نومبر ۲۰۲۴
اخلاقی محاسن، آزادی کے ضامن آزادی کا اسلامی تصور

اس کو آسان الفاظ میں یوں کہا جائے گا کہ انسان کے اندر جو بھلائیاں اورخوبیاں پائی جاتی ہیں، وہی انسان کے لیے اس کی آزادی کی ضمانت اور گارنٹی ہیں، وہ کس طرح ہیں؟ اس کو سمجھنے کے لیے پہلےاخلاق حسنہ کی تعریف کو سمجھناضروری ہے۔ عام طور پراخلاق سےمراد میٹھا بولنا، نرمی سے پیش آنا ہے اور یہ بھی بہت ضروری ہے۔
جیسے کہ ایک بارحضور اکرمﷺ سےملنے اک شخص آیا تو آپﷺ نے فرمایاکہ اے عائشہ! یہ آدمی بہت برا ہے،لیکن جب آپﷺ اس سے ملےتو بہت اخلاق سے ملے۔ واپس آئے تو حضرت عائشہ ؓنے فرمایا کہ ابھی تو آپ نے فرمایا تھا کہ یہ آدمی اپنی قوم کا سب سے برا آدمی ہے، پھر آپ اس سے اتنی اچھی طرح کیوں ملے؟حضورﷺ نے فرمایاکہ اے عائشہ! سب سےبرا وہ انسان ہے جس کے برے اخلاق کی وجہ سے لوگ اس سے ملنا چھوڑ دیں ۔
گویا میٹھی زبان بھی بہت ضروری ہے کہ یہ اخلاق کاصرف اک حصہ ہے،اپنے آپ میں مکمل اخلاق نہیں ۔اخلاق سے مراد انسان کے اندر پائی جانے والی تمام اچھی صفات اور خوبیاں ہیں، جیسے سچ بولنا ،وقت کی پابندی، وعدہ وفا کرنا،بہادری ،ایمان داری، انصاف پسندی،شرم، حیا، فرماں برداری، ایثار، قربانی، عفوو درگزر وغیرہ۔ ایک انسان صرف میٹھا بولتا ہو اور سب سے نرمی سے پیش آتا ہو، اور باقی اخلاقی خوبیاں اس کے اندر نہ ہوں،تویہ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ انسان با اخلاق ہے،جب تک اوپر دی ہوئی خوبیاں اس کے اندر نہ ہوں۔

 آئیے اب ہم آزادی پر بھی ایک نظر ڈالتے ہیں کہ اصل آزادی کیا ہے؟ ہندوستان آزاد ہے، تو ہم بھی آزاد ہیں، ہم کسی کے غلام نہیں ،ہم کسی کے قیدی نہیں، ہمارے اوپر کوئی بندش نہیں ،ہم جو چاہیں وہ کر سکتے ہیں، کیا یہ اصل آزادی ہے؟ نہیں !حقیقت میں اصل آزادی یہ نہیں بلکہ یہاں کچھ اور مفہوم ہے،کچھ اور معنی ہے۔ انسان ایک سماجی حیوان ہے،جو سماج کے ساتھ کچھ اصول اور قواعد کے ساتھ بندھ کر اپنی زندگی گزارتا ہے، وہ احساسات وجذبات کا پتلا ہےاور اپنے اندراچھائی اور برائی کو انجام دینے کی طاقت و آزادی رکھتا ہے۔
جب انسان پر جذبات و احساسات طاری ہوتے ہیں تو وہ بہک جاتا ہے اور برائی کا راستہ اپنا کر خود کو اور سوسائٹی کو نقصان پہنچا تا ہے،جیسے انسان شراب پیتا ہے، جوا کھیلتا ہے، رشوت لیتا ہے ،سودی کاروبار کرتا ہے،بےشرمی و بےحیائی کے کام کرتا ہے، جس سے وہ خود اور پوری سوسائٹی اس سے متاثر ہوتی ہے اور دھیرے دھیرے بہت سے لوگ اس برائی میں ملوث ہوتے چلے جاتے ہیں، اور سماج ان برائیوں کا غلام بن جاتا ہے۔ اس سے یہ معلوم ہوا کہ انسان اپنی غلط خواہشات اور غلط کاموں کے لیے آزاد ہو ،یہ ممکن نہیں۔
اخلاقی خوبیاں ہی وہ چیز ہیں جو کسی انسان اور انسانی سماج کو اصلی آزادی کی گارنٹی دیتے ہیں، مگر اس معاملے میں ایک اہم بات اور سمجھ لینی چاہیے کہ دنیا کے سارے انسانوں میں بھلائیوں کا احساس اور جذبہ پایا جاتا ہے، ایک چور بہت اچھی طرح جانتا ہے کہ وہ غلط کام کررہا ہے، ایک جھوٹا اچھی طرح جانتا ہے کہ وہ جھوٹ بول رہا ہے ،وہ اپنے کاموں کو برا سمجھتا ہے اور اچھے لوگوں کی دل سے قدر کرتا ہے، لیکن کیا چیز اسے برائی کی طرف لے جاتی ہے؟ وہ ہے خدا سے بےخوفی اور آخرت کی جواب دہی سے لا پر واہی، اس کے برعکس انسان کے نیکیوں پر چلنے اورصحیح راہ پر چلنے کی وجہ خدا خوفی اور آخرت کی جواب دہی کا احساس ہے۔اخلاقی خوبیوں کو سوسائٹی میں لاگو کرنے کا طریقہ سارےسماجوںاور قانونوںمیں الگ الگ ہیں، مگر اسلام کا اپنا ایک الگ نظام ہے جو انسان کو اس کے خالق اور مالک نے عطا فر مایاہے۔ لہٰذا وہی اخلاقی محاسن سب سے زیادہ کام یاب اور صحیح ہیں اورانسانی ضمیر خود اس پر گواہ ہے۔
اصل آزادی یہ ہے کہ انسان اخلاقی خوبیوں کا پابند اور غلام ہو۔ اب دیکھیے! کس طرح اخلاقی خوبیاں اور بھلائیاں ایک انسان اور سماج کے لیے اصل آزادی کی ضمانت بن سکتی ہیں؟ آپ تصور کیجیے! جس سماج میں لوگ بےشرم وبےحیانہ ہوں، کیا وہاں زنا، بد چلنی، طوائف گری جیسے غلط کام ہو سکتے ہیں؟ جس سماج میں لوگ ایمان دار ہوں، وہاں چوری، ڈکیتی اور رشوت خوری پروان چڑھ سکتی ہے؟ جس سماج میں لوگ انصاف پسند ہوں ،کیا وہاں کی پولیس اور عدالت سے نا انصافی ہو سکتی ہے؟ جس سماج میں لوگ بہادر ہوں، کیا وہاں کسی طرح کا ڈر خوف ہو سکتا ہے؟ جس سماج میں قربانی دینے اور معاف کر دینے کا جذبہ ہو، وہاں محبت و ہم دردی کے جذبات ہوں گےیا نفرت و دشمنی کے؟

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے