ہر سال مارچ کی پہلی تاریخ کو نا انصافی ،نسلی تفریق اور حق تلفی کے خاتمہ کی غرض سے دنیا بھر میں’عالمی یوم صفربھید بھاؤ‘ (zero discrimination day) منایا جاتا ہے ۔
ہر سال اس دن کے لئے ایک مخصوص مرکزی موضوع منتخب کیاجاتا ہے، جیسے حقوق کی پاسبانی ،نقصاندہ قوانین کا خاتمہ ،نابرابری کا خاتمہ ،وغیرہ۔ اس سال ’ہر ایک کی صحت اور حقوق کی حفاظت ‘کا مرکزی عنوان دیا گیا ہے۔
پچھلے کئ سالوں سے یہ اور اس قسم کے ایام و مہمات منائے جاتے ہیں اور باور کیا جاتا ہیکہ نسل پرستی اور نا انصافی کے خاتمے کے لیے عالمی مقتدر قوتیں بہت سنجیدہ ہیں۔دنیا میں حقوق و انصاف کی علمبردار ہیں ۔وہ اپنے آپ کو پچھڑوں، کمزوروں، مزدوروں اور عورتوں کے حقوق کا محافظ گردانتی ہیں، لیکن دنیا دیکھ رہی ہے کہ یہ دعوے کس قدر کھوکھلے ہیں ۔حقیقت کس درجہ اس کے برعکس ہے!
مغربی قوتوں کی پشت پناہی میں مسلسل کئ سالوں سے فلسطینیوں کے حقوق کی انتہائی پامالی،ان کو رہنےسہنے، پڑھنے لکھنے؟ کھانے پینے حتی کہ جینے تک کے حقوق سے محروم کیا جاتا رہا ہے۔پچھلے کئی ماہ سے تو یہ ظلم و ناانصافی عروج پر ہے۔ ہزاروںبے قصور بچے، مرد وعورتیں اور بزرگوں کو انتہائی سفاکی ساتھ موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ پہلے توانہیں جیلوں میں ٹھونسا اور اذیتناک قید وبند کے نت نئے شیطانی طریقوں سے گذارا جاتا رہا۔
نا انصافی اور ظلم کی تاریخ میں انصاف کا یہ دوہراُرویہ اکثر دیکھا جاتا رہا ہے۔ زمین پر قوت واقتدار پانے والےاپنے اور اپنے ہم نواوں کے مفاد کےلئے خود کے وضع کئے گئے اصول و ضوابط کے خلاف کام کرتے رہےہیں۔جب کہ اس کے بر خلاف خدا کو حاکم مطلق ماننے والے اس کے بنائے گئے قوانین اور رہنما اصولوں کو جوابدہی کے احساس کے ساتھ مانتے رہےہیں نیز عمل آور بھی ہوتے ہیں ۔خدائے برترنے جو احکامات بنائے ہیں وہ کسی ایک قوم کے لیے نہیں بلکہ بلا امتیاز ساری انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے ہیں۔ نیز اس کے نفاذ و رہنمائی کے لیے نبی صلی اللہ علیہُ و سلم کاُاسوہ اور عبادت و اجتماعی ماحول کے موثر طریقےبھی بتلائے ہیں ۔بھلائیوں اور خیر خواہی کو عام کرنے کا ایسا ہی ایک موثر ذریعہ’ ماہ رمضان‘ بھی ہے۔
ماہ مواسات:
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان الفاظ میں رائج ہر طرح کی تفریقات کی نفی فرمائی کہ
’’کالے کو گورے پر اور گورے کو کالے پر کوئی فضیلت نہیں ۔اسی طرح عربی کو عجمی پر اور عجمی کو عربی پر کوئی فضیلت نہیں۔ فضیلت اگر ہے تو تقویٰ کی بنیاد پر ہے‘‘
واضح رہے اسی تقویٰ اور پرہیزگاری کو پیدا کرنے اور پروان چڑھانے کا تربیتی کورس ’ماہ رمضان‘ ہے۔ جس طرح کسی مخصوص غلہ کے موسم میں ہر طرف وہی فصل کا غلبہ ہوتاہے۔اپنے موسم میں وہ غلہ پھلتا پھولتا ہے۔ کھیتوں اور بازاروں میں وہی غلہ نظر آتاہے ،عین اسی طرح رمضان نیکیوں ،بھلائیوں ،خیر خواہیوںا ور دردمندیوں کا مہینہ ہے۔ پوری مسلمان آبادی پر نیکی اور ہمدردی اور پرہیزگاری کا خوب رنگ چڑھا ہوتا ہے ۔
اس ماہ میں برائیاں دبتی اور نیکیاں خوب پھلتی پھولتی ہیں۔
اس ماہ کو آپ ﷺ نے ’ماہ مواسات‘یعنی ہمدردی کا مہینہ کہاہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم انسانی معاشرہ میں سب سے زیادہ سخاوت کرنے والے تھے۔ جب رمضان آتا تو آپ کی سخاوت چلتی ہواؤں سے زیادہ تیز ہوجاتی (بخاری)
حضرت ابن عباس فرماتے ہیں :
’’ جب رمضان آتا تو آپ قیدیوں کو آزاد فرماتے اور سائل کو اپنے جود وکرمُ سے نوازتے تھے۔ اسلامی معاشرے پر آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی سنت مبارکہ کے اثرات ہیں کہ لوگ اس ماہ میں زیادہ ثواب پانے کے شوق میں خوب صدقہ، خیرات اور زکوات دینے کا اہتمام کرتے ہیں۔ ماہ رمضان غربا مساکین اور ضرورت مندوں کے مسائل کے حل کا ذریعہ بنتا ہے ۔
حکم زکوات کے تحت سورہ توبہ میں اللہ تعالیٰ نے ممکنہ تمام ضرورتیں اور ضرورت مندوں کو واضح کیا ہے، جن کو زکات سے مدد کی جاسکتی ہے:
إِنَّمَا الصَّدَقْتُ لِلْفُقَرَآءِ وَالْمَسْكِيْنِ وَالْعَمِلِيْنَ عَلَيْهَا وَالْمُؤَلَّفَةِقُلُوْبْهُمْ وَفِي الرِقَابِ وَالْغُرِمِيْنَ وَفِي سَبِئْلِ اللهِ وَابُنِالسَّبِيْلِ فَرِيْضَةَ مِنَ اللهِ وَاللهُ عَلِيْمْ حَكِيْمْ ٢
قرض دارمسافر، مسکین ،فقیر، قیدی جیسے سبھی پریشان حال اور ضرورت مند لوگوں کی پریشانیاں دور کرنے کی تلقین کی گئی اور مزید یہ بھی حکم ہیکہ ان کوجو بھی دو خوش دلی کے ساتھ دو، کیونکہ یہ ساری ملکیت خدا کی ہے۔ اے ایمان والو احسان جتا کر اور دل آزاری کرکے اپنی خیرات کو اکارت مت کرو۔۔۔
سورہ بقرہ
اس آیت کے ذریعہ چیریٹی کے نامُ پر نام ونمود ،دولت مندوں کاغرور، ضرورت مندوں کی تذلیل جیسی تفریق پیدا کرنے والی برائیوں کی مذمت کی گئی ہے۔ امیر وغریب کی خلیج کو مٹاکر ان طبقات کو ایکُ دوسرے کے قریب لایا گیا ۔ قرآن نے اس بات کی بھی تلقین کی ہیکہ دولت مندوں کو چاہئے کہ وہ ضرورت مندوں کے احسان مند رہیں کہ انہوں نے دولت کو خرچ کرانے کا موقعہ فراہم کیا، جس سے وہ خدا کی خوشنودی پاسکتے ہیں۔
روزہ کے احکامات میں معذوروں کو چھوٹ:
اسلام کا ہمدردانہ وخیر خواہانہ مزاج معذوروں، بیماروں اورمسافروںکی تکلیف کا لحاظ رکھتا ہے۔ حیض ونفاس والی اور حاملہُ عورتوں کی مشکلات کے پیش نظرروزہ جیسی لازمی اور مسلمانوں کی بنیادی عبادت میں بھی رعایت دیتا ہے ۔
غلاموں اور خادموں کے متعلق تلقین :
ایک ایسے معاشرے میں جہاں کمزوروں سے ناروا سلوک کا عام رواج تھا، غلاموں کو تو انسان کا ہی درجہ نہیں دیا جاتا تھا، وہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خادموں اور غلاموں سے اچھا سلوک کرنے کی خصوصی تلقین فرمائی اور بے مثال نمونے بھی پیش کئے ۔خصوصا اس ماہ کی عظمت کے پیش نظر آپ ٌُنے فرمایا کہ جو شخص اپنے غلاموں اور خادموں کے ساتھ اچھا سلوک کرتا ہے اور ان کے بوجھ کو کم کرتا ہے اللہ تعالی اس کی مغفرت کرتا ہے اور اس کو جہنم کی آگ سے نجات دیتاہے۔حدیث
عرب معاشرہ اسلام کی انصاف پر مبنی تعلیمات کو اول روز سے دیکھتا آرہا تھا ، لیکن10رمضان فتح مکہ کے دن پیش آنے والے واقعات نےاہل عرب کو شدیدطور پر متحیر کردیا۔ جیسے غلام طبقہ کا آزاد کیا جانا اور ان کو برابری کا درجہ دینا ، مکہ کی فتح کے بعد پہلی اذان وہ بھی کعبہ کی چھت پر چڑھ کر دینے کا اعزاز، نیز ایک سابقہ غلام حضرت ’بلال ‘رضی اللہ عنہ کو بخشا گیا۔
سابق میں آپ صلی اللہ علیہ وسلمُ اور آپ کے صحابہ کرام کو شدید تکلیفیں اور ذہنی وجسمانی اذیتیں دینے والے آپ کے جانوں کے دشمن مشرکین مکہ شدید خوف اور شرمندگی کی حالت میں اپنے ہولناک انجام کے اندیشے میں کھڑے ہیں کہ رحمت عالم کے یہ الفاظ ’’لا تثریب علیکم الیوم‘‘۔ان کے لئے کتنی بڑی راحت جاں ثابت ہوئے ہونگے۔
عام معافی
اس عظیم فتح کے بعد آپ ﷺ نے نہ کسی کو قیدی یا غلام بنایا نہ مال غنیمت حاصل کیا، بلکہ چند ایک بد ترین مجرموں کے علاوہ سارے سابقہ دشمنان اسلام کو مامون قرار دیا۔ معافی طلب کرنے والے کو معافی بخشی۔ جنہوں نے اپنے گھروں میں امان طلب کی، انہیں امان دی گئی۔جنہیں مسلمان مرد وعورت سے پناہ ملی ،انہیں محفوظ قرار دیا گیا۔ جنہوں نے ابوسفیان کے گھر پناہ لی ان کو امن بخشا۔ انسانی تاریخ نے اس سے پہلے کبھی ایسا عفو درگزر اور رواداری کا منظر نہیں دیکھا تھا، جیسا اس روزدیکھا گیا۔
یہی وجہ ہےکہ رسول اکرم ﷺ کے پیروکار آج بھی ایسی ہی رواداری ،انصاف اوردشمن قومُ کے ساتھ بھی احسان کی روش پر کاربند ہیں اوردنیا یہ سب دیکھ رہی ہے اور انصاف پسندحلقہ اس اعلی ظرفی کا معترف بھی ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments