فریحہ اپنی والدہ کوفون پر بڑے مسرور اندازمیں بتا رہی ہے۔
’’ السلام علیکم امی جی ۔کیا حال ہیں آ پ کے ۔میں نے کہا تھا نا کہ جلد ہی آ پ کوایک اچھی خبر سناؤں گی۔تو اچھی خبر یہ ہے کہ آخر کار ہم نے نئے ماڈل کی کارخرید لی ۔‘‘
امی : ’’اچھامبارک ہو بیٹا۔‘‘(کچھ توقف سے کہتی ہیں)’’ لیکن ابھی کچھ عرصہ پہلے ہی تو تم نے ایک کارخریدی تھی ،جو میرے خیال سے تمہاری فیملی کی ضرورت کے لحاظ سےکافی تھی، پھر نئی کار کی کیا ضرورت پیش آگئی !‘‘
فریحہ: ’’پیاری امی جی ! آپ کو نہیں پتہ، ضرورت تھی ہمیں۔ ہم جہاں رہتے ہیں وہاں لوگوں کے پاس ایک سے ایک نئے ماڈلز کی بڑی بڑی گاڑیاں ہیں۔ ہمیں اپنے اسٹیٹس (status) کا لحاظ رکھنا ضروری ہے۔ ریحان تو مان ہی نہیں رہے تھے، لیکن میں نے اور بچوں نے زور لگا کر انہیں منوا ہی لیا آ خر!‘‘
امی: (افسوس کرتے ہوئے) ناحق پریشان کیا ریحان کو۔بیٹا اس کے لیےبینک سےقرض(loan)لیا گیا ہوگا؟
فریحہ: ’’میں نے اسی لیے آپ کوپہلے نہیں بتا یا تھا کہ آپ ریحان کو منع کر دیں گی۔اور پریشانی کی کیا بات ہے آخر !بینک کس لیے ہیں، ہماری آسانی کے لیے نا!‘‘
(تبھی ڈور بیل بجتی ہے)
فریحہ: دروازے پر دستک ہو رہی ہے،’’امی میں آپ سے بعد میں بات کرتی ہوںاللہ حافظ۔‘‘
(فریحہ دروازہ کھولتی ہے)
مریم: ’’السلام علیکم، فریحہ کیسی ہو ؟‘‘
فریحہ: ’’وعلیکم السلام۔ الحمدللہ۔ مریم آج بڑے دنوں بعد۔
!what a surprise
مریم: ’’ہاں یار ، میںذرا مصروف تھی بچوں میں۔‘‘
فریحہ: ’’ہاں ہم بھی ذرا مصروف تھے۔ last week (پچھلے ہفتے )فارم ہاؤس جانے کے سلسلے میں۔‘‘
مریم: ’’کون سے فارم ہاؤس گئے تھے بھئی!‘‘
فریحہ: ’’ارے کیا بتاؤں مریم ۔یہ بچوں کی ضدیں ہم پیرنٹس کو مجبور کر دیتی ہیں۔ پورے ایک سال سے ضد کر رہے تھے کہ ماما ہمیں بھی اسی فارم ہاؤس جانا ہے جہاں ہمارے دوست گئے تھے۔‘‘
مریم: ’’تو کیا ہوا یہ تو اچھی بات ہے، ذرا فیملی کے ساتھ سیر و سیاحت ہو جائے۔‘‘
فریحہ: ’’کافی expensive (مہنگا) فارم ہاؤس تھا وہ!پھر جانے سے پہلے بچوں کی شاپنگ ختم ہونے کا نام نہیں لےرہی تھی۔بڑا مشکل ہو گیا ہے مریم دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا۔‘‘
مریم: ’’فریحہ ہم سیر و سیاحت تو سکون پانے کے لیے، فطرت سے قدرے قریب ہونے کے لیے اور کچھ سیکھنے سکھانے کے لیے کرتے ہیں، لیکن تمہاری باتوں سے تو کچھ اور ہی لگ رہا ہے؟‘‘
فریحہ: ’’مریم کہاں کا Relaxation (آرام)اور کیسا Nature سے Connection! (فطرت کا قرب) ساری خواہشیں پوری ہونے کے باوجودمیں اور میرا گھر تو بے سکون ہوتا جا رہا ہے!‘‘
مریم: ’’ایسی سیاحت کا کیا فائدہ فریحہ؟۔سیر و تفریح تو اللہ تعالی نے ہمارے لیے قدرتی جگہوں پر بھی رکھ دی ہے۔ صرف نام کے لیے اتنی مشقت اٹھانا کچھ ٹھیک تونہیں!‘‘
فریحہ: ’’لیکن اس نئی نسل کو سمجھانا مشکل ہوتا جا رہا ہے مریم، میں انہیں بہت سمجھاتی ہوں، لیکن یہ مانتے ہی نہیں ہیں!‘‘
مریم : ’’کیا تم نے اپنے بچوں سے مکالمہ کیا ہے کبھی، اپنےبچوں سے مضبوط تعلق بنانے کے سلسلے میں تم نے کبھی پہل کی ہے؟‘‘
فریحہ: ’’وہ کچھ سننا سمجھناہی نہیں چاہتے مریم!‘‘
مریم: ’’فریحہ میں ایک دوست ہونے کے ناطے تمہاری پریشانی سمجھ سکتی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ تم پہلے خود پر کام کرو۔ کبھی کبھی ہم پیرنٹس خود دوسروں سے مرعوب ہو رہے ہوتے ہیں اور یہی چیز ہمارے بچوں میں منتقل ہو جاتی ہے۔‘‘(فریحہ اثبات میں گردن ہلاتی ہے)
فریحہ: ’’تم ٹھیک کہہ رہی ہو مریم، میں خود اس دکھاوے والی بے سکون زندگی سے عاجز آگئی ہوں، میں اپنے اسٹیٹس کے آگے کچھ سوچتی ہی نہیں ہوں!‘‘
مریم: ’’ہاں فریحہ، جب ہم رب کی چاہت کو اپنی چاہت بنا لیتے ہیں تو زندگی میں سکون ہی سکون چھا جاتا ہے۔‘‘
فریحہ: ’’ہاں مریم، مجھے تمہاری باتوں میں اپنے ساتھ اپنے بچوں کے بھی مسائل کے حل نظر آرہے ہیں۔ میں ضرور ان پر غور و فکر کروں گی۔‘‘
تری نیتیں ہوں پاکیزہ، اور آرزوئیں نفیس
کر خود احتسابی ایسی کہ، پہنچے کمال کو تو
٭ ٭ ٭


0 Comments