نومبر ۲۰۲۴
نسلوں کی آبیاری میں عورت کا کردار

  نسلوں کی آبیاری کا کام جتنا معمولی دکھائی دیتا ہے، کیا وہ واقعی اتنا ہی معمولی ہوتا ہے؟ نسل مطلب آنے والی قوم کے سربراہ ،لیڈر، ان کی تربيت کیا معمولی بات ہوتی ہے؟ نہیں ناں۔ اس لیے اللہ نے ان کی تربیت کا ذمہ بھی کسی معمولی انسان کو نہیں دیا ہے۔یہ انسان دنیا کی سب سے اہم اور ذمہ دار شخص مانی جاتی ہے ،جسے ہم ماں کے نام سے جانتے ہیں۔ ماں ایک خوبصورت لفظ۔ یہ لفظ اور احساس جتنا خوب صورت اور دل کو سکون پہنچانے والا ہے، اس کی ذمہ داری اتنی ہی بڑی ہے۔
عورت جب اپنا مکمل روپ اختیار کرتی ہے تب ماں کہلاتی ہے۔وہ ماں بن کر اولاد کی جنت بنتی ہے۔انھیں جنت میں لے جانا کا ذریعہ بھی وہی ہوتی ہے۔ جنت کیا ہوتی ہے؟ کبھی سوچا ہے آپ نے؟ جنت ہر کسی کی من پسند جگہ،ایک مکمل دنیا،خوابوں کا مرکز،جنت۔
اس مکمل دنیا کو اللہ نے اس عورت کے قدموں تلے بچھادیا۔عزت کا وہ مقام جو کسی کو نہیں دیا، وہ اسے عطا کیا،لیکن کیا اس مقام کی کوئی قیمت بھی ہوتی ہے؟ بالکل ہوتی ہے۔ ہر ملنے والا مقام تحفہ نہیں ہوتا۔کچھ مقام آزمائش بھی ہوتے ہیں۔اس کی تحفے کی قیمت یہ ہوتی ہےکہ اپنی اولاد کو جنت میں لےجانے کا ذریعہ بنیں۔کس طرح؟
جنت میں جانے کا راستہ اللہ نےدنیا کی بےشمار آزمائشوں کے درمیان رکھا ہے۔ جیسے کوئلے کی کان میں ہیرا رکھا ہو۔ایسے میں ماں کیا کرے؟کیسے اپنے معصوموں کو تراش کر ہیرا بنائے؟ یہ کوئی اتنا مشکل کام نہیں ہے جتنا لوگ کہتے ہیں، نہ ہی یہ کوئی اتنا آسان ہے جتنا آپ سمجھتے ہیں؟یہ کام پہاڑوں کو عبور کرنے جیسا ہے۔تیز قدموں سے چلیں گے،جلدی جلدی بچوں کو زبردستی ہر چیز سکھانے کی کوشش کریں گے تو گرجائیں گے۔ بالکل ہی چھوڑدیں گے تو ڈھے جائیں گے۔یہ کام ہر روز مستقل مزاجی سے ساری زندگی کرنے کا کام ہے۔ بس ہر اسٹیپ پر طریقہ بدلتا ہے۔کام وہی ہوتا ہے،مقصد وہی رہتا ہے کہ کس طرح اولاد کو جنت میں لےجائے؟
اس سفر میں ماں کا اہم رول یہ ہوتا ہےکہ وہ اپنے بچوں کو خواب دکھائیں۔لوریوں کے ذریعے، کہانیوں کے ذریعے بچے کو وژن فراہم کریں۔وژن کہتے ہیں مقصد کو،زندگی میں کوئی چیز بے مقصد نہیں پیدا کی گئی، مقصد کو سیٹ کرنا پڑتا ہے۔جس طرح بچے کی پیدائش سے سوچا جاتا ہےکہ وہ آگے کیا کرےگا؟ ڈاکٹر بنےگا یا وکیل۔اسی طرح یہ بھی طے کرنا پڑتا ہےکہ وہ آگے کس طرح کا انسان بنے گا۔مرنے کے بعد جنت میں جائےگا یا جہنم میں۔ظاہر ہے کوئی بھی اپنی اولاد کوجہنم میں تو نہیں بھیجنا چاہےگا۔ہر کسی کی خواہش ہوتی ہےکہ اس کا بچہ مرنے کے بعد اعلیٰ جنتوں میں مزے کرے۔
لیکن کیا خواہشوں سے من پسند محل تعمیر ہوجاتےہیں؟ نہیں ناں۔ اس کے لیے نقشہ بنانا پڑتا ہے۔سخت محنت، پیسہ اور انرجی خرچ کرکے ہمارا من پسند محل تیار ہوتا ہے۔تو کیسے صرف خواہش کی بنیاد پر بچے راہ فلاح اختیار کرکے جنت میں جائیں گے؟
کّدو کی بیل دیکھی ہے آپ نے؟جب اس کی کونپل پھوٹتی ہے اور وہ بڑھنے لگتی ہے تو مالی اسے کسی لکڑی کے سہارے جوڑ کر صحیح رخ دیتا ہے۔ اگر مالی ایسا نہ کرتا تو کیا ہوتا؟ وہ بیل کہیں سے بھی کسی کا بھی سہارا لیے بےبنیاد جگہوں سے پھیلتی جنگلی بیل کا رخ اختیار کرلیتی ہے۔
یہ مالی بچے کی زندگی میں اس کی ماں ہوتی ہے۔ جو عظیم شخصيات کے ولولہ انگیز تذکروں کے ذریعے بچوں کے سامنے ایک آئیڈیل زندگی کا گول سیٹ کرتی ہے۔جیسے حضرت اسماء کی اپنے بیٹے کو کی جانے والی عظیم نصیحت تو آپ کو یاد ہی ہوگی۔انھوں نے کہا تھا:
’’بیٹا!مردانہ وار زخم قبول کرنا، تمھاری شہادت میرے لیے سرمایۂ حیات ہوگی اور بزدلی میرے لیے ذلت۔‘‘
یہاں رک کر ذرا اپنے سینوں میں جھانک کر دیکھیے!کیا آپ کے سینوں میں بھی ایسا جوش اوراسلام سے والہانہ محبت کا وہ جذبہ موجود ہے؟اگر نہیں تو کیا صرف بیٹوں کے نام عبداللہ بن زبیر رکھنے سے آپ کی گود میں عرب میں رہنے والا عبداللہ بن زبیر پروان چڑھےگا؟
شیخ عبدالقادر جیلانی سے بھی ساری دنیا واقف ہے۔ان کارہ زنوں والاواقعہ ایک ماں کے سچے جذبے کا نتیجہ ہے۔سچ بولنے والی ماں نے بیٹے کی اس طرح تربیت کی کہ رہ زنوں کے درمیان بھی انھوں نے بنا اپنی جان کی پرواہ کیے سچ بولنا پسند کیا۔یہ وہ انسان ہیں جن کے ذکر کے بغیر اسلامی تاریخ نامکمل ہے۔
تاریخ کے صفحے کو پلٹنے پر کئی مائیں ہمارے سامنے آتی ہیں، جنھوں نے تربیت کے معاملے میں وہ معرکہ سر انجام دیا جو آج کے دور میں دیکھنے کونہیں ملتا۔ان ہزاروں ماؤں کے درمیان ایک ماں سیدقطب شہید کی والدہ کو دیکھ لیجیے!انھوں نے اپنے بیٹے کو قرآن سکھایا،اسے حفظ کروایا۔وہ قرآن کی زبان کو سمجھتے تھے۔اس خاتون نے اپنے بیٹے کی زندگی کو قرآن کے سانچے میں اس طرح ڈھالا کہ اس کی وجہ سے انھوں نے عظیم معرکے سرانجام دیے۔
آپ نے وہ مشہور قول تو سنا ہی ہوگا۔مرد کی کامیابی کی پیچھے عورت کا ہاتھ ہوتا ہے۔ دنیا اکثر ان ہاتھوں کو اس کی بیوی کے ہاتھ سمجھتے ہیں لیکن ان دونوں ہاتھوں کا کریڈٹ دراصل اس کی ماں کا ہوتا ہے،کیوں کہ درخت صرف بڑا ہونے کے بعد فوری پھول پھل دینا نہیں شروع ہوجاتا۔اسے پھول یا پھل دینے کے لائق بیج لگانے والا مالی بناتا ہے، جو سارا وقت اس کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ اس کے کچھ بڑے ہوجانے کےبعد اسے جانوروں سے بچاتا ہے،وقت پر کھاد اور پانی دیتا ہے۔ اگر مالی صرف بیج لگاکر اسے اپنے حال پر چھوڑ دیتا تو ان درختوں اور جنگل میں رہنے والے جنگلی درختوں کے درمیان کوئی فرق نہیں رہتا۔ جس طرح جنگل کے درختوں سے رنگین پھول اور مزیدار پھل کی امید لگانے والوں کو پاگل سمجھاجاتا ہے،ٹھیک اسی طرح اپنے بچوں کو دنیاکے سینے پر دندناتے ہوئے چھوڑنی والی ماؤں کو بھی بے وقوف ہی سمجھاجاتا ہے،جو ان بچوں سے یہ امید باندھتی   ہیں کہ وہ بڑھاپے میں ان لاٹھی بنیں گےیا دنیا میں نام کمائیں گے۔جو بچے رات بھر پان پٹیوں پر گپ شپ لگاتے ہیں ، ساری رات موبائل میں فضول گیمس کھیلتے گزار دیتے ہیں، دن کےدو بجے ناشتہ مانگتے ہیں۔ان کی پست خیال اور کم ظرف ماؤں کو خود پر شرمندگی ہونی چاہیے کہ جب اس دنیا سے لینے کا وقت تھا تو اس نے ہر چیز اپنی جھولی میں سمیٹ لی اور جب دینے کا وقت آیا تو کن آستین کے سانپوں کی پرورش کررہی ہیں، جس کی وجہ سے قوم کی ہلاکت کا خطرہ پیدا ہورہا ہے ۔
آپ نے اپنی اولاد سے یہ سوال ضرور کیا ہوگا کہ آپ کی اولاد بڑی ہوکر کیا بنے گی؟ دراصل اس سوال کا جواب آپ خود سے پوچھ رہی ہوتی ہیں بلکہ جواب بھی آپ خود ہی دیتی ہیں کہ آپ کو اسےکیا بنانا ہے۔ اس سوال کا جواب دراصل ماں کے ظرف پر منحصر ہوتاہے۔کم ظرف مائیں اپنے بچوں کو کم ظرف اور پست خیال بناتی ہیں،ان کا خواب مال دار بننا، عیش کرنا، پیسہ کمانا وغیرہ ہوتا ہے۔ ان بچوں میں نہ دنیا بدلنے کا جذبہ ہوتا ہے نہ ہی کسی بلند مقصد کو حاصل کرنے کی جرأت۔ان کی سوکالڈ کامیابی کی مدت ان ہی کی طرح مختصر ہوتی ہے۔ ان کی ڈگریاں، دولت ،عہدے سب وقت کے کوڑے دان میں پھینک دیے جاتے ہیں۔ انسانیت تو بہت دور، ان کے پوتے بھی ان کے نام سے ناواقف ہوتے ہیں۔
ان کے مقابلے  میں اب آتی ہیں وہ مائیں جو اپنے بچوں کی قوم کی امانت سمجھ کر پرورش کرتی ہیں۔ ان کی زرخیز گود سے جنم لیتے ہیں ، عبداللہ بن زبیر ، مولانامودودی، خرم مرادجیسے وہ جاں باز جو دنیا کی امامت کا سہرا اپنے سر پر سجاتے ہیں۔یہ جاں باز ایسے ہی نہیں پیدا ہوجاتے۔ان کےلیے ان کی ماؤں کو تپتی ریت پر صفا اور مروہ کے کئی چکر لگانے پڑتےہیں۔اپنے بچوں کو امید کی وہ کرن دینی پڑتی ہے ،جس کی روشنی سے خود ان کی آنکھیں ہر روز خیرہ ہوتی ہیں۔یہ عام عورتوں کے کام نہیں ہوتے۔ہر روز ان جیسے جاں باز پیدا ہو بھی نہیں سکتے۔یہ خاص،بہت خاص عورتیں ہیں۔ان کے جذبات کسی بہتی بارش کے قطروں کی طرح شفاف ہوتے ہیں۔یہ پہلے خود کو عام سے خاص بناتی ہیں،تب ان کی گود میں یہ جاں باز جنم لیتے ہیں،لیکن ذرا اطراف کی ماؤں پر غور کریں تو افسوس ہوتا ہےکہ جن عظیم ماؤں کا ذکر اوپر آیا، آج دنیا ایسی ماؤں سے خالی ہوچکی ہے۔
آج کی بےچاری مائیں کیسے اپنے بچوں کو ان عظیم شخصیت کے خواب دکھائیں جب کہ وہ خود ان کے بارے میں جانتے ہی نہیں ہیں؟ ایسے عظیم خواب نہ کبھی انھوں نے دیکھے نہ کبھی سوچا۔یہ جانتی ہی نہیں  ہیں کہ علامہ اقبال بھلا کون تھے؟ سید قطب کو پھانسی کیوں ہوئی؟ مولانا مودودی نے کس طرح اپنی زندگی کے اتار چڑھاؤ دیکھے؟
یہ مائیں اپنی آنکھوں کو کیسے وہ سارے خواب دکھائیں؟ جو آنکھیں دنیا کی چکاچوند دیکھ کر خود کو ٹھنڈک دیتی ہیں،ان کے لیے یہ فخر کی بات ہوتی ہےکہ ان کا بیٹا جانوروں کی طرح دس سے پندرہ گھنٹے آفسوں میں کام کرے۔ڈائننگ ٹیبل پر سیاسی تبصرے کرے اور جاکر سوجائے۔ نہ کبھی ان کا کام ختم ہوتا ہے نہ یہ کوئی فلاحی کام کی طرف توجہ دےپاتے ہیں۔اسی طرح اس عظیم سر زمین پر ان کا وقت ختم ہوجاتا ہے اور ان کی جگہ کوئی اور پست خیال ماں کا پست خیال بیٹا لےلیتا ہے۔یہ ماں، بیٹے کو نہ اقامت دین سے واسطہ ہےنہ ان کے بےجان دل میں قوم کا کوئی درد ہے،لیکن یہ خواب بھلا دکھائے کیسے جاتے ہیں؟ کیا ہوتے ہیں یہ خواب؟ چلیے دیکھتے ہیں۔
سب سے پہلے بچوں کو خواب دکھانے کے لیے ماں کو خواب دکھانا پڑتا ہے،محسوس کرنا پڑتا ہے،جینا پڑتا ہے، اس کی تعبیر اپنے ہاتھوں سے پوری کرنی پڑتی ہے۔بلند خواب دیکھنے کے لے جذبات میں بلندی لانی پڑتی ہے،پاکیزگی پیدا کرنی پڑتی ہے،دل وسیع کرنا پڑتا ہےاور سب سے اہم کسی کی اعلیٰ لیول کی تربیت کرنے کے لیے خود کی بھی پہلے اتنی تربیت کرنی پڑتی ہے۔
اللہ نے جب امت کے لیے اور ان کی تربیت کے لیے جس شے کے بارے میں سوچا تو قرآن سے بہتر اللہ کو کوئی اور شے نہ لگی۔ اس لیے آپ کو اپنی تربیت کے لیے قرآن کو اپنا سینہ چیرکرلفظ بہ لفظ اتارنا ہوگا۔ اسے سمجھ کر عمل کرنا ہوگا۔ بلند مقصد کے لیے محنت بھی اعلیٰ درجہ کی ہی کرنی پڑتی ہے۔سونا تیز جلن برداشت کرکے ہی کندن بنتا ہے۔جب آپ اپنی زندگی کو عملی قرآنی نمونہ بن کر اپنے اولاد کے سامنے پیش کریں گےتو وہ بھی بغیر کہے آپ کے نقش قدم پر چلنے لگیں گے،لیکن کیا قرآن امت کے لیے کافی ہے؟ بالکل قرآن امت کے لیے مکمل ہےلیکن حدیث ہمیں اس کو مزید سمجھنے میں مدد کرتی ہے۔ محمدﷺ کی زندگی کو پڑھ کر ہمیں اپنی زندگی کو کس طرح حق کے راستے پر چلائے ،وہ طریقہ سمجھ میں آئےگا۔
دیگر مشہور شخصیات کی کتابیں آپ کو بتائیں گی کہ جب آپ حق کے راستے پر چلیں گے تو آپ کے ساتھ کیا معاملہ پیش آسکتا ہے؟ کون سی آزمائشیں آپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کھڑی ہیں،تاکہ آپ انھیں پڑھ کر خود آپ کے بچوں سمیت اس آزمائش میں کامیاب ہونے کےلیے تیار کرسکیں۔
پھر تیسری چیز ہے تاریخ کی کتابیں۔ تاریخ کے صفحوں پر اپنی آنکھوں کا لہو ٹپکانے سے ہی ہمیں سمجھ میںآتا ہےکہ آخر کیا وجہ تھی کہ دنیا بغداد کے عالی شان محل میں رہنے والوں کو تو نہیں جانتے ،لیکن اسی بغداد میں زندگی گزارنے والے فقیر جنید بغدادی کانام عزت سے لیتے ہیں۔اس سے ہم انسانوں کی نفسیات کو سمجھنے کے قابل بنیں گے، ہمیں سمجھ میں آئےگا کہ اصل کامیابی یہ بڑے عہدے اور دولت مند لوگ نہیں ہوتے۔یہ لوگ کتنے کم تر ہوتے ہیں، جن کے نام سے تاریخ خالی ہوتی ہے۔ اصل کامیابی وہی ہوتی ہے، جس سے اللہ راضی ہو۔
اس لیے موجودہ زمانے میں دینی تعلیم کافی نہیں ہے۔دنیاوی تعلیم بھی اب ضروری ہوگئی ہے۔ذرا اپنے اطراف میں نظر دوڑائیں آپ کو ایسی کئی خواتین نظر آئیں گی ،جنھوں نے دسویں اور بارہویں کےبعد اپنی پڑھائی چھوڑ دیں۔کیا ایسی خواتین ایک نسل کی پروش بہتر طور پر کر سکیں گی؟
چلیے مان کر چلیے کہ بچے کو اسکول اور ٹیوشن سے پڑھایا جاسکتا ہے، لیکن سائیکلوجی کہتی ہےکہ بچے کے سیکھنے کی اصل عمر چھ سے دس سال تک ہوتی ہے،جہاں وہ اپنے اطراف کی چیزیں اور لوگوں پر غور کرکے غیر محسوس طریقے سے اسے اپنانے کی کوشش کرتا ہے۔اب جب اسے علم شعور اور شائستگی کے بنیادی اسباق اپنی ماں سے ہی سیکھنے ہیں تو پھر ماں کے علم و شعور کی کوئی سطح ہونا بھی ضروری ہوگی۔ ایک صدی سے اسلامی دنیا میں کوئی ہونہار لیڈر اقبال،مولانا مودودی ،خرم مراد کی طرح پیدا نہیں ہوا۔ وجہ ہے ماں کے شعور میں ناپختگی اور علم کا نہ ہونا۔
اس لیے ماؤں کو اپنے گھریلو زندگی کے ساتھ ساتھ معاشرے کی بھی اصلاح کا بیڑہ اٹھانے کے قابل بننا ہوگا۔یہاں تعلیم سے مراد روزگار والی تعلیم نہیں ہے،ایسی تعلیم جو نوکری کرکے پیسہ کمانے کے لیے حاصل کی جاتی ہے۔
آج کل یہ بہت عام سمجھا جانے لگا ہےکہ اگر نوکری نہیں کرنی تو پھر تعلیم کی کیا ضرورت اور اگر تعلیم حاصل کی ہے، ڈگریوں کے انبار لگے ہیں تو پھر نوکری کیوں نہ کرے؟کیوں تعلیم کو ضائع ہونے دے؟
تعلیم کا مقصد کسی بھی معنی میں نوکری حاصل کرنا نہیں ہوتا۔تعلیم تو انسان کی شخصيت میں نکھار لاتی ہے،اسے مکمل بناتی ہے،اسے معاشرے میں رہتے ہوئے ایک نئی سوچ کے ساتھ جینا سکھاتی ہے۔ذرا سوچیے! کیا آپ گھر اور نوکری کی دوہری ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ کیا اقامت دین جیسے عظیم فریضے میں اپنا حصہ ڈال سکیں گی؟اگر معاشی طور پر آپ مضبوط ہیں تو اپنا وقت اور صلاحیت گھر کی بہترین تعمیر کے بعد معاشرے کی تعمیر میں لگائیں۔ یہ کام آپ کی زندگی میں حسن پیدا کرےگا،دل میں سکون آئےگا،کیوں کہ اللہ کا کام کرنے والوں پر اللہ اپنی ڈھیروں رحمتیں بھیجتا ہے۔کیا پتہ اس رحمت کے زیر اثر آپ کی گود سے بھی کوئی مولانا مودودی، علامہ اقبال اور خرم مراد جیسا عظیم لیڈر پیدا ہو،اور لوگ اسے صدیوں تک صرف آپ کی تربیت کی وجہ سے یاد رکھیں،تو دیر نہ کریں،یہ سفر کٹھن ہے،لیکن دل فریب بھی ہے،کیوں کہ یہ وہ مقصد ہے جس کے لیے ہم پیدا کیے گئے ہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے