ہر روز الجزیرہ (Al Jazeera) اور دیگر سوشل میڈیا پوسٹ سے شہیدوں کی خبریں نشر ہورہی ہیں۔ خبریں سن کر’’ دل افسردہ گویا حجرہ ہے یوسف کے زنداں کا ‘‘ دل درد سے بھرا ہوا ہے۔ عید کی خوشیاں فلسطینیوں پر حرام کردی گئی ہیں۔ پچھترسالوں سے فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف ظالموں کوجیسے پوری دنیا میں غیر انسانی سلوک کی آزادی حاصل ہے۔جو چاہے من ما نی کریں، لیکن کوئی انہیں روکنے والا نہیں !
غزہ شہداء کی قربانیاں بھلانے کے لیے نہیں ہیں، یہ یاد رکھی جائیں گی۔ وہ جو دنیا کے سب سے بڑے ظالم و جابر اور وسائل پر دسترس رکھنے والے ہیں،جو ہتھیاروں کے سوداگرہیںان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر قوتِ ایمانی کے بل پر ٹکرانے والے فلسطینی جیالے! جو جیتے ہیں گم نامی میں ،جن کی شخصیت نمایاں ہوتی ہے شہادت کے بعد ان میں کن کن کا ذکر کریں! کچھ عرصہ پہلے ابو حمزہ کی شہادت ہوئی۔
’’ ابو حمزہ کی شادی الاسلام سے ایک ہفتہ پہلے ہوئی تھی ۔صحافی تصویر بنارہا تھا، لیکن صحافی کو یہ علم نہیں تھا کہ یہی ابو حمزہ ہیں۔ یہ تھے وہ جو زمین پربے پناہ حسن رکھ کر بھی شہر عزیمت کے جیالے، جنہوں نے زمین پر گمنامی کی زندگی کو چنا اور آسمانوں میں فہرست شہدا میں لکھے جاچکے تھے ۔ہم جو مادی دنیا کے اسیر ہیں، کبھی اقصی کی حفاظت کا حق ادا کرہی نہیں سکتے تھے۔ اللہ تعالٰی نے اس کے قابل فلسطینیوں کو سمجھا ۔وہ اس کام کو پچھترسالوں سے ادا کررہے ہیں۔ ہم مادی دنیاکے لوگ تو دنیا میں امن کے متمنی ہیں۔ ہم یہاں کی زندگی کے وسائل پر قابض ہونے کو دنیا کی معراج سمجھتے ہیں۔ ہم میں قوتِ ایمانی کی وہ سطح ہے ہی نہیں ،جو فلسطین کے بچے بچے میں موجود ہے !
ابو حمزہ شہید کے یہ آخری الفاظ دیکھیے اور اس تربیت کا جائزہ لیجیے، جو حالات سے اور مشن کے جنوں سے تربیت پارہے ہیں ۔
’’لا باس ان وقع علینا الموت او وقعنا علی الموت‘‘
ترجمہ: موت ہم سے دوچار ہو یا ہم موت سے دوچار ہوں تو کوئی فرق نہیں ہے۔
طوفان سے صرف ایک ہفتہ قبل شادی کی تھی۔۱۷/مارچ۲۰۰۵ بمطابق ۱۸/رمضان کو ابو حمزہ کی شہادت اس وقت ہوئی جب ظلم و استکبار کا استعارہ نتن یاہو (Benjamin Netanyah)نے ٹرمپ (Donald Trum)کے توسط سے جنگ بندی کے معاہدے کو توڑ کر عین رمضان المبارک میں دوبارہ بمباری شروع کردی ۔
یہ بمباری ایسی تھی کہ اس میں مزاحمت کے ذمہ داروں کو نشانہ بنایا گیا،جس میں پانچ سو عام شہری بشمول بچے اور سات لیڈرز شہید کردیے گئے ۔
ابو عبیدہ کے بعد الجزیرہ(Al Jazeera) پر سب سے زیادہ سنے جانے والے اسپوک پرسن(Spokesperson) ابو حمزہ الجزیر ہ (Al Jazeera) کے اسپوک پرسن(Spokesperson) ابو حمزہ کی شہادت کی خبر سے دل سوگوار ہے، آنکھیں اشکبار ہوگئیں ، دل بجھ کر رہ گیا ، مگر یقینِ ِکامل ہےکہ اس راہ کے شہید جنت جیسی عظیم منزل کو پہنچ رہے ہیں۔شہید نے اپنے وعدے کو سچ کر دکھایا۔ اپنے خون سے وہ چراغ جلایا، جو رہتی دنیا تک روشنی دیتا رہے گا۔
یہ نصیحت ہے ان نوجوانوں کے لیے جو اپنے حسن اور اداؤں سے اس عمر میں خواتین کو مرعوب کرنا اور آئینہ خانے میں گھنٹوں صرف کرتے ہوئے اس عمر کو انجوائے کرنا فرض سمجھتے ہیں !لیکن شہر عزیمت کے ان جیالوں کو کوئی دیکھے کہ اس دنیا کو کس نظر سے دیکھتے ہیں۔ عقیدے اور یقین کا جام زندگی میں جس کی لذت آمیز بنارہا اور عشق بھی کیا تھا شہادت کی موت سے کیا ۔
حماس کے لیڈر محمد ضعیف کی اہلیہ غدیر صیام، جنہیں ’’ام خالد‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، نے الجزیرہ(Al Jazeera) پر انٹرویو دیتے ہوئے محمد ضعیف کی زندگی کے چھپے گوشہ سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ محمد ضعیف سے اس وقت ان کی ملاقات ہوئی ،جب غدیر صیام ۱۹۹۸ میں جب ان کی والدہ، فلسطینی مجاہدہ فاطمہ الحلبی، اور محمد الضیف کے درمیان ایک رشتہ قائم ہوا، جس کی ابتدا اس وقت ہوئی جب الضیف نے ان سے ایک ہتھیار حاصل کیا جو ان کے شہید بھائی نے چھپا رکھا تھا۔
سن۲۰۰۱ کی گرمیوں میں غدیر اور الضیف کا عقد ہوا، جو ان کی زندگی میں ایک نیا اور سیکیورٹی کے لحاظ سے قدرے تکلیف دہ مراحلہ رہا ، کیونکہ ان کے شوہر مسلسل دشمن کی نگرانی میں تھے۔
غدیر نے اپنا نام بدل کر’’منیٰ‘‘ رکھ لیا اور ’’ام فوزی‘‘ کے نام سے جانی جانے لگیں۔ دوسری طرف الضیف نے بھی اپنا مستعار نام ’’منصور‘‘ رکھا، کیونکہ ان کی شادی مکمل رازداری میں ہوئی تھی۔ انہوں نے، الجزیرہ (Al Jazeera)نیٹ کے ساتھ ایک خصوصی گفتگو میں بتایا کہ وہ ’’کتائب عزالدین القسام‘‘، جو حماس کی عسکری ونگ ہے، کے سپریم کمانڈر(Supreme Commander) تھے۔
ان کے کئی قاتلانہ حملوں سے بچ نکلنے کی تفصیلات اور تین دہائیوں تک قابض افواج سے محفوظ رہنے کے راز بتائے، جب کہ وہ اسرائیل کے اولین ہدف تھے۔صیہونی حکومت نے سال۲۰۰۱، ۲۰۰۲، ۲۰۰۳، ۲۰۰۶، ۲۰۱۴، ۲۰۲۳ اور ۲۰۲۴ کے دوران محمد ضیف کو کم از کم سات مرتبہ قتل کرنے کی کوشش کی، اوریہ تمام کوششیں ناکام ہوئیں۔
محمد الضیف کئی دہائیوں تک اسرائیل کے اولین ہدف رہے، مگر وہ ہمیشہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوتے رہے۔جس کے باعث انہیں ’’رجل الظل‘‘ (مردِ سایہ)کہا جاتا تھا۔ وہ فلسطینی مزاحمت کی سب سے زیادہ مطلوب شخصیت تھے، اور کئی قاتلانہ حملوں میں زخمی بھی ہوئے، مگر اپنی قیادت جاری رکھی۔
ان کی زندگی انتہائی خفیہ رہی، حتیٰ کہ ان کی بیوی اور بچوں کی شہادت کی خبریں بھی ان کے عوامی طور پر نمودار ہونے کا سبب نہ بن سکیں۔ ان کا نام ہمیشہ فلسطینی مزاحمت، صبر، اور اسرائیلی قبضے کے خلاف ثابت قدمی کی علامت کے طور پر لیا جاتا رہے گا۔غدیر کے بعد ان کا دوسرا نکاح ہوا اور دوسری بیوی سے بچوں کے ساتھ وہ شہید کردئیے گئے ۔
یہ دنیا فانی ہے۔ یہاں ہر ذی روح کو جانا ہے، مگر کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو مر کر بھی زندہ رہتے ہیں ۔وہ شہید جو اپنے رب سے کیے گئے وعدے پر پورا اترا، وہ کبھی نہیںمرتا۔ وہ اپنے لہو سے تاریخ رقم کرتا ہے۔ وہ امت کے حوصلوں کو جِلا بخشتا ہے، اور وہ ہر اس دل میں دھڑکتا ہے، جو حق کی راہ پر گامزن ہونا چاہتا ہے۔
ہم اپنی زندگیوں پر غور کریں۔ہماری بے نیازی کو کیا ہوا۔کیسے حب دنیا ہماری مطمح نظر بن گئی ، ہم زندگی کے اسیر مرتبہ شہادت سے بے خبر کیسی بے حسی ہم پر طاری ہے !
ہم اپنا محاسبہ کریں، حالات ہم سے بھی خراج مانگتے ہیں۔اٹھ کھڑے ہوں ہلکے ہوں یا بوجھل، جو امن دستیاب ہے اسے ہم کیش کریں اور اپنے کام کا لائحہ عمل بنائیں ۔
تیسری بڑی تصویر ان چند دنوں میں حسام شبات کی ہے، جو فلسطینی صحافی ہیں۔ان کی والدہ کی ویڈیو دیکھ کر جگر پارہ پارہ ہوتا ہے ۔’’زفيتك عريس۔۔زفيتك عريس‘‘
ترجمہ: تمہیں دلہا کی طرح رخصت کیا۔
یہ الفاظ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے الجزیرہ (Al Jazeera)کے نمائندے حسام شبات کی والدہ کے ہیں۔وہ تالیاں بجاتے ہوئے اپنے بیٹے کے جسد خاکی کو رخصت کر رہی ہیں۔ حسام شبات فلسطینی عوام کی آواز بن کر غزہ کی صورتحال کو دنیا کے سامنے لاتے رہے اور اسی راستے میں جان بھی قربان کر دی۔ ماں نے اپنے لخت جگر کو رخصت کرتے ہوئے اس کے عظیم مقصد اور قربانی کو سلام اور ان کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
حسام شبات کے آخری جملے دل چھلنی کردیتے ہیں جو واقعات ہم پر سن اور پڑھ کر بیتتے ہیں ،تصور کریں جن کے یہ جگر پارے ہیں ان ماؤں پرکیا بیتتی ہے !
محسن ندوی کلکتہ کا ترجمہ کیا گیا حسام شبات کا یہ خط ہر ایک نوجوان کے لیےنشان نصیحت ہے کہ ہم کس زندگی کے پیچھے بھاگنے جارہے ہیں ۔
’’جس لمحہ آپ یہ پڑھ رہے ہوں گے تو آپ جان لیں کہ مجھے اسرائیلی قابض افواج نے شہید کر دیا ہوگا ۔ جب یہ سب شروع ہوا، میں صرف 21سال کا تھا، ایک کالج کا طالب علم جس کے خواب کسی دوسرے نوجوان کی طرح تھے۔ گزشتہ اٹھارہ ماہ کے دوران میں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ اپنے لوگوں کے لیے وقف کیا ہے۔ میں نے لمحہ بہ لمحہ شمالی غزہ میں ہونے والی ہولناکی کو دستاویزی شکل دی۔ دنیا کو وہ سچائی دکھانے کا عزم کیا ،جسے وہ دفن کرنا چاہتے تھے۔
میں فٹ پاتھ پر، اسکولوں میں، خیموں میں، جہاں بھی ممکن ہوا سوتا تھا۔ ہر دن بقا کی جنگ تھی۔ میں مہینوں بھوکا رہا، لیکن میں نے کبھی اپنے لوگوں کا ساتھ نہیں چھوڑا۔خدا کی قسم! میں نے بطور صحافی اپنا فرض اداکیا۔ میں نے سچ بتانے کے لیے سب کچھ خطرے میں ڈالا، اور اب آخرکار مجھے سکون مل گیا ہے، جو مجھے گزشتہ اٹھارہ ماہ سے نہیں ملا تھا! میں نے یہ سب اس لیے کیا کیونکہ میں فلسطینی کاز پر یقین رکھتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ سرزمین ہماری ہے، اور اس کے دفاع اور اس کے لوگوں کی خدمت کرتے ہوئے جان دینا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔
میں اب آپ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ غزہ کے بارے میں بات کرنا بند نہ کریں۔ دنیا کی نظروں میں لاتے رہیں۔ لڑتے رہیں، اپنی کہانیاں سناتے رہیں ۔جب تک فلسطین آزاد نہیں ہو جاتا۔
آخری بار، حسام شبات، شمالی غزہ سے‘‘
اے شہر ِعزیمت کے جیالوں ،تم کامیاب ہو گئے، مگر ہم ابھی تک آزمائش میں ہیں!ہمارے ضمیر کی زندگی کے لیے دعا کرو کہ بے حس حکمران مسلمانوں کے لبادے میں چھپے حب دنیا کے اسیر اللہ انہیں زندگی دے۔ اور اے رب ہمارے دلوں کو بھی اپنی راہ کے لیے چن لے ۔مالک ،دنیا تو بلاخر فانی ہے، ہمیں جاودانی عطا فرما ۔
٭ ٭ ٭
گزشتہ اٹھارہ ماہ کے دوران میں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ اپنے لوگوں کے لیے وقف کیا ہے۔ میں نے لمحہ بہ لمحہ شمالی غزہ میں ہونے والی ہولناکی کو دستاویزی شکل دی۔ دنیا کو وہ سچائی دکھانے کا عزم کیا ،جسے وہ دفن کرنا چاہتے تھے۔میں فٹ پاتھ پر، اسکولوں میں، خیموں میں، جہاں بھی ممکن ہوا سوتا تھا۔ ہر دن بقا کی جنگ تھی۔ میں مہینوں بھوکا رہا، لیکن میں نے کبھی اپنے لوگوں کا ساتھ نہیں چھوڑا۔خدا کی قسم! میں نے بطور صحافی اپنا فرض ادا کیا۔


0 Comments