محلہ کےبچے پٹاخے پھوڑتے ہوئے خوشیاں منارہے تھے، جوں ہی پھل جھڑیاں گرتیں، وہ خوشی سے تالیاں بجاتے، یہی باردو تو ہے جو مقدار میں کم ہوتو بچوں کو ہنساتا ہے اور مقدار بڑھ جائے تو جسم کے چیتھڑے اڑادیتا ہے۔
آپ سب سے بہت ادب کے ساتھ ایک گزارش ہے کہ آپ اپنے بچوں کو دیوالی پر پٹاخے، سُرسُرِی، انار وغیرہ لے دینے سے پہلے غزہ کے بچوں کو یاد کریں ۔
وہ معصوم بچے
وہ جنت کے پھول
آپ سے پوچھیں گے کہ ہمارا کیا قصور تھا ؟
کہ ہم اس بارود کے نذر ہوگئے اور آپ کے بچے کس خوشی میں اس باردو سے کھیل رہے ہیں؟ کیا ہمیں جینا نہیں تھا ؟ کیا اس بارود کی وحشت سے ہمیں نکالنا آپ کی ذمہ داری نہیں تھی ؟
وہ ملبے کے نیچے کا معصوم سا بچہ آپ سے سوال کرے گا کہ میں تو اُس بارود کے پھٹنے کی آواز سے ہی بکھر گیا تھا، پوری عمارت تو بعد میں زمین دوز ہوئی،کیا آپ کے بچوں کو پٹاخوں کی آواز سے ڈر نہیں لگتا ؟
پھر…
آپ کا بچہ کس خوشی میں یہ پٹاخہ اڑا رہا ہے؟ کس خوشی میں انار جلارہا ہے؟ بولیے ناں ؟
سوچیے! کیا اچھا موقع نہیں جب بچوں کو سمجھایا جائے کہ یہی باردو ہے جس نے انسانوں کی لاشوں سے درندگی بکھیر دی ہے ۔
غزہ میں بارود کی وحشی آوازیں نتن یاہو کے لیے با عث خوشی ہیں اورخوشی کی یہ مشابہت ہمارے شایان شان نہیں ۔
اور اسلام میں تو آتش بازی حرام ہے ۔
من تشبہ بقوم فہو منہم
حدیث کا ترجمہ اس طرح ہے:
’’جس نے جس کسی قوم کی مشابہت اختیار کی، اس کاانجام بھی ان کے ساتھ ہی ہوگا۔‘‘
کوئی غم ان دنوں غزہ کے بچوں کے غم سے بڑھ کر نہیں، تو آئیں!ان بچوں کے لیے دعا کریں اور اپنے بچوں کو عالمی امن کے ٹھیکیداروں کے بارود اور غیر انسانی سلوک کا جواب دینا سکھائیں ،ان بچوں کی مدد کے لیے پیسہ بچانا سکھائیں ۔
بتائیں کہ یہ بچا ہوا پیسہ ہم تعلیم پر خرچ کریں گے ۔
٭ ٭ ٭


0 Comments