نومبر ۲۰۲۴
درس حدیث
زمرہ : النور

عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ قال: قال رسول اللہ ﷺ واللہ لا یومن ،واللہ لا یومن ،واللہ لا یومن ۔قیل من یا رسول اللہ ؟
قال: الذی لا یامن جارہ بوایقہ .قالوا یا رسول ﷺ ومابوایقہ؟ قال: شرہ

(ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہےکہ نبی کریمﷺ نے فرمایا:
’’ وہ شخص صاحب ایمان نہیں ،وہ شخص صاحب ایمان نہیں ،وہ شخص صاحب ایمان نہیں ۔‘‘
پوچھا گیاکہ اے اللہ کے رسول کون؟
آپﷺ نے فرمایا:
’’ جس کا پڑوسی اس کے بوایق سے محفوظ نہ ہو ۔‘‘
صحابہؓ نے پوچھا :
’’اے اللہ کے رسول! بوایق سے مراد ؟‘‘
آپﷺ نے فرمایا:
’’ اس کاشر۔‘‘(مسند احمد)
پڑوسیوں کے حقوق کا موضوع قرآن و حدیث کی روشنی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اسلام ایک مکمل ضابطہ ٔحیات ہے جو انسان کی ہر موقع پر رہ نمائی کرتا ہے۔ اس میں انسان کی ذاتی، سماجی، معاشرتی اور خاندانی زندگی کے اصول اور ضوابط بیان کیے گئے ہیں۔ ان ضوابط میں سے ایک اہم موضوع ’’پڑوسیوں کے حقوق‘‘ ہے۔ قرآن و حدیث میں بارہا اس بات کا ذکر آیا ہے کہ مسلمان کو اپنے پڑوسی کے ساتھ بہترین سلوک کرنا چاہیے، چاہے وہ مسلمان ہو یا غیر مسلم۔ یہ اسلامی تعلیمات کی وسعت اور جامعیت کا ثبوت ہے۔

قرآن مجید میں پڑوسیوں کے حقوق

قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے کئی جگہوں پر پڑوسیوں کے حقوق کو بیان کیا ہے۔ سورۃ النساء میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
’’اور اللہ کی عبادت کرو اور کسی کو اس کا شریک نہ بناؤ، اور والدین، رشتہ داروں، یتیموں، مسکینوں، قرابت دار ہم سایوں اور اجنبی ہم سایوں کے ساتھ حسن سلوک کرو۔‘‘ (سورۃ النساء : 36)
اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے واضح طور پر حکم دیا ہے کہ والدین اور رشتہ داروں کے علاوہ پڑوسیوں کے ساتھ بھی حسن سلوک کیا جائے۔ یہاں قابل غور بات یہ ہے کہ قرآن نے پڑوسی کو دو اقسام میں تقسیم کیا ہے:
1. قریب کا پڑوسی: اس سے مراد وہ پڑوسی ہے جو قریبی رشتہ دار بھی ہو اور ساتھ رہتا ہو۔
2. اجنبی پڑوسی: اس سے مراد سفر کا مسافر ہے ۔جیسے ٹرین ،ہوائی جہاز یا بس کا ساتھی ۔اس کو قرآن مجید کی آیت میں ’’صاحب بالجنب ‘‘ سے تعبیر کیا گیاہے ۔اس حکم میں مسلم اور غیر مسلم دونوں شامل ہیں ۔ان سے اچھے سلوک اور بہتر برتاؤ کا حکم دیا گیا ۔
یہاں اللہ تعالیٰ نے دونوں اقسام کے پڑوسیوں کے حقوق کو تسلیم کیا اور دونوں کے ساتھ اچھے سلوک کی تاکید کی۔
حدیث میں پڑوسیوں کے حقوق
حدیث مبارکہ میں بھی پڑوسیوں کے حقوق کے حوالے سے کئی واقعات اور اقوال موجود ہیں۔ نبی کریمﷺ نے پڑوسیوں کے حقوق کو بار بار بیان فرمایا اور ان پر عمل کرنے کی ترغیب دی۔
حضرت عبداللہ بن عمرؓسے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:
’’حضرت جبرائیل علیہ السلام مجھے ہمیشہ پڑوسی کے حق کے بارے میں وصیت کرتے رہے یہاں تک کہ مجھے گمان ہوا کہ پڑوسی کو وارث قرار دے دیا جائے گا۔‘‘ (صحیح بخاری: 6014)
یہ حدیث اس بات کا بین ثبوت ہے کہ اسلام میں پڑوسیوں کے حقوق کو کتنی اہمیت دی گئی ہے۔ حضرت جبرائیل علیہ السلام کی مسلسل تلقین یہ ظاہر کرتی ہے کہ پڑوسی کے ساتھ حسن سلوک اور اس کے حقوق کی پاسداری کس قدر ضروری ہے۔
نبی کریمﷺ اپنی عملی زندگی میں پڑوسیوں کے حقوق کا بہت خیال کرتے تھے ۔آپ ﷺ کی ان ہی تعلیمات کا اثر تھا کہ صحابہ غیر مسلم پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کا خاص خیال رکھتے تھے۔حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے یہاں ایک بکری ذبح کی گئی۔ جب وہ گھر تشریف لے گئے تو دریافت کیا :
’’کیا میرے فلاں یہودی پڑوسی کو گوشت بھیجا گیا ؟ پھر کہاکہ نبی ﷺ اپنے پڑوس کے لوگوں کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید فرمایا کرتے تھے۔‘‘(ابوداو‘د: 5154)
اسلام میں پڑوسی کے ساتھ حسن سلوک کو اس قدر اہمیت دی گئی ہے کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا:
’’وہ شخص مومن نہیں ہو سکتا جس کا پڑوسی اس کی شرارتوں سے محفوظ نہ ہو۔‘‘ (صحیح بخاری: 6016)
اس حدیث میں پڑوسی کے حقوق کی عدم ادائیگی کو ایمان کی کم زوری قرار دیا گیا ہے۔ یہ بات ظاہر کرتی ہے کہ ایمان کا ایک حصہ یہ ہے کہ انسان اپنے پڑوسی کے ساتھ اچھا سلوک کرے اور اسے کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچائے۔
اسلام نے پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کی تعلیم دی ہے اور اس کے مختلف پہلوؤں کو واضح کیا ہے۔ اس حسن سلوک کی چند اہم صورتیں درج ذیل ہیں:
1. اخلاقی حمایت: جب پڑوسی کسی مشکل میں ہو یا اسے کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہو تو مسلمان کا فرض ہے کہ وہ اس کی مدد کرے۔
2. سلامتی اور حفاظت: مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنے پڑوسی کی جان و مال کی حفاظت کرے اور اس کے لیے کسی بھی قسم کے خطرے کا باعث نہ بنے۔
3. حسن معاشرت: پڑوسی کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا، اس کی خوشیوں میں شریک ہونا اور غم کے وقت اس کا ساتھ دینا اسلامی تعلیمات کا حصہ ہے۔
4. عزت و احترام: پڑوسی کی عزت کرنا اور اس کے حقوق کی پاسداری کرنا ایک مومن کا فرض ہے۔

قرآن و حدیث کی روشنی میں عملی اقدامات

پڑوسیوں کے حقوق کی ادائیگی کے لیے قرآن و حدیث میں واضح رہ نمائی موجود ہے، لیکن عملی زندگی میں ان اصولوں پر عمل کرنا انسان کی ذمہ داری ہے۔ اسلامی معاشرے کی ترقی اور خوش حالی کا دارومدار اسی بات پر ہے کہ لوگ ایک دوسرے کے حقوق کی پاسداری کریں اور ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔
اسلامی تعلیمات میں پڑوسیوں کے حقوق کو محض ایک اخلاقی فریضہ نہیں سمجھا گیا،بلکہ اس کی ادائیگی کو عبادت کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کرنے والے کو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور آخرت میں اجر عظیم ملتا ہے۔
واضح رہے کہ غیر مسلم کے مذہبی تہوار میں شرکت جائزنہیںہے ۔خاص طور پر اگر وہ تہوار ان کے مذہبی عقائد و مذہبی رسومات سے متعلق ہوں ۔اس کی بنیادی وجہ یہ ہےکہ ان کے سارے تہوار شرک پر مبنی و مشتمل ہیں، اور اسلام میں شرک کے معاملے میں سختی سے اجتناب کرنے کی تاکید کی گئی ہے ۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے