1) ناول مینوفیکچرنگ کمپنی لمیٹڈ
بازار کے ناول بالعموم ایسے گنجان لکھے اور چھپے ہوتے ہیں کہ پڑھنے والوں کی آنکھ پر برا اثر پڑتا ہے۔ ہم کوشش کرتے ہیں کہ صفحے میں کم سے کم لفظ رہیں۔ مکالمے اور مکالمہ بولنے والے دونوں کےلیے الگ الگ سطر استعمال کی جاتی ہے۔ نمونہ ملاحظہ فرمائیے،شہزادی سبز پری نے کہا:
’’پیارےگلفام!‘‘
پیارے گلفام نے کہا:
’’ہاںشہزادی گلفام،ارشاد!‘‘
شہزادی سبزپری،’’ایک بات کہوں؟‘‘
گلفام،’’ہاں ہاں کہو۔‘‘
شہزادی،
’’مجھے تم سے پیار ہے۔‘‘
گلفام،
’’سچ!‘‘
شہزادی صاحبہ،
’’ہاں سچ!‘‘
گلفام،
’’تو پھر شکریہ!‘‘
شہزادی نے کہا،
’’پیارے گلفام، اس میں شکریہ کی کیا بات ہے۔یہ میرا انسانی فرض تھا۔‘‘ ایک ضروری اعلان! ہمارے کارخانے نے ایک عمدہ آئی لوشن(Eye Lotion) تیار کیا ہے جو رقت پیدا کرنے والے ناولوںکے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔جہاں ایسا سین آئے، رونے کے بعد دو دو قطرے ڈراپر سے آنکھوں میں ڈال لیجیے۔ آنکھیں دھل جائیں گی۔ نظر تیز ہو جائے گی۔ مسلسل استعمال سے عینک کی عادت بھی چھوٹ جاتی ہے۔ فی شیشی دو روپے۔ تین شیشیوں پر محصول ڈاک معاف۔آنکھیںپونچھنےکےلیےعمدہ رومال اور دوپٹےبھی ہمارے ہاں دستیاب ہیں۔
( ماخوذ : کتاب خمار گندم ابن انشاء )
2) گفتگو کا آرٹ
جو کچھ کہنے کا اردہ ہو ضرور کہیے۔دورانِ گفتگو خاموش رہنے کی صرف ایک وجہ ہونی چاہیے۔وہ یہ کہ آپ کے پاس کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ورنہ جتنی دیر چاہیں، باتیں کیجئے۔اگر کسی اور نے بولنا شروع کر دیا تو موقع ہاتھ سے نکل جائے گا اور کوئی دوسرا آپ کو بور کرنے لگے گا۔چنانچہ جب بولتے بولتے سانس لینے کے لیے رُکیں تو ہاتھ کے اشارے سے واضح کر دیں کہ ابھی بات ختم نہیں ہوئی یا’’ قطع کلامی معاف ‘‘کہہ کر پھر سے شروع کردیجئے۔اگر کوئی دوسرا اپنی طویل گُفتگو ختم نہیں کر رہا ہے تو بے شک جمائیاں لیجئے، کھانسیئے، بار بار گھڑی دیکھیئے۔۔۔ابھی آیا ۔۔۔کہہ کر باہر چلے جائیے یا پھر وہیں سو جایئے۔
( ماخوذ : شفیق الرحمن کی کتاب حماقتیں )
3)امریکی پروٹوکول
امریکیوں کی اپنے جانوروں سے محبت کا یہ عالم ہے کہ یہ اپنے والدین کی وفات پر رنجیدہ نہیں ہوتے، ہاں اپنے کتےیا بلی کے بیمار ہونے پر دھاڑیں مار مار کے روتے ہیں۔ پالتو جانوروں کی خوراک لیبارٹری ٹیسٹ(Laboratory Tes) ہونے کے بعد جانوروں کے لئے مخصوص سپر اسٹوروں میں رکھی جاتی ہے۔ خوراک کی پیکنگ اتنی خوبصورت اور دیدہ زیب ہوتی ہے کہ اگر تھرڈ ورلڈ (Third World)کا کوئی غریب انسان دیکھے تو کتوں کی غذائیت سے بھرپور عمدہ خوراک دیکھ کر اس کا جی بھونکنے کو کر اٹھے۔ جانوروں کے علاج معالجے کے لئے ہم نے یہاں جو کلینک اور ہسپتال دیکھے تو ہمارا دل اپنے ملک کے ہسپتال یاد کر کے وہاں کے مریضوں کی طرح تڑپ اٹھا۔جانوروں کے بعد یہاں بچوں کو جو سہولتیں میسر ہیں وہ ہمارے کسی بڑے سرکاری افسر کو ہی میسرہو سکتی ہیں۔ امریکن والدین بچوں پر انگلی اٹھانا تو کجا، انہیں گھور کر بھی دیکھیں تو بچے نائن ون ون پر کال کر کے پولیس بلوا لینے کا قانونی حق رکھتے ہیں۔چنانچہ ماں باپ کا دل اگر کبھی بچے کو گھورنے کو کرے بھی تو وہ سیاہ چشمہ پہن کر گھور لیتے ہیں، تا کہ ان کی تیکھی نظروں کو بچہ دیکھ نہ پائے۔ اسی طرح اگر والدین کا اپنے بچوں کو ڈانٹنے کو جی کرئے تو انہیں اپنے دل میں ہی برا بھلا کہہ کر دل کی بھڑاس نکال لیتے ہیں۔
( ماخوذ : الٹی دنیا فاروق قیصر )
4) صبر و شکر
عمران بن حطان خارجی فرقے کا مشہور فصیح و بلیغ شاعر گزرا ہے۔اس کی ذہانت و ذکاوت کے بہت واقعات مشہور ہیں۔ علامہ زمخشری رحمہ اللہ نے نقل کیا ہے کہ وہ بے انتہا سیاہ فارم اور بد صورت تھا۔اور جتنا وہ بدصورت تھا اس کی بیوی اتنی ہی خوبصورت تھی۔ایک دن وہ بہت دیر تک اس کے چہرے کو دیکھتی رہی اور پھر اچانک اس نے کہا:
’’الحمدللہ!‘‘
عمران نے کہا :
’’کیا بات ہے؟ تم نے کس بات پر الحمدللہ کہا؟‘‘
بیوی نےکہا:
’’میں نے اس بات پر خدا کا شکر ادا کیا ہے کہ ہم دونوں جنتی ہیں۔‘‘
عمران نے پوچھا:
وہ کیسے؟‘‘
کہنے لگی:
’’اس لیے کہ تمہیں مجھ جیسی بیوی ملی، تم نے اس پر شکر ادا کیا اور مجھے تم جیسا شوہر ملا، میں نے اس پر صبر کیا اور اللہ نے صابر اور شاکر دونوں کے لیے جنت کا وعدہ فرمایا ہے‘‘۔
(کشاف ص 572 ج اول قاہرہ 1365ھ ۔ یستفتونک فی النسا)
5) برجستہ
راجندر سنگھ بیدی کی باتیں بہت دلچسپ اور بے ساختہ ہوتی تھیں۔ ایک بار دہلی کی ایک محفل میں بشیر بدر کو کلام سنانے کے لیے بلایا گیا، تو بیدی صاحب نےجو میرے برابر بیٹھے تھے ، اچانک میرے کان میں کہا :’’ یار ! ہم نے ’’دربدر‘‘ ،’’ ملک بدر‘‘ اور’’ شہر بدر‘‘ تو سنا تھا ،یہ’’ بشیر بدر‘‘ کیا ہوتا ہے!
( ماخوذ )
6) پطرس بخاری اور کرنل مجید
کرنل مجید نے ایک دفعہ پطرس بخاری سے کہا:
’’اگر آپ اپنے مضامین کا مجموعہ چھپوائیں تو اس کا نام ’’صحیح بخاری‘‘ رکھیں۔پطرس نے جواب دیا: اور اگر آپ اپنی نظموں کا مجموعہ چھپوائیں تو اس کا نام’’ کلام مجید ‘‘رکھیں۔
انتخاب و ترتیب : ھادیہ ڈیسک
٭ ٭ ٭


0 Comments