ہولی ہندوستان کا رنگین تہوار ہے،جسے برسوں سے یہاں کے لوگوں نے خوشی خوشی منایا ہے۔ یہ تہوار برائی پر فتح کی علامت ہے۔ روایتی طور پر یہ’’ پرہلاد‘‘ اور’’ ہولیکا‘‘کی داستان سے وابستہ ہے،جو مشکلات پر کامیابی کی مثال ہے۔ یہ تہوار خوشیوں بھری محفلوں پرمشتمل ہوتا ہے، جہاں لوگ ایک دوسرے پر رنگ ڈالتے ہیں، گیت گاتے ہیں اور مٹھائیاں بانٹتے ہیں۔ اگرچہ اس کی جڑیں ہندو روایات میں ہیں، لیکن ہولی ایک سماجی اور ثقافتی جشن کے طور پر ابھری ہے، جس میں مختلف برادریوں کے افراد شامل ہوتے رہے ہیں۔
اس سال ہولی کا تہوار 14اور 15مارچ کو ملک بھر میں منایا گیا۔ جہاں لوگ مختلف رنگوں اور مٹھائیوں سے لطف اندوز ہو رہے تھے وہی کچھ شر پسند افراد ایسے موقعے پر بھی نفرت پھیلانے اور تشدد سے باز نہیں آئے۔
راجستھان کے دوسہ سے خبر ملتی ہے کہ ایک 25؍سالہ طالب علم ہنسراج مینا کو ہولی کے رنگ لگانے سے منع کرنے پر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ ان کے قاتلوں کی شناخت اشوک، ببلو اور کلورام کے طور پر کی گئی ہے جنہیں اب تک حراست میں نہیں لیا گیاہے۔ پولیس نے انہیں حراست میں لینے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
25؍ سالہ ہنسراج مینا،جو رلواس گاؤںسے تعلق رکھتاتھا،ایک عوامی کتب خانے میںمسابقتی امتحان کی تیاری کر رہا تھا۔ کتب خانے کی سی سی ٹی وی تصاویر کے مطابق ہنسراج نے ہولی کے جشن کے دوران رنگ لگانے سے منع کیا تو ان تینوں بھائیوں نے انہیں لات ماری، پھر بیلٹ سے مارا اور آخر میں ان میں سے ایک نے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔25سالہ ہنسراج کے قتل کے بعد ان کے اہل خانہ اور گاؤں کے باشندوں نے ان کی لاش کے ساتھ احتجاج کیا اور جمعرات کی دوپہر ایک بجے تک قومی ہائی وے کو بلاک کر رکھا۔انہوں نے 50؍لاکھ روپے معاوضہ،اہلِ خانہ کیلئے سرکاری ملازمت اور ملزمین کی فوری حراست کی مانگ کی ہے۔ لالسوٹ کے ایڈیشنل سپریٹنڈنٹ آف پولیس (Additional Superintendent of (ASP)Police)دنیش اگروال نے کہا کہ ’’سی سی ٹی وی تصاویرکے ذریعے ان چھ ملزمین کی شناخت کی گئی ہے اور فی الحال وہ روپوش ہیں۔انہیں حراست میں لینے کیلئے چھ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔جس کے بعد ان کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔‘‘
اسی طرح ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی دیکھائی دی جس میں ایک مسلمان کو رپورٹر سے بات چیت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں صاف سنا جا سکتا ہے کہ وہ ہولی کھیلنا نہیں چاہتے باوجود اس کے ان کے پیچھے سے دو تین نوجوان بھائی چارہ کا نعرہ لگاتے ہوئے ان پر رنگ ڈال دیتے ہیں ۔یہ کیسا بھائی چارہ یا خوشی منانے کا طریقہ ہے جس میں مخاطب کے دل میں خوف اتر جائے یا اس کی مرضی کا لحاظ بھی نہ کیا جائے!
کئی علاقوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے پیش نظر پولیس نے خاص توجہ دی اور لوگوں کی آپسی بات چیت سے معاملہ کافی حد تک کنٹرول میں بھی رہا۔ لیکن یہ چند واقعات بھی ہمارے لیے تشویشناک ہیں۔
نئے ہندوستان کا مستقبل نفرت سے سینچا جا رہا ہے، کیا بات ہے کہ یہ وہی سر زمین ہے ،جس نے ہزاروں مختلف زبانوں کو جگہ دی، سینکڑوں تہذیب یہاں پروان چڑھیں اور ہر عقیدہ کے لیے یہاں کشادگی تھی، جس کی رنگا رنگی کی مثال پوری دنیا میں مشہور ہوئی۔اب بھی یہ وہی سر زمین ہےلیکن یہاں اب برداشت کی جگہ عدم برداشت نےلے لی ہے، انصاف کی جگہ چند بد معاشوں کی من مانی نے لے لی ہے۔
اپنے ملک کی پہچان کی خاطر یہاں کے سکون اورحفظ و امان کی خاطر ، محبت و یکجہتی کی پروان کے خاطر سبھی ہندوستانیوں کو سوچنا ہوگا اور ایک ٹھوس قدم اٹھانا ہوگا۔
اک شجر ایسا محبت کا لگایا جائے
جس کا ہمسائے کے آنگن میں بھی سایا جائے
٭ ٭ ٭


0 Comments