آپ کا ارتکاز اور توجہ دنیا کا نادر الوجود اور قیمتی مال (Asset) ہے، جس کے پیچھے لوگ بیلین ڈالرز خرچ کر رہے ہیں۔ بہت سے ایپ آپ کو پھانسنے کے لیے بنائے جاتے ہیں۔ یوٹیوب، فیس بک اور انسٹا گرام جیسی سوشل میڈیا کمپنیاں جانتی ہیں کہ آپ جتنا زیادہ وقت ان کے پلیٹ فارم پر گزارتے ہیں، اتنا ہی زیادہ پیسہ وہ اشتہارات کے ذریعہ کما لیتے ہیں۔ حال ہی میں انھوں نے نوٹیفکیشن کو لے کر سب سے بڑا انکشاف یہ کیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ ایپ استعمال کرنے کے پیچھے نوٹیفکیشن کا طریقہ کارفرما ہوتا ہے، جو ہر وقت موبائل کی اسکرین پر دکھائی دیتا ہے۔ اس کے پیچھے بے پناہ وقت ضائع ہوجاتا ہے۔ مجھے یہ کہنے میں ذرا بھی تعجب نہیں ہوگا کہ اس کے پیچھے ہر سال ہزاروں گھنٹے صرف ہوجاتے ہیں۔
اب تو الگوریتھم(Algorithm) جیسی نئی آفت ہمارے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہورہی ہے۔ کمپنیوں کے لیے ہماری ترجیحات تک رسائی پہلے سے زیادہ آسان ہوگئی ہے۔ ایمازون (Amazon)کا آن لائن کتابوں کا تجویزی نظام ہمارے روایتی مکتبات سے بہت مستحکم اور پھیلا ہوا ہے۔ ایسے ہی یوٹیوب لوگوں کی ضروریات کے مطابق ویڈیوز دکھاتا ہے اور فیس بک میں پسندیدہ صارفین تک پہنچنانے والا الگورتھم بھی بہت کامیاب ہے۔ دلیل کے لیے کچھ تجربات کیجیے:
اپنے کسی سوشل میڈیا پیج کو اسکرول کیجیے اور ایک دو ویڈیو کسی خاص موضوع کے مطابق دیکھ لیجیے، پھر دیکھیے کیا ہوتا ہے؟ ایک مرتبہ میں نے باسکیٹ بال والی ویڈیو دیکھ لی، اگلے ہی لمحے اسی کے مطابق دوسری ویڈیو دیکھنے کی تجویز ملی، تو اسے بھی دیکھ لی اور پھر اس طرح یہ سلسلہ جاری رہا۔
اس عجیب و غریب الگورتھم کے اپنے فائدے اور نقصان دونوں ہیں۔ فائدہ یہ ہے کہ آپ اپنے منتخب موضوعات کا بآسانی استیعاب کرسکتے ہیں اور نقصان یہ ہے کہ الجھانے والے پھندے میں پھنسنا بھی اتنا ہی آسان ہے۔ ایک کے بعد ایک ویڈیو دیکھتے رہیے۔ شعوری طور پر یہ جان لیجیے کہ آپ انٹرنیٹ کا استعمال نہیں کر رہے ہیں، بلکہ انٹرنیٹ آپ کا بہتر طریقہ سے استعمال کر رہا ہے اور یہ سب آپ کی توجہ کو اپنا اسیر بنا کے ہی ممکن ہوا ہے، جس سے آپ کی ذات آپ کے لیے بے فائدہ ہوچکی ہے اور آپ بغیر تھکے انٹر نیٹ کے حق میں کام کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا کا نوٹیفکیشن سسٹم (Notification System) اس کی سب سے بڑی مثال ہے کہ آپ کا دماغ ہائیجیک ہوچکا ہے۔ جب جب آپ نوٹیفکیشن دیکھتے ہیں، تو فورا ہی آپ اپنا صلہ پانے کی جلدی کرتے ہیں، جو آپ کے دماغ میں ڈوپامائن کو خارج کرنے کا محرک بنتا ہے۔ مگر کبھی یہ آپ کو کوئی خوشی فراہم نہیں کرتا اور نہ ہی پر اعتماد بناتاہے۔ پھر یاد رہے کہ ڈوپامائن خوشی والا مادہ نہیں ہے، بلکہ یہ ایک ایسا کیمیائی مادہ ہے جو آپ کے خوشی حاصل کرنے کے وقت متحرک ہوتا ہے اور پھر وہ خوشی دائمی نہیں، وقتی ہوتی ہے۔ آگے کچھ دوسری باتوں سے اس کو مزید واضح کریں گے کہ آپ کا کیمیائی مادہ ’ڈوپامائن ‘کیسے ہائیجیک کرلیا جاتا ہے۔
٭ میل چیک کرنا: جب کبھی آپ اپنا میل چیک کرتے ہیں تو آپ نئے میسجز دیکھنے کے لیے ایسے بے تاب ہوتے ہیں، گویا کوئی انعام حاصل کر رہے ہوں۔
٭ ٹریفک دیکھنے میں وقت ضائع کرنا: جب کبھی آپ انوسٹمنٹ کا ڈیٹا یا سوشل میڈیا کی ٹریفک چیک کرتے رہتے ہیں، تو بار بار اعداد و شمار دیکھ کر آپ خوشی سے پھولے نہیں سماتے ہیں اور غیر متوقع طور پر اندر ہی اندر خوب خوش ہوتے ہیں۔
٭ یوٹیوب دیکھنا: جب آپ یوٹیوب دیکھتے ہیں تو آپ کا دل اچھی اور دلچسپ ویڈیوز دیکھنے پر اکساتا ہے۔
٭ سوشل میڈیا اسکرول کرنا: جب آپ فیس بک، انسٹا گرام اور ٹویٹر جیسے سوشل میڈیا ہینڈل استعمال کرتے ہیں تو آپ کا ارتکاز اپنی پوسٹ پر زیادہ سے زیادہ لائک، کمنٹ حاصل کرنا ہوتا ہے۔
جب آپ مذکورہ بالا کسی بھی عادت کو انجام دیتے ہیں تو آپ نہ صرف پریشان ہوتے ہیں، بلکہ ذہنی خلفشار کا شکار بھی ہوتے ہیں۔اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ آپ اپنے ارتکاز کی صلاحیت کو کھونے لگتے ہیں۔ عملی طور پر یہ بات ثابت ہے کہ جو شخص کچھ دنوں کے لیے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ سے دوری بنانے میں کامیاب ہوگیا، وہ وقت کے ضیاع اور ذہنی خلفشار سے بخوبی واقف ہوجاتا ہے۔
اس سلسلہ میں آپ کی کیا رائے ہے؟ کیا آپ اپنے ڈوپامائن کو اتنی آسانی سے ہائیجیک ہونے دیں گے؟
کھانے کی لامتناہی خواہشات
بھوک میں کھانا حاصل کرنے کی چاہت ہی ہمیں عمل کی طرف ابھارتی ہے اور جس کھانےسے ہمیں سب سے زیادہ خوشی ملتی تھی، وہ مقوی، ذائقہ دار اور عموما شکر سے بھرا ہوا ہوتا تھا۔ جرمنی میں انسانی غذائیت پر کام کرنے والے ایک ادارے کے پروفیسر سوسینی کلوس (Prof. Susanne Klaus) کے مطابق، انسانوں کے اندر میٹھے کھانے کی طلب پیدائشی ہے۔ شکر دراصل ڈوپامائن خارج کرتا ہے، جس سے ہم خوش رہتے ہیں۔ وہ یہ بھی لکھتی ہیں: ’’تجربات سے یہ بات ثابت ہے کہ شکر اور چربی جیسے مادے کا استعمال ذہنی نظام میں حرکت پیدا کرنے میں مؤثر رول ادا کرتا ہے۔‘‘
اسی لیےیہ بات ذرا تعجب خیز معلوم ہوگی کہ ہم اپنے روزانہ کے کھانوں میں شکر اور چربی دار کھانا بے حد پسند کرتے ہیں۔ کیا ایسا نہیں ہے؟
تاہم ان دنوں بہت سے لوگ بالکل الگ ماحول میں جیتے ہیں۔ اگرچہ ہمیں ابھی بھی مزید ان صحت بخش خوراک کی ضرورت ہے، جس کی تلاش میں ہمارے باپ دادا نکلتے تھے، مگر یہ امید اب بے سود ہے۔ ہم عموما مقامی دوکان یا مارکیٹ جاکر اپنے مطابق سامان لے آتے ہیں۔ ہمیں بہت زیادہ محنت، مشقت کی ضرورت نہیں پڑتی۔ ہم جب بھی غذائیت سے بھرپور کھانوں کے درمیان ہوتے ہیں تو ایسے ہی خوشی کے احساسات پیدا ہوتے ہیں۔
پھر کھانے کی صنعت(Food Industry)کی باری آتی ہے۔ اس صنعت میں تاجر حضرات اپنی اشیاء فروخت کرنے کے لیے ہمارے پیچھے ملین ڈالرز خرچ کرتے ہیں۔ انھیں خوب اندازہ ہے کہ اشیاء میں شکر کی ملاوٹ سے وہ نہ صرف اسے فروخت کرسکتے ہیں، بلکہ وہ ہمارے اندر اس کی حرص اور چاہت پیدا کردیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب آپ چیزوں کے اجزائے مرکب کو دیکھیں ، جو ان میں ملایا جاتا ہے، تو آپ اس میں سب سے زیادہ مقدار شکر ہی کی پائیں گے۔
بہر کیف شکر کی نشہ آور لت پر بحث کرتے ہوئے مجھے یہاں یہ بھی بتانا چاہیے کہ اس کا کوکین جیسا جتنا نشہ آور ہونے کا امکان نہیں ہے۔ ممکن ہے کہ آپ نے اس پر آن لائن مضامین پڑھے ہوں۔
سین فرانسیسکو یونیورسٹی کیلی فورنیا کے ماہر اطفال پروفیسر روبرٹ لسگ (Prof. Robert Lustig) کا ماننا ہے کہ شکر کا استعمال نشہ میں شامل ہے اور اس کا نشہ نکوٹن تمباکو جیسا ہے، نہ کہ ڈرگ اور ہیروئن جیسا۔
کیمبرج یونیورسٹی کے ماہر نفسیات ڈاکٹر ضیاء الدین یہ بات کہتے ہیں کہ دماغ کے رد و قبول کی صلاحیت اور جسم کا وہ کیمیائی مادہ، جو کھاتے وقت انسانی رد عمل کو اپنے قابو میں رکھتا ہے، دونوں بایں اعتبار ایک ہے کہ دونوں ہی انسان کو نشے کی شدت تک پہنچا دیتے ہیں، برخلاف شکر کے۔ نشے کی شدت دماغی نظام پر قابض ہوجاتی ہے اور اس کی صلاحیت کو معطل کردیتی ہے۔
مزید کنگ کالج لندن میں غذائیت کے سابق پروفیسر ٹام سینڈر (Tom Sanders) لکھتے ہیں کہ یہ نا معقول بات ہے کہ شکر ڈرگ کی طرح سخت نشہ آور ہے۔ مزید کہتے ہیں کہ ہاں یہ بات تو درست ہے کہ میٹھی چیزوں کی پسند ایک عام عادت ہے، لیکن یہ درست نہیں کہ یہ افیون اور کوکین کی طرح نشہ آور لت ہے۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ لوگوں کو لگتا ہے کہ شکر اور چربی کی طلب فطری ہے۔ حالاں کہ ہم خود ان کے عادی نہیں ہوتے، لیکن بہتر یہی ہے کہ ہم ان کا استعمال کم کریں اور ان پر انحصار سے خود کو بچائیں۔
ڈوپامائن اور مسلسل کسی چیز کی شدید خواہش کا پیدا ہونا آپ کی دور رس منصوبہ بندی کی صلاحیت کو خراب کرسکتا ہے
مختلف تحقیقات بتاتی ہیں کہ طویل مدتی سوچنے کی صلاحیت انسان کو کامیابی کی طرف لے جانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ وہ لوگ جو مستقل اپنی توجہ ان جگہوں پر مرکوز رکھتے ہیں، جہاں انھیں روشن مستقبل دکھائی دیتا ہے۔ ان میں فیصلے کی صلاحیت پروان چڑھتی ہے۔ ان میں صحت بخش غذا استعمال کرنے کا رجحان زیادہ ہوتا ہے، کاموں میں معاون ہوتے ہیں اور دوسروں کے مقابلے پیسوں کا صحیح استعمال بھی جانتے ہیں۔
کامیابی پر گہرائی سے مطالعہ کے بعد، ہارڈورڈ یونیورسٹی کے ڈاکٹر ایڈورڈ بین فیلڈ (Dr. Edward Banfield) اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ طویل مدتی نقطۂ نگاہ انسان کی ذاتی اور معاشی کامیابی کی سب سے اہم شناخت ہے۔ انھوں نے ’’طویل مدت (Long Term) ‘‘ کی تعریف یہ کی کہ مسقتبل کی پیش بندی کی صلاحیت ہواور حال میں چھوٹے چھوٹے فیصلے خود لیے جائیں۔
بدقسمتی سے ان دنوں طویل مدتی اہداف پر ارتکاز سب سے مشکل کام ہے۔ بہت سی خارجی وجوہات کے سبب ہم قلیل مدتی سوچ میں ہی الجھے رہ جاتے ہیں اور فوری تسکین و نتائج کے لیے خود کو بے قرار رکھتے ہیں۔ جب کہ ہم بخوبی جانتے ہیں کہ ہم کیا کر رہے ہیں اور ہمیں کیا کرنا چاہیے ؟ مثال کے طور پر:
٭ ہم جانتے ہیں کہ ہمیں صحت بخش غذا لینی چاہیے، لیکن ہم میٹھے پکوان اور میٹھے مشروبات کو سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں۔
٭ ہم جانتے ہیں کہ ہمیں پڑھائی کرنی چاہیے، مگر ہم اس سے دل چراتے ہیں اور نیٹ فلیکس پر فلمیں دیکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
٭ ہم جسمانی ورزش کی اہمیت کو جانتے ہیں، مگر پھر بھی بیٹھے رہتے ہیں اور سوشل میڈیا پر دوستوں کے ساتھ وقت گزاری کرتے ہیں۔
مجھے پورا یقین ہے کہ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ نے مکمل طور پر ہمارے سوچنے اور گہرے ارتکاز کی صلاحیت پر انتہائی منفی اثر ڈالا ہے۔ یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے۔ اپل (Apple)کمپنی کے سربراہ سٹیو جابس (Steve Jobs) اپنے بچوں کو فون وغیرہ کے استعمال سے دور رکھتے ہیں۔ اگرچہ اس کا خود کا کاروبار لا تعداد لوگوں کو فون مہیا کرانے کا ہے۔
ایک بڑے ارب پتی، فیس بک کے سابق سینئر آفیسرChamath Palihapitiya زور دے کر کہتے ہیں کہ ہمیں اپنے دماغ کو طویل مدتی کاموں کی طرف راغب کرنا انتہائی ضروری ہے اور یہ عادت اپنے فون سے سوشل میڈیا ایپ ڈلیٹ کرنے کے بعد ہی پیدا ہوگی۔ ان کے الفاظ میں کہا جائے تو سوشل میڈیا ایپ ’’آپ کے دماغ کو فوری تاثر پانے کا عادی بنا دیتا ہے۔‘‘
تسلسل سے لائیک، کمینٹ یا میسج کا فوری جواب چاہنے کی وجہ سے ہماری اپنی حالت ایسی ہوگئی ہے کہ ہم اب ہر چیز کا فوری نتیجہ چاہتے ہیں۔ عام طور پر ہمارا فطری احساس سوشل میڈیا کے ان اشتہارات کے ذریعہ ختم ہوجاتا ہے، جن میں راتوں رات امیر بننے کی اسکیم بتائی جاتی ہے ۔ مثلا: ہم سب سے امیر اور سب سے کامیاب یوٹیوبر کے بارے میں سنتے ہیں، لیکن ناکام لوگوں کی کہانی ہمیں نہیں بتائی جاتی۔
ہمارے اندر خواہشات کی شدت جس قدر جڑ پکڑے گی، ہماری توجہ جلد حاصل ہونے والی چیزوں کی طرف بڑھتی جائے گی اور ہمارا حقیقی ہدف پاش پاش ہوجائے گا۔ اس سے ہماری ذہنی ساخت غلط بنیادوں پر تیار ہوگی، مثلا:
٭ کامیابی جلدی اور آسانی سے ملنی چاہیے۔
٭ وزن کم کرنے یا پیسہ کمانے کے لیے زیادہ محنت نہ کرنی پڑے۔
قطعی طور پر یہ غلط طریقہ ہمارے حقیقی ہدف اور تصور کو کچل دیتا ہے۔ ہم ہر اس شخص سے حسد کرنے لگتے ہیں جو راتوں رات کامیابی حاصل کرلیتا ہے۔مشہور یوٹیوبر کو دیکھ کر ناراضگی شروع ہوجاتی ہے، انتہائی برا لگتا ہے اور اپنے اندر ادھورے پن کا احساس جنم لینے لگتا ہے۔ یہ چیز ہمیں سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ ہم بہت اچھے نہیں ہے، قابل نہیں ہیں، اور نہ ہی سلیقہ مند ہیں۔ اسی لیے ہمیں فوری طور پر اٹھ کر اس کی تلافی کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ ہم جلدی کرتے ہیں تاکہ یہ موقع نہ نکل جائے اور ہم اپنی پوری طاقت محض اس بات کو جاننے میں لگادیتے ہیں کہ کامیابی کیسے ملتی ہے؟ جب کہ اس جنونی دوڑ میں ہم صبر و تحمل کا سب سے اہم اصول بھول جاتے ہیں ۔
یہ بھی یاد رہے کہ دن بھر لمبی لمبی موٹیویشنل ویڈیوز دیکھنے سے بھی آپ اپنے مقصد کو کبھی حاصل نہیں کرسکتے۔ مگر ہاں، روزآنہ پابندی سے کیے گئے کام کے اثرات ہی لمبے وقت تک باقی رہیں گے۔ لہذا پرسکون انداز میں روزآنہ ایک کام پر توجہ مرکوز کرنا ضروری ہے۔
ذاتی اور پیشہ وارانہ زندگی میں طویل مدتی اہداف تک پہنچنا اصل کامیابی ہے۔ اس لیے دوبارہ سے اپنی توجہ مرکوز کرنا اور اپنے ذہن کو طویل مدتی اہداف کے لیے تیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔ یاد رہے کہ ایسا کرنے کے لیے آپ کو شدید تحریک پیدا کرنے اور اضطراب میں ڈالنے والے تمام کاموں سے خود کو دور رکھنا ہوگا۔
یہاں ہم طویل میعاد غور و فکر کا ایک مکمل نقشہ پیش کرتے ہیں:
ایمازان (Amazon) دنیا کی تیسری سب سے بڑی کمپنی ہے، جو ۱۹۹۴ء میں قائم ہوئی، لیکن اسے اپنا پہلا منافع کمانے کے لیے ۲۰۰۳ء تک انتظار کرنا پڑا۔ اس سال اس نے۳۵؍ ملین ڈالر کا منافع حاصل کیا تھا، جب کہ اس سے پچھلے سال ہی ۱۴۹؍ ملین ڈالر کے خسارے کے ساتھ کمپنی چل رہی تھی۔
