قلم کی نب ٹوٹی، اور اس نے حرکت کرنی چاہی۔
’’قوس قزح میں سات رنگ ہوتے ہیں۔ سنا تھا، دیکھا تھا، پڑھا بھی تھا،لیکن آج یہ ریئلائز ہوگیا کہ قوس قزح کے تمام رنگ جو ایک دوسرے سے ملے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، حقیقت میں ایک دوسرے سے بہت الگ ہیں،بہت جدا جدا۔‘‘
٭ ٭ ٭
مسکراتی، کھل کھلاتی کلیوں کے درمیان سے گزر کر وہ پھول کی پنکھڑی پر جا بیٹھی۔ وہ خوب صورت تتلی اپنے خوب صورت پنکھوں کو جھلاتی پھولوں سے اوپر مزید اوپر اڑ کے اس کھڑکی پر بیٹھی، جس کے اس پار ایک میز پر ڈائری، کتابیں اور پلانرز کھلے پڑے تھے۔ ساتھ ہی کاغذات، مارکرز اور رنگین قلم بکھرے تھے۔ تتلی نے کھڑکی سے اندر جھانکا۔ وہاں سے وہ نظر آئی۔ جو بہت مصروف انداز میں ڈائری پر قلم گھسیٹ رہی تھی۔ بارش کے بعد کی تیز نم ہوا سے اس کے بال بارہا اڑ کر سامنے آتے۔ وہ کوفت سے انھیں پیچھے کرتی۔ تتلی اڑ کر اس کی ڈائری کے پاس رکھے ربر بینڈ پر جا بیٹھی، جس کی اوپری سطح پر پھول بنا تھا۔ ایک نقلی پھول۔ چند لمحے وہ تتلی وہاں بیٹھی، لیکن وہ تو نقلی پھول تھا، اسے وہاں رس ملا نہ مٹھاس۔ قبل اس کے کہ اس لڑکی کا الجھن سے ربر بینڈ کی طرف بڑھتا ہاتھ تتلی کو چھوتا، وہ اڑ گئی۔
’’اوہ! کتنی پیاری تتلی ہے۔‘‘ اس کے منہ سے بے اختیار نکلا، لیکن تب تک وہ اڑ کر جا چکی تھی۔
اس نے تھکی تھکی آنکھوں سے اس کو دور جاتے دیکھا اور ربر بینڈ اٹھا کر بالوں کو اس میں مقید کیا، لیکن ربر بینڈ سلکی بالوں پر سے پھر سے اترنے لگا۔ اس نے پھر اسے کس کے بل دیے۔ ڈائری کی آخری سطر پر کچھ لکھا اور بند کر کے اس کو رکھ دیا اور کرسی کے پیچھے کو ٹیک لگا کر بیٹھ گئی۔ گردن کو دائیں بائیں اسٹریچ کیا، پھر اوپر نیچے، انگلیوں کو کھول کر بند کیا۔ پھر وہی عمل دہرایا۔ اس کی انگلیاں درد کرنے لگی تھیں۔ اس نے باہر دیکھا۔ دن نکل آیا تھا۔ آفتاب کی روشنی پھیلنے لگی تھی۔ ہوا اب بھی نم تھی۔
’’اٹھ گئی ہو؟‘‘ کھلے دروازے سے اس کی امی کمرے میں داخل ہوئیں۔
’’جی امی!‘‘
’’یہ کیا؟ تم ابھی تک اپنا لیپ ٹاپ لیے بیٹھی ہو؟‘‘ اس کے سامنے کھلے لیپ ٹاپ کو دیکھ اُنھوں نے پوچھا۔
’’صبح ہوتے ہی تمھارا لیپ ٹاپ کھلتا ہے تو آدھی رات تک بند نہیں ہوتا۔سلائن کی طرح چارجر 24 گھنٹے لگا ہوتا ہے۔ اب تو مجھے اندیشہ ہورہا ہے کہ تمھاری آنکھیں سلامت نہیں رہیں گی۔‘‘
’’میں کام کر رہی ہوں امی!‘‘
’’کیا کام کرتی ہو سارا سارا دن؟ مجھے تو کچھ سمجھ نہیں آتی۔‘‘وہ بیڈ سے چیزیں سمیٹتی کہہ رہی تھیں۔
’’امی میں نے بتایا تو تھا آپ لوگوں کو اپنا بزنس پلان بنانے سے پہلے۔‘‘مڑے بغیر جواب دیا۔
’’رویا !کتنی دفعہ سمجھایا ہے تمھیں، لڑکیاں بزنس نہیں کر سکتیں۔ بہت مشکلات ہوتی ہیں اس میں، لیکن تمھارے سر پر تو یہی سوار ہے۔ تمھارے ابو بھی تمھارے لیے پریشان تھے۔‘‘
’’ابو سے اجازت لے لی تھی میں نے۔ انھیں کنوینس بھی کر لیا تھا۔ تمھیںانھیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ اگر پھر بھی انھیں کوئی پریشانی ہے تو میں انھیں منا لوں گی۔ آپ فکر نہ کریں۔ ویسے بھی امی اسلام نے خواتین کو معاشی اور سماجی خودمختاری کے حقوق فراہم کیے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے خود واضح طور پر خواتین کے حقوق کے متعلق رہ نمائی فرمائی ہے،جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عورتوں کی خودمختاری اور ان کی عزت و وقار کو اسلام میں اہم مقام حاصل ہے۔ عورتوں کو ان کی محنت کرنے کا پورا حق دیا گیا ہے اور انھیں خود مختار بننے کے لیے اسلامی حدود میں رہتے ہوئے مکمل اختیارات دیے گئے ہیں۔ ‘‘اس کی انگلیاں کھٹا کھٹ کی بورڈ پر چل رہی تھیں۔
’’جیسے تمھاری مرضی، تم کہاں کسی کی سنتی ہو۔ تمھیں تو ہمیشہ اپنی من مانی کرنی ہوتی ہے۔ ناشتے کے لیے جلدی آجانا نیچے۔‘‘ کہتی ہوئی وہ چلی گئیں۔
اسی اثنا میں اس کے موبائل کی ٹون بجی۔ اس نے فون ریسیو کر کے اسپیکر پر ڈال دیا اور خود کرسی کی پشت سے ٹیک لگا کر آنکھیں موند لیں۔
’’السلام علیکم!‘‘
’’وعلیکم السلام!کیا بات ہے؟ اتنی صبح کیوں کال کیا؟‘‘
’’یار! آج میں کالج نہیں آرہی تھی۔ یہی بتانے کے لیے کال کیا تھا۔‘‘
’’کالج تو میں بھی نہیں جا رہی،میں اپنے بزنس پراجیکٹ پر کام کر رہی ہوں۔ایک دو ہفتے تک نہیں آسکوں گی۔‘‘
’’اوہ! تمھارا بزنس کہاں تک پہنچا؟ ویسے تم کر کیا رہی ہو؟‘‘
’’میں اپنی صلاحیتوں کا استعمال کر کے کچھ نیا کرنے جا رہی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ میرے کام سے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلیاں آئیں۔‘‘
’’لیکن کیا یہ بہت بڑا قدم نہیں ہے رویا؟ آر یو شیور کہ تم یہ کر سکو گی؟ میرا مطلب تم انویسٹمنٹ بھی کر رہی ہو، اگر کوئی نقصان ہو گیا تو؟‘‘
’’رویا نقصان سے نہیں ڈرتی۔ میں ڈر کی آنکھوں میں جھانک کر اسے قتل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔ کامیابی کا سفر ڈر کے قتل سے شروع ہوتا ہے مائی ڈیئر!‘‘
’’تم بہت بڑی باتیں کررہی ہو۔ ایک دفعہ…‘‘
’’تم ہی تو کہتی ہو کہ بڑی باتیں کرنے والے اس دنیا میں کچھ بڑا کرتے ہیں،اور میں رویا ہوں۔ صرف خواب دیکھتی نہیں، خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی تدبیر بھی کرتی ہوں۔‘‘ وہ مسکرا دی۔
’’پھر بھی…‘‘
’’رویا جب کسی چیز کا فیصلہ کرلیتی ہے تو وہ پیچھے نہیں ہٹتی، بلکہ فیصلہ کا وقت تو کب کا گزر چکا۔ منصوبے بھی بن گئے۔ اب توبس عملی جامہ پہنانا ہے۔ نصر من اللہ و فتح قریب. ‘‘س کی مسکراہٹ گہری ہوگئی۔
٭ ٭ ٭
’’اف اللہ! سات بج گئے۔ بچوں کی اسکول وین آتی ہی ہوگی۔‘‘وہ جلدی جلدی ہاتھ چلاتی کچن میں مصروف سی کھڑی تھی۔
’’عزہ! اذہان! جلدی جلدی تیار ہو جاؤ ،ناشتہ بھی کرنا ہے۔‘‘
(اف اللہ! یہ روز روز کا ٹفن کا مسئلہ بھی ناں!)
’’اب جلدی جلدی بتا دو کہ ٹفن میں کس کو کیا چاہیے؟‘‘وہ تیزی سے ہاتھ چلاتی بوکھلائی ہوئی پریشان سی دونوں بچوں کی بوتلیں بھر رہی تھی۔
’’مجھے ٹفن میں بریانی چاہیے۔‘‘ اذہان کی آواز آئی۔
’’بریانی؟کیا فرمائش ہے یہ!مجھے پوچھنا ہی نہیں چاہیے تھا۔‘‘ اس نے دل میں سوچا۔
(بچے بھی ناں)
’’میں مٹکی دے رہی ہوں۔ چپ چاپ لے جاؤ۔‘‘
(بریانی چاہیے انھیں۔ یہ کوئی وقت ہے بریانی بنانے کا؟)
’’امی! میری پنسل نہیں مل رہی۔‘‘عزہ نے پکار کر کہا۔
’’کہاں رکھی تھی تم نے؟ کتنی دفعہ کہا ہے اپنی چیزیں سنبھال کر رکھا کرو۔‘‘
’’کل بھائی نے لی تھی میری پنسل۔ انھوں نے ہی گم کردی۔‘‘
’’ایک تو ہر چیز تم دونوں کوصبح ہی صبح ڈھونڈنی ہوتی ہے۔ کہا بھی ہے کہ رات میں اپنی چیزیں بیگ میں رکھ کر سویا کرو۔‘‘
وہ چولہے کا فلیم کم کر کے کچن سے نکل کر دوسرے کمرے میں گئی، اور چیزیں الٹ پلٹ کرتی عزہ کی پنسل ڈھونڈنے لگی۔
’’صباح! میری ٹائی نہیں مل رہی۔‘‘یہ اس کے شوہر کی آواز تھی۔
وہ ٹفن پیک کر رہی تھی۔
(اف! پاگل ہوجاؤں گی میں۔)
’’آرہی ہوں۔ ایک منٹ۔‘‘ وہ ہاتھ دھو کر واپس بیڈ روم میں گئی۔
ٹائی ڈھونڈ کر اس کو ناشتہ سرو کرتے ہوئے وہ کہنے لگی:
’’بچوں کے اسکول سے کال آئی تھی۔ فیس بھرنے کی ڈیڈ لائن بھی گزر چکی ہے۔ میڈم بہت غصہ ہورہی تھیں۔‘‘
’’ہوں! دے دیں گے۔‘‘
’’آج آپ جلدی آجائیں۔ بچوں کی اسکول کی کچھ چیزیں لینی ہیں۔ مارکیٹ تک ساتھ چلیں گے۔‘‘
’’نہیں تم جاکر لے لو۔ آج مجھے تھوڑی دیر ہو جائے گی۔‘‘
’’اچھا، ٹھیک ہے۔ آپ کچھ پیسے دے دیں پھر مجھے۔‘‘
اس کے شوہر نے چند نوٹ نکال کر اس کی طرف بڑھائے۔
’’یہ تو بہت کم ہیں۔ اس میں ضروریات کیسے پوری ہوں گی؟‘‘
’’جو ہوسکتا ہے وہ کرلو۔ اس سے زیادہ نہیں دے سکتا میں۔ پہلے ہی اس ماہ کا بجٹ آؤٹ ہوگیا ہے۔ اس ماہ کے باقی دن کیسے گزارا کریں گے؟ میں نہیں جانتا۔ اللہ مالک ہے۔‘‘وہ بس سرہلا کر رہ گئی۔
بچوں کو اسکول روانہ کر کے کچن کا کام ختم کر کے وہ گھر کی صفائی میں لگ گئی۔یہ دن بھی روزانہ کی طرح بے حد مصروف تھا۔ رات میں جب صباح کا شوہر گھر آیا تو اس نے اس کی طرف پانی کا گلاس بڑھاتے ہوئے استفسار کیا:
’’کچھ انتظام ہوا؟ بچوں کے اسکول سے پھر فون آیا تھا۔‘‘
’’دے دیں گے یار فیس۔ دیر سویر ہوہی جاتی ہے۔ تھوڑی دیر ہو جائے گی تو اسکول سے نکال نہیں دیں گے انھیں۔‘‘ اس نے غصے سے کہا۔
’’اکیلا کمانے والا ہوں میں۔ کئی طرح کے خرچے ہوتے ہیں۔ ایک بار کہہ دیا ہے کہ دے دیں گے، تو سمجھ نہیں آتی تمھیں؟‘‘اس کی آواز مزید بلند ہوگئی۔وہ اسے جھڑک کر اس کے سامنے سے ہٹ گیا۔
صباح کی آنکھوں میں موٹے موٹے آنسو تیرنے لگے۔
’’آپ غصہ کیوں ہورہے ہیں؟ ایسا کیا کہہ دیا ہے میں نے؟‘‘
’’غصہ نہ ہوؤں تو کیا ہوؤں؟ باہر کی دنیا دیکھی ہے کبھی تم نے؟ کتنی محنت سے کماتا ہوں میں؟ ایک آدمی پورے گھر کا خرچ چلاتا ہو تو یہ پریشانیاں آتی ہی رہتی ہیں۔ اور خاندان میں کوئی ایسا نہیں ہے جو معاشی پریشانیوں کے وقت ہمیں کچھ سپورٹ کرے۔ نہ میرے خاندان میں نہ تمھارے خاندان میں۔‘‘کہہ کر اس نے ایک گہری سانس لی۔ اسے ایک دم احساس ہوا کہ وہ کچھ زیادہ ہی بول رہا ہے۔
’’خیر! بات کی ہے میں نے۔ قرض لے رہا ہوں ایک دوست سے۔ دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔‘‘اس نے کہا۔
’’آپ ہمیشہ مجھے یہ طعنہ کیوں دیتے ہیں کہ آپ اکیلے کماتے ہیں؟‘‘ اس نے شکوہ کناں نگاہوں سے اسے دیکھا۔
’’اوہ گاڈ!‘‘ اس کے آنسو دیکھ کر اس نے افسوس سے ماتھے کو چھوا۔
’’طعنہ نہیں دے رہا۔‘‘
’’میرے گھر والے بھی کوئی بہت امیر کبیرنہیں ہیں۔ پھر بھی انھوں نے شادی کے شروع کے دنوں میں بہت مدد کی ہے۔ اب میں اپنے بھائیوں کے سامنے ہاتھ تو نہیں پھیلا سکتی ناں۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ خود بھی کچھ زیادہ امیر نہیں ہیں۔‘‘
’’میں تمھیں تمھارے گھر والوں سے مانگنے کو کہہ بھی نہیں رہا۔ میں نے کبھی تمھیں اس بات کے لیے فورس کیا؟ نہیں ناں۔‘‘
’’پھر آپ ہمیشہ ایسے کیوں کہتے ہیں؟‘‘
’’صباح!میں پہلے ہی بہت تھک گیا ہوں۔ مزید بحث نہیں کر سکتا، پلیز!‘‘کہہ کر وہ وہاں سے چلا گیا۔
(واقعی،میں ایک ایسی عورت ہوں جو ہر چیز کے لیے دوسروں پر انحصار کرتی ہے۔) اس کی آنکھیں چھلک پڑی تھیں۔
(کیا یہ طنز اس لیے سننے پڑتے ہیں کہ میں اپنے شوہر کے ہاتھ نہیں بٹاتی؟ ان کی پریشانیاں دور کرنے میں مدد نہیں کرتی؟) وہ وہیں بیڈ پر بیٹھ گئی۔
( کسی طرح کی فضول خرچی تو دور کی بات،میں تو کبھی اپنی ضرورت کی چیزیں بھی زیادہ نہیں خریدتی۔ نہ میری خواہشات اتنی منہ زور ہیں۔ جب سے شادی ہوئی ہے میں نے اپنی مرضی سے کچھ خریدنا، اپنی مرضی سے کچھ کرنا، اپنے لیے کوئی فیصلہ کرنا ہی چھوڑ دیا ہے۔) آنسو ابل ابل کر آرہے تھے۔
(کیا میری کوئی زندگی نہیں ہے؟ میری کوئی خواہش میری کوئی مرضی نہیں ہے؟ میری زندگی کے سارے فیصلے تو کوئی اور ہی کرتے ہیں۔ میں ایک کٹھ پتلی کی طرح سب کے اشاروں پر ناچتی ہوں۔ میں کیا کروں؟ میں اپنے لیے نہ سہی، اس گھر کے لیے کچھ کرنا چاہوں بھی تو کچھ کر نہیں سکتی۔ میں کیا کروں؟) اشک سوال بن کر برس رہے تھے۔ اشک جواب مانگ رہے تھے۔
دل نے ان کے سوال سن لیے تھے۔ دل نے صدا لگائی تھی:
’’لا تحزن ان اللہ معنا.‘‘
(غم نہ کرو،اللہ ہمارے ساتھ ہے۔)
٭ ٭ ٭
قوس قزح کا ہر رنگ اپنے اندر ایک منفرد خصوصیت رکھتا ہے۔ ہر رنگ کی ایک مختلف شناخت ہے۔ جو کائنات کی مختلف حالتوں اور جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔ جہاں سرخ رنگ طاقت، توانائی اور جذبہ کا اظہار کرتا ہے، وہیں نارنجی رنگ مثبت جذبات اور تخلیقی صلاحیتوں کی علامت ہے۔ زرد رنگ خوشی، ذہانت، روشن خیالی کا پیغام سناتا ہے تو نیلے رنگ سے سکون و اطمینان، اعتماد و استحکام کی شعاعیں پھوٹتی ہیں۔سبز اور بنفشی رنگ کو توازن و بصیرت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔گو کہ ہر رنگ اپنے اندر منفرد انداز لیے ہوئے ہے۔
قوس قزح کے ہر رنگ کی یہ انفرادیت ان خواتین کی عکاسی کرتی ہے، جو اپنی زندگی میں منفرد خصوصیات و صلاحیتوں کی مالک ہوتی ہیں۔
یہ جداگانہ خصوصیات اس بات کا پیغام سناتی ہیں کہ ہر خاتون اپنی منفرد بصیرت و صلاحیت کے ساتھ اپنی زندگی کو خود سے سنوارتی ہے، اپنے اصولوں پر عمل کرتی ہے، اور اپنے راستے کا انتخاب کرتی ہے۔
٭ ٭ ٭
رویا اور صباح ایک دوسرے کی بچپن کی دوست تھیں۔ ایک ہی محلے میں دونوں کے گھر ایک دوسرے سے زیادہ دور نہیں تھے۔ دونوں کالج میں بھی ساتھ ساتھ تھیں۔ دونوں میں خاص دوستی تھی، جو وقت کے ساتھ مزید گہری ہوتی گئی۔ رویا ہمیشہ سے ایک ذہین و فطین اور با صلاحیت لڑکی تھی۔ اسکول میں وہ ہمیشہ نمایاں کامیابیاں حاصل کرتی، اپنی تمام دوستوں میں بھی آگے رہتی اور ہمیشہ کچھ نیا سیکھنے کی جستجو میں لگی رہتی تھی، جب کہ صباح ایک سادہ دل لڑکی تھی، جسے زندگی کے بڑے خوابوں سے زیادہ روزمرہ کی چھوٹی خوشیوں سے دل چسپی تھی۔
دونوں دوست ایک دوسرے کی شخصیت کے برعکس تھیں، لیکن شاید یہی وجہ تھی کہ ان کی دوستی اتنی مضبوط اور گہری تھی۔ رویا جہاں ہر وقت زندگی میں آگے بڑھنے کے خواب دیکھتی تھی، وہیں صباح بالکل سادگی پسند تھی۔ اُس کا ماننا تھا کہ ایک عورت کی زندگی کا اصل مقصد بہترین امور خانہ داری ہوتا ہے۔ رویا کو یہ باتیں کچھ عجیب لگتی تھیں، لیکن وہ ہمیشہ صباح کی سوچ کا احترام کرتی تھی۔
وقت بیتتا گیا، اور دونوں نے ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کر لی۔ رویا نے اعلیٰ تعلیم کے لیے شہر کے بہترین کالج میں داخلہ لیا، جہاں اُس نے بزنس ایڈمنسٹریشن کی تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ کیا۔ اُس کے اندر ایک آگ تھی، کچھ بڑا کرنے کی خواہش تھی، بس ایک جنون سا سوار تھا، اور وہ جانتی تھی کہ تعلیم ہی اُس کی کامیابی کی کنجی ہے۔
صباح نے اسکول کے بعد مزید تعلیم حاصل کرنے میں کوئی دل چسپی ظاہر نہیں کی۔ اُس کے والدین نے اس کی شادی کروادی تھی۔ شادی کے بعد بھی اُس کے خواب محدود ہی تھے، اور وہ ایک خوش حال زندگی کا خواب دیکھتی تھی، جس میں وہ گھر کی ذمہ داریاں نبھائے اور اپنے شوہر کے ساتھ خوش رہے۔
رویا نے کالج میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہاں سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ڈگری حاصل کی۔ وہ سیمینارز میں شرکت کرتی۔ ایسے لوگوں سے ملتی جو زندگی میں بہت آگے بڑھ چکے تھے، جو کسی نمایاں مقام پر تھے، اور اُن سے مل کر رویا کو کاروبار کرنے کا جذبہ پیدا ہوا۔ اُس نے ایک چھوٹے سے اسٹارٹ اپ کے بارے میں سوچنا شروع کیا، جہاں وہ اپنی خواہش کو منزل بنا سکتی تھی۔
بچپن سے ہی رویا کا شوق ہاتھ سے بنی ہوئی مصنوعات اور DIY پروجیکٹس میں تھا۔ اُس نے اپنی پہلی سرمایہ کاری کے طور پر کچھ رقم جمع کی، اور گھر سے ہی ایک چھوٹا سا کاروبار شروع کیا۔ اُس نے اپنے ہاتھوں سے بنی ہوئی آرٹ اور دست کاری کی مصنوعات آن لائن فروخت کرنا شروع کیں۔ ابتداءً کام مشکل تھا، لیکن رویا نے ہمت نہیں ہاری۔ وہ راتوں کو نیندیں قربان کرتی، نئے ڈیزائن تیار کرتی، اور اپنے کاروبار کو پھیلانے کے لیے مسلسل جدو جہد کرتی۔
شروع شروع میں اس کے والدین کو اس کے کاموں پر اعتراض اس لیے بھی ہوتا کہ خاندان کے لوگ باتیں بناتے تھے،لیکن آہستہ آہستہ ان کے اعتراض کا بھی گلا گھٹ گیا۔ وہ بے انتہا خوش تھے۔ خاندان بھر میں رویا کی تعریفیں کی جاتیں۔ لڑکیوں کو اس کی مثالیں دی جاتیں۔ معاشرے میں بھی اس کو اور اس کی فیملی کو عزت بھری نظروں سے دیکھا جاتا۔
وہ یہ جانتے اور سمجھتے ہوئے کام کرتی کہ ملک عزیز میں بے روزگار، معاشی، تعلیمی اور صحت کی کمی سے جھوجھ رہے پس ماندہ اور غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
بے روزگاری کا سب سے بڑا اثر غربت پر پڑتا ہے، خاص طور پر اس طبقے کی خواتین پر جو خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہوتی ہیں۔ غربت کی وجہ سے ان خواتین کو تعلیم، صحت، اور معاشی مواقع کی کمی کا سامنا ہوتا ہے۔ اکثر یہ خواتین گھریلو کام کاج تک محدود رہتی ہیں یا غیر رسمی شعبوں میں کام کرتی ہیں، جہاں نہ تو مناسب اجرت ہوتی ہے اور نہ ہی تحفظ۔
وہ اپنے انٹرویوز میں اس بات پر زور دیتی کہ غربت اور بے روزگاری کی جڑیں گہری ہوتی جارہی ہیں، اور ان مسائل کا حل صرف خواتین کو خود مختار بنا کر ہی ممکن ہے۔‘‘
امت مسلمہ کی آدھی آبادی مفلوج، غیر متحرک ہے اور معاشرے کی تعمیر میں اپنا مطلوبہ کردار نہیں ادا کر پارہی ہے، جس کی جھلک ہمیں مدینے کی اُس بستی میں دیکھنے کو ملتی ہے۔اس کے پروجیکٹس ملک بھر میں پسند کیے جاتے۔
رویا نے سوشل میڈیا کو بہترین طریقے سے استعمال کیا۔ اُس کے بنائے ہوئے روایتی، منفرد اور متنوع مصنوعات کو لوگوں نے پسند کیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے اُس کا کاروبار وسعت اختیار کرنے لگا۔ عالمی سطح پر اس کی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہونے لگا۔ بہت کم عرصے میں وہ نہ صرف خود معاشی طور پر مستحکم ہو گئی بلکہ اُس نے کئی دیگر خواتین کو بھی ساتھ جوڑ لیا۔ رویا اُنھیں ہنر سکھاتی، انھیں کام دیتی، اور انھیں خودمختار بنانے میں ہر ممکن تعاون کرتی۔
رویا کا ہر دن اپنے آپ میں منفرد ہوتا۔ ہر دن نئی کامیابی اس کے قدموں میں بچھ جانے کو بے تاب ہوتی۔ وہ لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کرنے میں کامیاب ہورہی تھی، اور وہ زکوٰۃ، صدقات اور انفاق کے ذریعے خدمت خلق، اسلام کی دعوت اور سربلندی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر تعاون پیش کرنے لگی۔ ان کاموں پر اس کے دل کی سرشاری کا عجب عالم ہوتا۔
جب رویا اپنی کامیابی کی بلندیوں کی طرف گام زن تھی، صباح کی شادی ہو چکی تھی۔ اُس کا شوہر ایک اوسط درجے کی ملازمت کرتا تھا، اور صباح اپنی زندگی سے مطمئن تھی۔ اُسے ہمیشہ یہی لگتا تھا کہ خوش حال زندگی کے لیے ایک اچھی شادی اور ایک خوب صورت گھر کافی ہے۔
شروع کے چند برس خوش و خرم گزرے۔ صباح کا ہر دن ایک جیسا گزرتا، گھر کی صفائی، کھانا پکانا، اور شوہر کا انتظار کرنا اُس کا معمول بن چکا تھا۔ وہ یہ سمجھتی تھی کہ یہ ہی ایک عورت کی کامیابی ہے، کہ اُس کا گھر خوش اور پرسکون ہو،لیکن زندگی ہمیشہ ایک سی نہیں رہتی۔ ہر کسی کی زندگی میں نشیب و فراز آتے ہیں۔ کبھی زندگی گل زار ہوتی ہے تو کبھی خارزار۔ کبھی مسرور فضائیں ساتھ لاتی ہے تو کبھی حوادث کے طوفاں۔
صباح کی زندگی نے بھی ایک نیا موڑ لے لیا۔ جب اُس کے شوہر کی اچانک نوکری چلی گئی۔ صباح کے لیے یہ ایک بہت بڑا جھٹکا تھا۔ اُس نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ کسی معاشی بحران کا سامنا کرے گی۔ اُس کا شوہر کافی دنوں تک نوکری تلاش کرتا رہا، لیکن کامیابی نہ ملی۔ ان تھک تلاش کے بعد اسے کم آمدنی والی چھوٹی سی نوکری مل گئی۔ آہستہ آہستہ گھر کے اخراجات بڑھنے لگے، اور صباح کو ہر چھوٹی بڑی ضرورت کے لیے اس کے سامنے شرمندہ ہونا پڑتا۔ وہ کبھی اپنے بھائیوں سے بھی قرض کے طور پر رقم مانگ لیتی۔ یوں وہ اپنے آپ کو بے وقعت اور دوسروں پر انحصار کرنے والی چابی کی گڑیا سمجھنے لگی۔
٭ ٭ ٭
ایک دن پہلی بار صباح کو احساس ہوا کہ وہ خود کچھ کرنے کے قابل نہیں ہے۔ نہ اُس کے پاس کوئی ہنر تھا، نہ تعلیم، اور نہ ہی کوئی ذریعۂ آمدنی۔ اُس کی زندگی دوسروں پر انحصار کرنے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہو گئی تھی۔ اب وہ سارا سارا دن یہی سوچتی تھی کہ کاش اُس نے کچھ سیکھا ہوتا، کچھ کیا ہوتا، تاکہ وہ اپنے شوہر اور اپنے گھر کی مدد کر سکتی۔ اپنی خواہشات نہ سہی، ضروریات پوری کرسکتی۔
جب صباح مشکلات اور پریشانیوں کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی تھی، رویا کی زندگی کامیابی کی داستان بن چکی تھی۔ اُس کا کاروبار ملک بھر میں مشہور ہو چکا تھا، اور اُس نے اپنے برانڈ کو بین الاقوامی سطح پر بھی متعارف کروا دیا تھا۔ رویا نے اپنی ایک بڑی کمپنی کھولی، اور اب وہ مختلف ایگزیبیشنز میں بھی شرکت کرتی، جہاں وہ اپنی مصنوعات کو فروغ دیتی۔
رویا کا کاروبار صرف پیسے کمانے تک محدود نہیں تھا۔ اُس کا مشن تھا کہ وہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو خودمختار بنائے۔ اُس نے خواتین کے لیے تربیتی پروگرامز شروع کیے، جہاں وہ انھیں دست کاری اور کاروباری مہارتیں سکھاتی۔ اُس کی کامیابی نے اُسے ایک رول ماڈل بنا دیا تھا، اور لوگ اُس کی کہانی کو ایک متاثر کن مثال کے طور پر پیش کرتے تھے۔
صباح کی مشکلات بڑھتی جا رہی تھیں، ایک دن اس نے رویا سے ملنے کا فیصلہ کیا۔
رویا اپنے آفس میں راکنگ چیئر پر بیٹھی تھی، تب اسے صباح کی آمد کی اطلاع ملی۔ اس نے اپنی بچپن کی دوست کا نہایت پرتپاک استقبال کیا۔ وہ کئی سالوں بعد اپنی اس دوست سے مل رہی تھی۔ جو کبھی جان سے پیاری ہوا کرتی تھی۔ وہ جانتی تھی کہ صباح کی زندگی میں کچھ مشکلات ہیں، لیکن جب صباح نے اپنی ساری کہانی سنائی، تو رویا کو احساس ہوا کہ صباح نے اپنی زندگی میں کبھی خود کچھ کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی تھی۔ صباح کی حالت دیکھ کر اس کے دل کو تکلیف ہوئی۔
صباح اپنے قد کو اس سے بہت کم محسوس کررہی تھی۔ جو رویا کی بھی سمجھ میں آرہا تھا، لیکن اس نے ہر ممکن کوشش کی کہ اپنی گفتگو، اپنے انداز سے اسے احساس کم تری نہ ہو۔
’’تم یہ تصویر دیکھ رہی ہو صباح؟‘‘ اس نے اپنی پشت پر دیوار پر آویزاں پینٹنگ کی جانب اشارہ کیا۔
صباح نے چونک کر نگاہ اٹھائی۔
رویا کی پشت پر ایک خوب صورت گھاس کھاتے ہرن کی پینٹنگ تھی۔
’’جانتی ہو یہ یہاں کیوں لگی ہے؟‘‘
وہ چپ رہی۔
’’کیوں کہ یہ ایک نہایت ہی پھرتیلا اور تیز رفتار جانور ہے۔‘‘ وہ خود ہی اپنے سوال کا جواب دینے لگی۔
’’جانتی ہو؟ ہرن اپنے لیے خوراک اور اپنی ضروریات زندگی کا بندوست خود کرتا ہے۔ یہ کسی پر ڈپینڈ نہیں کرتا۔ یہ جانور مجھے بہت پسند ہے۔‘‘وہ مسکراتے ہوئے کہہ رہی تھی۔
’’اس کی آنکھیں دیکھ رہی ہو؟ زیرک اور گہری آنکھیں۔ ان آنکھوں سے وہ اپنے شکار کا حصار کیے ہوئے ہوتا ہے۔ خیر،لیکن یہ جانور مجھے بہت پسند ہے۔ جب ایک جانور اپنی ضروریات خود پوری کرتا ہے صباح! تو ہم تو انسان ہیں۔ ہم کیسے کسی پر انحصار کرسکتے ہیں؟ خصوصاً ہم خواتین،ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہم طاقت ور ہیں۔ ہم بھی بہت کچھ کرسکتی ہیں۔ صحابیات کی زندگی ہمارے لیے نمونہ ہے۔ حضرت خدیجہ ؓ کاروبار کرتی تھیں اور وہ اپنے اس کام میں زبردست صلاحیت رکھتی تھیں۔ وہ ایک بہترین تاجرہ تھیں۔ ان کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ ہم خواتین کو محض گھر داری تک محدود نہیں رہنا ہے۔ بلکہ امور خانہ داری میں ماہر ہونے کے ساتھ ساتھ کاروبار کی مہارتیں بھی حاصل کرنی چاہئیں۔‘‘رویا ایک دم اپنی جگہ سے اٹھ کھڑی ہوئی۔
’’چلو ہم کہیں اور چل کر بیٹھتے ہیں۔‘‘ رویا نے کہا۔
دونوں آفس سے باہر نکل گئیں۔
’’یہاں قریب میں ہی ایک مسجد ہے، جہاں خواتین کے لیے نماز کا علیٰحدہ نظم کیا ہوا ہے۔ وہاں ہم جمعہ کا خطبہ سننے بھی جاتی ہیں۔ ہفتے میں ایک دفعہ ہم مسجد میں خواتین کے لیے خصوصی لیکچر کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔‘‘وہ چلتے ہوئے بتا رہی تھی۔
’’ہمیں اسلامی حدود میں رہتے ہوئے پردے کی پاسداری کرتے ہوئے کاروبار کرنا چاہیے۔ جہاں مومن عورتوں پر صلوٰۃ فرض ہے وہیں زکوٰۃ بھی فرض ہے۔ ان فرائض کی ادائیگی کے لیے بھی خواتین کا معاشی اعتبار سے خود مختار، خود منحصر و خود مکتفی ہونا ضروری ہے، تاکہ وہ معاشرے کی تعمیر میں اپنا مطلوبہ کردار ادا کرسکیں۔ ‘‘
رویا نے صباح کو سمجھایا کہ جدید دور میں خواتین کے لیے خودمختار و خود منحصر ہونا کتنا ضروری ہے۔
’’آج کا دور کسی پر انحصار کرنے کا نہیں صباح! چیزوں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ تمھیں اپنی زندگی میں کچھ کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ تم اپنے پیروں پر کھڑی ہو سکو اور اپنی مشکلات کا سامنا خود کر سکواور اپنے خاندان کی مدد کرسکو۔ ‘‘ رویا نے صباح کو اپنے ساتھ کاروبار کرنے کی پیش کش کی، اس نے اسے خود ٹریننگ دینے کا وعدہ کیا۔
’’لیکن اب تو بہت دیر ہوگئی ہے۔ اب میں کیا کرسکتی ہوں؟‘‘ وہ مایوس تھی۔
’’یاد رکھو صباح! زندگی میں کبھی بھی دیر نہیں ہوتی۔ ہر کام کے شروع کرنے کا وقت ’’اب‘‘ ہوتا ہے۔ اگر تم میں محنت، لگن، اور خود پر بھروسہ ہو، تو تم کسی بھی مشکل کا سامنا کر سکتی ہو اور اپنی زندگی کو کامیابی کی راہ پر گام زن کر سکتی ہو۔‘‘
صباح نے رویا کی باتوں کو سنجیدگی سے لیا۔ اسے اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ ماضی میں بہت بڑی غلطی کر بیٹھی ہے۔ تعلیم نہ حاصل کرنے کی غلطی۔
’’اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
مردوں کے لیے ان کی کمائی کا حصہ ہے، اور عورتوں کے لیے ان کی کمائی کا حصہ ہے۔ اور اللہ سے اس کا فضل مانگو۔ بے شک اللہ ہر چیز کو جاننے والا ہے۔” رویا نے اس سے کہا۔
اس نے رویا کے ساتھ مل کر ایک نیا سفر شروع کرنے کا عزم کیا۔
کچھ عرصے میں رویا نے اُسے دست کاری سکھائی، اور صباح نے اپنی محنت اور لگن سے اُس ہنر کو اپنا لیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہ بھی اپنے پیروں پر کھڑی ہو گئی۔ اُس نے رویا کے کاروبار میں ہاتھ بٹایا اور اپنی مصنوعات کو فروخت کرنا شروع کیا۔
اب صباح کے چہرے پر وہی اعتماد جھلکتا تھا، جو پہلے رویا میں نظر آتا تھا۔ اُس نے زندگی میں پہلی بار محسوس کیا کہ خود مختار ہونے کا مطلب صرف پیسہ کمانا نہیں، بلکہ اپنی زندگی کے فیصلے خود کرنا ہے۔ صباح نے خوب محنت کی، اور اُس کی زندگی میں خوش حالی واپس آ گئی۔ اس کے گھر پر ڈیرا جمائے بیٹھی پریشانیاں کسی دھوئیں کے مرغولے کی طرح اڑتی چلی گئیں۔ اس کے شوہر اور سسرال کی نظر میں اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔ اب وہ دوسروں کی محتاج نہیں رہی تھی، بلکہ خود اپنی مددگار بن چکی تھی۔
جب ایک عورت خود پر بھروسہ کرتی ہے، تو وہ نہ صرف اپنی زندگی کو بہتر بناتی ہے بلکہ اپنے ارد گرد کی دنیا میں بھی مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔ اس بات کا اسے اندازہ ہوچکا تھا۔
رویا اور صباح دونوں کی زندگیاں اب کامیابی کی مثال بن چکی تھیں۔ دونوں نے مختلف راستے چنے، لیکن آخرکار وہ ایک ایسی جگہ پہنچ گئیں جہاں دونوں خود مختار تھیں، مضبوط تھیں، اور زندگی کے فیصلے خود کرنے کے قابل تھیں۔
رویا نے کئی سال قبل جو خواب دیکھا تھا کہ اس کی ذات سے ایک ایسی روشنی پھوٹ رہی ہے، جو اس کے ساتھ کھڑے لوگوں کو اور اطراف کو بے انتہا منور کر دیتی ہے۔اس خواب کو آج اس نے شرمندۂ تعبیر کردیا تھا۔
اس نے کئی بے سہارا اور بے بس خواتین کو روزگار فراہم کیا تھا۔ ہر گام پر ان کی مدد کی تھی۔ کئی گھروں میں اس کے باعث چراغ جلے تھے۔ آج ان تمام خواتین کے دلوں سے اس کے لیے جو دعا نکلتی تھی وہ اس کے اطراف اپنا گھیرا تنگ کرتی ہی جارہی تھیں۔
رویا دعاؤں کے حصار میں، ترقی کی منازل طے کرتی جارہی تھی۔
وہ ایک بااختیار اور باہمت لڑکی تھی۔
’’جو شخص نیک عمل کرے، خواہ وہ مرد ہو یا عورت، اور وہ مومن ہو، ہم اسے ضرور پاکیزہ زندگی بسر کروائیں گے اور ان کے اعمال کا بدلہ انھیں بہترین اجر کی صورت میں دیں گے۔‘‘(القرآن)
یہ آیت اسے ہمیشہ یاد رہتی۔ اور اس کی زبان اور دل اللہ کا شکر ادا کرتے نہ تھکتے۔
٭ ٭ ٭
بارش کے بعد مطلع صاف تھا اور آسمان پر قوس قزح کے رنگ بکھرے تھے۔ خوبصورت رنگ۔ ہر رنگ مل کر، ہم آہنگ ہوکر ایک خوبصورت منظر بنا رہا تھا۔
قوس قزح صرف رنگوں کا مجموعہ نہیں، بلکہ وہ ہم آہنگ نظام ہے، جو ایک دوسرے کے ساتھ جڑ کر ایک حیرت انگیز اور خوب صورت منظر پیش کرتا ہے۔ اسی طرح خود مختار خواتین مختلف صلاحیتوں، تجربات، اور خوابوں کی حامل ہوتی ہیں، لیکن جب وہ اپنی قوتوں اور صلاحیتوں کو ہم آہنگ کر لیتی ہیں، تو وہ معاشرے میں ایک طاقت ور کردار ادا کرتی ہیں۔ قوس قزح کی ہم آہنگی اس بات کی علامت ہے کہ مختلف خوبیاں اور تجربات ایک دوسرے سے منسلک ہو کر ایک نئی توانائی، ایک نئی قوت اور ایک نیا عزم پیدا کرتے ہیں۔
قوس قزح کے یہ دو پہلو خواتین کے کردار کو واضح کرتے ہیں۔ ایک طرف ان کی انفرادیت اور جداگانہ خصوصیات ہیں جو انھیں خاص بناتی ہیں، اور دوسری طرف ان کی ہم آہنگی اور اجتماعی طاقت ہے جو انھیں مزید مضبوط اور خود مختار بناتی ہے۔
قرطاس ابیض پر برق رفتاری سے چلتا قلم ٹھہر گیا اور رویا نے اپنا جھکا چہرہ اٹھایا۔ اس کی انگلیوں نے قلم کو اپنی قید سے آزاد ہو جانے دیا۔
اس کے اٹھے چہرے پر اب اطمینان اور خوشی کے رنگ جھلملارہے تھے۔
اس نے لب وا کیے۔ اور اس کے لب بولتے چلے گئے کہ …
’’الغرض قوس قزح کی رنگارنگی میں انفرادیت، روشنی و امید اور فطری ہم آہنگی جیسے رنگ سانس لیتے ہیں۔بارش کے بعد نظر آنے والی قوس قزح یہ راز آشکار کرتی ہے کہ پریشانیوں کی شام کے بعد آسانیوں کی صبح طلوع ہوہی جاتی ہے۔ خوابوں کو حقیقت کرتی صبح۔ رگوں میں زندگی کی لہر دوڑاتی صبح۔ ایک رنگا رنگ خوبصورت صبح۔‘‘
٭ ٭ ٭


0 Comments