زیر تبصرہ کتاب اپنے عنوان سے ہی اپنے مضامین اور مواد کی جانب متوجہ کرتی ہے۔ دور حاضر میں اولاد کی پرورش و تربیت ایک مشکل ترین کام اور چیلنج بن چکا ہے۔ مصنفہ نے اپنی اس تصنیف کے ذریعے اس مشکل کام کو انتہائی آسان اور پرجوش بنانے کی کوشش کی ہے۔
مذکورہ کتاب 29 مختلف عناوین پر مشتمل ہے۔ مضامین کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ قاری تربیت کے تمام مراحل سے بآسانی واقف ہوجائے، اور عمر کے ہر دور کے انفرادی مسائل اور اس کے حل کے لیے رہ نمائی حاصل کرسکے۔عناوین پر ایک نظر ڈال لی جائے،تاکہ اجمالی طور پر مشمولات سے متعلق واقفیت ہو جائے،عناوین یہ ہیں:
٭ہم اور ہمارے بچے
٭ پرورش (Parenting) : ایک چیلنج
٭ رحم مادر سے بچہ آپ کو سنتا ہے
٭ نومولود بچے کے سر کو جھٹکا لگنا خطرناک
٭ بچے کی رفع حاجت کی تربیت
٭ بچپن کے واقعات کا شخصیت پر اثر
٭والدین کے ایسی تعلقات اور بچوں پر اثرات
٭ بچہ آپ کو دیکھ رہا ہے
٭ بچوں کے سیکھنے میں والدین مددگا ربنیں
٭ بچوں کو گفتگو کے آداب کیسے سکھائیں ؟
٭ پیغمبرانہ طریقہ ٔتربیت
٭ بہن بھائیوں کے بچپن کے جھگڑے (حصہ اول )
٭ بہن بھائیوں کے بچپن کے جھگڑے (حصہ دوم)
٭ بچوں میں نظم و ضبط پیدا کرنے کے عملی طریقے (حصہ اول)
٭ بچوں میں نظم ضبط پیدا کرنے کے عملی طریقے(حصہ دوم)
٭ ہوم اسکولنگ اور تعلیمی کھلونے
٭ بچوں کی تربیت پر صلہ رحمی کے اثرات
٭ بچے کی شخصیت پر غصے کے اثرات
٭ نو عمری میں والدین اور بچوں کے درمیان دوری
٭ نو عمر بچوں کے ساتھ والدین کا رویہ
٭نئی نسل کی بے راہ روی :اسباب و علاج
٭ بچوں میں ویڈیو گیم کھیلنے کا بڑھتا ہوارجحان
٭ ہمیں موبائل نہیں ،پلے گراونڈ چاہیے
٭ بچوں کی پرورش میں والد کا کردار
٭ معصوم ذہن دیے جارہے ہیں کوئی رحم کھائے
٭ بچوں کے ساتھ جنسی تشدد کے واقعات
٭ آن لائن جوا ،گیمز اور نوجوان
٭ آٹسٹک بچہ اور والدین کا مثبت رویہ
٭طلبہ میں بڑھتا ہوا ذہنی دباو ٔاور خود کشی کا رجحان
تربیت کے لحاظ سے دیکھا جائےتو اس کا پہلا عنوان ’’ہم اور ہمارے بچے‘‘ کے ذریعے اولاد کے نعمت ہونے اور اس کے تعلق سے جواب دہی کا احساس پیدا کیا گیاہے۔
’’والدین سب سے پہلے اس بات کو سمجھیں کہ اولاد، اللہ رب العالمین کی امانت ہے اور اللہ نے آپ کو امانت دی ہے۔ اس کا مطلب ہے آپ اولاد کو سنبھالنے کے قابل ہیں۔
لا يكلف الله نفسا إلا وسعها (القرآن)
(الله کسی متنفس پر اس کی مقدرت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا۔)
اولاد کی کی ذمہ داری بھی پرورش و تربیت کی استعداد کی وجہ سے دی گئی ہے ۔‘‘(صفحہ: 17)
پرورش ایک چیلنج، اس عنوان کے تحت تربیت کے مقاصد بتاکر والدین کی تربیت کے ٹاسک کے لیے ذہن سازی کی گئی ہے۔
’’ پرورش (Parenting) کے مقاصد:
بچے کی نشوونما میں والدین کی توجہ کی اہمیت کو واضح کرنا
بچے کی ارتقائی منازل میں قابل توجہ عوامل سے آشنا کروانا
پرورش میں اقسام تربیت کی وضاحت اور کامیاب طریقۂ تربیت کی نشان دہی کرنا
ہر بچے کی انفرادی صلاحیت میں اختلاف کے پہلو کوواضح کرنا
دوران پرورش ہر بچے کے تئیں مثبت فکر و نظر رکھنے پر والدین کو آمادہ کرنا
تعلیمی ماہرین کے لیے بھی اس اسٹڈی کے ذریعہ رہ نمائی
پرورش (Parenting) کی اہمیت اور اس کے تقاضے ‘‘
عمر کے مختلف مراحل میں ہونے والی تبدیلیوں اور مسائل کے ساتھ شخصیت سازی کے اصول کی جانب بھی متوجہ کیا گیا اور مخصوص طور پر معاشرہ کی اکائی یعنی خاندان کے کردار اور وراثتی عوامل پر بھی متوجہ کروایا گیا ہے۔
بچہ آپ کو سنتا ہے ،اس عنوان کے ذریعے مصنفہ متوجہ کرتی ہیں کہ:
’’ آپ صالح افراد کی ماؤں کا ذکر پڑھیں کہ ان کی والدہ نے دوران حمل بلند آواز سے قرآن کریم کی تلاوت کی ہے ،اس خیال سےکہ ان کا بچہ رحم مادر میں ہی پاکیزہ آوازیں سنیں ۔اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ بچے کے سماعت کے ارتقائی عمل کو والدین جان لیں تو ایک مصروف ترین ماں نو ماہ کے لیے بھی بہتر منصوبہ بندی کرسکتی ہے۔ بچے کی سماعت کے ارتقائی عمل کو سمجھنے سے یہ فائدہ ہوگا کہ آپ یہ طے کرپائیں گے کہ بچہ ابتداء سے پیدا ہونے تک کیا سنے اور کیا نہ سنے ؟ ‘‘(صفحہ : 35)
نومولود بچے کے سر کو جھٹکا لگنا ،اس عنوان کے ذریعے ایک نا معلوم ابنارملٹی shaken baby sandrom کی علامات سے واقف کروایا ہے۔
بچے کی رفع حاجت کی تربیت کو بھی نظر انداز نہیں کیاگیا ۔جو کہ ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔
والدین کے آپسی تعلقات کے بچوں پر ہونے والے اثرات ،مسائل اور حل کی تدبیر پیش کی ہے۔
اس کتاب کے ذریعے قاری کو صرف بچپن کےمسائل اور حل کے متعلق ہی رہ نمائی نہیں کی گئی بلکہ عمر کے ہر مرحلہ میں ہونے والے مسائل خواہ وہ تعلیمی لحاظ سے ہوں یا نفسیاتی ،مصنفہ نے بہترین طرز پر رہ نمائی فرمائی ہے۔
معصوم ذہن دبے جارہے ہیں، اس عنوان نے آج کے اس مسابقہ جسے نیٹ کہتے ہیں ،اس کے مسال اور حل پر گفتگو کی ہے۔
’’کسی بھی مسابقے میں بچوں کو جھونکنے سے پہلے والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں میں بچپن سے کچھ عادتیں ڈالیں ،جو ان ہی کے لیے تنہائی میں سہارا بنیں ۔ جب بچہ ان سب کا عادی ہوتو اسے مسابقت میں ڈالیے، عادی نہ ہوتو اس کوکسی صورت ناس الجھن میں نہ ڈالیے۔‘‘
آخری عنوان معاشرہ کی دکھتی نبض ہے، طلبہ میں بڑھتا ذہنی دباؤ اور خودکشی کا رجحان، کے تحت لکھتی ہیں:
نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (NCRB) کے مطابق 2020 ء میں ہر42 منٹ میں ایک طالب علم نے اپنی جان لے لی۔ یعنی ہر روز 34 سے زائد طلبہ خودکشی کر کے ہلاک ہو گئے۔ یہ تشویشناک ہے کہ اسے ایک سنگین بحران کے طور پر تسلیم نہیں کیا جا رہا ہے۔ ہندوستان میں خودکشی کا رجحان مسلسل انفرادی یا ذاتی نوعیت کا ہے، جس سے معاشرہ جواب دہی سے بچ جاتا ہے۔
این سی آر بی کی ایکسیڈنٹل ڈیتھس اینڈ سوسائیڈز ان انڈیا( اے ڈی ایس آئی) رپورٹ 2020ء کے مطابق ملک میں تقريباً 8.2 فی صد طلبہ خودکشی سے مرتے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2020 ءمیں 30 سال سے کم عمر کے64,114 افراد نے اپنی جان لے لی۔‘‘
زیر تبصرہ کتاب میں تربیت کے مقاصد، مراحل عمرکے مختلف ادوار میں ہونے والے مسائل اور حل کو مجتمع کیا گیاہے۔ قاری اس کتاب کے مطالعے کے ذریعے تربیت کے ان اصولوں پر عمل کرسکتا ہے جو دور حاضر کی ضرورت ہے، مختلف نفسیاتی اور سماجی مسائل سے واقفیت بھی اس کتاب کےمطالعے سے پیدا ہوتی ہے۔ اس کتاب کامطالعہ قاری کو مختلف ماہرین نفسیات کے نظریات سے بھی واقف کرواتا ہے۔
ماس کتاب کے مطالعے سے یہ احساس پیدا ہوا کہ تربیت کا یہ عمل بچہ کےمادر رحم کے مراحل سے شروع ہوکر نوجوانی تک چلتا ہے ،اور اس کے لیے رہ نمائی وقت کی ضرورت ہے ،جس کے تقاضے کی یہ کتاب تکمیل کرتی ہے ،یہ کتاب دراصل والدین کے لیے گائیڈ بک ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments