ہندوستان میں بھی اورد نیا کےمختلف ممالک میں بھی تحریکاتِ اسلامی نے ہمیشہ فلاحی اداروں کی ہمت افزائی کی ہے۔ خود بھی ادارے قائم کیے ہیںاور اپنے وابستگان کو بھی اس طرح کے اداروں کے قیام کے لیے ترغیب دی ہے۔ اسلامی تحریکات ہی نہیں بلکہ دنیا میں وہ سب نظریاتی تحریکیں جو دنیا کی تعمیر و ترقی کا کوئی منفرد نقشہ رکھتی ہیں اور اس کی داعی ہیں ، وہ اداروں کے قیام و انتظام کو اپنا اہم اور ضروری کام سمجھتی رہی ہیں۔ تعلیمی ادارے،اسپتال، معاشی استحکام اور صنعت و تجارت میں مدد فراہم کرنے والے رفاہی ادارے، خدمت خلق کے مراکز،آفات سماوی و ارضی میں مددوبازآباد کاری کا کام کرنے والی تنظیمیں،کوآپریٹیو سوسائٹیاں، ثقافتی ادارے وغیرہ جیسے مختلف النوع ادارے اس وقت دنیا بھر میں فکری و نظریاتی تحریکوں کی سرگرمیوں کا اہم جزوسمجھے جاتے ہیں۔ ساری دنیا میں اسلامی تحریکیں بھی اس طرح کے اداروں کے قیام و انتظام اوران کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کی خدمات کے لیے معروف ہیں۔
ان اداروں نے تحریکوں کو عوامی نفوذمیں مد د دی ہے۔ ان کا وسیع تعارف کرایا ہے۔ تحریکوں کو سماج میں نمایاں کیاہے۔ ان کا عوامی اثر و رسوخ بڑھایا ہے۔ لیکن ان وسیع فائدوں کے ساتھ ساتھ خصوصاًاسلامی تحریکوں میں ان اداروں کے بعض منفی اثرات بھی ہر جگہ زیر بحث رہے ہیں۔ اداروں کی کثرت ایک رواں دواں تحریک کے پیروں کی بیڑیاں بھی بن سکتی ہے۔ ان کے نظم و نسق کی مستقل الجھنیں تحریکوں کی اہم تر فکری و دعوتی سرگرمیوں میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ انتظامی بکھیڑوں اور تنازعات و شکایات کے نتیجے میں تحریک اور اس سے وابستہ افراد متنازعہ بن سکتے ہیں ۔ ادارے کی کارکردگی خراب ہو تو اس کا اثر تحریک پر بھی پڑسکتا ہے۔ اداروں اور ان سے متعلق عہدوں کی کشش، افرادِ تحریک کی اُس بے نفسی اور استغنائی کیفیت کو مجروح کرسکتی ہے جو انقلابی تحریکوں کے کارکنوں کی نمایاں صفت اور اہم ضرورت ہوتی ہے۔اداروں کے انتظام وانصرام کے عملی تقاضے اور ان کے تحفظ کی ضرورت تحریک کی بے نیازی،بے باکی، اور ارباب اقتدار پر عدم انحصار کی کیفیت کو متاثر کرسکتی ہے۔ ادارے ایسے سفید ہاتھی میں بدل سکتے ہیں جس کی نگہداشت اور نظم و نسق میں افرادِتحریک کی ساری توانائیاں لگ جائیں اور تحریک کا اصل کام پس پشت چلاجائے۔یہ سارے اندیشے بے بنیاد نہیں ہیں۔ دنیا کی مختلف اسلامی تحریکوں میں یہ سب نقصانات پیدا ہوئے ہیں اور ان کی وجہ سے بعض لوگ ادارو ں کے قیام یا ان کی کثرت کو تحریک کے لیے نقصان دہ بھی سمجھنے لگے ہیں۔
اس سلسلے میں توازن اور صحیح تجزیےاور نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔تحریکوں کاکام ہمیشہ مختلف اور کبھی باہم متضاد تقاضوں کو حکمت کے ساتھ بیک وقت نبھانے کا تقاضا کرتا ہے۔ سماج میں ہمہ گیر تبدیلی کا مقصد رکھنے والی کوئی تحریک اداروں سے نہ تو بے نیاز ہوسکتی ہے اورنہ ہی انہیں نظر اندا ز کرسکتی ہے۔ اداروں سے ایک انقلابی تحریک کئی مقاصد حاصل کرتی ہے۔ ان مقاصد پر ذیل کی سطروں میں تفصیل سے بحث کی گئی ہے۔ اس لیے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ تحریکات کے پاس اداروں سے مکمل طور پرکنارہ کش ہوجانے کا راستہ موجود نہیں ہے اور نہ موجودہ دور میں کسی نظریاتی تحریک نے اس طرح کی کنارہ کشی اختیار کی ہے۔ اس لیے تحریکوں کو اصلاً یہ سوچنا ہے کہ اس حوالے سے زیادہ سے زیادہ ممکنہ توازن کس طرح پیدا کیا جاسکتا ہے، اداروں کے وجود کو تحریک کے اصل مقصد کے لیے کیسے زیادہ سے زیادہ مفید بنایا جاسکتا ہے اور ان کے نقصان دہ پہلوؤں سے بچنے کی شکلیں اور تدابیر کیا ہوسکتی ہیں۔ اس سلسلہ مضامین میں یہ موضوع مختلف جہتوں سے زیر بحث آئے گا۔ ان شاء اللہ۔
ہمارے خیال میں اصل مسئلہ اداروں کا وجود نہیں ہے،بل کہ اداروںکے مطلوب رول سےمتعلق شعور کی کمی اور ان کے حوالے سے لیڈرشپ اور مینجمنٹ(Leadership and Management) کی کم زوریاں اداروں کی ناکامیوں کے اصل اسباب ہوتے ہیں۔ بنیادی اصول یہ ہے کہ تحریک کا کوئی بھی جزو جب تحریک کے اصل مقصد سے منحرف ہوجاتا ہے تو وہ تحریک کے لیے بوجھ بن جاتا ہے۔تحریکوں کی اصل روح ان کا مقصد ونصب العین ، ان کی دعوت اور ان کی مرکزی قدریں (core values)ہوتی ہیں۔ ہر کام اور ہرجزو کو تحریک کے مقصد اور اس کی دعوت کے تابع اور اس کو تقویت فراہم کرنے والا ہوناچاہیے۔ ادارے بھی جب تک مرکزی دعوت کے تابع اور انہیں تقویت دینے والے ہوتے ہیں ،وہ تحریک کی قوت بنے رہتے ہیں اور اس کے کام میں معاون ومددگار ہوتے ہیں۔ مقصدی وحدت ہی نظریاتی تحریکوں سے وابستہ اداروں کو تشخص اور امتیاز فراہم کرتی ہے۔آگے کی سطروں سے واضح ہوگا کہ اس تشخص اور امتیاز کے بغیر ادارے وہ کام نہیں کرسکتے جو تحریکوں میں ان سے مطلوب ہوتا ہے۔ جب ادارے مرکزی مقصد و ہدف اور دعوت سے دانستہ یا نادانستہ طور پر دور ہونے لگتے ہیں یا مرکزی مقصد کا تصور دھندلاجاتاہے اور محض ’عوامی خدمت‘ یا ’عوام کی خوشنودی‘ اور ’عوامی پذیرائی‘ کے موہوم ذیلی مقاصد کی خاطر ادارے قائم کیے جاتے ہیں یا چلائے جاتے ہیں یا ادارے کا قیام اور حسن انتظام اصل مطمح نظر بن جاتا ہے تو ان تمام صورتوں میں اسٹریٹجی کا بحران (strategic crisis) پیداہوجاتا ہے، جو اداروں کے لیے سب سے سنگین بحران ہوتا ہے۔ یہ بحران اداروں کو ختم نہیں کرتا لیکن ان کو ایسی زندہ لاشوں میں بدل دیتا ہے جو تحریکوں کی رفتار کو سست کرنے اور اُن کے کندھوں پر فضول بوجھ لاددینے کے سوا ان کے لیےکسی افادیت کے حامل نہیں رہ جاتے۔ اسلامی تحریکوں کے اداروں کی ناکامی میں اکثر جگہوں پر اس بحران نے ہی اہم کردار ادا کیا ہے۔ تحریک کے مختلف اجزا میں مقصدی وحدت کو یقینی بنانا ایک بڑا مشکل کام ہے اور لیڈرشپ کا اصل چیلنج ہے۔ اس سلسلہ مضامین میں اس حوالے سے بھی ہم اپنے مشاہدات اور تجاویز پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
تحریک اسلامی کا اصل مقصد یا ہدف کیا ہے؟
اسلامی تحریک اصلاً ایک نئی دنیا کی تعمیر کا وژن رکھنے والی تحریک ہے۔وہ الہی ہدایات یا اسلام کے ابدی احکام کی روشنی میں پورے تمدنی نظام کی تشکیل نو کی داعی ہے۔ایک متبادل تمدن کی صورت گری حد درجے کا تخلیقی کام (creative venture) ہے اور غیر معمولی ذہانت اور تخلیقی توانائی کا تقاضاکرتاہے۔اسلامی ادارے اصلاً اسی متبادل تمدن کے مظاہر ہوتے ہیں۔معاصر اداروںکی محض نقالی سےیہ کردار ادا نہیں ہوسکتا۔ ادارے تحریک کے مقصد سے ہم آہنگ اسی وقت ہوسکتے ہیں جب ان کی صورت گری اسلام کے احکام اور اصولوں کی روشنی میں بالکل انوکھے انداز میں ہوئی ہو۔ موجود اداروں کی بھیڑ میں وہ بالکل ممتاز اور نمایاں ہوں۔ محض معیار اور حسن کارکردگی کا امتیاز نہیں بلکہ اساسی اصولوں کا امتیاز انہیں منفردحیثیت اور تشخص فراہم کرے اور ہردیکھنے والا اُن کے اس تشخص کو صاف محسوس کرے۔ہمارے خیال میں ادارے تین سطحوں پر تحریک کے مقصد اور اس کی اساسی اقدار کی خدمت کرسکتے ہیں اور ان تینوں سطحوں پر ان کا تحریک کے مقصد اور اس کی دعوت سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے۔
پہلی سطح تو ان کے کام کا میدان ہے۔ اگر وہ تعلیمی ادارے ہیں تو انہیں اسلام کے مطلوب نظام تعلیم کا نمائندہ ، اس کا عملی نمونہ اور اس کا علم بردار بن کر ابھرنا چاہیے۔ اگر وہ اسپتال ہیں تو اسلام کے نظام صحت کا امتیاز ان کے طورطریقوں سے واضح ہونا چاہیے۔ مجموعی طور پر اسلام کا تصور عدل، تصور مساوات، تصور فلاح عامہ، تصور ترجیحات وغیرہ ان کے انداز کارکردگی سے نمایاں ہونا چاہیے۔
دوسری سطح ان کا اندرونی محاذ ہے۔ تحریکات اسلامی موجودہ تمدن کو ایک متبادل قیادت فراہم کرنا چاہتی ہیں۔ ہر ادارہ تمدن کی ایک چھوٹی سی اکائی ہے اورجس ادارے پر بھی کسی تحریک کو تسلط اور غلبہ حاصل ہے وہ تحریکوں کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ دنیا کو دکھائیں کہ ان کی قیادت دور جدید کی مادہ پرست قیادت سے کیسے مختلف ہوگی؟ جب اسی طرح کا تسلط اور غلبہ انہیں پورے سماج پر حاصل ہوگا تو ان کی قیادت والاسماج کیسے مختلف ہوگا؟ ان کے اداروں میں ہر ایک کو عدل و انصاف کا زیادہ احساس کیسے ہوتا ہے؟ آجر و مستاجر کے تعلق کی نوعیت کیا ہے؟ نفع کے محرک اور خدمت کے محرک میں توازن کی شکل کیا ہے؟ امانت داری کا معیار کیسے عام معاصر معیار سے مختلف ہے؟
تیسری سطح دعوتی سطح ہے۔ ہر ادارے کو استفادہ کنندگان کی شکل میں بڑی تعداد میں ایسے افرا د میسر آتے ہیں جن کی سوچ اورکردارپرادارےکے ذمے داران اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ ادارے کے متوسلین اگر تحریک کے تربیت یافتہ کارکن ہیں تو خدمت کے ساتھ ساتھ وہ دعوت و اصلاح کے فریضے کی طرف بھی پوری طرح متوجہ رہیںگے۔ اسپتالوں میں مریض علاج کے لیے آئیں گے اور ان کے تصورات اور عمل و اخلاق کی اصلا ح بھی ہوگی۔ مالیاتی اداروں سے قرضے لینے والے سود اور دیگر مالیاتی بد اعمالیوں سے تائب ہوکر لوٹیں گے۔ اسکولوں کے ملازمین اور بچوں کے سرپرستوں وغیرہ میں بھی ایک بہتر سماج اور بہتر تمدن کے جذبات اور داعیات کی افزائش ہونے لگے گی۔وغیرہ۔
اس سلسلہ مضامین میں ہم یہ سمجھنے کی کوشش کریں گے کہ اسلامی تاریخ میں اداروں نے کیسے یہ سارے کردار انجام دیے؟ ایک متبادل اسلامی تمدن کی صورت گری میں مسلمانوں کے سماجی اداروں نے کیا کردار کس طرح ادا کیا؟ آج کے احوال میں اس کردار کے زوال کے اسباب کیا ہیں؟ اداروں کی کثرت کے باوجود یہ اہم کردارکیوں ادا نہیں ہوپارہا ہے؟ اس کردار کی بازیافت کا کیا طریقہ ہے؟ اداروں کی لیڈرشپ اور مینجمنٹ کی سطحوں پر اس بازیافت کے لیے کن کوششوں کی ضرورت ہے؟
فلاحی ادارے کیا ہیں؟
فلاحی اداروں سے مراد ’’وہ منظم اجتماعی کام ہیں جو عوامی فلاح و بہبود کےکسی خاص مقصد کی خاطرطے شدہ اصولوں اور ضوابط کے فریم ورک میں افرادکی رضاکارانہ شمولیت اور عطیات کے ذریعے استقلال وتسلسل کے ساتھ انجام پاتے ہیں‘‘۔[1] اس تعریف کی رو سے پانچ اوصاف ہیں جنہیں ادارے کے امتیازی ترکیبی عناصر قرار دیا جاسکتا ہے۔پہلا وصف ہے منظم اجتماعی کام، دوسرا عوامی فلاح و بہبود سےمتعلق کچھ متعین مقاصد۔ تیسرا طے شدہ اصولوں اور ضوابط کا فریم ورک ۔چوتھا استقلال وتسلسل اور پانچواں رضاکارانہ سرگرمی اور عطیات کے ذریعے کام۔
ان میں سے بیشتر اجزا خودتحریک کے اجتماعی کام پر بھی صادق آتے ہیں۔ اصلاً تحریک عوامی بیداری یا سماجی تبدیلی کی خاطر عوام میں پیدا کی گئی وسیع سرگرمی کا نام ہے، لیکن جب عوامی بیداری یا سماجی تبدیلی کا ہدف طویل المیعاد ہوتا ہے تو ایسی تحریکوں کو تسلسل کے ساتھ کام کرنے کے لیے تنظیم کی بھی ضرورت پڑتی ہے، اوریوں اداروں سے یک گونہ مشابہت پیدا ہوجاتی ہے۔ لیکن تحریکوں اوراداروں میں بنیادی فرق وہ ہے جسے اوپر کی تعریف میں دوسرے نمبر پربیان کیا گیا ہے، یعنی ادارے عوامی فلاح و بہبود سے متعلق کچھ متعین اہداف کے لیے کام کرتے ہیں جب کہ تحریک اصلاً سماجی تبدیلی اور عوامی بیداری کے وسیع تر نصب العین کی خاطر جدوجہد کرتی ہے۔
تمدنی ترقیوں کے ساتھ سما ج کے دیگر شعبوں کی طرح ادارے بھی پیچیدہ ہوتے چلے گئے۔آج دساتیر، رجسٹریشن، دفاتر، عملہ، قانونی پیچیدگیاں، منصوبہ بندی اور کام کے ترقی یافتہ منظم طریقے وغیرہ اداروں کی اہم شناخت بن گئے ہیں اور ان کی وجہ سے اداروں کی جو شکل ہم کو نظر آتی ہے وہ سابقہ ادوار سے خاصی مختلف ہے۔اس لیے ذیل میں اسلام کی اولین تاریخ سے جومثالیں پیش کی جارہی ہیں وہ بعض لوگوں کو غیر متعلق محسوس ہوسکتی ہیں،لیکن یہ پیچیدگی سماجی زندگی کے ہر شعبے میں پیدا ہوئی ہے۔ ریاستیں اور حکومتیں بھی پیچیدہ ہوگئی ہیں۔ دعوت و اصلاح کی تحریکیں بھی تنظیمی اور عملی پہلوؤں سے اولین دور کی سادگی کے ساتھ نہ چلائی جاسکتی ہیں اور نہ چلائی جارہی ہیں۔ یہ عملی پیچیدگیاں اصولی معاملات میں اولین دور کے نمونوں سے استنباط اور رہنمائی میں رکاوٹ نہیں ہیں۔ اداروں کی اصل تعریف وہی ہے جو اوپر بیان کی گئی ہے۔ یہ خصوصیات قرون اولی کے سادہ اداروں میں بھی پائی جاتی تھیں اور آج کے پیچیدہ اداروں میں بھی موجود ہیں۔
فلاحی ادارے اور اسلامی تاریخ
اسلام کی تاریخ کےمطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام نے ہر زمانے میں ایسے اداروں کو بڑے پیمانے پر عام کیا ہے۔خود قرآن مجیدمیں ایسے بامقصد ، منظم اور مستقل اجتماعی کاموں کی متعدد مثالیں موجود ہیں۔ سیدنا یوسف علیہ السلام کی معاشی منصوبہ بندی اور انسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے منظم کوششوں کا تفصیلی ذکر سورہ یوسف میں موجود ہے۔ اسی طرح سورہ کہف میں ذوالقرنین کا تفصیلی واقعہ موجود ہے، جنھوں نے یاجوج و ماجوج کے فتنے سے مقابلے کے لیے ستم زدہ قوم کے افراد کی رضاکارانہ خدمات کا استعمال کرکے ان کے تحفظ و سلامتی کا انتظام فرمادیا تھا۔ ان تاریخی اشاروں کے علاوہ قرآن مجید میں مسلمانوں کو منظم اصلاحی و فلاحی کاموں کا متعدد جگہوں پر حکم دیا گیا ہے۔ ضرورت مندوں کی کفالت ، غربا و مساکین اور یتیموں کی خبرگیری اور انفاق فی سبیل اللہ سےمتعلق متعدد آیات میں اجتماعی فریضے کی طرف بھی اشارے موجود ہیں۔فقہا نے ایسی متعدد آیات سے اوقاف کے سلسلے میں استدلال کیا ہے جو ایک اجتماعی ادارہ جاتی کوشش ہے ۔ [2]
سیرت نبوی ﷺ میں بھی ادارہ جاتی فلاحی کوششوں کی متعدد مثالیں ملتی ہیں۔ مدینے میں اسلامی ریاست کے قیام کے بعد تو آپ نے متعدد سرکاری ادارےقائم فرمائے لیکن چونکہ ہماراموضوع رضاکارانہ سماجی اداروں سے متعلق ہے اس لیے سرکاری اداروں کی مثالوں سے ہم زیادہ تعرض نہیں کریں گے۔ لیکن سیرت نبوی ﷺ میں قیام ریاست سے قبل اور اس کے علاوہ بھی ادارہ جاتی کوششوں کی کئی مثالیں روایات میں ملتی ہیں۔ مکہ کے قبائلی نظام میں تحفظ و سلامتی اور ایک دوسرے کی خبر گیری اور تکافل باہمی کی بعض اہم ادارہ جاتی شکلیں موجود تھیں۔ خاص طور پر سیرت نگاروں نے حلف، ولاء اور جوار کے نظاموں کا تفصیلی ذکر کیا ہے۔ حلف کے نظام میں دو قبیلے یا افرادباہم معاہدہ کرتے تھے، ولاء کےنظام میں ایک کم زور شخص کسی طاقت ور کی پناہ میں آجاتا تھا اور جوار کے نظام میں لوگ عارضی طور پرایک دوسرے کی پناہ اور تحفظ کی ضمانت لیتے تھے۔نبی کریم ﷺ نے سماجی تحفظ کے ان نظاموں کو نہ صرف برقرار رکھا بلکہ ان سے بھر پور فائدہ اٹھایا۔[3]حلف الفضول مکہ میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کی ایک بہت ہی اہم منظم اجتماعی کوشش تھی جس کی صورت گری میں آپ ﷺ نے عین نوجوانی میں کلیدی کردار ادا فرمایا تھا۔[4]اور یہ معاہدہ آپ کو بے حد عزیز تھا۔ مکہ میں اسلام قبول کرنے والوں کے تحفظ اور ان کی کفالت کو یقینی بنانے کے لیے آپ ﷺ نے’’مواخاة‘‘ کا ایک بڑا مستحکم نظام قائم فرمایا تھا ۔[5]مکی زندگی ہی میں دار ارقم کا مرکز آپ نے قائم فرمایا، جو مکہ میں دعوت کا بھی مرکز تھا اور دعوت قبول کرنے والوں کی تعلیم وتربیت کا بھی ۔ [6]سب سے اہم ادارہ مسجد کا ادارہ تھا۔ یہ محض نماز گاہ نہیں تھی بلکہ ایک باقاعدہ ادارہ تھا، جہاں سے مسلمانوں کی اجتماعی زندگی کو منظم بھی کیا جاتا تھا اور ان کی بہت سی ضرورتوں کی تکمیل کا سامان بھی ہوتا۔ مکہ میں ہجرت سے قبل ہی حضرت ابوبکر صدیقؓ نے اپنے مکان سے متصل مسجد قائم فرمائی تھی ۔[7] لیکن اس کے باوجود جب آپ نے مدینہ ہجرت فرمائی تو مدینہ پہنچنے سے پہلے اپنے پڑاؤ پر قبا میں آپ نے مسجد کی تعمیر فرمائی اور پھر مدینے میں بھی مسجد کی تعمیر فرمائی ۔ [8] مدینے میں مہاجرین کی آبادکاری کا بڑا مسئلہ درپیش ہوا تو یہاں بھی آپ ﷺ نے مواخاة کا نظام قائم فرمایا۔ [9] مسلمانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے مسجد نبوی سے متصل صفہ کے چبوترے پر ایک منفردادارہ قائم کیا جو بیک وقت تعلیم گاہ بھی تھا اور غریب و مسکین مسلمانوں کی اجتماعی کفالت کا مرکز بھی تھا ۔ [10]اسلامی تاریخ میں ادارہ جاتی کاوشوں کا سب سے اہم اور مہتمم بالشان مظہر وقف کا نظام ہے۔یہ انسانی تہذیب کو اسلام کا بہت بڑا تحفہ ہے۔ نبی کریم ﷺ کے عہد ہی میں اس کی ابتدا ہوگئی تھی اور بعد میں اسلامی ملکوں میںیہ باقاعدہ سرکاری اور خانگی زمروں کے ساتھ ایک تیسرے زمرے (third sector)کے طور پر ابھرا اور حکومتوں سے کہیں زیادہ وسیع پیمانے پر اس نے سماجی و رفاہی خدمات کو انجام دیا اور سماجی عدل اور مساوات کے اسلامی وژن کو بروئے کار لانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ [11]اوقاف کے ذریعے بڑے پیمانے پر اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم ہوئے۔ بیت الحکمہ جیسے علمی مراکزکا قیام عمل میں آیا۔ رفاہ عام کا کام کرنے والے اداروںنے کام شروع کیا۔ شفا خانے (بیمارستان) اور مسافر خانے (کاروان سرائے) وجود میں آئے۔صوفیا نے بڑی بڑی خانقاہیں اور لنگر خانے قائم کیے۔ان سب اداروں نے ایک ایسے تمدن کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کیا جس کی اساس توحیداور خدائے واحد کی بندگی،انسانی مساوات، عدل و قسط، کفالت باہمی اور فلاح انسانی جیسے اسلامی اصولوں پر تھی۔ آئندہ ان شاء اللہ ہم اسلامی تاریخ کے مختلف اوقاف کا تفصیل سے جائزہ لے کر بتائیں گے کہ کس طرح ان اداروں نے وہ سارے مقاصد حاصل کیے جن کا تذکرہ ذیل کی سطروں میں کیا جارہا ہے۔(جاری)
٭ ٭ ٭


اسلامی تاریخ میں یتیم خانے بنانے کی روایت کب قائم ہوئ؟ کیا اسلامی معاشرے میں یتیم خانوں کا وجود تاریخ سے ثابت ہے؟