نومبر ۲۰۲۴
روحانی ہجرت

’’حسین و دل کش صبح، پرندوں کا چہچہانا، مرغ زریں کی خوش کن بانگ، حسب معمول نسیم سحر کے چہار سُو پھیلے ہوئے معطر جھونکے ،قدرتی حسن سے لبریز ہرے بھرے پہاڑیوں کے بیچ شفاف پانی میں ڈوبی آبشاروں سے بہتی پر سکون گنگناتی بل کھاتی وادی، رنگ برنگے کھٹے میٹھے رسیلے کئی قسم کے پھلوں سے لدے باغات، گھنے درختوں کے پتوں کی سرسراہٹ، شاخوں پر چہکتے پھرتے اپنے رب کی تسبیح پڑھتے، رنگ برنگ پرند اور آسمان پر تیرتے بھورے بادلوں کی اوٹ سے جھانکتی صبح کی سنہری کرنیں۔بتول !واقعی آج کا موسم کتنا خوب صورت ہے ناں؟‘‘ عطیہ نے بتول سے بالکنی میں گلاب کے پھولوں پر ہاتھ گھماتے ہوئے کہا۔
’’ہممم! کتنی جلدی سنسان رات،پرندوں کی خاموشی، رات کے گھٹا ٹوپ اندھیرے کو مشرق سے ہجرت کرتے سورج نے خوش کن ماحول میں تبدیل کردیا۔ سورج کی رات سے صبح کی ہجرت بھی کتنی پیاری ہے۔ آہ! بتول کاش اس طرح کی ہجرت مغربی دنیا میں ڈوبا انسان بھی کرتا۔‘‘ بتول نے عطیہ سے چائے کا کپ میز پر رکھتے ہوئےکہا۔
’’ہجرت؟ کیسی ہجرت ؟ بتول یہ صبح سے رات اور رات سے صبح کا نکلنا یہ تو روز کا معمول ہے لیکن آج موسم میں تم اس قدر فلسفیانہ انداز میں کیوں ڈوبی ہوئی ہو؟‘‘ عطیہ نےبتول سے پرتاسف اندازمیں پوچھا۔
’’کیوں کہ اس سے قبل مجھے اس طرح غور و خوض کرنے کی عادت نہیں تھی۔ جانتی ہو عطیہ؟ کل مغرب کےبعد سورۃ النحل کی تلاوت کرتے ہوئے، سورۃ النحل کی آیت: 41 نے مجھے غور و خوض کرنے پر مجبور کردیا:

 وَ الَّذِیْنَ هَاجَرُوْا فِی اللّٰهِ مِنْۢ بَعْدِ مَا ظُلِمُوْا لَنُبَوِّئَنَّهُمْ فِی الدُّنْیَا حَسَنَةًؕ-وَ لَاَجْرُ الْاٰخِرَةِ اَكْبَرُۘ-لَوْ كَانُوْا یَعْلَمُوْنَ

( اور جنھوں نے اللہ کی راہ میں اپنے گھر بار چھوڑا، اس کے بعد کہ ان پر ظلم کیا گیا تو ہم ضرور انھیں دنیا میں اچھی جگہ دیں گے اور بےشک آخرت کا ثواب بہت بڑا ہے۔ کسی طرح لوگ جانتے۔)
جانتی ہو اس آیت کے مطالعے کے بعد ذہن و قلب دونوں ہی اس قدر مضطرب تھے کہ رات بھر نیند بھی آنکھوں سے کوسوں دور تھی۔جیسے ہی فجر کی نماز پڑھی اور بالکنی میں بیٹھی، چائے پیتے ہوئے اس حسین و دل کش منظر نے مجھے سورۃ النحل کی آیت: 41 کی یاد دلا دی ۔‘‘ بتول نے عطیہ سے میز پر رکھی کتابوں کوٹھیک کرتے ہوئے کہا۔
’’اچھا یہ تو بتاؤ یہ ہجرت کیا ہے؟ میرے خیال میں ہجرت تو وہیں ہوئی ناں جو ہم ایک مقام سے دوسرے مقام کرتے ہیں، جیسے ہمارے انبیاء و صحابہ ٔکرام نے دین اسلام کی خاطر ہجرت کی ہے۔‘‘ عطیہ نے بتول سے پوچھا۔
’’ہمممم!تمھارے مطابق ہجرت کے معنی بالکل درست ہے، لیکن اسلامی اصطلاحات میں ہجرت کے کئی گہرے معنی ہیں،لیکن جانتی ہو ہمیں بھی ایک ہجرت کی ضرورت ہے، سب سے اچھی ہجرت۔‘‘ بتول نے عطیہ سے مسکراہٹ بھرے انداز میں گہری سانس لیتے ہوئے کہا۔
’’سب سے اچھی ہجرت ؟ یہ کیسی ہجرت ہوئی بھلا ؟‘‘ عطیہ نے حیران کن انداز میں کہا۔
’’گناہوں سے نیکیوں کی طرف ہجرت، سب سے اچھی ہجرت، تحفظ ایمان کی خاطر ہجرت۔ میرے خیال سے گناہوں کے چھوڑنے سے بھی دین محفوظ ہوجاتا ہے۔ ہجرت وطن کا اصل مقصد تو گناہ چھوڑنا اور اپنے ایمان کی حفاظت کرنا ہی ہے۔ اسی طرح گناہوں سے توبہ کرنا بھی تحفظ ایمان کی ہجرت ہے۔ اسے ہم روحانی ہجرت بھی کہہ سکتے ہیں۔‘‘ بتول نے عطیہ کو سمجھاتے ہوئےکہا۔
’’اچھاروحانی ہجرت؟ یہ کس طرح ہوتی ہے؟‘‘ عطیہ نے بتول کی بات کاٹتے ہوئے سوال کیا۔
روحانی ہجرت سے مراد برائی سے بھلائی کی طرف، گناہوں سے نیکیوں کی طرف، نفرت سے محبت کی طرف، مایوسی سے یقین کی طرف، فضول گوئی سے حق گوئی کی طرف، بے حیائی سے پاکیزگی کی طرف، خوف سے توکل کی طرف؛ غرض یہ کہ تمام ظاہری اور باطنی برائیوں سے اجتناب کی جانب سفر روحانی ہجرت کہلاتا ہے۔ اس کے علاوہ اللہ کے اطاعت اور محمد ﷺ سے محبت کا تقاضا بھی روحانی ہجرت کہلاتا ہے۔
سورۃ الذاریات میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے :

فَفِرُّوْا اِلَی اللّٰہِ

( آیت: 50)
( تیزی سے اللہ کی طرف دوڑو!)
احادیث مبارکہ میں بھی اس روحانی ہجرت کا ذکر کثرت سے ملتا ہے۔حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے ہی روایت ہے کہ آپﷺ نے مہاجر کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا :

اَلْمُھَاجِرُمَنْ ھَجَرَ السُّوْ فَاجْتَنِبَہ’

(مسند احمد بن حنبل)
(جس نے بُرائیوں سے ہجرت کی اور ان سے مجتنب رہا۔)
’’جانتی ہو عطیہ! یہ ہجرت ہماری زندگی میں بہت معنی رکھتی ہے ۔ہمارا دل قلب سلیم بن جاتا ہے۔ اللہ ہم سے راضی ہوتا ہے اور ہمیں اس فانی دنیا کے ساتھ ساتھ ابدی دنیا میں بھی کامیابی و کامرانی سے سرفراز کرتا ہے۔ ہماری زندگی کے گھٹا ٹوپ اندھیرے کو ابدی روشنی سے منور کرتا ہے۔ ہمارے ذہن و قلب میں موجود مغربی سورج کو مشرقی سورج میں ڈھالتا ہے ،اسی لیے میں نے کہا تھا کاش سورج کے طرح خوش کن ہجرت مغربی دنیا‌ میں ڈوبا ہوا انسان بھی کرتا ،تاکہ اس کا انجام آغاز سے بہتر ہو۔جیسا کہ قرآن کی سورۃ الضحی میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

وَلَـلۡاٰخِرَةُ خَيۡرٌ لَّكَ مِنَ الۡاُوۡلٰىؕ ۞

( آیت: 4)
(یقیناً تیرے لیے انجام آغاز سے بہتر ہوگا۔)‘‘
بتول نے عطیہ کو قرآن و حدیث کے ذریعے روحانی ہجرت کا مفہوم سمجھایا۔
’’جزاک اللہ خیر پیاری بتول! تم نے صحیح کہا کہ رجوع الی اللہ اور تحفظ ایمان کے لیے ظاہری اور باطنی برائیوں سے ہجرت ازحد ضروری ہے، اور جدیدیت کے اس دور میں اس ہجرت کی ہمیں ضرورت ہے، تاکہ ہم انسانیت کے لیے نَحْنُ اَنْصَارُاللّٰہِ کی تصویر بنیں۔ اللہ ہم سب کو ہدایت دے، آمین یارب العالمین !‘‘عطیہ نےبتول سے مسکراتے ہوئےکہا۔
’’جانتی ہو عطیہ! اس ہجرت میں ماضی کا بھی کوئی ڈر نہیں رہنا چاہیے، ہمارا ماضی جس قدر برا ہو لیکن جب ہم اللہ کی طرف پلٹ آتے ہیں تو رب العالمین ہمارا حال بہتر بناتے ہوئے ہمیں قبول کرتا ہے ،اور ہمیں اللہ تعالی کا شکر گزار ہونا چاہیے کہ وہ ہمیں برائیوں کے سراب سے بھلائی کی طرف لے آیا ہے۔ اسی لیے میں کہتی ہوں کہ بے شک سب سے بڑی ہجرت گناہوں سے توبہ کی طرف ہے۔ تو چلو !کیوں نہ راضی کریں ہم اپنے رب کو جس کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔‘‘عطیہ نےپر سکون گہری سانس لیتے ہوئے کہا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

2 Comments

  1. عطیہ ربی

    بہت عمدہ

    Reply
  2. Javeria

    Bhot shaandarad

    Masha Allah ????

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے