ذہنی صحت کو بہتر رکھنے کا راز(قسط :۱)

  آپ کچن میں کام کررہی ہیں،تبھی آپ کی سترہ سالہ بیٹی کا ہاتھ کچن میں آپ کی مدد کرواتے ہوئےکٹ جاتا ہے۔تب آپ کیا کریںگی؟ آپ اپنی بیٹی کو فرسٹ ایڈ (First Aid)کریں گی یا ’’خود ہی ٹھیک ہوجائےگا ‘‘یہ سوچ کر چھوڑ دیں گی؟
ظاہر ہے آپ اسے اچھی طرح سے فرسٹ ایڈ کریںگی اورجب تک اس کا ہاتھ ٹھیک نہیں ہوجاتااس کا خاص خیال رکھیں گی۔اسے اپنے کٹے ہاتھ سے کام کرنے سے منع کریں گی،نیز خود بڑھ کر اس کے کام بھی کردیںگی۔لیکن جب اسی بیٹی کی ذہنی صحت کسی وجہ سے متاثر ہوجاتی ہے اور وہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہوکر چڑچڑے پن کا اظہار کرتی ہے، آپ کی بات نہیں مانتی یہاں تک کہ آپ سے بدتمیزی سے پیش آتی ہے، تب آپ کیا کرتی ہیں؟
بولیے کیا کرتی ہیں؟ مجھے پتا ہے آپ کیا کریں گی ،یہی نا کہ ایک تھپڑ رسید کریں گی یا لعن طعن کر کے بےزاری کا اظہار کرتی ہیں۔(توبہ توبہ)
لیکن کبھی آپ نے اس بات پر غور کیا ہے کہ ہمارے رویوں میں یہ تضاد کیوں کرپیدا ہوتا ہے؟ آپ بھی وہی ہیں۔آپ کی بیٹی بھی وہی ہے۔ اسے اب بھی ویسی ہی تکلیف ہے،جیسے ہاتھ کٹنے پر تھی۔بس تکلیف کی صورت الگ ہے۔پہلے آپ اپنی بیٹی کے کٹے ہاتھ کو دیکھ سکتی تھیں، لیکن اب ذہنی مسائل کا شکار بیٹی کی تکلیف کا اندازہ بھی نہیں کرپاتی ہیں۔لیکن مجھے بتائیے کہ کیا نہیں دیکھنے سے مسائل حل ہوجاتے ہیں؟نہیں نا۔تو پھر آپ نے کبھی سوچا ہےکہ بلوغت کو پہنچتے ہوئےآپ کے بچوں کے مسائل کیسے حل ہونے چاہئیں؟
اپنی بیٹی کا ہاتھ کٹنےپر آپ نے اسے فرسٹ ایڈ دیا،لیکن جب آپ کے بچے نفسیاتی مسائل میں گھرے تو آپ کو انہیں مینٹل فرسٹ ایڈ(Mental First Aid)ہی دینا چاہیے۔آپ کو پتا ہے کہ’’ مینٹل فرسٹ ایڈ‘‘ ہوتا کیا ہے؟
جب کسی انسان کی ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے تو وہ خود کو بہت غیر آرام دہ تصور کرنے لگتا ہے۔اکثر آپ نے بھی کسی پریشانی کے زیر اثر خود کو کئی دفعہ غیر آرام دہ تصور کیا ہوگا۔ایسا جیسے اب آپ کے پاس کوئی نہیں ہے۔سب نے آپ کو اکیلا چھوڑدیا ۔کوئی بھی آپ کے مسائل نہیں سمجھ پارہا ہے وغیرہ۔ تو اسی وقت کسی کا مسکراتے ہوئےآپ کی طرف بڑھتا ہوا ہاتھ،میٹھے نرم سے انداز میں کہا گیا جملہ کہ میں آپ کے ساتھ ہوں،میں آپ کی پریشانی کو سمجھ سکتا ہوں،مجھے بتائیے آپ کے ساتھ کیا مسئلہ ہے وغیرہ جیسے اپنائیت والے الفاظ سن کر ایسا محسوس ہوتا ہےجیسے تپتے ہوئے صحرا میں نرم اور ٹھنڈی ہوا کا چلنا ۔
کیا کسی نے ابھی تک آپ کی پریشانی میں ایسا روئی کے مانند نرم سا جملہ کہا ہے؟ یقیناً کہا ہوگا۔اس کے بعد کیا آپ نے اپنے سینے پر پڑا بوجھ ہلکا ہوتا محسوس کیا؟کیا آپ کو نہیں لگا کہ آپ کا وجود کسی پہاڑکے نیچے سے دھیرے دھیرے نکل رہا ہو؟ مجھے یقین ہے ایسا ہی ہوا ہوگا،لیکن کیا آپ نے کسی کے سینے پر سے یہ بوجھ اتارنے میں اس کی مدد کی ہے؟
اللہ تعالی نے قرآن کریم میں مومنوں کو’’ امت ِوسط‘‘ کہا ہے۔ایک بہترین امت، جو صرف خود کے فائدے کے لیے نہیں جیتی،جس کی زندگی کا مقصد اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی فائدہ پہچانا ہوتا ہے۔ جب کہ ہمیں معلوم ہے آپ ﷺ نے فرمایا :’’تم میں بہتر وہ ہے، جو لوگوں کے لیے فائدے مند ہو ‘‘
ہم جس معاشرے میںرہتے ہیں اگر ہم وہاں پر امت کے مسائل کو اپنے مسائل نہ سمجھیں تو امتِ وسط کا لقب ہم سے چھین لیاجائےگا۔ہمیں لوگوں کو ان کی پریشانی میں فرسٹ ایڈ مہیا کرنا ہوگا۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کسی کو فرسٹ ایڈ کیسے مہیا کیا جاتا ہے؟
کسی کے لیے فرسٹ ایڈربننےکےلیے ہمیں ان کے ساتھ ایک ہیلتھی کمیونیکیشن(Healthy Communication)کی ضرورت ہوتی ہے۔ایک صحت مند گفتگو پریشان دل کے لیے دوائی کا کام کرتی ہے۔پیار سے ان کاحال احوال معلوم کرنا، ان کی زندگی کے ذاتی مسائل معلوم ہونے پر ان کا بہترین حل پیش کرنا، ان کے ساتھ ایک دوستانہ رشتہ بنائے رکھنا ایک بہترین فرسٹ ایڈر کی نشانی ہوتی ہے۔
آپ کو پتا ہے ایک اچھا فرسٹ ایڈر کیسا ہوتا ہیں؟ وہ کسی کا حالِ دل معلوم ہونے پر اگر حل اس کے پاس نہ ہوتو وہ اسے تنہا چھوڑ نہیں دیتا،بل کہ وہ اس کا ہاتھ تھام کر اسے کسی ماہر (expert) تک اس کی رسائی کرواتا ہے۔
وہ کسی کی ذہنی صحت کے مسائل معلوم ہونے پر اس پر کمپرومائیز (Compromise)نہیں کرتا۔اگر معاملہ نازک صورتِ حال اختیار کر چکاہوتو وہ اس کی کسی پروفیشنل سائیکالوجیسٹ (Professional Psychologist)کی ملاقات کا انتظام کرواتا ہے۔
ایک اچھے فرسٹ ایڈر کی نشانی ہوتی ہے کہ وہ کسی کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاتا۔اگر کوئی اس پر بھروسہ کرکے اپنے مسائل بتاتا ہے تو وہ اس کا ہر راز اپنے سینے میں دفن کرناجانتاہے۔وہ کسی کی کمزوریوںاور ماضی میں کی گئی غلطیوں کا ذکر کسی اور سے نہیں کرتا۔
ایک فرسٹ ایڈر کی سب سے بڑی خوبی یہ ہوتی ہے کہ وہ آپ کے کسی بھی برے سے برے عمل پر بھی آپ کو جج (judge)نہیں کرتا۔وہ ہرغیر فطری اور غیر اسلامی بات پر بھی آپ کو تحمل سے سننے کا ہنرجانتاہے۔وہ آپ کے کسی برے عمل کا سنتے ہی آپ کو مجرم نہیں بنا دیتا، بل کہ آپ کو سنبھلنے کا موقع دیتا ہے۔
اب ہم دوسری طرف آتے ہیں، جو ہمیں بتاتی ہےکہ ہماری ذہنی صحت ٹھیک طرح کام نہیں کررہی ہےتواس کی علامات( symptoms) کیا ہیں؟
٭ کم توانا محسوس کرنا
٭ زندگی کی خوبصورتی میں دل چسپی نہ لینا
٭ اپنے جذبات کو بیان نہ کرپانا کہ آپ کیا محسوس کررہیں ہیں
٭ دھیرے دھیرے رویے میں منفی بدلاؤ پیدا ہونا
٭ زندگی میں صرف مسائل ہی مسائل دکھائی دینا
٭ خود کو نقصان پہنچانے کا دل کرنا جیسے خودکشی وغیرہ
٭ روزمرہ کے کاموں سے بوریت محسوس کرنا
٭ ہر وقت کچھ نہ کچھ سوچتے رہنا

 آئیے دیکھتے ہیں یہ کیوں ہوتا ہے؟

 اس کی وجہ ہے خود کی انفرادی اہمیت کو قبول نہ کرپانا۔اللہ تعالی نے انسان کو قرآن میں بہترین ساخت پر تخلیق کیا جانے والا جاندار کہا ہے۔ہر انسان میں مختلف قابلیتیں ہوتی ہیں،لیکن اکثر ہم ان سے واقف نہیں ہوتے ۔ اسی وجہ سے ہم خود کی عزت بھی نہیں کرپاتے۔اس لیے جب کبھی کوئی دوسرا فرد ہمیں degrade کرتا ہے اور کہتا ہے کہ ہم کسی قابل نہیں ہیں تو ہمارا ذہن اسے فوری تسلیم کرلیتا ہے۔کیوں تسلیم کرتا ہے؟ کیونکہ اندر سے ہم خود یہ مان چکے ہوتے ہیں کہ ہم میں کوئی خاص قابلیت نہیں پائی جاتی۔ اسے سائیکالوجی میں سیلف ڈائوٹ(self dout) کہتے ہیں۔
ہم self dout سے کیسے رہائی حاصل کریں؟(جاری)

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

4 Comments

  1. ارم جہاں

    Intresting article. . waiting for next qist

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے