’’الخیر سے جڑنے کے بعد ایک آٹو رکشہ خریدا، اور پھر جیسے جیسے آمدنی بڑھ رہی ہے ہم بھی ویسے ویسے ترقی کررہے ہیں۔‘‘— غوث نگر کی رشیدہ خاتون کا یہ کہنا الخیر سے جڑنے کے بعد ان کی زندگی میں آئے مثبت بدلاؤ کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
رشیدہ، جمشیدپور کے اسلام نگر علاقے میں پلی بڑھیں۔ 2004 ءمیں ان کی شادی غوث نگر کے محمد طاہر سے ہوئی۔ غوث نگر میں ان کا خاندان چھ افراد پر مشتمل ہے۔ رشیدہ کے شوہر آٹو چلاتے ہیں، ان کے چار بچے ہیں جن میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ رشیدہ کی ساس بھی ان کے ساتھ رہتی ہیں۔ ان کے شوہر سال 2007 ءسے آٹو چلا رہے ہیں۔ پہلے ان کے پاس دو آٹو رکشے تھے مگر فی الحال ایک ہی ہے۔
بہار بورڈ سے میٹرک تک کی پڑھائی کرنے والی رشیدہ کی خواہش اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی تھی، مگر شادی کے بعد وہ اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکیں۔ گھر کی ذمہ داریوں کو سنبھالنے کے بعد جو وقت بچتا ہے اس میں وہ سلائی کا کام کرتی ہیں۔
قریب پانچ سال پہلے وہ ’’الخیر‘‘ کی ممبر بنیں۔ ’’الخیر‘‘ سے جڑنے سے پہلے سے ہی وہ دوسری مائکروفائنانس سوسائٹی سے واقف بھی تھیں اور ان سے جڑی ہوئی بھی تھیں۔ رشیدہ ایس کے ایس، بندھن اور اَسمتا جیسی مائکروفائنانس کمپنیوں کا نام لیتی ہیں، جن کے ساتھ وہ ماضی میں جڑی ہوئی تھیں۔ ان سب سے انھوں نے باری باری بیس بیس ہزار روپے کا قرض بھی لیا تھا، مگر ’’الخیر‘‘ کے ساتھ رشیدہ کا تجربہ دوسری مائکروفائنانس سوسائٹیوں کے مقابلے بہت اچھا رہا ہے۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے وہ کہتی ہیںکہ پہلے کی کمپنیوں میں پانچ لوگوں کے گروپ کو پیسہ ملتا تھا، ان میں سے اگر ایک ممبر بھی قرض چکانے میں دیر کرے ، ممبر کی موت ہوجائے، یا وہ بھاگ جائے تو اس کے حصے کا سارا قرض باقی بچے چار لوگوں کو چکانا پڑتا تھا۔ کمپنی ساری ذمہ داری گروپ پر ڈال دیتی تھی۔ ساتھ ہی لمبے وقت تک قرض کی بھرپائی کرنی پڑتی تھی۔
رشیدہ آگے بتاتی ہیں کہ’’الخیر‘‘ بھی دو لوگوں کی گارنٹی پر قرض دیتا ہے، مگر قرض مل جانے کے بعد مجھے صرف اپنا قرض چکانا ہے۔ دوسرے لوگوں کے قرض سے مجھے کچھ بھی لینا دینا نہیں ہے، اور نہ ہی کسی اور کے سر پر میرے قرض کی ذمہ داری ہے۔ دوسری مائکروفائنانس سوسائٹیوں میں دوسرے قرض داروں کی ذمہ داری کو بھی لے کر چلنا پڑتا تھا۔ یہاں بس اپنی ذمہ داری ہے اور یہ مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔
’’ہم اگر دوسرے کا قرض ہی بھرتے رہیں گے تو اپنی بچت کب ہوگی؟‘‘رشیدہ کا ایسا کہنا ’’الخیر‘‘ اور دوسری مائیکرو فائنانس سوسائٹی کے طریقہ کار کے فرق کو واضح کرتا ہے۔ اور ’’الخیر‘‘ کے ممبران کو ہونے والے فائدے کو بھی صاف صاف بیان کر دیتا ہے۔
’’الخیر‘‘ کو آزمانے کے لیے لیا پہلا قرض
رشیدہ چوں کہ پہلے بھی بعض مائکروفائنانس سوسائٹیوں سے قرض لے چکی تھیں،اس لیے انھوں نے ’’الخیر‘‘ سے پہلا قرض ’’الخیر‘‘ کے طریقۂ کار کو سمجھنے اور اس سے جڑی جانکاری اکٹھا کرنے کے لیے لیا۔ انھوں نے بتایا کہ ہم ’’الخیر‘‘ کے بارے میں جاننے کے لیے اس سے جڑے تھے۔ میں قرض دینے والی پرانی کمپنیوں اور ’’الخیر‘‘ کے فرق کو دیکھنا چاہتی تھی۔ ہمیں یہ جاننا تھا کہ پہلے جہاں سے قرض لیتے تھے اور اب ’’الخیر‘‘ سے لے رہے ہیں، تو فائدے اور نقصان میں کیا فرق ہے؟
رشیدہ نے آگے بتایاکہ’’الخیر‘‘ کا قرض مجھے پچھلے قرضوں کے مقابلے میں سستا پڑا۔ کسی دوسرے کی ذمہ داری مجھے نہیں لینی پڑی۔ مجھے روزانہ کی بنیاد پر قرض کی ادائیگی کا موقع ملا تو قرض چکانا بھی آسان ہوا اور اس سے کافی بچت بھی ہوئی۔
’’الخیر‘‘ کی برانڈ ایمبیسڈر بنیں رشیدہ
رشیدہ اور ان کی جیسی قریب بیس عورتوں کو ڈیلی کلکٹر نرگس نے سال 2014 ءمیں ’’الخیر‘‘ سے جوڑا تھا۔ اس وقت جمشید پور میں ’’الخیر‘‘ کی صرف ایک برانچ دھتکی ڈیہہ علاقہ میں تھی۔ اب تو ’’الخیر‘‘ کی دوسری برانچ شہر کے مانگو علاقے میں اپنی خدمات دے رہی ہے اور رشیدہ بھی اب یہیں کی ممبر ہیں۔
رشیدہ کے مطابق انھوں نے جب ’’الخیر‘‘ میں لین دین کی سہولت اور فائدوں کے بارے میں اپنے آس پاس کی دوسری عورتوں کو بتایا تو ان کی باتیں سمجھ کر قریب دو درجن عورتوں نے ’’الخیر‘‘ کی ممبرشپ اختیار کی۔ وہ کہتی ہیں کہ جیسے جیسے جانکاری بڑھتی گئی، ہم لوگ ایک دوسرے کو سمجھاتے گئےکہ ’’الخیر‘‘ سے جڑنے کے فائدے زیادہ ہیں۔اتنا ہی نہیں، انھوں نے اپنے شوہر طاہر کو بھی ’’الخیر‘‘ کا ممبر بنایا اور پھر طاہر نے اپنے کئی ساتھی آٹو ڈرائیورس کو ’’الخیر‘‘ سے جوڑا۔
رشیدہ کو ’’الخیر‘‘ کی جمشید پور اور دیگر جگہوں پر ہونے والی سالانہ میٹنگ کا دعوت نامہ ملتا ہے، لیکن وہ ابھی تک اس میں شامل نہیں ہوپائی ہیں۔ سال 2018ءکے دسمبر میں کوئی ایسی ہی میٹنگ میں شامل ہونے کے لیے ان کے پاس دعوت نامہ آیا تھا، اس وقت چوں کہ ان کی ساس ہاسپیٹل میں بھرتی تھیں اس لیے رشیدہ میٹنگ میں حصہ نہیں لے سکیں۔ ان کی بہت خواہش ہے کہ وہ ایسی میٹنگ میں شامل ہوں۔
’’الخیر‘‘ کا سسٹم سب سے آسان
ایک بار قرض لینے سے اتنے سارے فائدے ہوئے کہ رشیدہ کے بار بار قرض لینے اور اسے متعینہ مدت پر ادا کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ انھوں نے پہلی بار بیس، پھر پچاس اور اس کے بعد اسی ہزار روپے کا قرض لے کر واپس کردیا۔ پچھلا قرض انھوں نے ایک لاکھ روپے کا لیا ہے، جسے وہ ابھی ادا کررہی ہیں۔ رشیدہ قرض ملنے میں لگنے والے وقت اور آفس میں ہونے والی کاغذی کارروائیوں سے پورے طریقے سے مطمئن دکھیں۔
’’الخیر‘‘ کا ممبر بن کر یہاں کھاتہ کھلوانے اور قرض لینے کے بعد رشیدہ نے اپنی مالی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے کبھی بینک کا رخ نہیں کیا۔ جب کہ کچھ نیشنل بینکوں کی پہلے سے وہ اکاؤنٹ ہولڈر ہیں۔ رشیدہ کہتی ہیں کہ بینک کا سسٹم پیچیدہ ہے، جب کہ ’’الخیر‘‘ کا سسٹم سب سے آسان ہے۔ بینک سے قرض لینے کے لیے زمین کے کاغذ، گارنٹراور ایسی بہت سی چیزیں جمع کرنی ہوتی ہیں۔ ’’الخیر‘‘ میں اپنا چیک جمع کرنے کے بعد بہت آسانی سے پیسہ مل جاتا ہے۔ یہاں ہر چیز ہمیں بینک سے آسان لگتی ہے۔
رشیدہ آگے بتاتی ہیں کہ ایک بار میرے شوہر نے بینک سے قرض لیا تھا، قرض ادا کرنے کے دوران جب وہ کچھ مہینوں تک قسط نہیں دے پائے تو سود بڑھتا چلا گیا، انھیں زیادہ پیسے واپس کرنے پڑے، جب کہ ’’الخیر‘‘ میں ہمیں قرض لینے کے بعد جو رقم لوٹانی ہوتی ہے وہ متعین ہے۔ کسی وجہ سے دیر ہوجائے تو تاخیر کا ہرجانہ نہیں دینا پڑتا ہے۔ غریب آدمی کے لیے ’’الخیر‘‘ سے جڑے رہنے میں ہی فائدہ ہے۔
رشیدہ کا ’’الخیر‘‘ میں امانت کھاتہ اور ڈیلی ڈیپازٹ اکاؤنٹ ہے۔ امانت کھاتے کے فائدے بتاتے ہوئے وہ کہتی ہیں کہ اس میں اپنی بچت کے مطابق بیس تیس روپے جیسی چھوٹی چھوٹی رقم مہینے میں جمع کرتی ہوں، جو شاید کسی بینک میں جا کر جمع کرنا ممکن نہ ہو، اور پھر اپنے یہ پیسے کام پڑنے پر نکال لیتی ہوں۔رشیدہ کو اپنے دونوں طرح کے کھاتوں کو چلانے میں کبھی کوئی دشواری نہیں ہوئی۔ قرض پر لگنے والے سروس چارج کی کو بھی رشیدہ نے بالکل صحیح بتایا ہے۔
عزت بڑھی اور اثاثہ میں اضافہ ہوا
’’الخیر‘‘ سے جڑنے کے بعد رشیدہ کو کبھی رشتہ داروں یا اور کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑا۔ رشیدہ پورے یقین سے کہتی ہیں کہ پیسوں کے لیے اب کوئی محتاجی نہیں ہے۔ اس کے الٹ رشیدہ نے دو موقعوں پر ’’الخیر‘‘ کے ذریعہ اپنے دو جیٹھوں (شوہر کے بڑے بھائیوں) کا علاج کرایا۔ اس سے خاندان اور سماج میں رشیدہ کی عزت بڑھ گئی ہے۔ وہ بتاتی ہیں کہ میں نے ان لوگوں کا علاج کروایا تو گھر میں میری عزت اور بڑھ گئی۔ پہلے لوگ مجھے کم مانتے تھے مگر جب میں نے ان کا بھلا کیا، اور اچھا سلوک کیا تو میری بھی عزت بڑھ گئی۔
رشیدہ نے جتنی بار بھی قرض لیا ہے، ہر بار قرض کے پیسے سے انھوں نے اثاثہ بھی بنایا ہے، بیس ہزار کے پہلے قرض سے انھوں نے شوہر کو آٹو خریدنے میں مدد کی، تو پچاس ہزار روپے کے دوسرے قرض سے اپنے گھر میں باتھ روم بنوایا، تیسرے قرض کے پیسے سے انھوں نے گھر میں ہینڈ پمپ لگوایا۔ اتنا ہی نہیں قرض کے پیسے سے ہی اپنے لیے سلائی مشین بھی خریدی۔ ساتھ ہی رشیدہ اب سلائی میں کام کرنے والے دھاگے، بٹن جیسے سامان تھوک میں خرید لیتی ہیں ،جس سے انھیں زیادہ بچت ہوتی ہے۔ رشیدہ کہتی ہیں کہ آئندہ ’’الخیر‘‘ سے قرض لے کر اپنے چھوٹے سے مکان کو بہتر بنانے اور بچوں کو سلیقے سے پڑھانے لکھانے کا پروگرام ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments