نومبر ۲۰۲۴
بانجھ پن (Infertility)

اس کرۂ ارض پر جب سے انسان آباد ہوا، اس وقت سےنسل انسانی کا سلسلہ وظیفہ تناسلیہ کے ذریعے جاری ہے۔ قانون فطرت کے مطابق نوع انسانی کو مرد اور عورت کے جوڑے میں پیدا کر کے ان کے ملنے کا ایک خاص طریقہ مقرر کر کے نسل انسانی کی بقا کا انتظام کیا گیا۔
انسان کو اشرف المخلوقات کی حیثیت دے کر خلیفہ کی اہم ذمہ داری نبھانے کے لیے جتنے وسائل درکار تھے، ان سب کے فراہمی سے اس کو نوازا گیا، نہ صرف مٹی کا جسم عطا کیا گیا بلکہ اس جسم میں ایک روحانی وجود اور وحیِ الٰہی کا علم، پھر اس کے ساتھ ایک قلبی ،جذباتی اور نفسیاتی وجود بھی بخشا گیا تاکہ اس اہم ذمہ داری کو ادا کر کے پھر سے اپنے انجام کی طرف لوٹ جائے۔
انسانی زندگی کی بقا روح پر منحصر ہے، جسم تو روح کا لباس ہوتا ہے، جو دنیاوی سفر طے کرنے کے بعد سپرد خاک کیا جاتا ہے ،لیکن اس جسمانی وجود کو پہلی بار پیدا کرنے والا خالق اللہ تعالیٰ اس کو دوبارہ پیدا کرنے پر پورا اختیار رکھتا ہے، کہ اس کے مادی اجزاء کو پھر سے جمع کرکے ،اسی جسم کو اس کے اعمال کی جزاء یا سزا سے ہم کنار کرے۔
انسانی جسم مختلف معدنیات سے مرکب ہے،جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ بھی ہے کہ ہم نے انسان کو مٹی سے اور جنوں کو آگ سے پیدا کیا۔ انسانی جسم کا 70 فی صد حصہ پانی اور 30 فی صد حصہ معدنیات سے مرکب ہے۔ حکماء یونان کے نظریے کے مطابق امور طبعیہ 7 ہیں، جن سے بدن انسان مرکب ہوتا ہے:ارکان، مزاج،اخلاط،اعضاء، ارواح ،قوی اور افعال۔ اگر ان میں سے ایک بھی معدوم ہو جائے تو جسم انسانی کا وجود باقی نہ رہے گا۔
اطباء نے اعضاء جسمانی کو مختلف اعتبار سے تقسیم کیا ہے۔ ایک تقسیم اعضاء مفردہ اور اعضاء مرکبہ کی ہے ،اور ایک تقسیم انسانی جسم کو عالم متصور کرکے کی گئی ہے،چوں کہ انسانی جسم کو ایک عالم خیال کرتے ہوئے اس کو ریاستوں اور نظاموں میں تقسیم کیا گیا، اور ہر نظام کے مرکزی عضو کو عضو رئیس کہا گیا اور باقی اعضاء کو اعضائے غیر رئیسہ یا اعضائے خادمہ کہا گیا۔
بقاء جنس کے اعتبار سے اعضاء رئیسہ 3 ہیں :
(1) دماغ :جس کا مقام سر ہے،جو نظام اعصاب کا مرکز ہے اور اعصاب اس کے خادم ہیں۔
(2) قلب :جس کا مقام صدر ہے۔جو نظام عروق کا مرکز ہے اور عروق اس کے خادم ہیں۔
(3) جگر: جس کا مقام بطن ہے، عروہق ماساریقا کا مرکز ہے اور یہی اس کے خادم ہیں ۔
بقاء نوع کے اعتبار سے اعضاء رئیسہ کی چوتھی قسم :
(4)خصیتین ہیں ،جہاں رطوبات منویہ کی پیدائش ہوتی ہے ،اس کے خادم وہ عروق ہیں جو اس کو خون پہنچاتے ہیں اور اعضائے تناسلیہ بھی اسی کے خادم ہیں ۔

بانجھ پن

 تعریف

ایک یا ڈیڑھ سال تک عورت اور مرد کے مستقل جسمانی تعلق اور حسب موقع ومحل طبعی اور فطری طریقے پر جنسی تعلق قائم رکھنے کے باوجود اولاد کی نعمت سے محروم رہنا بانجھ پن کہلاتا ہے۔عقر کے اسباب میں کچھ کا تعلق مرد سے ہے اور کچھ کا تعلق عورت سے ہے۔

عورتوں میں عقر کے اسباب

عقر کے معنی استقرار یا حمل کا نہ ہونا بانجھ پن یا اولاد کا نہ ہونا۔ ان اسباب کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے،پہلا خلقی اور دوسرا غیر خلقی۔

خلقی اسباب

(1)جب اعضاء تناسلیہ میں کوئی نقص پیدائشی طور پر پایا جائے۔

غیر خلقی اسباب

(1) سوئے مزاج رحم
(2) انصباب اخلاط ردیہ
(3) فر بہی
(4) لاغری و کم زوری
(5) انسداد فم رحم
(6) ریاح و نفخہ
(7)امراض رحم جس میں صلابت رحم(Thickened uterus)، میلان رحم، بواسیر رحم(Uterine polyps)، قروح رحم (Uterine ulcer)،تشہم رحم(Fatty uterus) ،تبقض رحم یا صغر رحم تش،حم رحم ،دیدان رحم ،ورم رحم(Metritis)، نتوءرحم (Smelly Uterus)یا انقلاب رحم(Inversion of uterus) ،ناسور رحم (Uterine Fistula)،سرطان رحم شامل ہیں۔
(8)امراض خصیۃ رحم جس میں ساخت کی خرابی، ورم خصیۃ الرحم،بیضوں کی کمی، بیضوں کی طبعی قابلیت میں کمی وغیرہ شامل ہیں۔
(9) امراض ماہواری، جس میں کثرت طمث، سیلان الرحم ،احتباس طمث وغیرہ شامل ہیں۔
(10)امراض قازف جس میں قازف کا مسدود ہو جانا، قازف کے جھالردار سرے کا زائل ہو جانا ،قازف کی نالیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ شامل ہیں۔
(11) خطا بعد الحمل یعنی ایسی غلطی جو رحم میں منی کے داخل ہونے کے بعد ہوتی ہے جیسے عورت کا کودنا یا سخت صدمے کا پہنچنا وغیرہ۔
عورتوں کے اعضاء تناسلیہ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ،پہلے بیرونی آلات،جس کو فرج یا شرم گاہ بھی کہتے ہیں۔دوسرے اندرونی آلات، جس میں:
(1)اندام نہانی کی نالی یعنی Cervical canal
(2) رحم یا بچہ دانی یعنی uterus
(3) دونوں خصیۃ الرحم یعنی ovaries
(4) دو باریک نالیاں یعنی fallopian tubes شامل ہیں۔

عورتوں میں عقر یا بانجھ پن کی علامات

اسباب کے لحاظ سے علامات پائی جائیں گی جیسے:
(1) ماہواری کی بے قاعدگیاں یا ماہواری میں دشواری یا ماہواری کا نہ پایا جانا
(2) اندام نہانی سے رطوبات کا اخراج
(3) مستقل تھکان
(4) چہرے پر دانے
(5) جسمانی بالوں میں طبعی کمی یا زیادتی
(6)وزن میں تغیرات
(7) جذباتی بے اعتدالی
(8) ضعف شہوت
(9) عمر رسیدگی
(10) دیگر امراض رئیسہ اگر اسباب میں شامل ہوں، جیسے: امراض قلب، امراض جگر ،امراض گردہ،تو ان کی علامات ظاہر ہوں گی۔
(11) امراض غدہ درقیہ یعنی thyroid gland اور امراض غدہ مستدیرہ یا نخامیہ یعنی Diseases of spinal cord ۔

انابت یا بانجھ پن

تعریف وظیفہ تناسلی پر اگر انسان قطعاً قادر نہ ہو تو اس کو انابت یا نامردی کہا جاتا ہے، اگر اس وظیفے میں طبعی تقاضوں کے مطابق ضعف لاحق ہو جائے تو اس کو ضعف باہ کہتے ہیں ۔
مردوں میں بانجھ پن کے اسباب کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے:
(1) ضعف باہ اصلی یا حقیقی جو براہ راست آلات تناسلی کی خرابی سے پیدا ہو۔
(2) ضعف باہ شرکی جس میں اعضاء تناسلیہ صحیح ،سالم و درست ہوں، لیکن دوسرے امراض کی وجہ سے طبعی وظائف انجام دینے کی صلاحیت نہ رکھتے ہوں۔

اسباب اصلی

اس میں استرخا ءآلہ یعنی قضیب کا ڈھیلا ہو جانا ،عصب مجوفہ کا متاثر ہو جانا یا فالجِ اعصاب شامل ہیں۔

اسباب شرکی

(1) ضعف بدن و کمی غذا
(2)امراض قلب وجگر
(3) مزمنہ ،اسہال ،سنگرہنی بواسیر ،یا دائمی قبض، جریان
(4)ذیابطیس
(5)امراض غدہ درقیہ یا امراض غدہ مستدیرہ یا نخامیہ
(6) قلت منی ،سکون و جمود منی ،ترک جماع
(7) خیالات و جذبات یعنی پارسائی و درویشی یا زہد و تقویٰ
(8)نفرت و کراہیت، عورت سے یا صحبت کے عمل سے
(9)شرم و حیا وہم و وسوسہ یا خوف
(10)شراب کی کثرت، افیون ،بھنگ اور تمبا کو وغیرہ کا استعمال
(11)ترک جماع
(12)سواری
(13)امراض مضعفہ جیسے ورم مثانہ، سنگ مثانہ، امعاء مستقیم کے امراض، اعضاء مجاورہ کے پھوڑے پھنسیاں اور چوٹ وغیرہ
(14) قوت باہ کا بے جا اسراف یعنی فطری قوت کا غیر فطری طریقے سے استعمال، جیسے اغلام،استمناء، جلق،کثرت جماع وغیرہ ،ان کے علاوہ ضعف باہ کا سبب ننگی تصویروں کا دیکھنا ،عورتوں کے ساتھ ہمیشہ رہنا، برہنہ عورتوں کو بکثرت دیکھنا ،ان کے ساتھ ناچنا، عصبی تاثرات کو تیز کر کے ذکاوت حس کو بڑھا دیتے ہیں اور کثرت جماع اور پھر وقت سے پہلے ضعف باہ کا سبب بنتے ہیں۔
(15) مخفی فساد یعنی منی کا کوئی ناقابل بیان فساد، ایسے بانجھپن کی مثال بے ثمر درختوں کی ہوتی ہے۔
مردوں کے اعضائے تناسلیہ میں شامل ہیں:
(1) قضیب (Penis)
(2)خصیتین(Testis)
(3)مجراء منی
( 4)افیدیدموس(Epidydimis)
(5)فوطہ یا صفن(scrotum)
(6) خزانہ منی یا اوعیہ منی
(7) seminal vesicles
(8)غدہ مزی(prostrate)

علاج

اصل سبب معلوم کریں اور پھر اسی کے مطابق علاج کریں۔

سماجی پہلو

آج دنیا کی کل آبادی 700 کروڑ ہے ،اور تاریخ گواہ ہے جیسا کہ ہر دور میں لاولد لوگ دنیا میں موجود رہے ہیں، آج بھی ان کی تعداد دنیا بھر میں 60 سے 80 ملین موجود ہیں ،ہندوستان میں تقریباً 15 سے 20 ملین جوڑے بانجھ پن سے متاثر ہیں، یعنی کل آبادی کا 15 سے 20 فی صدحصہ بانجھ پن کا شکار ہے، عالمی سطح پر 6 لوگوں میں 1 بندہ یا بندی لاولد زندگی گزارتے ہیں۔

سماجی اسباب

(1) غریبی ،جہالت، ناخواندگی
(2)خاندانی منصوبہ بندی
(3) شادیوں میں تاخیر
(4)شادیوں سے اجتناب
(5)تمدنی منتقلی یعنی پچھلے 50 سالوں میں کھیتی باڑی و زراعت سے نوکری والا طرز زندگی
(6) طرز زندگی میں تبدیلی
(7) خواتین کا معاشی دوڑ دھوپ میں حصہ لینا اور فطری وظائف تناسلیہ سے عمدا ًدوری اختیار کرنا

نفسیاتی پہلو

جب کوئی مرد یا عورت شادی شدہ زندگی گزارنے کے کئی سال بعد بھی اولاد کی نعمت سے محروم ہو تو سب سے پہلے وہ خود اپنی زندگی میں ایک خلاء محسوس کرتے ہیں ،اور احساس کم تری کا شکار ہوتے ہیں پھر مرد پر کم لیکن عورت پر خاندان و سماج کا دباؤ زیادہ ہوتا ہے،اور سسرال یا شوہر کی طرف سے دوسری شادی کا دباؤ، یا پھر اپنی نسل کے آگے نہیں بڑھنے کا خوف انسان کو مجبور کر دیتا ہے کہ وہ مہنگا اور رسکی علاج اور ہر ممکنہ تدبیر کی کوشش کرتے ہوئے بعض اوقات اپنے جسم کو علاج اور تجربے کا آلۂ کار بنا دیتے ہیں،اکثر خواتین اس طرح اپنی جان بھی ہلاکت میں ڈال دیتی ہیں،ہر قسم کے نسخے آزماتی ہیں، یہاں تک کہ اسی امید ونا امیدی کی کیفیت میں بڑھاپے کی دہلیز پر قدم رکھ دیتی ہیں اور اپنی زندگی کی ساری خوشیاں اس کمی کی نذر کر دیتی ہیں۔
بعض اوقات اس میں حرام علاج کی طرف بھی گام زن ہو جاتی ہیں،جب دواؤں سے بن نہیں پڑتا تو دعاؤں کے ذریعے غلط لوگوں کے ہاتھوں میں پڑکر شرک میں ملوث ہو جاتی ہے، یا پھر موجودہ دور کے جدید طریقہ ہائے علاج جیسا کہ آئی وی ایف( IVF) وغیرہ میں ڈونر ایگس( Donor Eggs) اور ڈونر سپرمس(Donor sperms) کے ذریعے علاج اور سروگیسی(surrogacy )یعنی کرائے کی کوکھ کے ذریعے غیر شرعی علاج کو اپناتی ہیں۔

اخلاقی پہلو

خوش گوار معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ ایسے جوڑوں کو قبول کریں،انھیں طعن و تشنیع کا نشانہ نہ بنائیے ،جیسے :طلاق شدہ یا بیوہ ہمارے سماج کا حصہ ہیں،اسی طرح لاولد جوڑے بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں ،دنیاوی زندگی مال و اولاد میں ایک دوسرے پر فخر کے علاوہ کچھ اور نہیں ہے ،یہاں اللہ کی نعمتوں کی تقسیم سب کے لیے یکساں نہیں ہے۔ اس کی حکمت پوشیدہ ہے اس بات میں کہ وہ کسی کو مال و عہدہ دیتا ہے، کسی کو حسن و علم سے نوازتا ہے، کسی کو اولاد دیتا ہے ،کسی کو دوسری جسمانی و ذہنی صلاحیتیں عطا کرتا ہے،کسی کو بہترین صحت و تندرستی دیتا ہے،کسی کو بیماری تو کسی کو غریبی دیتا ہے ،کسی کو خاندان دیتا ہے ،کسی کی نسل کو وہیں روک دیتا ہے ،سارے معاملات بندوں کے لیے آزمائش کا ذریعہ ہیں ،وہ دے کر بھی اور نہیں دے کر بھی آزماتا ہے کہ بندے کا رویہ کیسا ہوگا ؟یہی دنیا کی زندگی کا امتحان ہے۔

سیرت انبیاء و سیرت رسول سے رہ نمائی

نبیوں کی سیرت سے بھی ہم کو معلوم ہوتا ہے کہ اولاد کا معاملہ انسان کے اختیار کی بات نہیں ہے ۔ حضرت زکریا علیہ السلام اور حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بڑھاپے میں اولاد کے لیے دعا کی اور مقصد یہ تھا کہ ان کے کام کو چلانے والا کوئی وارث ان کے بعد موجود ہو، حضرت زکریا کے الفاظ تھے کہ مجھے اپنے بعد اپنے بھائی بندوں کا خوف ہے کہ ذمہ داری کے قابل کوئی نہیں لگتا اسی لیے اولاد کی ضرورت ہے۔ حضرت یحییٰ اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے نکاح ہی نہیں کیا ،مگر ان لوگوں نے دنیا کو بہترین علم دیا ،ان کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔حضرت سلیمان علیہ السلام کی سیرت سے معلوم ہوتا ہے کہ اتنی بڑی سلطنت کے مالک ہونے کے باوجود آپ کی اولاد کا ذکر نہیں ملتا،کیا ان کو بھلا دیا گیا؟ یا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نکاح میں آنے کے بعد سوائے حضرت خدیجہ کے کسی کو اولاد نہیں ہوئی، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہوا کہ امہات المومنین کو معاذ اللہ کبھی معاشرے کی طرف سے باتیں سننی پڑیں،پھر خود انھوں نے بھی کبھی اپنی اس محرومی کی شکایت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے نہ کی۔ اللہ رب العالمین کے فیصلےپرراضی برضا رہے، اپنے حصے کا کام کر کے دنیا سے رخصت ہو گئے ،یہی ایک مومن اور مومنہ کا رویہ ہونا چاہیے۔

سوچ کا دوسرا زاویہ

پہلا تو نظریہ اولاد سے متعلق یہی ہے جو قدیم اور فطری رہا ہے کہ اولاد ایک نعمت ہے، قرآن بھی اس کو خوش خبری یا Good News سے تعبیر کرتا ہے،کثرت اولاد اور کثرت مال پر فخر کرنا انسانی سماج کا طریقۂ کار رہا ہے،دوسرا نظریہ انسان کی مادہ پرستانہ سوچ اور تنگ نظری کا ثمرہ ہے کہ وہ اپنے ساتھ اپنے وسائل میں کسی کی شراکت کو منظور نہیں کرتا ،زندگی کی ساری نعمتیں اور وسائل سے صرف اپنی ذات کو فائدہ پہنچانا چاہتا ہے، یا پھر کچھ اور لوگ یہ نظریہ رکھتے ہیں کہ دنیا کی حالت اتنی خراب ہو گئی ہے کہ ہماری پیدائش ہی غلطی ہے اور اپنی اولاد کے معاملے میں یہ غلطی کیوں دہرائیں؟
یہ ایسے انسانوں کا نظریہ ہے جو اپنی زندگی اور دنیا سے مطمئن نہیں ہیں،یا پھر کچھ اور لوگ یہ سوچتے ہیں کہ ہم خواہ مخواہ بھیڑ میں کیوں اضافہ کریں؟ جب تک کہ ہم معیار زندگی کو قابل نہ بنائیں، دنیا میں اولاد کو بلانا عقلمندی نہیں ہے ،یہ نظریہ خود ان کی اپنی کم عقلی کا نتیجہ ہے کہ وہ معیار زندگی کو صرف مادی اعتبار سے ناپتے ہیں۔ یہ تمام نظریات ایمان کے خلاف ہیں کہ زمینی وسائل انسانوں کے لیے کم پڑ سکتے ہیں، یا پھر ہماری اولاد کو کھلانے اور پلانے والے ہم خود ہیں۔ جب تک کہ یہ عقیدہ صحیح دلوں میں اور دماغوں میں جذب نہ ہو جائے کہ ہر جاندار کے رزق کا انتظام کرنے والا صرف اور صرف اللہ تعالی ہے، اور اولاد یا نسل کے معاملے میں ایمان کا تقاضا اور سکون کی کیفیت اسی وقت نصیب ہو سکتی ہے، جب اس ارشاد باری تعالیٰ پر یقین کامل ہو کہ ہم جس کو چاہتے ہیں لڑکے دیتے ہیں جس کو چاہتے ہیں لڑکیاں ہی دیتے ہیں اور جس کو چاہتے ہیں، دونوں عطا کرتے ہیں اور جس کو چاہتے ہیں بانجھ کر دیتے ہیں۔

جدید طریقہ ہائے علاج

(1)جراحت
(2) کیارو ٹیکنالوجی
(3) سروگیسی یعنی کرائے کی کوکھ
(4) آئی یو آئی
(5)آئی وی ایف
(6)ایمریوزکوپی
(7) سیمن یا منی بینک
(8)ڈی این اے ٹیسٹ
(9)ہارمون تھراپی
(10) پریگننسی مینجمنٹ

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے