غزہ :عید پر بکھرے لہو کے رنگ

یوں تو عید فرحت و مسرت سے عبارت ہے اور ہرخوشی کچھ احساسات وجذبات کے اظہار کی متقاضی ہوتی ہے جس کے نت نئے طریقے دنیا میں رائج ہیں مگر اصل روح کے مطابق عید کا مطلب انسان کا گناہوں سے پاکی اور برأت پر اظہار ِمسرت اور سجدہ شکر بجا لانا ہے۔
انسانی تاریخ کا مطالعہ یہ دریچے وا کرتا ہے کہ دنیا کی ہر قوم جب کسی کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہے تو اس کی خوشی میں ایک خاص دن مقرر کرتی ہے ،جس میں وہ اپنی ثقافت کو مدنظر رکھتے ہوئے خوشی ومسرت کا اظہار کرتی ہے ۔مگر اسلام میں تہواروںکاجائزہ لیاجائےتو دو عید کا پتہ چلتا ہے۔ ایک’’ عید الفطر‘‘ دوسری ’’عید الأضحى‘‘، جہاں کھیل کود کے بجائے تکبیرات و اعمال صالحہ کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔
امت مسلمہ کو جو دو عیدیں بطور تحفہ عطا کی گئی ہیں ،وہ خوشی کے اظہار کے ساتھ کچھ قربانیوں کا پیغام بھی دیتی ہیں۔ نیز سنت رسول کو عملی جامہ پہنانے کا سنہرا موقع فراہم کرتی ہیں۔اللہ رب العزت کا بخشا ہوا انمول تحفہ وہ پہلی عید ہے جسے دنیا’’ عید الفطر‘‘ کے نام سے جانتی ہے۔
ایک ماہ کے مسلسل روزے اور دیگر اعمالِ صالحہ انجام دے کر جب بندہ رب کی جانب سے بخشش کا پروانہ حاصل کرنے کی تگ و دو میں خود کو مصروف کرلیتا ہے اور ’’ایاماً معدودات‘‘ کو ذہن نشین کرتے ہوئے خود کو تھکا کر چور کر لیتا ہے اور تقوی کے حصول کے لئے تقوی کی بھٹی میں خود کو تپاتے ہوئے تزکیہ نفس کے اعلی مناصب تک پہنچ جاتا ہے تو پھر قدرت اپنی انمول نعمت نچھاور کرتی ہے،جسے بندہ لبیک کہتے ہوئےاپنے ہاتھوں میں سمونے کی انتھک کوشش کرتاہے۔ اور جب ایک ماہ کی عبادت و ریاضت کے بعد ایک پر سکون فضا میںسانس لینے کے لائق ہوجاتا ہے تو اس خاص دن اپنی جبین سجدہ شکرکے لئے بچھا دیتاہے۔یہی اس کی زندگی کی اصل عید ہوتی ہے۔
مذکورہ بالا پیش کردہ مقاصدکو مد نظررکھتے ہوئےحالات غزہ کے تناظر میں دیکھیں تو یہ عید کچھ خاص اہم پیغام رکھتی ہے۔ حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم( المومن کجسد واحد ) کے مطابق امت مسلمہ اور اہل فلسطین کے لئے یہ دن بطور ’’یوم جائزہ‘‘ہے، اس طور پر کہ گزشتہ کئی رمضان سے اہلِ غزہ صیہونی سفاکیت کا نشانہ بنے ہوئے ہیں اور پچھلے پندرہ مہینو ںسے جاری جنگ سے ماہ جنوری 2025 میں نجات پاکر تقریبا دو مہینے سے امن کی فضا میں سانس لے ہی رہے تھے اور سجدہ شکر میں مصروف تھے کہ اچانک 18مارچ 2025 کو اسرائیل نے اپنا اصل چہرہ بے نقاب کیا اور امریکہ ، مصر و قطر کی ثالثی سے کئے گئے معاہدہ کی پامالی کرکے وحشت و درندگی کا مظاہرہ کیا اور عید الفطر کو بطور شکرانے گزارنے کی تیاری کرنے والی قوم کو ایک بار پھر مقابلے میں لا کھڑا کیا۔ جیساکہ الجزیرہ(Al Jazeera)کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق دوبارہ کئےگئے حملے میں صرف ایک دن کی بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد ساڑھے چار سو سے تجاوز کر چکی تھی، جس میں تین سے سو زائد معصوم بچے اور خواتین شامل تھیں ۔( دیکھئے الجزیرہ رپورٹ 18مارچ 2025)
اور اس طرح اپنی خونریز معرکہ آرائی کے ذریعے اسرائیل نے فرعونیت کی روح کو ہوا دی اور کفارِ قریش کے نقش قدم پر چل کر اس معاہدے کو تاراج کیا اور امت مسلمہ کے سامنے’’ معاہدہ صلح حدیبیہ ‘‘کی یاد تازہ کردی۔
’’غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی جارحیت میں اب تک 49,547 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 1,12,000 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ فلسطینی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ حملوں میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے ہزاروں افراد دبے ہوئے ہیں،جنہیں مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔ امدادی کاموں میں شدید مشکلات درپیش ہیں،کیونکہ اسرائیلی فورسز (Israeli Forces)مسلسل حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو (Benjamin Netan yahu)نے غزہ میں حماس کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کا عندیہ دیا ہے اور مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی فوجی آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے جس کے باعث خطے میں مزید کشیدگی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے بڑھتی ہوئی جارحیت مشرق وسطیٰ میں امن کی تمام کوششوں کو سبوتاژ کر سکتی ہے‘‘۔
اسی صیہونی مظالم کی عکاسی شاعرسرفراز بزمی صاحب نے کچھ یوں کی ہے:

پھر وہی قیصر ہے باقی پھر وہی پرویز ہے
خاکِ عالم پھر حرم کے خون سے لبریز ہے
خون میں لتھڑی ہوئی ہے سرزمیں زیتون کی
لال ہیں اپنے لہو سے سرحدیں رنگون کی
کیوں ہوئی ہے اتنی ارزانی ہمارے خون کی
اپنی عظمت کس نے اپنے ہاتھ سے مدفون کی
جبر کی تصویر کوئی نیل کا فرعون ہے
بے عصا موسی ہے لب پر “انتم الاعلون” ہے
ادھ جلی لاشیں ، لہو کی بو، کٹے معصوم ہاتھ
وہ دھواں بارود کا اڑتی ہوئی موت و حیات

گولہ و بارود کے برستے بادلوں کے اس ستم کی تاب نہ لا سکنے کی تصویر کشی کچھ اس طرح کی ہے:

آنکھ میں جرات نہیں ان منظروں کے دید کی
شامِ غم اب تو خبر دے ہم کو صبحِ عید کی

( ماخوذ من واٹس ایپ پوسٹ)

اس تناظر میں آنے والی عید امت مسلمہ کے لئے یوم جائزہ ہے اس طور پر کہ وہ رب کریم کے سامنے شکر گزار ہوں اس لئے کہ اہل غزہ کے مقابلے میں وہ حالت امن میں ہیں اور شکرانے کا یہ عمل قولی و عملی دونوں طریقے سے ہو کہ امن و امان ملنے کی صورت میں زبان پر بھی کلمہ شکر جاری ہو، جب کہ عملی طور پر وہ بندگان خدا جو دولت و ثروت سے مالامال ہوں وہ فلسطینیوں کی اس ناگفتہ بہ حالت میں ان کے مساعد بن کر کھڑے ہوں اور بدلہ میں اپنے رب سے ایوارڈ حاصل کرنے کے مستحق ہوں ۔کیونکہ عید کا دن یوم جائزہ ہوتا ہے جو بدلہ اور معائنہ دونوں معنوںکو محیط ہے۔ جب کہ دوسرے معنی میں آنے والی عید یوم جائزہ ہے اس طور پر کہ امت مسلمہ اپنے بھائیوں کے تئیں اپنے اعمال کا جائزہ لے کہ وہ اہل غزہ جو کشت وخون اور فاقہ کشی سے دوچار ہیں تو ان کی یہ حالت زار انہیں شعب ابی طالب کی یاد دلاتی ہے اور ان کے درد و کرب کو محسوس کر پا رہے ہیں یا آج بھی ان کی بے کسی و بے بسی سے بے خبر خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں؟
رمضان المبارک جس میں تقوی و تزکیہ کو اولین حیثیت حاصل ہے۔ اس تقوی کی تکمیل کے لئے عید الفطر کے موقع پر جس خاص چیز کا حکم دیا گیا ہے وہ’’ زکا ت فطر‘‘ یا’’ صدقہ فطر‘‘ ہے، جس کی فرضیت کا مقصد اس ماہ میں انجام دیئے گئے۔ اعمالِ صالحہ یا روزہ میں کسی قسم کی کوتاہی ہوئی ہو تو اس کی تلافی ہوجائے ساتھ ہی اس کا مقصد یہ بھی ہے کہ معاشرہ مواسات و مواخات کا وہ اعلی نمونہ بن جائے جس کی بنا پر اس مہینے کو’’ شہر مواسات‘‘ کا درجہ حاصل ہے۔ اور عید کا دن بلا تفریق رنگ و نسل و امیر و غریب ہر ایک کے لئے خوشی کا تہوار ثابت ہو۔
اس تناظر میں اگر عید الفطر کو دیکھا جائے تو صدقہ فطر امت مسلمہ کو اس لائق بناتاہے کہ ماہ مبارک کے دوران اہل غزہ کے حوالے سے ان سے جو کوتاہیاں ہوئیں وہ ان کا تزکیہ کرسکیں۔ مواسات و غمخواری کا جذبہ اہل غزہ کے تئیں اگر ان کے دل میں پیدا نہیں ہوسکا تو عید الفطر کے روز وہ اپنے صدقہ فطر سے اس کی تلافی کی کوشش کریں۔ اس لئے کہ پندرہ مہینوں میں جنگ کی چکی میں پسنے والی فلسطینی قوم غربت و افلاس کی جنگ سے اب بھی نبرد آزما ہے۔ دوران جنگ اپنی تمام تر دولت و ثروت سے محروم ہوجانے والی قوم اس وقت اس قدر خستہ ہوچکی ہے کہ عرش بھی ان کی حالت پر ماتم کناں ہے۔
آج اس جانباز قوم کی حالت یہ ہے کہ پینے کو صاف پانی کی فراہمی بھی اسے میسر نہیں، اس پر طرہ یہ کہ آج بھی اسرائیل اپنی ریشہ دوانیوں سے باز نہیں آرہا۔ کبھی ان کی بجلی سپلائی معطل کردی جاتی ہے تو کبھی امدادی کارکنوںکو ان تک سامان بہم پہنچانے پر پابندی عائد کردی جاتی ہے۔
اقوام متحدہ (United State)کے ادارہ برائے اطفال یونیسف (UNICEF) نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں شدید آبی قلت خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے، جہاں صرف 10فیصد لوگوں کو ہی پینے کا صاف پانی میسر ہے۔
یونیسیف کا کہنا ہے کہ’’ حماس پر یرغمالیوں کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالنے کی غرض سے اسرائیل کی جانب سے علاقے میں بجلی منقطع کرنےکے فیصلے نے حالات کو مزید بگاڑدیاہے، جس سے پانی صاف کرنے کا عمل بھی متاثر ہوا ہے۔غزہ میں یونیسف کی عہدیدار روزالیا بولین (Rosalia Bollen)نے بتایا ہے کہ نومبر 2024میں پینے کے پانی تک دوبارہ رسائی پانے وا لے چھ لاکھ لوگ ایک مرتبہ پھر اس سے محروم ہوگئے ہیں۔ ہزاروں خاندانوں اور بچوں کے لیے پانی کی بحالی بہت ضروری ہے۔
ایک دوسری رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے اداروں کا اندازہ ہے کہ غزہ میں 18لاکھ لوگوں کو پانی، نکاسی آب اور صحت و صفائی کے حوالے سے مدد کی اشد ضرورت ہے، جن میں نصف سے زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔
یہی نہیں بلکہ عالمی مسائل پر نظر رکھنے والے اداروں نے جب غزہ کے حالات پر نظر ڈالی تو افسوس کئے بنا نہ رہ سکے۔ لہٰذا فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انروا(UNRWA)کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی (Philip Lazzarini)نے جنیوا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ’’ غزہ کی موجودہ صورتحال اکتوبر 2023کے حالات سے مماثل ہے‘‘۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مغربی علاقے اور مشرقی یروشلم سے ادارے کے کام کا خاتمہ کرنے کی منظم کوششیں ہو رہی ہیں۔ اس پر اپنے دفاتربند کرنے اور خدمات روکنے کے لیے شدید دباؤ ڈالا جا رہا ہے جبکہ اس کے بین الاقوامی عملے کو مقبوضہ علاقوں میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی اور پہلے سے موجود ایسے عملے کو بے دخل کیا جا رہاہے۔
مذکورہ بالا رپورٹس اہل غزہ کے دگرگوں حالات کی بھر پور عکاسی کرتی ہیں اور دنیا کو یہ باور کراتی ہیں کہ غربت و افلاس کے سسکتے بادل ابھی ان پر منڈلا ہی رہے تھے کہ جنگ کے خطرناک امنڈتے بادل نے ایک بار پھر خطہ غزہ کو خونی سیلاب میں ڈبو دیا ،جو اقوامِ عالم کو پکار پکار کرکہہ رہے ہیںکہ برسوں سے نبرد آزما قوم ابھی بھی ان کی معاونت کی منتظر ہے۔ ایسی صورت میں عید الفطر کا پیغام امت مسلمہ کو خواب غفلت سے بیدار ہونے کی دعوت دے رہا ہے کہ مواسات و غمخواری کا جو درس امت مسلمہ نے رمضان المبارک کے ریفریشر کورس میں حاصل کیا ہے، اسے عملی جامہ پہنانے کا وقت اب اسے آوازیں دے رہا ہے کہ اپنے صدقات فطرکے ذریعہ اس قوم کی مدد کریں جو میٹھے اور ٹھنڈے مشروبات تو کجا پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہے ۔
یہ خستہ حال قوم اونچے اور عالیشان محلات تو دور زمین بوس ملبہ پر زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ حتی کہ غزہ کے کھنڈرات بھی ان کی حالت زار پر نوحہ کناں ہیں۔چنانچہ ایک رپورٹ میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ پورے ضلع کو زمین بوس کردیاگیا۔زرعی زمین جہاں کبھی گرین ہاؤس (Green House)ہوا کرتے تھے،اسرائیلی فوجیوںکی جانب سے علاقے میں چھاپوں اور بھاری فوجی گاڑیوں اور ٹینکوں کی وجہ سے ریت اور ملبے میں تبدیل ہو گئے ہیں۔
عید کا تہوار مسلمانوںکے لئے اگر نت نئے پکوان اور متعدد لوازمات سے دسترخوان سجانے کا تہوار ہے تو وہیں صبر و استقامت کا مظاہرہ کرنے والی یہ قوم شدید غذائی بحران کا شکار ہے۔چنانچہ قحط کا اعلان کرنے کے ذمہ دار عالمی ادارے انٹیگریٹڈ فوڈ سکیورٹی فیز کلاسیفکیشن (The Integrated Food Security Phase Classification) (IPC)کے مطابق تقریباً 18لاکھ افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا سامنا کر رہے ہیں، جن میں تقریباً 133000 افراد تباہ کن غذائی عدم تحفظ کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ اور اس طرح کی دیگر رپورٹس غزہ کی چرمراتی معیشت، تباہ شدہ مکانات و محلات سے دنیا کو باخبر کرنے کے لئے بظاہر اپنا کردار ادا کرتی نظر آرہی ہیں۔ چنانچہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’’بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے علاوہ،اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (United Nation (UNEP)Environment)نے متنبہ کیا ہے کہ غزہ میں ہونے والے نقصانات کی تلافی میں کافی وقت لگے گا۔( ایضا)
رپورٹ میں پانی اور صفائی ستھرائی کے نظام کوتقریباً مکمل طور پر ناکارہ قرار دیا گیاہے۔ کیمپوں اور پناہ گاہوں کے ارد گرد بڑھتے ہوئےکچرے اور تباہ شدہ سولر پینلز (Solar Panel)اور استعمال کیے جانے والے گولہ بارود کے کیمیکلز مٹی اور پانی کی فراہمی کو آلودہ کر سکتے ہیں۔
ایسے حالات میں عید الفطر کا دن فرمان باری تعالٰی

 ’’اِنَّمَا الْمُؤْمِنُوْنَ اِخْوَةٌ‘‘

اور نبئ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان مبارک

 ’’ المومن کجسد واحد‘‘

کے مطابق چینخ چینخ کر اہل غزہ کی صورتحال پر نظر رکھنے کی فریاد کر رہے ہیں کہ تمہارے ہی جسم کا ایک حصہ درد و کرب میں مبتلا ہے اور تم رنگ رلیوں اور جشن و طرب میں مصروف ہو؟
عید الفطرصرف خوشیوں کا تہوار نہیں ہےبلکہ ایک پیغام بھی ہےکہ محبت، بھائی چارے اور ایثار کی خوبصورتی کو اپنایا جائے اور اس موقع پر ان لوگوں کو نہ بھلایا جائے جو کسی وجہ سے محروم ہیں۔
ماہ مبارک کا ایک مقصد یہ بھی ہوتا ہے کہ بندہ رب سے کئے ہوئے وعدہ کے مطابق دل کو کینہ و بغض اور کدورت سے پاک کرنے کے لئے انتھک سعی کرتا ہے تو اب عید الفطر کے دن وہ وقت آ جاتا ہے جب بندہ اسے عملی جامہ پہناتے ہوئے اپنے دل کو ان تمام آلائشوں سے پاک کرتے ہوئے اپنے بھائی کو گلے لگاتا ہے اور وہ تمام شکوے فراموش کردیتا ہے جو برسوں سے اس کے دل میں پنپ رہے تھے۔ ایسی صورت میںعید الفطر بندگان خدا کو اپنے اعمال کا جائزہ لینے کی دعوت دیتی ہے کہ امت مسلمہ اس عید پر اپنے تمام بغض و عناد اور مفاد پرستی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے فلسطینی قوم کو گلے لگانے اور اتحاد کا پرچم لہرانے کے لیے تیار ہے یا ابھی بھی اس کا دل خود غرضی و مفاد پرستی کے مرض میں مبتلا ہے؟ کیونکہ عید الفطر اگر بطور یوم جائزہ انعام کے حصول کا دن ہے تو دوسری جانب یہ دن اپنے اس دن کی مشغولیت و معمولات کے جائزہ یعنی جانچ اور پڑتال کا بھی دن ہے۔
ماہ مبارک میں روزہ کو ڈھال بنا کر صبر کی صفت کو بطور خاص مرصع کرنے کی خصوصی ٹریننگ ہوتی ہے۔ اس صبر کا اظہار یہاں بھی مقصود ہوتا ہے کہ بندہ اس روز پوری طرح سے آزاد ہونے کے باوجود صرف انہی چیزوں کو ہاتھ لگاتا ہے جو اللہ نے اس کے لئے مقدر کردی ہیں۔ لہذا غیر مسلم قوموں کی طرح رقص و سرود کی محفلوں اور فحاشی و عریانیت کے اڈوں سے خود کو دور رکھنے کا خاص اہتمام کرنے کا حکم ہے۔ موجودہ صورتحال میں یہ عید اس بات کا پابند بناتی ہے کہ ظالم کے جبرسے اگر آزادی نصیب ہوتی ہے تو اس کے حصول کا اظہار محض اللہ رب العزت کے بتائے ہوئے فرمودات سے ہو جب کہ خونریز معرکہ آرائی کی صورت میںصبر و استقامت کا کوہ گراں بن کر کھڑے ہوں جس کا مشاہدہ الغد ٹی وی (Alghad TV)کی نشریات پر ایک معصوم بچی کی زبان سے جاری کلمے سےکیاجاسکتاہے،جو وقت کے فرعونوں کے لئے ایک تھپیڑے کی مانند ہےکہ ’’ تمہیں لگتا ہےکہ تم نے ہماری شناخت، ہماری تاریخ مٹادی؟ ہرگز نہیں، بیکار کی کوشش کر رہے ہو تم۔ میں مانند قیامت ہوں جو بپا ہو کر رہے گی‘‘۔
لہٰذا صبر و استقلال کا یہی جذبہ امت مسلمہ سے بھی مطلوب ہے۔
وہ ماہ مبارک جو سخاوت و فیاضی کا درس دیتا ہے لہٰذا یہ دن ہم کو اس بات پر آمادہ کرتا ہے کہ ہم ہزاروں روپے کے جوڑوں اوربے جا اسراف و تبذیر کے مادہ پرستی کے دلدل سے نکل کر ان غرباء و فقراء کے حقوق کی ادائیگی کی فکر کریں جو آج خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔
2020ء کے ایک اندازے کے مطابق اسلام کے پیروکاروں کی تعداد 1.9 بلین ہے جو دنیا کی آبادی کا تقریباً 24.7 فیصد بنتی ہے۔
اس پیش کردہ رپورٹ کے مطابق کرہ ارض پر بسنے والے اسلام کے پیروکار دنیا کے 57ملکوں میں رہائش پذیر ہیں، جن کے لئے غزہ کے ایک چھوٹے سے خطہ کی نوآبادکاری یقینا ایک آسان عمل ہوسکتا ہے، بشرطیکہ اس معاملے میں مسلم امت رمضان المبارک کے خصوصی ریفریشر کورس میں حاصل کردہ اتحاد کے درس کا پرچم لہرائے، اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھتے ہوئے اسرائیلی معیشت کو نقصان پہنچانے کا عملی ثبوت دے اور جنگ بندی کی کوشش میں اہم کردار ادا کرے۔ کیونکہ یہ دن اتحاد اور مساوات کا اس طور پردرس دیتا ہے کہ جب تمام مسلمان ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر نماز اداکرتے ہیں تو اس وقت کوئی بڑا، چھوٹا، امیر یا غریب نہیں رہتا۔ سب برابر ہوتے ہیں اور یہی اسلام کی اصل روح ہے۔
اور اسی احساس و شعور کا نغمہ زبان پر اس طرح جاری ہوجائے جو دل میں سرایت کرجائے اور عملی تصویر بن جائے:

عید آئی ہے مگر عید منائیں کیسے
قرض ہم اہل فلسطیں کا چکائیں کیسے
اک طرف حکم خدا ہے کہ کہو عید سعید
اپنے رب سے کیے وعدے کو نبھائیں کیسے

غرض یہ کہ عید الفطر امت مسلمہ کے لئے بطور شکر مسرت و شادمانی کا دن ہے تو بحیثیت مسلم امت اہل غزہ بھی اس پر مسرت جشن میں شرکت کے برابر کے حقدار ہیں، لہٰذا امت مسلمہ پریہ فرض عائد ہوتاہے کہ اس دن کو ’’یوم جائزہ‘‘ سمجھتے ہوئے اپنے اعمال میں کوتاہی کے ازالہ کی بھرپور کوشش کرے اور ان مظلوم و بےکس فلسطینیوں کے لئے خوشی و مسرت کے مواقع فراہم کرے۔ اور اس نیک عمل کی توفیق ملنے پر بارگاہ خداوندی میں ہدیہ تشکر پیش کرے اور بدلہ میں ’’لَىنْ شَكَرْتُمْ لَاَزِیْدَنَّكُمْ‘‘کے مطابق بھاری بھرکم انعامات کی مستحق قرار پائے ،اور اس طرح عید الفطر اہل غزہ سمیت تمام مسلم امت کے لئے یوم جائزہ ثابت ہو۔ اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ یہ عید اہل غزہ کے لئے عید سعید کا سامان بن جائے۔ آمین یا رب العالمین۔

حوالہ جات:

https://www.nawaiwaqt.com.pk ›https://www.nawaiwaqt.com.pk ›20-Mar-2025 › 1879161•https://news.un.org/ur/story/2025/03/15851• https://www.bbc.com › urdu › articles• www.alghad.tv•https://countrymeters.info/en/World#religion

٭ ٭ ٭

اسلام میں تہواروں کا جائزہ لیا جائے تو دو عید کا پتہ چلتا ہے۔ ایک’’ عید الفطر‘‘دوسری ’’عید الأضحى‘‘، جہاں کھیل کود کے بجائے تکبیرات و اعمال صالحہ کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔
غرض یہ کہ عید الفطر امت مسلمہ کے لئے بطور شکر مسرت و شادمانی کا دن ہے تو بحیثیت مسلم امت اہل غزہ بھی اس پر مسرت جشن میں شرکت کے برابر کے حقدار ہیں

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے