نے۔‘‘
’’اچھا تو ابھی جو جھگڑرہے تھے جس پہ وہ Ice Creamکیا بلا ہے؟‘‘
’’وہ تحریم ہے کہتی ہے میں کریم جیسی Soft اور Cool ہوں، تو اس کی پسند کو مدنظر رکھتے ہی یہ لکھا ہے۔‘‘بیٹی نے شانے اچکاتے اپنی لمبی چوٹی چوتھی بار پیچھے کو جھٹکا، جو بار بار اس کا بھائی آگے پھینک رہا تھا۔
استفسار کی فہرست تو ابھی طویل ہی ہے، لیکن میں لاجواب ہوچکی ہوں،کیوں کہ میری اپنی ادائیں ہی غور طلب ہیں، جس میں صبح کو میاں جی موبائل میں My Manکے منصب پرفائز ہوتے ہیں تو شام کو آتے Anonymous ہو جاتے ہیں۔چھپکلی کو ٹھکانے لگانے پر’’محافظ ‘‘ بن جاتے ہیں تو واش روم کی لائٹ جلتی چھوڑنے پر’’لاپرواہ لڑکا؟‘‘۔
دوا پیار سے کھلانے پر’’ سکون قلب‘‘ کی کرسی پہ براجمان ہوجاتے ہیں تو کمرے میں چیزیں پھیلانے پر’’ جان کا وبال‘‘ ٹھہرائے جاتے ہیں۔بس ایک بات سمجھ میں نہیں آتی مجھے،ان کے مسلسل موبائل استعمال کرنے پران کے لیے ’’فارغ آدمی‘‘ کا لقب کندہ کیا کروں یا ’’مصروف آدمی‘‘۔
٭ ٭ ٭

0 Comments