نومبر ۲۰۲۴
سکون ختم

زید معمولی کام کاج کیا کرتا تھا ۔روز کماتا اور روز پُرسکون نیند سوتا ۔ایک دن بازار میں سمیر نے کہا :
’’ زید بھائی! میں ایک بینک میں کام کرتا ہوں ۔ ایسا کرو، میں تمھیں لون دلواتا ہوں ، کچھ بڑا کرو ، آسان قسطوں پر لون ادا کردینا ۔‘‘
زید تذبذب شکار ہوا کہ لون لوں یا نہیں ؟ایک لمحہ دل کہہ رہا تھا کہ لون لینا چاہیے ، اسی لمحہ خیال آرہا تھا کہ چادر دیکھ کر پیر پھیلاؤ، اسی تذبذب میں گھر آیا،کھانے کھاکر سونے کی تیاری کررہا تھا کہ بیوی نے کہا:
’’سنو جی ! گھر میں راشن ایک دن کا ہے اور اسلم نئے کپڑوں کی ضد کررہا ہے، ساتھ ہی ناہید کو پیسوں کی ضرورت ہے ۔‘‘ ( اسلم اور ناہید زید کے بیٹا بیٹی تھے۔)
زید بہت پریشان رہنے لگا ۔ کچھ دن بعد سمیر سے اس کی ملاقات ہوئی ۔ زید نے جھجھک کر، شرماکر، دھیمی آواز سے کہا:
’’ سمیر بھائی! مجھے لون مل سکتا ہے کیا ؟‘‘
سمیر خوش ہوگیا ،اس کا ٹارگیٹ پورا ہونے والا تھا، ایک بکرا اس کی جھولی میں آگراتھا ۔
ایک لاکھ کا لون تھوڑی سی کاغذی کارروائی کے بعد فوراً کروادیا ۔ویسے یہ میسج زید کو بار بار آتا تھا :
Instant lone on your account
زید خوشی سے پھولے نہیں سمایا ۔ اسلم کو نئے کپڑے دلوائے ، ناہید کو پیسے دیے، راشن لایا اور خرچ کیے، اسی میں 28 دن گزر گئے ۔ اب پہلی قسط ادا کرنی تھی ۔ پہلے پہل تو اس نے ہر ماہ خوشی خوشی قسطیں ادا کیں، لیکن پھر تاخیر شروع ہوئی، تین چار قسطیں جمپ ہوگئیں۔

بینک والے گھر آئے، زید گھر پر نہیں تھا ۔ قصداً گھر کے اندر نہیں آئے اور باہر سے بات کرنے لگے :
’’ جب ضرورت تھی تو منہ پھاڑ کر آگئے ۔ کیا باپ کا مال سمجھ بیٹھے تھے؟ ‘‘
ایک کالا موٹا شخص، کالے رنگ کا سفاری پہنےان کے ساتھ تھا ،اس نے اچانک گالیاں دینی شروع کردیں ۔ زید کی بیوی سکینہ کو ایسا لگا کہ اچانک کسی نے خودداری کا قتل کردیا ہو،لیکن ایسا بار بار ہونے لگا ۔پھر زید لوگوں سے مدد مانگنے نکل گیا۔ کوشش کرکے ایک چھوٹا لون اٹھایا اور پچھلا قرض ادا کیا ۔
لیکن… لیکن …لیکن…روزگار سے برکت تو کچھ ختم سی ہوگئی تھی ۔پریشانی جلدی ختم نہیں ہوتی ۔ ایک بینک والا پھر آکر ملا ۔اب خون منہ کو لگ چکا تھا۔
اب یہ معمول بن چکا تھا ۔ لون اٹھاؤ! کچھ ضرورت پوری کرو، تھوڑا عیش کرو، پھر قرض ادا کرو ۔
اب زید کو اچھی طرح آگیا تھا کہ کس طرح SIM Card تبدیل کریں ؟ کیسے بینک والوں کو گھمائیں ؟ کچھ قانونی معلومات بھی ہوگئی تھیں کہ کسٹمرزکے کیا رائٹس ہیں؟ اب ڈیئرنگ بھی آگئی تھی ،عادت جو ہوگئی تھی لون بار بار اٹھانے کی ۔
اس دوران زید کو شوگر اور بی پی کی شکایت کے ساتھ ساتھ رات میں نیند نہ آنے کی شکایت ہوگئی تھی، لیکن ایک کار اور بائیک خرید لیا تھا، گھر کا تعمیری کام بھی لون کی مددسے پایۂ تکمیل کو پہنچ چکا تھا۔ایمرجنسی کے لیے اے بی سی بینک کے اسٹالمنٹ سے ایک پلاٹ بھی خرید لیا تھا۔ ابھی اسٹالمنٹ باقی تھی،کبھی کبھی موقع سے زید تھوڑی سی پی بھی لیتا، کیوں کہ انسان جب امیر ہونا شروع ہوتا ہے تو ٹینشن آہی جاتا، روزانہ نہیں پیتا تھا، جب نیند کی گولی نہیں ہوتی صرف اسی دن پیتا تھا ۔
ایک دن صبح بستر پر زید مردہ پایا گیا، ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ نیند میں اٹیک آیا ہے۔لوگ سمجھے کہ زید نے اپنے پیچھے گھر ، پلاٹ ، گاڑی ،گھوڑا سب چھوڑا ہے لیکن حقیقت صرف سکینہ ، اسلم اور ناہید کو معلوم تھی، کیوں کہ میت کےپانچویںدن کئی بینک والے آئے، قرض کی ادائیگی کا مطالبہ کرنے لگے، پہلے کار گئی ، پھر بائیک، پھر پلاٹ اور پھر رہنے والا گھر نیلام ہوا ۔
سکینہ اپنے بچوں کے ساتھ پھر جھونپڑ پٹی میں آ کر رہنے لگی ۔اب اس کے ہاتھوں میں رعشہ آنے لگا تھا ،شاید سود کی آمیزش کی وجہ سے۔ چولہا جلاتے ہوئے کہنے لگی کہ سود نے سکینہ کی زندگی سے سکون چھین لیا ۔
سمیر، وہی سمیر جس نے پہلی مرتبہ زید کو لون دلایا تھا ۔ ایک مرتبہ زید کے ساتھ ناہید کو دیکھ لیا تھا ۔ آج اپنے ایک شناسا کے بیٹے کے لیےرشتہ لے آیااور دوران گفتگو کہہ رہا تھا:
’’ ہم نے تمھارے والد کی بہت مدد کی تھی ۔‘‘
سکینہ، اسلم اور ناہید نے کانوں میں آوازیں گونجنے لگیں:
’’مدد کی تھی…مدد کی تھی…مدد کی تھی… ‘‘
جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام پورے انڈیا کی مختلف ریاستوں میں بلاسودی سوسائٹی آپ کے لیے ۔
زندگی سود سے پاک ہو ۔
آپ کی زندگی میں برکت رہے ۔
نیند آئے پُرسکون آئے …
اور اخروی کامیابی ملے ۔
اس بات کی چھوٹی سی کوشش کررہی ہے ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے