اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
الطلاق مرتن فامساک بمعروف اور تسریح باحسان و لا یحل لکم ان تاخذوا مما اٰتیتموھن شیئا الا ان یخافا الا یقیما حدوداللہ فان خفتم الا یقیما حدوداللہ فلا جناح علیھما فیما افتدت بہ تلک حدود اللہ و من یتعد حدود اللہ فاولٰئک ھم الظالمون
(سورۃ البقرہ: 229)
(طلاق دو بار ہے۔ پھر یا تو عورت کو معروف طریقے سے رکھ لیا جائے یا بھلے طریقے سے رخصت کردیا جائے۔تمھارے لیے حلال نہیں ہے کہ جو کچھ تم بیویوں کو دے چکے ہو اس میں سے کچھ بھی واپس لو۔ الا یہ کہ میاں بیوی کو خوف ہو کہ وہ اللہ کی حدود پر قائم نہ رہ سکیں گے تو ایسی صورت میں کچھ مضائقہ نہیں اگر عورت کچھ معاوضہ دے کر عقد نکاح سے آزادی حاصل کرلے۔یہ اللہ کے مقرر کردہ حدود ہیں اور جو کوئی اللہ کے حدود سے تجاوز کرے گا تو وہی لوگ ظالم ہیں۔)
قرآن اللہ تبارک و تعالیٰ کی کتاب ہے، جس میں زندگی سے متعلق تمام مسائل کے احکام دیے گئے ہیں ،چاہے اس کا تعلق اعتقاد و ایمانیات سے ہو، فرائض و عبادات سے ہو، معاشرتی و خاندانی زندگی یا معاشیات و سیاسیات سے ہو۔ انسانوں کے لیے یہ کتاب ہدایت کی کتاب ہونے کے ساتھ ساتھ قانون کی کتاب کی حیثیت بھی رکھتی ہے جس پر عمل سے ہی دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔
پورے قرآن کریم میں نکاح و طلاق اور ازدواجی زندگی سے متعلق بہت سی رہ نمائی اور احکام ملتے ہیں۔ مذکورہ آیات طلاق و خلع سے متعلق اہم ضابطے فراہم کرتی ہے۔ موجودہ دور میں طلاق و خلع کا معاملہ بہت ہی افراط و تفریط کا شکار ہے۔ سماجی اور معاشرتی زندگی میں ایک طرف تو طلاق سے نہ صرف ایک گھر اجڑ جاتا ہے بلکہ دو خاندان بکھرکر رہ جاتے ہیں، آپس میں نااتفاقی اور نفرت جگہ بنا لیتی ہے، شوہر اور بیوی دونوں کی شخصیت مجروح ہوتی ہےاور خاص طور پر بچوں پر اس کا نہایت ہی برا اور گہرا اثر پڑتا ہے، جس سے ان کی ذہنی نشوونما اور صلاحیتیں مناسب طریقے سے پروان نہیں چڑھ پاتی ہیں اور ان کا وجود منتشر ہو جاتاہے ، لیکن اگر دوسرے پہلو سے اس معاملے پر روشنی ڈالی جائے تو اکثر سماج کو ایسے واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جہاں طلاق کی اشد ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ جہاں میاں بیوی مودّت و رحمت سے رہنا تو دور کی بات ،لڑائی، جھگڑے، ٹینشن، تنائو اور گھریلو ناچاقیوں کی وجہ سے ایک دوسرے سے اتنی نفرت کرنے لگتے ہیں کہ شادی کا مقصد ہی فوت ہوجاتا ہےاور وہ ندی کے دو کنارے کے مانند بن جاتے جن کا ملنا ناممکن ہوتا۔ ایسے میں نہ صرف دو زندگیاں دائو پر لگتی ہیں بلکہ گھر کا سکون، بچوں کی تعلیم و تربیت اور دو خاندان کے افراد بھی سخت مشکل اور تنائو کا شکار ہوجاتے۔
اسلام معاشرتی اور انفرادی زندگی میں طلاق کی ضرورت سے بخوبی واقف اور اس کے نہ ہونے کی صورت میں سماج اور فرد کو جس عظیم نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے،اس سے بھی آگاہ تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس نے طلاق کے دروازے کو کھلا رکھا، لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ شادی بیاہ کو ایک مذاق سمجھ کر ہر چھوٹی چھوٹی بات پر طلاق کا استعمال کیا جائے،بلکہ اسلامی قوانین طلاق کا اگر بغور مطالعہ کیا جائے تو یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہوجاتی ہے کہ طریقۂ طلاق خود بہت سی حکمتوں اور مصلحتوں سے گھرا ہوا ہے، اور اگر واقعی اسلامی قانون کے مطابق طلاق دی جانے لگے تو طلاق صرف ان ہی لوگوں کے بیچ میں واقع ہوگی جہاں واقعی نباہ کی کوئی گنجائش نہ ہو اور کسی کو بھی طلاق دینے کے بعد پچھتانا نہیں پڑے گا۔
ان آیات کو سمجھنے کے لیے نکاح کی شرعی حیثیت کو سمجھنا بھی بہت ضروری ہے۔ تمام ائمہ کا اس بات پر اتفاق ہے کہ نکاح ایک شرعی معاہدہ ہے جو مسنون ہے۔ امت کا اس پر بھی اتفاق ہے کہ جس کو طبعی طور پر نکاح کی خواہش ہو ورنہ زنا کا اندیشہ ہو اس کے لیے نکاح مطلقاً مستحب ہے بلکہ حج، جہاد، نماز، روزہ، اور نوافل سے افضل ہے۔
نکاح چوں کہ ایک معاہدہ ہے جسے ناگزیر حالات میں طلاق کے ذریعے ختم کرنے کی اسلام اجازت دیتا ہے،لیکن اسلام میں نکاح کی حیثیت عام معاہدات و معاملات سے بلند رکھی ہے اور اس پر بہت سی پابندیاں لگائی ہیں ،تاکہ یہ معاہدہ اور معاملہ عام معاملات و معاہدات کی طرح آزاد نہ ہو کہ جب چاہیں جس سے چاہیں اس معاملے کو فسخ کر دیں اور کسی اور سے معاملہ کر لیں ،بلکہ اس کے لیے ایک خاص حکیمانہ قانون بنایا جس کا بیان آیت مذکورہ میں کیا گیا ہے۔قرآن کے مطابق نکاح دراصل زندگی بھر رفاقت کے نبھانے کا نام ہے۔ یہ وہ عہد ہے جس کو کرتے وقت، نبھاتے وقت اور توڑتے وقت سنجیدگی، ذہنی آمادگی اور سوچ و فکر کے بعد ہی فیصلہ کرنے میں حکمت و بھلائی مضمر ہے۔ یہ وہ فیصلہ ہے جس کو اگر مذاق میں بھی بول دیا تو وہ سنجیدگی میں لیے گئے فیصلے کے ہی موافق ہوگا۔ حضرت ابوہریرہؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اکرمﷺ نے فرمایا:
’’تین امور ایسے ہیں جو قصداً کیے جائیں یا ہنسی مذاق میں کیے جائیں،وہ واقع ہوجاتے ہیں۔(1)نکاح،(2)طلاق، (3)رجوع کرنا۔‘‘
اس ازدواجی بندھن کو بحسن و خوبی نبھانے کے لیے اللہ تعالیٰ دونوں پر کچھ حقوق اور ذمہ داریاں عائد کرتا ہے اور انھیں پورا کرنے کا حکم دیتا ہے۔ ساتھ ہی وہ اس رشتے کو خوش دلی، وسعت قلبی، غلطیوں، خطائوں اور خامیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے نبھانے کی تاکید کرتا ہے۔
اسی طرح اللہ تبارک و تعالیٰ مردوں کو حکم دیتا ہے کہ وہ عورتوں کی کم زوریوں کو برداشت کریں۔ زندگی میں اکثر زوجین کے درمیان اختلاف ہوتاہے، غصہ ہوتاہے، لڑائی جھگڑا ہوتاہے لیکن ہر چیز کو وجہ بناکر اس مقدس بندھن کو توڑنا اسلام کی شان کے منافی ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ حسن سلوک اور محبت کا رویہ اختیار کرنے کا حکم دیتا ہے:
’’ان کے ساتھ بھلے طریقے سے زندگی بسر کرو۔ اگر وہ تمھیں ناپسند ہوں تو ہوسکتا ہے کہ ایک چیز تمھیں پسند نہ ہو مگر اللہ نے اُس میں بہت کچھ بھلائی رکھ دی ہو۔‘‘(سورۃ النساء: 19)
عورتوں کے ساتھ حسن و سلوک کرنے، خامیوں کو نظرانداز کرنے اور وسعت قلبی کا ثبوت دینے کے باوجود اگر عورت نافرمانی پر آمادہ ہو، اس نےبے راہ روی اختیار کررکھی ہو تب بھی اسلام جلدبازی کرنے کا حکم نہیں دیتا ہے، بلکہ مردوں کو خصوصی اختیارات دیتا ہے کہ وہ ان کے اصلاح کی گھر کے اندر ہی بھرپور کوشش کریں اور ان اختلافات کو آپس میں سلجھائیں۔ اللہ تعالیٰ کا حکم ہے:
’’اور جن عورتوں سے تمھیں سرکشی کا اندیشہ ہو انھیںسمجھائو، خواب گاہوں میں اُن سے علیٰحدہ رہو اور مارو، پھر اگر وہ تمھاری مطیع ہوجائیں تو خواہ مخواہ ان پر دست درازی کے لیے بہانے تلاش نہ کرو، یقین رکھو کہ اوپر اللہ موجود ہے جو بڑا اور بالاتر ہے‘‘۔ (سورۃالنساء: 34)
مردوں کو حسن سلوک اور اصلاح کرنے کی تاکید کے ساتھ ساتھ اللہ تبارک و تعالیٰ عورت کو بھی نصیحت کرتا ہے کہ معمولی باتوں پر طلاق لینے کے بجائے اگر کچھ حقوق سے دست بردار ہونے پر ازدواجی بندھن ٹوٹنے سے بچ سکتا ہو تو ایسا کرنے میں بیوی کو پیش قدمی کرنی چاہیے۔ ہر وقت حقوق کا مطالبہ کرنے اور شوہر کے مقابلے کھڑے ہونے کے بجائے صلح و آشتی کی کوشش کرے اور اس مقصد کے لیے اپنے جائز حقوق کو نہ صرف چھوڑ دے بلکہ شوہر کی اگر کچھ مدد بھی کردے تو یقینا یہ زیادہ بہتر ہوگا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’اگر کسی عورت کو اپنے شوہر سے بدسلوکی اور بے رخی کا اندیشہ ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں کہ دونوں آپس میں کسی طرح صلح کرلیں۔ صلح ہرحال میں بہتر ہے۔ نفس تنگ دلی کی طرف جلد مائل ہوجاتے ہیں۔ اگر تم لوگ احسان سے پیش آئو اور تقویٰ اختیار کرو تو اللہ تعالیٰ جو کچھ تم کرتے ہو اس سے باخبر ہے‘‘۔ (سورۃ النساء : 128)
طلاق سے پہلے زوجین کی رنجشوں کو سلجھانے اور ان کے اختلافات کو حل کرنے کے لیے پھر اللہ تعالیٰ حکم دیتا ہے:
’’اگر تمھیں میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کا ڈر ہو تو ایک حکم مرد والوں کی طرف سے اور ایک عورت والوں کی طرف سے مقرر کرو۔ وہ دونوں اصلاح کرنا چاہیں تو اللہ ان کے درمیان موافقت کرا دے گا۔ بے شک اللہ جاننے والا اور خبر رکھنے والا ہے۔‘‘ (سورۃ النساء: 35)
ان ساری تدبیروں کے بعد بھی اگر اختلافات و نزاع رفع نہیں ہو پارہے ہوں تو طلاق کی اجازت شریعت میں ہے۔ اگرچہ یہ سخت ناپسندیدہ فعل مانا گیا ہے۔ رسول اکرمﷺ نے فرمایا:
’’اللہ تعالیٰ کے نزدیک حلال چیزوں میں سے سب سے زیادہ ناپسندیدہ چیز طلاق ہے‘‘۔
اللہ تعالیٰ نے طلاق دینے کا حق مردوں کو دیا ہے لیکن عورت کو کلی طور پر مرد پر نہیں چھوڑا بلکہ اسے خلع لینے کی اجازت دی گئی ہے۔
طریقۂ طلاق
طلاق کے سلسلے میں دو خاص ہدایات ملتی ہیں۔ ایک تو یہ کہ حالت حیض میں طلاق نہ دی جائے۔ دوسری یہ کہ آدمی حالت طہر میں بغیر ہم بستری کے طلاق دے، اس کے پیچھے شریعت کی جو حکمت ہے وہ یہ کہ جلد بازی اور جذبات میں یہ فیصلہ نہ لیا جائے، کیوں کہ مدت حیض میں عورتیں عموماً عام دنوں کے مقابلے زیادہ چڑچڑی اور ایک طرح سے بیمار ہوتی ہیں تو اس صورت میں ممکن ہے کہ ان سے کوئی ایسی حرکت سرزد ہوجائے جو کہ شوہر کے غصے کی وجہ بن جائے۔ اسی طرح حالت طہر میں بنا جسمانی تعلق بنائے طلاق دینے کا حکم ہے۔ جس سے واضح ہوتا ہے کہ طلاق کا فیصلہ واقعۃًسوچ بچار کے بعد اور پوری سنجیدگی سے ہی لیا گیا ہے۔
طلاق مسنون و غیر مسنون
طلاق مسنون کا یہ معنی بالکل نہیں ہے کہ طلاق کوئی کارثواب ہے بلکہ یہ صرف ایک مباح عمل ہے جس کو بوقت ضرورت اپنایا جاسکتا ہے۔ مسنون طلاق اس لیے کہا جاتا ہے کیوں کہ اس میں اللہ اور اس کے رسول کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق اس کی حکمتوں اور مصلحتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اور بنا کسی فریق کو تکلیف پہنچائے اور حق تلفی کیے طلاق دی جاتی ہے۔ طلاق غیر مسنون یا طلاق بدعی وہ طلاق ہے جس میں قرآن و حدیث کے احکام کے مطابق طلاق نہ دی جائے بلکہ کتاب و سنت سےروگردانی کی جائے۔
پھر فقہاء نے طلاق مسنون کی بھی دو قسمیں بتائی ہیں۔ طلاق احسن یعنی زیادہ پسندیدہ اور طلاق حسن یعنی پسندیدہ۔
طلاق احسن
طلاق کا احسن طریقہ یہ ہے :
’’حالت طہر میں ہم بستری کے بغیر صرف ایک طلاق دی جائے۔ عورت جب ماہواری سے فارغ ہو تو حالت طہر شروع ہوجاتی ہے۔ ایک بار طلاق دینے کے بعد عدت (تین حیض) پوری ہونے تک دوسری طلاق نہ دی جائے۔ جب مدت پوری ہوجائے گی تو یہ طلاق بائنہ ہوگی اور ازدواجی رشتہ منقطع ہوجائے گا۔ اس کا فائدہ یہ ہے کہ عدت کے دوران آدمی چاہے تو رجوع کرسکتا ہے اگر رجوع نہ کرے اور عدت پوری ہوجائے تو بغیر حلالہ کے دوبارہ نکاح ہوسکتا ہے‘‘۔۶۷؎
طلاق بائنہ کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ طلاق تو واقع ہوجائے گی لیکن بعد میں اگر شوہر اور بیوی اس رشتے تو دوبارہ قائم کرنا چاہیں تو نئے مہر کے ساتھ بنا حلالہ کے نکاح کرسکتے ہیں۔
طلاق حسن
طلاق حسن یہ ہے کہ حالت طہر میں بنا جنسی تعلق بنائے ایک طلاق دی جائے۔ پھر دوبارہ حیض آنے کے بعد جب عورت پاک ہوجائے تو دوسری طلاق دی جائے۔ پھر تیسری بار حیض آنے کے بعد تیسری طلاق دے دی جائے، اب بیوی اس سے جدا ہوجائے گی اور تین طلاق دینے کے بعد اگر شوہر بیوی ایک دوسرے سے نکاح کرنا چاہیں تو بنا حلالہ کے یہ شادی ممکن نہیں ہے۔
تین طلاق چاہے وہ سنت طریقے سے دی جائے یا بدعی طریقے سے دی جائے، اس کے بعد دوبارہ اس عورت کو اپنانے میں شریعت نے جو اس قدر سختی رکھی ہے اس سے اس قدم کی سنگینی کا بھرپور احساس ہوتا ہے۔ ساتھ ہی رشتۂ نکاح اور عورت کی پاکیزگی کا خیال بھی پیدا کرتا ہے۔ رشتۂ نکاح اتنا ارزاں نہیں ہے کہ اسے بار بار توڑا جائے اور باندھا جائے اور نہ ہی عورت کوئی کم تر اور حقیر شے ہے کہ جب چاہا پھینک دیا اور جب چاہا اپنا لیا۔
اسی لیے آیت مذکورہ میں تین طلاق کا ذکر نہیں ملتا ہے بلکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ طلاق صرف دو بار ہے پھر یا تو بھلے طریقے سے رجوع کرلو اس نیت کے ساتھ کہ عورت کے ساتھ نرمی ، محبت اور بھلائی کا معاملہ کرو گے ۔( رجوع صرف تین مہینے کے اندر ہی کیا جا سکتا ہے ) یا بھلے طریقے سے بنا کچھ الزام لگائے، بے عزت کیے اسے رخصت کردو، ساتھ ہی یہ بھی تاکید ہے کہ جو کچھ تم بیوی کو دے چکے ہو اس میں سے کچھ بھی واپس نہیں لینا ہے بلکہ دوسری جگہ قرآن میں آتا ہے کہ اسے مزید دے دلا کر رخصت کرنا ہے۔
آیت کے اس حصے میں تین بنیادی احکام ملتے ہیں۔پہلا حکم یہ ہے کہ طلاق صرف دو بار ہے، بار بار طلاق دینا اور رجوع کر لینا اس کی گنجائش نہیں ہے۔دوسرا حکم یہ ہے کہ عدت کی مدت میں شوہر کو رجوع کرنے کی اجازت ہے لیکن یہ رجوع نیک نیتی اور نبھانے کی کے مقصد سے ہو، ٹارچر کرنے کے مقصد سے نہیں۔ تیسرا یہ کہ جو کچھ شوہر بیوی کو مال و جائیداد یا زیورات وغیرہ دے چکا ہے، اسے واپس نہیں لینا ہے۔
اب ہم غور کریں ہمارے سماج و معاشرے میں طلاق دیتے وقت کتنا کچھ ہنگامہ، الزامات کی بوچھار، عزتوں سے کھلواڑ اور زیورات یا جائیداد وغیرہ کے ناجائز مطالبات کئے جاتے ہیں۔
اس آیت کے دوسرے حصے میں خلع کے متعلق احکامات ہیںہے۔پہلے جان لیتے ہیں کہ خلع کیا ہوتا ہے۔
خلع طلاق کی ہی ایک قسم ہے۔ طلاق میں مرد اپنی مرضی سے بیوی کو جدا کردیتا ہے۔ خلع میں بیوی شوہر کو ناپسند کرتی ہو یا اس کے ساتھ نباہ نہ کرسکتی ہو تو وہ کچھ مال کے عوض شوہر سے طلاق کا مطالبہ کرے، اور شوہر کو چاہیےکہ وہ اس مال کو قبول کرکے طلاق دے دے۔ اگر شوہر تب بھی طلاق نہ دے رہا ہو تو بیوی حاکم وقت کے سامنے اپنا مقدمہ پیش کرے اور حاکم وقت شوہر کو ایسا کرنے پر مجبور کرے، لیکن اگر کوئی عورت اپنے مال کا کچھ حصہ یا مہر شوہر کو لوٹا دے اور اس کو خلع سمجھ کر گھر بیٹھ رہے، چاہے شوہر اس مال کو لے کر طلاق کے لیے رضامند ہو یا نہ ہو تو وہ خلع صحیح نہیں مانا جائے گا۔
’’ الا یہ کہ میاں بیوی کو خوف ہو کہ وہ اللہ کی حدود پر قائم نہ رہ سکیں گے تو ایسی صورت میں کچھ مضائقہ نہیں، اگر عورت کچھ معاوضہ دے کر عقد نکاح سے آزادی حاصل کرلے۔‘‘(سورۃ البقرہ: 229)
اس آیت سے جہاں ایک طرف خلع کے جواز کی دلیل ملتی ہے۔ وہیں دوسری طرف خلع کو کن حالات میں لینا جائز ہے اس کی طرف بھی اشارہ ہے۔ طلاق کی طرح خلع کو بھی آخری چارۂ کار کے طور پر استعمال کرنا چاہیے۔ جب کہ نباہ کی کوئی گنجائش نہ بچی ہو۔ جیساکہ حدیث نبوی سے ثابت ہے:
’’جس کسی عورت نے اپنے شوہر سے اس کی کسی زیادتی کے بغیر خلع کیا اس پر اللہ، ملائکہ اور سب لوگوں کی لعنت ہوگی۔‘‘
’’خلع کو کھیل بنانے والی عورتیں منافق ہیں۔‘‘
دوسرا حکم جو اس آیت سے نکلتا ہے وہ یہ کہ عورت کو عقد نکاح سے آزاد ہونے کے لیے ویسے ہی مال کی قربانی گواراکرنی پڑے گی،جسے مرد طلاق دینے کی صورت میں برداشت کرتا ہے۔
تیسرا حکم یہ ہے کہ معاوضہ دے کر عقد نکاح سے آزاد ہونے کے لیے ضروری ہے کہ فدیہ لینے والا یعنی شوہر اس کو قبول کرکے طلاق دے۔ اگر عورت فدیہ پیش کرے اور مرد اس کو قبول نہ کرے تو طلاق واقع نہیں ہوگی۔
چوتھا حکم یہ کہ اگر یہ معاملہ طرفین کی رضامندی سے گھر میں ہی سلجھ سکتا ہے تو عدالت میں لے جانا ضروری امر نہیں ہے۔ اگر مرد عورت کے عطا کردہ فدیے کو قبول کرکے طلاق نہ دے تب عورت عدالت کی طرف رجوع کرسکتی ہے۔
خلع کے سلسلے میں سب سے مشہور واقعہ ثابت بن قیسؓ کی بیویوں کے خلع حاصل کرنے کا ہے۔ واقعہ کچھ ان الفاظ میں ان کی بیوی جمیلہ بنت ابی بن سلول نے بارگاہ رسول میں پیش کیا:
’’خدا کی قسم! میں دین یا اخلاق کی کسی خرابی کے سبب سے اس کو ناپسند نہیں کرتی،بلکہ مجھے اس کی بدصورتی ناپسند ہے۔خدا کی قسم! اگر خدا کا خوف نہ ہو تو جب وہ میرے پاس آیا تھا اس وقت میں اس کے منہ پر تھوک دیتی۔ میں اس کے دین اور اخلاق پر کوئی حرف نہیں رکھتی، مگر مجھے اسلام میں کفر کا خوف ہے۔‘‘
نبی کریمﷺ نے یہ شکایت سنی اور فرمایا:
’’جو باغ تجھ کو اس نے دیا تھا وہ تو واپس کردے گی؟‘‘
انھوں نے عرض کیا :
’’ہاں یا رسول اللہ!‘‘
حضورﷺ نے فرمایا:
’’تو اس کا باغ واپس کردے۔‘‘
پھر ثابت کو حکم دیا کہ باغ قبول کرلے اور طلاق دے دے۔
اس واقعے سے خلع کے سلسلے میں بہت سے احکام سامنے آتے ہیں۔
(1)اگر قاضی کو پورا اندازہ ہوجائے کہ بیوی شوہر کو سخت ناپسند کرتی ہے، چاہے وہ کسی معمولی بات ہی کی وجہ سے کیوں نہ ہو۔ چاہے ان معاملات ہی کی وجہ سے کیوں نہ ہو، جس کو سدھارنا شوہر کے بس میں نہ ہو، لیکن اگر بیوی اس قدر اس سے نفرت کرنے لگی ہو کہ مقاصد شریعت کے فوت ہوجانے کا خطرہ ہو تو زبردستی پند و نصائح کے ذریعے روکنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے بلکہ خلع کرا دینی ہی چاہیے۔
(2)ان اسباب کا پتا لگانا ضروری نہیں جن کی و جہ سے بیوی کے دل میں اس قدر سخت نفرت نے جگہ بنا لی ہے۔ دھیان صرف اس بات کا رکھا جائے گا کہ نفرت ہے یا ساتھ رہنے کی گنجائش موجود ہے۔
(3)اگر عورت کے خلع مانگنے پر شوہر راضی نہ ہو تو قاضی ایسا کرنے کا حکم دے گا، اور ظاہر ہے محکوم علیہ پر اس حکم کو بجا لانا ضروری ہے۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو قاضی اور قضاء کی اہمیت ہی مفقود ہوجاتی۔
(4)خلع کا حکم نبی ﷺ کی تصریح کے مطابق ایک طلاق بائن کا ہے، یعنی اس کے بعد زمانۂ عدت میں شوہر کو رجوع کا حق نہ ہوگا۔ ہاں، اگر عورت دوبارہ اس کے ساتھ نکاح کرنا چاہے تو کرسکتی ہے، کیوں کہ یہ طلاق مغلظہ نہیں ہے، جس کے بعد دوبارہ نکاح کرنے کے لیے حلالہ شرط ہو۔
(5)معاوضے کی تعیین میں کوئی قید نہیں ہے،جتنے معاوضے پر زوجین راضی ہوجائیں ،لیکن اللہ کے رسوللﷺ نے اس بات کو ناپسند فرمایا کہ شوہر اپنے دیے ہوئے مہر سے زیادہ مال لے۔
ان احکام کو بیان کرنے کے بعد اللہ تعالیٰ تنبیہ کر رہا ہے کہ یہ خود اللہ کے نافذ کردہ حدود ہیں، تو اس سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی جرأت بھی نہ کرنا اور اگر کوئی اتنا نافرمان ہے جو اللہ کے قوانین کی جان بوجھ کر خلاف ورزی کرتا ہے تو وہی ظالم ہے۔
اللہ رب العزت ہمیں اپنے معاملات کو صحیح طور پر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے، ہم کسی پر زیادتی اور ظلم کرنے والے نہ بنیں، دین کے احکام کی خلاف ورزی سے اللہ ہمیں محفوظ رکھے ، آمین!
٭ ٭ ٭


0 Comments