اس کمپنی کا بانی جی بیزاس (Je Bezos) اگر چاہتے تو شاید پہلے ہی منافع کماسکتے تھے، مگر انھوں نے اپنے کاروبار کی بنیاد مضبوط رکھنے کے لیے دوبارہ سرمایہ لگایا، تاکہ اسے یہ یقین ہو کہ اس کی کمپنی دہائیوں تک نفع رسائی کا کام انجام دیتی رہے گی۔ میں آپ کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں ایسی ہی ہمت پیدا کرنا چاہتا ہوں۔ اپنے بنیاد کی ایک اینٹ پر جم کر محنت کیجیے اور اسے اتنا مضبوط بنائیے کہ وہ ایک ہی دھچکے میں نہ ٹوٹنے پائے۔
ہمیشہ یاد رکھیے کہ اہداف تک پہنچنے کے لیے طویل المعاد غور و فکر ہی اصل راز ہے۔ لیکن یہ آن ہی آن میں نہیں ہوتا، بلکہ اس کے لیے آپ کو ہر حال میں مداومت اور صبر کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس پر کھرے اترنے کے لیے سب سے پہلے ان ذہنی پریشانیوں کو ختم کرنا ہوگا، جو آپ کو مسلسل بے چین کر رہی ہیں۔ آپ کو اپنے اندر کی پریشانی اور اضطراب کو ختم کرنا ہوگا، جو آپ کو طویل المیعاد نقشے پر جمے رہنے سے روک رہی ہے۔ تب جاکر آپ اپنے اس مقام پر کھڑے ہوں گے، جہاں آپ آنے والے سالوں میں خود کو دیکھنا چاہتے ہیں۔
مختلف پہلؤوں سے نگاہ دوڑائیے تو معلوم ہوگا کہ آج کا معاشرہ ایسے فریم میں بندھا ہوا ہے، جس نے آپ کے ڈوپامائین کو ہائیجیک کرلیا ہے اور بدقسمتی یہ ہے کہ اس کا فریم آپ کے ذوق کے مطابق بالکل نہیں ہے، بلکہ یہ آپ کا اکاؤنٹ آسانی سے خالی کردے گا۔ یہ بات بھی انتہائی اہم ہے کہ یہ ڈرامائی انداز میں آپ کے ارتکاز کی صلاحیت کو بہا لے جائے گااور آپ کو بے سکونی کے عالم میں تنہا چھوڑ دے گا۔ آپ کے اندر ایسی بے چینی اور بے اطمینانی کی کیفیت پیدا ہوجائے گی کہ آپ ان اہم ترین کاموں کو کرنے کے لائق نہیں بچیں گے، جن سے آپ کی اور آپ کے آس پاس کے لوگوں کی زندگی میں بڑا مثبت اثر پڑتا ۔
عملی مشقیں
اپنی کاپی پر دیے گئے جملے کو اپنے خاص واقعات سے مکمل کیجیے:
میرا ذہن اس وقت ہائیجک ہوگیا، جب۔۔۔۔۔۔۔
٭ ٭ ٭
ہمیشہ یاد رکھیے کہ اہداف تک پہنچنے کے لیے طویل المعاد غور و فکر ہی اصل راز ہے۔ لیکن یہ آن ہی آن میں نہیں ہوتا، بلکہ اس کے لیے آپ کو ہر حال میں مداومت اور صبر کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس پر کھرے اترنے کے لیے سب سے پہلے ان ذہنی پریشانیوں کو ختم کرنا ہوگا، جو آپ کو مسلسل بے چین کر رہی ہیں۔ آپ کو اپنے اندر کی پریشانی اور اضطراب کو ختم کرنا ہوگا، جو آپ کو طویل المیعاد نقشے پر جمے رہنے سے روک رہی ہے۔ تب جاکر آپ اپنے اس مقام پر کھڑے ہوں گے، جہاں آپ آنے والے سالوں میں خود کو دیکھنا چاہتے ہیں۔


0 Comments