پچھلے سال مولانا رضی الاسلام ندوی صاحب کے قلم سے ’’معمارِ جہاں تو ہے‘‘کے نام سے ایک کتاب منظر عام پر آئی ،جو 288 صفحات پر مشتمل ہے۔ یہ کتاب بے حد مقبول اور معروف ہوئی۔ اس کتاب کو پانچ بابوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے باب میں اسلام میں خواتین کے مقام و مرتبہ پر بحث کی گئی ہے۔ دوسرے باب میں اُن خواتین کے بارے میں تفصیلات بیان کی گئی ہیں جو عمل کے میدان میں پیش پیش رہیں ،جن میں علم کے حصول کے لیے نکلی ہوئی خواتین، درس و تدریس سے تعلق رکھنے والی خواتین اور تصنیف و تالیف کے میدان میں مؤثر رول ادا کرنے والی خواتین وغیرہ کا تذکرہ ملتا ہے۔ تیسرے باب میں میدانِ عمل میں خواتین کی سرگرمیوں کا دائرہ کیا ہو اور اس میں ان کا کیا رول ہو؟ اس پر بحث کی گئی ہے۔ چوتھے باب میں حجاب، خواتین کی مسجد میں حاضری، مشترکہ مجالس، مشترکہ خاندان، خواتین سفر اور ملازمت کے دوران جیسے عنوانات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ پانچویں اور آخری باب میں خواتین پر لکھی گئی 31 کتابوں کا تعارف پیش کیا گیا ہے۔
میں نے اِس پوری کتاب کو پڑھا ہے اور مجھے اِس کا دوسرا باب بے حد دل چسپ لگا۔ فاضل مصنف نے ابتدائی دور سے لے کر جدید دور تک کے 80 سے زائد مسلم خواتین کی خدمات پر روشنی ڈالی ہے جنھوں نے علومِ قرآن ، حدیث ، فقہ اور قرأت کے ساتھ ساتھ اپنی تحریروں ، تعلیمات اور مالی تعاون کے ذریعے نمایاں اثرات مرتب کیے ہیں۔ میں نے اِس کتاب کے صرف دوسرے باب کا ایک مختصر خلاصہ اِس امید کے ساتھ تیار کیا ہے کہ یہ قارئین کو پوری کتاب پڑھنے کی ترغیب دلائے، جو نہ صرف خواتین بلکہ مرد حضرات کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ میری یہ دعا ہے کہ یہ مضمون اپنے مقصد کے حصول کے لیے فائدہ مند ثابت ہو اور خدائے باری تعالیٰ اسے شرفِ قبولیت بخشے، آمین یا رب العالمین!
فہم قرآن، حدیث اور فقہ سیکھنے اور سکھانے میں خواتین کی لاجواب مثالیں
1. مشہور حنبلی عالم ابن نجیہ کی والدہ الشیخۃ الصالحۃ کو اپنے والد شیخ ابوالفرج کی لکھی ہوئی تفسیرِ قرآن ’’الجواہر فی تفسیر القرآن‘‘ پوری ازبر تھی ،جو 30 جلدوں پر مشتمل ہے۔
2. عائشہ عبدالرحمٰن (1913ء-1998ء) جو بنت الشاطی کے نام سے مشہور ہیں اپنے شوہر امین الخولی (1895ء-1966ء) کی شاگرد تھیں، جو مصر کے ایک بہت بڑے ادیب تھے۔ حافظِ قرآن تھیں۔ 9 ممالک میں تدریسی خدمات انجام دیں۔ ان کا رجحان قرآنیات کی طرف زیادہ رہا۔ وہ جامعۃ القرویین مراکش میں شعبۂ تفسیر میں پروفیسر رہیں۔ وہ پہلی خاتون تھیں جن کے جامع ازہر میں لیکچر ہوئے۔ انھیںعالمِ اسلام کے اعلیٰ اعزاز شاہ فیصل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ انھوں نے 40 سے زائد کتابیں لکھیں۔
3. مشہور تابعیہ حضرت حفصہ بنت سیرینؒ (م101ھ) بلند پایہ کی محدثہ تھیں۔
4. خلیفۂ وقت کی معلمہ : حضرت ابوالدرداء کی دوسری بیوی ام الدرداء الصغریٰ نے اپنے دور کے حکمران اموی خلیفہ عبدالملک بن مروان (م86ھ) کو فقہ کا درس دیا۔
5. نفیسہ بنت الحسن بن زید بن الحسن بن علی بن ابی طالب (م145ھ-208ھ) حدیث اور تفسیر قرآن کی بڑی عالمہ تھیں۔ وہ قرآن مجید کی حافظہ بھی تھیں اور انھوں نے احادیث بھی روایت کی ہیں۔ ان کے شاگرد دور دور سے آکر اُن سے علم حاصل کرتے تھے۔ اُن کے شاگردوں میں سب سے بڑا نام امام شافعیؒ (م204ھ) کا ہے۔ اُن سے دعا کرانے کے لیے بھی لوگ کثرت سے اُن کے پاس جایا کرتے تھے۔ اصل میں ان کا تعلق مدینہ سے تھا ،لیکن ان کی شادی کے بعد وہ اپنے شوہر کے ساتھ مصر میں منتقل ہوگئی تھیں۔ ان کی وفات کے بعد جب ان کے جسدِ خاکی کو مدینہ لے جانا طے ہوا تو مصر کے لوگوں نے ان سے عقیدت مندی کا اظہار کیا، جس کی وجہ سے اُن کی تدفین مصر ہی میں عمل میں آئی۔
6. فاطمہ بنت سعد الخیر (م600ھ) ایک نام ور محدثہ گزری ہیں، ان کی پیدائش چین کے شہر کاشغر میں ہوئی ،لیکن حصولِ علم اور ترویجِ علم کے لیے انھوں نے اصفہان، بغداد، دمشق، قاہرہ وغیرہ کا سفر کیا۔
7. شیخ محمد بن احمد سمرقندی (م540ھ) جن کی تصنیف’’تحفۃ الفقہاء‘‘ فقہ حنفی میں بہت شہرت رکھتی ہے ،ان کی صاح زادی فاطمہ (م581ھ) کو اُن کی پوری کتاب ’’التحفہ‘‘ ازبر تھی۔ فقہ میں اُنھیں بہت مہارت حاصل تھی۔ اُن کا نکاح شیخ علاءالدین ابوبکر بن مسعود کاسانی (م587ھ) سے ہوا، جو ایک بہت بڑے فقیہ تھے۔ علامہ کاسانی کو فتویٰ دینے کے دوران اگر کسی مسئلے میں وہم ہوجاتا تو فاطمہ اس کی تصحیح کردیتی تھیں۔
اپنے والد سے احادیث اور دیگر علوم سیکھنے والی خواتین
1.حضرت سعید بن المسیبؒ کی صاح زاادی درۃ
2.امام مالکؒ کی صاحب زادی جنھیںان کی کتابِ حدیث مؤطا ازبر تھی۔
3.امام ابو حنیفہؒ کی صاحب زادیاں
4.امام احمدؒ کی صاحب زادیاں
5.قاضی ابوبکر البغدادیؒ (مفسر طبری کے شاگرد) کی صاحب زادی محدثہ امۃ السلام
6.شیخ الاسلام ابوالعباس الفارسیؒ کی صاحب زادی
7.قاضی عیسیٰ بن مسکینؒ کی صاحب زادیاں
8.فاتحِ صقلیہ اسد بن فرات کی صاحب زادی
مسجد حرام میں درس دینے والی خواتین
1. ام محمد سارہ بنت عبدالرحمٰن المقدسیۃ وغیرہ
مسجد نبوی میں درس دینے والی خواتین
1.ام الخیر و ام محمد فاطمہ بنت ابراہیم بن محمود بن جوہر البعلبکی المعروف بالبطائحی
2.زینب بنت نجم الدین اسماعیل المقدسیۃ (جو قاضی القضاۃ شیخ تقی الدین سلیمان بن حمزہ کی بیوی تھیں۔)
3.ام محمد زینب بنت احمد بن عمرالمقدسیۃ
مسجد اقصیٰ میں درس دینے والی خواتین
1.ام الدرداء التابعیۃ، جو مشوہر صحابی رسول حضرت ابوالدرداء کی بیوی تھیں۔
2.ام محمد ھدیۃ بنت علی بن عسکر البغدادی
(8 ویں صدی ہجری)
دمشق کی مسجد اموی میں حدیث کا درس دینے والی خواتین
1.زینب بنت احمد بن ابراہیم 2.عائشہ بنت محمد بن مسلم الحرّانیۃ
اکابرِ امّت کی معلمات
1.خطیب بغدادیؒ (م463ھ) نے طاہرہ بنت احمد بن یوسف التنوخیۃ سے سماعت کی، جو بڑی محدثہ اور فقیہہ تھیں۔
2.جلیلۃ بنت علی بن الحسن الشجری نے عراق اور شام کا سفر کیا تو علامہ سمعانیؒ (م562ھ) اور دیگر علماء کبار نے ان سے فیض اٹھایا۔
3.علامہ جلال الدین سیوطیؒ (م911ھ) نے متعدد خواتین سے علم حاصل کیا۔ مثلاً ام ہانی بنت الھووینی، ام الفضل بنت محمد المقدسی، خدیجہ بنت ابی الحسن المقن، نشوان بنت عبداللہ الکنانی، ھاجر بنت محمد المصریۃ، امتہ الخالق بنت عبداللطیف العقبیٰ وغیرہ۔
ان کے علاوہ بے شمار اکابرین جیسے : ابو عمرو مسلم بن ابراہیم الازدی الفراھیدیؒ (م222ھ)،ابوالولید ہشام بن عبدالملک الطیالسیؒ (م227ھ)، ابو عبداللہ محمد بن محمود بن النجارؒ (م346ھ)، علامہ ابن حزمؒ (م456ھ)، حافظ ابن عساکرؒ (م571ھ)، حافظ ابن حجرؒ (م852ھ)، امام ذہبیؒ (م748ھ)، علامہ سخاویؒ (م902ھ) وغیرہم نے اپنی کتابوں میں اپنی بے شمار معلمات اور شیخات کا ذکر کیا ہے اور کئی خواتین محدثات اور فقہیات سے استفادہ کیا ہے اور ان سے احادیث روایت کی ہیں۔
خادماتِ صحیح بخاری
یہ اُن عظیم محدثات کے نام ہیں جنھوں نے پوری زندگی صحیح بخاری کا درس دیتے ہوئے گزاردی اور اُن سے بے شمار مردوں اور عورتوں نے صحیح بخاری کا درس لیا:
1.کریمۃ المروزیۃ (م473ھ)
2.فاطمہ بنت محمد بن ابی سعد البغدادیۃ (م539ھ)
3.شھدۃ بنت احمد البغدادیۃ (م574ھ)
4.کریمۃ بنت عبدالوہاب الزبیدیۃ الدمشقیۃ (م641ھ)
5.فاطمۃ بنت جوھر المعروفۃ بالبطائحیۃ (م711ھ)
6.ہدیۃ بنت عسکرالصالحیۃ (م712ھ)
7.ست الوزراء بنت عمر بن اسعد التنوخیۃ الدمشقیۃ (م716ھ)
8.عائشہ بنت محمد المقدسیۃ (ولادت723ھ)
9.زینب بنت احمد المقدسیۃ الصالحیۃ (ولادت628ھ)
10.جویریۃ بنت احمد الھکاریۃ القاھریۃ (ولادت704ھ)
11.فاطمۃ بنت احمد العمریۃ الحرازیۃ (ولادت710ھ)۔
ان محدثات نے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، اصفہان، عراق، دمشق، مصر، قدس، قاہرہ جیسے شہروں میں حدیث کا درس دیا اور ان کی مجلسوں کے ذریعے بے شمار اکابرین نے کسبِ فیض کیا، جن میں سے کچھ کے نام درج ذیل ہیں : خطیب بغدادیؒ (م463ھ)، ابوالمظفر سمعانیؒ (م489ھ)، ابن عساکر (م571ھ)، علامہ ابن الجوزی (م597ھ)، علامہ ابن حجر عسقلانی (م852ھ)، حافظ ابن حجر۔
وہ خواتین جن کے شوہر اُن کے شاگرد تھے:
1.معاذ بن عبداللہ بن حبیب الجہنی کی بیوی
2.عبداللہ بن وہب بن زمعہ کی بیوی ام یحییٰ حمیدہ
3.ہشام بن عروہ کی بیوی تابعیہ فاطمہ بنت المنذر بن زبیر بن العوام 4.علاءالدین ابوبکر الکاسانی (م587ھ) کی بیوی فاطمہ (م581ھ) 5.مطہر بن محمد بن سلیمان (م879ھ) کی بیوی فاطمہ بنت یحییٰ
6.الشیخ عبدالقیوم کی بیوی امۃ الغفور بنت اسحاق جو محمد اسحاق دہلوی (1783ء-1846ء) کی صاحب زادی تھیں۔
علمِ قرأت میں مہارت رکھنے والی خواتین
1.مشہور تابعیہ حضرت ام الدرداء الصغریٰ
2.فاطمہ نیشاپوریہ (چوتھی صدی ہجری)
3.ام العز بنت محمد بن علی بن ابی غالب العبدری الدانی (م610ھ) 4.خدیجۃ بنت ہارون (م 695ھ)
5.خدیجۃ بنت قیم البغدادی (م699ھ)
6.سلمیٰ بنت محمد الجزری (نویں صدی ہجری)
7.فاطمہ بنت محمد بن یوسف بن احمد بن محمد الدیروطی (نویں صدی ہجری)
8.شیخ جمال الدین مزّی (م 742ھ)
مدرسے، مسافر خانے، یتیم خانے، رباط، درس گاہیں، تعلیمی ادارے، مساجد، یونیورسٹی وغیرہ کے قیام میں خواتین کا کردار
1. محترمہ بلقیس سلطانہ بیگم نے 1948ءمیں ادارۂ سراج العلوم نسواں کالج علی گڑھ قائم کیا۔
2. زمرّد خاتون (755ھ) جو دمشق کے حکمراں الملک دقّاق کی بہن تھیں،انھوں نے المدسۃ الخاتونیۃ البرانیۃ کے نام سے ایک معروف مدرسہ قائم کیا۔
3. عائشہ ہانم (بارھویں صدی ہجری) نے 1154ھ میں’’سبیل عائشہ ہانم‘‘ نامی ایک مسافر خانہ تعمیر کیا۔ اسی میں ایک مکتب بھی قائم کیا۔
4. یمن کے سلطان الملک المظفر کی بیوی مریم نے زبید میں المدرسۃ المجاھدیۃ قائم کیا جس میں یتیم اور غریب بچوں کی تعلیم کا انتظام تھا۔
5. السیدۃ ملکۃ بنت ابراھیم البعلیۃ الدمشقیۃ نے خواتین کے لیے مخصوص ایک رباط قائم کیا۔
6. محترمہ فلک احتجاب ریاست بہاول پور نے دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ کی مرکزی عمارت کی تعمیر کے لیے اپنے جیبِ خاص سے پچاس ہزار روپیےکا عطیہ دیا۔
7. دنیا کی قدیم ترین یونیورسٹی جامعۃ القرویین مراکش کے مشہور شہر فاس میں واقع ہے، اس یونیورسٹی میں گذشتہ 1200 سال سے بھی زیادہ عرصے سے مسلسل درس وتدریس جاری ہے، اسے فاطمہ نامی ایک خاتون نے قائم کیا،جن کا تعلق قرویین سے تھا جو اب تیونس میں آباد ہے۔ اس یونیورسٹی سے بڑے بڑے دانش ور وابستہ رہے ہیں جن میں ابن رشد، ابن خلدون، محمد الاِدریسی، ابن میمون، محمد تقی الدین الہلالی، امام البنانی، احمد اللہ الغماری، عبدالکریم الخطابی، محمد الوزن الفاسی اور یالیوافریکانس وغیرہ شامل ہیں۔ فاطمہ کی بہن مریم نے فاس میں اندلسین نامی مسجد بنائی۔
8. ہندوستان کی پہلی مسلم خاتون معلمہ فاطمہ شیخ نے جیوتی راؤ پھلے (م 1890ء) اور ساوتری بائی پھلے (م 1897ء) کے ساتھ مل کر لڑکیوں کے لیے ملک کا پہلا اسکول قائم کیا، جس میں انھوں نے بھی تدریسی خدمت انجام دیں۔ اس کے علاوہ بمبئی میں دو اور اسکول بھی قائم کیے۔انھوں نے تعلیم نسواں کے ساتھ بیوہ عورتوں کے نکاح اور بازآبادکاری اور حقوقِ نسواں کے میدان میں بھی خوب کام کیا اور سماجی عدم مساوات کے خلاف عَلَم بلند کیا۔
9. عباسی خلیفہ ہارون رشید کی بیوی زبیدہ بنت جعفر (145ھ-216ھ) نے بہت سی مساجد بنوائیں، کنویں کھدوائے، سڑکیں بنوائیں اور مسافر خانے تعمیر کروائے۔ ایک مرتبہ جب سفرِِ حج میں انھیں معلوم ہوا کہ اہلِ مکہ پانی کی مشکلات سے دو چار ہیں، تو انھوں نے دس میل لمبی نہر کھدوا کر پانی مکہ مکرمہ تک پہنچایا۔ اس کے علاوہ انھیں قرآن مجید سے غیر معمولی لگاؤ تھا۔ انھوں نے اپنے دربار میں 100 باندیاں متعین کررکھی تھیں،جو ہر وقت تلاوتِ قرآنِ پاک میں مشغول رہتی تھیں۔
قرآن مجید اور دوسری کتابوں کی اشاعت میں خواتین کی شراکت
1. مغل حکمراں اورنگ زیب (م1118ھ) کی صاحب زادی زیب النساء نے شیخ صفی الدین ولی قزوینی سے قرآن مجید کا فارسی زبان میں ترجمہ کروایا،ساتھ ہی امام رازی (م606ھ) کی تفسیر کبیر کا بھی ترجمہ کروایا تھا۔
2. نواب سکندر جہاں بیگم ریاست بھوپال (م 1808ء) نے شیخ احمد داغستانی سے ترکی زبان میں قرآن مجید کا ترجمہ کروایا۔
3. نواب شاہ جہاں بیگم ریاست بھوپال نے محمڈن اینگلو اورینٹل کالج علی گڑھ کا بھرپور مالی تعاون کیا اور مولانا جمال الدین وزیر ریاست بھوپال سے پشتو زبان میں قرآن مجید کا ترجمہ کروایا۔
4. نواب سلطان جہاں بیگم ریاست بھوپال نے بہت سی دینی درس گاہوں اور تعلیمی اداروں کو مالی امداد فراہم کی جن میں علی گڑھ، دیوبند اور ندوہ خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔ انھوں نے ہی سیرۃ النبی کی تالیف کے لیے علامہ شبلی نعمانیؒ کو گراں قدر مالی تعاون پیش کیا تھا۔
خواتین کے ذریعہ قرآن مجید کے تراجم
انگریزی میں ترجمہ:
1.اہلیہ مولانا عزیز گل (م1966ء)
2. ڈاکٹر فریدہ خانم (اپنے والد مولانا وحیدالدین خاں کے اردو ترجمہ قرآن کو انگریزی میں منتقل کیا۔)
بنگالی زبان میں ترجمہ:
1. بیگم نور محل (پارہ عم کا منظوم ترجمہ)
اردو میں ترجمہ :
1.پروین خلیل (پارۂ عم کا آسان ترجمہ اور تفسیر بچوں کےلیے)
2.حمودالنساء بیگم (مکمل قرآن مجید کا آسان ترجمہ اور مختصر تفسیر)
3.ثریا شحنہ (مؤلفہ:تبیین القرآن فی تفسیر القرآن، لفظ بہ لفظ تحت السطور ترجمہ)
4.واحدہ خانم (مؤلفہ:مطالب القرآن، پارۂ عم کی سورتوں کی اردو زبان میں ترجمانی)
5.رانی گل بیگم (سورۂ یوسف کا ترجمہ اور تفسیر)
6. شہریار بانو (جن کا تعلق کراچی سے ہے، پارۂ عم کا ترجمہ اور تفسیر)
مکمل قرآن مجید کا منظوم ترجمہ:
1.ڈاکٹر شہناز (مؤلفہ:قرآن پاک کا منظوم مفہوم)
قرآن کی سورتوں کے موضوعات کو نقشوں کے ذریعے سمجھانا :
1.صفیہ بنت عبدالرحمن السحیبانی (مؤلفہ:الخرائط الذھنیۃ لسور القرآن الکریم)
موجودہ دور کی سیرت نگار خواتین:
1. ڈاکٹر رؤفہ اقبال (علی گڑھ) ،مؤلفہ:عہد نبوی ﷺ کے غزوات و سرایا
2. محترمہ نجمہ راجہ یٰسین (تلنگانہ) ،مؤلفہ: عہد نبوی ﷺ کا بلدیاتی نظم و نسق
3. ڈاکٹر سعدیہ غزنوی، مؤلفہ:نبی کریم ﷺ بہ طور ماہر نفسیات اور اسوۂ حسنہ اور علم نفسیات
4. محترمہ عطیہ خلیل عرب(مشہور عرب ادیب توفیق الحکیم کی کتابِ سیرت ‘محمدﷺ کی مترجمہ)
5. محترمہ عذرا نسیم فاروقی (جدید دور کے مشہور سیرت نگار ڈاکٹر اکرم ضیاء العمری کی کتاب :المجتمع المدنی فی عصر النبوۃ کی مترجمہ)
6. محترمہ ام عبد منیب، مؤلفہ: سیرت انسائیکلوپیڈیا (سوال و جواب کے طرز پر)
٭ ٭ ٭


حواتین کی دینی خدمات کی اہمیت