سر سید ایک عظیم رہنما

بابراور ہمایوں سے لے کر اورنگزیب عالمگیرتک 800(آٹھ سو سال)سال مغلیہ سلطنت شان و شوکت کے ساتھ ہندوستان پر حکومت کر تی رہی۔گو وقفے وقفے سے مختلف قومیں جیسےڈچ ، فرنچ، پورتگالی ، ہندوستان پر حکومت کا خواب سجائے آئیں اور ناکام واپس چلی گئیں ۔
بعد ازاں غیر مضر رساں تجارتی اغراض کے پردے میں‌انگریزوں کی آمد ہوئی ۔ دوران تجارت انگریزوں کو اس حقیقت کا پتہ چلا کہ ہندوستان صحیح معنوں میں سونے کی چڑیا ہے۔ دل میں گانٹھ باندھ لی کہ اس سونے کی چڑیا کا استحصال کرناہے۔ اپنی مراد برآوری کے لیے وہ کون سے ہتھکنڈے تھےجو حکمرانوں کے درمیان پھوٹ ڈالنے ، لڑوانے ، دشمنی پیداکرنے اور جوڑ توڑ کے لیے استعمال نہ کیے گئےہوں! انگریزاپنی ازلی پالیسی ’’ پھوٹ ڈالواور حکومت کرو‘‘ (Divide and Rule)کے فارمولے پر عمل پیرا ہوئے اور ہندوستان کے بیشتر حصوں پر قبضہ کر لیا ۔
1857سنہ عیسوی میں ہندوستانیوں نے ’بہادر شاہ ظفر‘ کی قیادت میں طوق غلامی کو گردن سے نکال پھینکنے کے لیے بغاوت کر دی ، جسے ’’غدر ہند‘‘یا ’’ پہلی جنگ آزادی ‘‘کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے۔انگریز وںنےبزور بازو بغاوت کرنے والوں کو نہایت بیدردی سے کچل دیا۔ آخری مغل بادشاہ بہادرشاہ ظفرکو رنگون جلا وطن کر دیا گیا اور مغلیہ سلطنت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی گئی ۔ اور خود اس شعر کی مکمل تصویر بن کر رہ گئے ۔

کتنا ہے بد نصیب ظفر، دفن کے لیے
دو گز زمین بھی نہ ملی کوئے یار میں

 پھر کیا تھا مسلمان انگریزوں کے عتاب کا نشانہ بن گئے ۔ کیوں نہ ہوں ؟ کل تک جوحاکم تھے وہ آج محکوم تھے۔ حکومت کے ساتھ تقدیر بھی بدل گئی۔ کل تک جن کے لباس دیبا و حریرکے تھے،سونےکے لیے مخملیں بسترتھے، آج ان شہزادوں کے سر مٹی میں رل رہے تھے۔ پردہ دار شہزادیاں جن کی ایک جھلک سورج و چاند کی کرنوں کو بھی میسر نہ تھی راستوں پر بھیک مانگنے پر مجبور تھیں ۔ لاکھوں مسلمانوں کو قیدزندگی سے آزاد کر دیا گیا تھا، حتی کہ کئی ہزار علمائےکرام کو دار پر چڑھا دیا گیا ۔ عربی و فارسی زبانوں کو یکلخت سرکاری دفتروں سے نکال دیا گیا ۔ نتیجہ الفریڈ کرافٹ کی اس رپورٹ سے ظاہر ہے ۔
’’مسلمان بے حد پسماندہ ،قدیم علوم پر فخر اور جدید علوم سے ناواقف،بے روزگار۔ صبح کے تخت نشین شام کو مجرم ٹھہرے ۔ ہم نے پل بھر میں نصیبوں کو بدلتے دیکھا ۔‘‘
واقعات پتھردلوں کو موم بنانے کے لیے کافی تھے‌۔ حساس دلوں سے آنکھوں کی راہ خون کے آنسو بہنے لگے ۔ اجڑی ، لٹی پٹی قوم پرآہ و فغاں کرنے والوں کی کمی تو نہ تھی مگرہاں مسلمانوں کی خستہ حالت کو سہارا دینے والا دور دور تک کوئی نظر نہیں آرہا تھا ! اس گھپ اندھیرے میں ایک چھوٹا سا جگنو اپنی روشنی کے ساتھ آگے بڑھتا ہے۔ غور و فکر کے بعد قوم کو ساتھ لے کر چلنے کے لیے راستے کا تعین کر تا ہے ۔ یہی جگنو آگے چل کر قوم کے لیے روشنی کا مینار بن جاتا ہے ۔ یہ جگنو تھاسر سید احمد خان۔
آپ اس وقت بجنور میں سرکاری ملازمت پر مامور تھے۔ آپ غدر کے طوفانی جھکڑ میں گھرے کئی انگریز عورتوں اور بچوں کی جان اپنی جان پر کھیل کر بچائی ۔ انگریز نے سر سید احمد خان کو صلہ دینا چاہا، مگر آپ نے انکار کر دیا ۔ دلی کے لٹے پٹے مسلمانوں کی ابتر حالت کو بدلنے کا بیڑا اٹھالیا ۔‌جامع پالیسی وضع کی اور مضبوطی کے ساتھ اس پر گامزن ہوگئے۔پہلا کام یہ کیا کہ انگریزوں اور مسلمانوں میں صلح وآشتی کویقینی بنانے کی کامیاب کوشش کی ۔ غلط فہمیوں کا ازالہ موثر انداز میں اس طرح کیا کہ کئی جانیں بچ گئیں ۔

دوسرا اہم کام

دوسرا اہم کام آپ نے یہ کیا کہ اسباب غدر پر ایک کتاب لکھی۔یہ آپ کی اخلاقی جرأت کی نادر مثال ہے۔ اس لیےکہ یہ کتاب کمپنی کے ملازم ہوتے ہوئے آپ نے لکھی تھی اور سارے کے سارے اسبا ب غدرانگریزوں کے سر تھوپ دیے۔ اس کی سو کاپیاں بنوائیں ۔ ایک کاپی اپنے پاس رکھی اور 99کاپیاں انگلستان بھیج دیں۔ اس کتاب کو پڑھ کر ممبران پارلیمنٹ انگلستان غصےسے اس قدر بے قابو ہوگئے کہ ایک نے تو سر سید کے لیے پھانسی کی سزا کی مانگ کر ڈالی ۔ چند سمجھداراور حقیقت پسند لوگوں نے محسوس کیا کہ سر سید نے جو کچھ لکھا ہے وہ نہ صرف صحیح ہے بل کہ آئینہ بھی ، جو ان سے سرزد غلطیوں کا منہ چڑا رہا ہے ۔

تیسرا اہم کام

تیسرا اہم کام آپ نے مسلمانوں کے زوال و پسماندگی کا باریک بینی سے تجزیہ کیا اورحل نکالا ۔
حل کیا تھا ؟ اقراء یعنی پڑھو ۔
اقراء یعنی پڑھو!
سر سید تعلیمی شاہ راہ سے دور اپنی ہی خود ساختہ غیر مفید علوم پر ڈٹے رہنے پر مصر مسلمانوں کو حالات کی سنگینی کے تحت تبدیلی نظر یہ پر چلنے کی دعوت دی‌۔ یہ کام اس وقت کے حالات کو دیکھتے ہوئےبے حد کٹھن لگ رہا تھا ۔ حکومت سے محرومی کا غم و غصہ و گھاؤمسلمانوں کو کو اتنا گہرا لگا تھا کہ اس سے نکلنا محال نظر آرہا تھا ۔ اس لیے کہ انگریز اور انگریزوں سے جڑی ہر چیز سے وہ نفرت کرتے تھے ۔ سر سید کی جدید تعلیم کی طرف دعوت پرراغب ہونا مشکل نظر آرہا تھا۔ آپ نے اعتراضات اور لعنت و ملامت کی پرواہ کیے بغیر انگریزوں کی اچھائیوں کی قدر کی اور جدید انگریزی تعلیم کی طرف متوجہ کرانے کے ساتھ ساتھ ترغیب دلانے کے لیے’ ’تہذیب الاخلاق ‘‘ اخبار بھی نکالا، جس میں مسلمانوں کی ترقی و اصلاح‌پرمبنی مضامین ہوا کرتے تھے ۔
ایک دانا شخص کا قول ہے کہ اگر حسب احتیاج وقت پر لوگوں کی تعلیم و تربیت نہ ہو تو اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ لوگ مفلس ،محتاج اور پھر نالائق ،کاہل ، ذلیل و خوار اور پھر چور و بدمعاش ہو جاتے ہیں ۔ وہ جانتے تھے کہ تعلیم ہی مسلمانوں کی خستہ حالت کی تبدیلی کا ایک منترہے۔مسلمانوں کی نفسیات اوراس وقت کےحالات کے پیش نظر آپ نے مدارس کے قیام کا بیڑا اٹھایا ۔ 1857میں مراد آباد اور 1862 میں غازی آبا د میں مدارس کی بنیاد ڈالی ۔ وہاں مذہبی تعلیم کے ساتھ منطق ، فلسفہ ، نجوم ، علم طب ، علم ریاضی ، تاریخ ، جغرافیہ وغیرہ کی تعلیم دی جاتی تھی ۔ اسکول میں چند مضامین پڑھنے سے تعلیم مکمل نہیں ہوتی بل کہ شخصیت کی تعمیر کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی ناگزیر ہے۔ جو کچھ انسان کے اندر ہوتا ہے اسے باہر نکالنا ہی تعلیم کا کام ہے۔‌بچوں کے اندر چھپے ہوئے جوہر کو باہر نکال کر بڑھا وا دینا اور کام میں لانا ہی تربیت ہے ۔

 سر سید کا تعلیمی نظریہ

 سرسید کا تعلیمی نظریہ جدید تعلیمی نظام کی عکاسی کرتا ہے ۔ آپ بچوں کی ہمہ جہت شخصیت سازی چاہتے تھے ۔ سر سید احمد خان ولیم میور کی کتاب کا مدلل جواب ’’دی لائف آف محمد صلی اللہ علیہ وسلم‘‘
(The Life of Muhammad swt)کی تیاری کے لیے کیمبرج (Cambridge University) اور آکسفورڈ یونیورسٹیز (Oxford University)کے کتب خانوں سے استفادہ کیا اور ساتھ میں جدید علوم اور سائنس کا بے بہا خزانہ اپنے ہمراہ لے کر لوٹے ۔

مدرستہ العلوم ایم ۔ اے ۔ او ۔ کالج

 بمقام علی گڑھ 1875میں مدرستہ العلوم ایم ۔ اے ۔ او ۔ کالج( اینگلو اورینٹل کالج ) کی داغ بیل ڈالی ۔اس کے قیام کا مقصد سیاسی ، معاشرتی اور اقتصادی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے قوم کوترقی کی راہ پر گامزن کرناتھا ۔
انگریزی طرز تعلیم سر سید کی نگاہ میں اہمیت کی حامل اس لیے بھی ہوگئی کہ ہم وطن بھائیوں نے ’’چلو ادھر کو، ہوا ہو جدھر کی‘‘ کے فارمولے پر عمل کر تے ہوئے انگریزی طرز تعلیم سے استفادہ کیا اورایسٹ انڈیا کمپنی (East India company)میں ملازمت کرنے لگے۔اس کے برعکس مسلمان روایات کے ساتھ لکیر کے فقیر بنے۔ پرانی تہذیب کو گلے لگائے ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گئے ۔ انگریزی تعلیم سے اکثریت اس لیے بھی ڈرتی تھی کہ نوجوان مذہب سے متنفر نہ ہو جائیں۔ سرسید نےانگریزی تعلیم کے حصول کے لیے بذریعہ مضامین اپنے اخبارات میں لکھ کر مسلمانان ہند کی ذہن سازی کی ۔

کالج کا قیام

 قیام مدارس کے بعد کالج کے لیے کوششیں شروع کر دیں۔ جنوری 8 ،1877 کو لارڈ لٹن (Lord Lytton)واسرائے ہند کے ہاتھوں کالج کی بنیاد رکھی گئی۔
د سمبر 27 ، 1886و ’ایجوکیشنل کانگریس‘(Educational Congress)کی بنیاد رکھی گئی۔ اس موقع پر سر سید نےتقریر کرتے ہوئے کہا :
’’ اے صاحبو! جن لوگوں کا یہ خیال ہے کہ پولیٹکل امور (سیاسی معاملات)پر بحث کرنے سے ہماری قوم کی ترقی ہو گی ، میں ان لوگوں سے اتفاق نہیں کرتا، بل کہ میں تعلیم اور صرف تعلیم ہی کو ذریعہ ٔ قومی ترقی سمجھتا ہوں ۔ ہماری قوم کو اس وقت بجز قومی تعلیم کے اور کسی چیز پر کوشش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر ہماری قوم میں تعلیم کا رواج عام ہو جائے تو یہی ہمارے لیے کافی ہے۔ کیوں کہ یہی ذریعہ تنزلی سے نکلنے کا ہوگا ‘‘۔
آج بھی یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہےکہ تعلیم سےدوری نے ہمیں ہر موڑ پر ذلیل و رسوا کر رکھا ہے ۔ نہ کہیں عزت ہے نہ توقیر اور نہ ہی بات‌میں کچھ وزن !
سرسید نےمسلمانوں کی تعلیمی ضروریات کوپورا کرنے کے لیے ایک ایسا کالج شروع کرنا چاہا،جو قدیم علوم کے ساتھ جدید علوم بھی مہیا کرے۔ورنا کیولریونیورسٹی(Vernacular University) کے قیام کا مقصد مقامی زبان میں تعلیم دینا تھا۔ 1864میں’ سائنٹیفک سوسائٹی‘ (Scientific Society) کی بنیاد ڈالی جس کے تحت تعلیمی کانفرنس منعقد کیے جاتے، بحث ومباحثے ہوتے ، مغربی ممالک میں سائنس وجدید علوم کی شائع شدہ کتابوں کا اردو میں ترجمہ کیا جاتا ۔ ایک تحقیقی ادارہ قائم کیا گیا ، جس کا کام یہ جا نچنا تھا کہ مسلمان اپنے بچوں کو سرکاری تعلیمی اداروں میں کیوں نہیں بھیجتے ۔ آج بھی ایسے اداروں کی ضرورت ہے ۔
سرسید احمد خان کی یہ راے سنہرے حرفوں میں لکھنے کے قابل ہے کہ میری یہ رائے ہمالیہ پہاڑ کی چوٹی پربڑے بڑے حروف میں آئندہ زمانے کی یادگار کے لیے کھودی جائے کہ جب تک تمام علوم ہندوستانیوں کو انہی کی زبان میں نہیں دیے جائیں گے تب تک ہندوستان کو شائستگی اور تربیت کا درجہ نصیب نہیں ہوگا ۔ مسلمانوں کی اصلاح تعلیمی اصلاح سے بہتر کوئی اورنہیں ۔

سرسید کی مخالفت

جدید علمی پالیسی کو بروئے کار لانے کے لیے سرسید کو قدم قدم پر مخالفت کا سامنا کرنا پڑا، تضحیک سہنی پڑی ،حتی کہ آپ کو’’کافراور نیچری‘‘کے الفاظ سے بھی نوازا گیا ۔ اس ضمن میں ایک پر لطف واقعہ سن لیجیے ۔ ادائیگی حج کے لیے چند علماء مکہ مکرمہ روانہ ہوئے ۔ واپسی پر سر سید احمد خان کے نام کفر کا فتوی بھی ساتھ لائے ۔ یہ سن کر سر سید احمد خان نے فرمایا:
’’ میرا کفر بھی کیا کفر ہے، کسی کو حاجی کسی کو مسلمان اورکسی کو کافر بناتا ہے ۔‘‘ جواب سن کر آپ بھی داد دیجیے۔ مخالفت کی آندھی کو صبر سے جھیلا ، نہ گلا نہ شکوہ۔
کالج کی تعمیر کے لیے سرکار سے مدد لینا گوارا نہ کیا ۔ مخلص لوگوں کے چندے سے کالج کی تعمیر ہوئی۔ آپ چندہ مانگنے سے کبھی نہ تھکتےتھے۔ حالاں کہ لوگ چندہ دیتے دیتے تھک جاتےتھے۔ کبھی کبھار آنکھیں چراکر راستہ کاٹ جاتے ۔ آپ کو چندہ کے لیے اسٹیج پر گانا بھی گانا پڑا۔ آپ کی بےلوث کاوشوں کا ثمر’’ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی‘‘ مینارۂ نور بنی جو علم کی روشنی سارے ہندوستان میں بکھیر رہی ہے۔ علم کے پیاسوں کو اپنی طرف بلا رہی ہے کہ آؤ! یہاں تشنگی دور کرنے کا وافر مقدار میں ذخیرہ موجود ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سر سید احمد خان کی خوابوں کی تعبیر ہے ۔
ڈاکٹر سید عبداللہ کی رائے میں سر سیدکے اد بی سرمائے کو جو چیزیں مستقل حیثیت امتیاز اور انفرادیت بخشتی ہیں ان کو مجموعی لحاظ سے تین چار جملوں میں یوں سمیٹا جا سکتا ہے کہ ہمارے ملک میں سرسید ہی وہ پہلے شخص تھے ،جنہوں نے فکر ادب میں روایت کی تقلید سے ہٹ کر آزادی رائے اور آزادی خیال کی رسم جاری کی اور ایک ایسے مکتب فکرکی بنیاد ڈالی، جس کے عقائد میں عقل ، نیچر ، تہذیب اور مادی ترقی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے ۔

سر سید احمد خان کی اہم کتب

1) تاریخ سرکشی بجنور

 سرسید نے جنگ آزادی کے واقعات کو بجنور میں ترتیب دینا شروع کیا، مگر اس کی تکمیل مرادآباد میں ہوئی ۔اس میں 1857 ء سے 1858 ء تک کے واقعات درج ہیں۔ گویا پہلی جنگ آزادی کی یہ مستند دستاویز ہے۔

2) اسباب بغاوت ہند

 اس کتا ب کوسرسید نے 1859میں مکمل کیا۔ انگریزوں نے جنگ آزادی کی ساری ذمہ داری ہندوستانیوں خاص کر مسلمانوں پر ڈال دی تھی ۔ اس کتاب کی مدد سے آپ نے ثابت کیا کہ اس جنگ کی ذمہ داری ہندوستانیوں یا مسلمانوں پر نہیں بل کہ خود انگریز پر عائید ہوتی ہے ۔‌کرنل گراہم نے اس کا انگریزی ترجمہ کیا اور حکومت برطانیہ کے ایوان قانون ساز کوبھیجا۔بحث ومباحثہ ہوا،سر سید کی دلیلوں کو درست قرار دیا گیااور مسلمانوں پر انگریزوں کا عتاب کم ہوا ۔

3) تحقیق لفظ نصارٰی

 بعض حضرات اپنی تحریروں میں لفظ نصاری کا استعمال کرتے تھے، مگر انگریز اس کو غد داری پر محمول کرتے تھے اور ظلم کا بازار گرم کرتے تھے۔ سر سید نے قران و حدیث کی روشنی میں ثابت کیا کہ اس لفظ کا استعمال کسی کی مخالفت یا نفرت کے لیے نہیں کیا جاتا اور یہ کہ اس بارے میں انگریزوں کا خیال غلط محض ہے ۔
ڈاکٹر ہنٹر (Dr. Hunter)کی کتاب پر ریویو ۔1871 میں ڈاکٹر ہنٹر نے اپنی کتاب انڈین مسلمان (Indian Musalman)میں ثابت کیا کہ ہندوستانی مسلمان مذہبی اور سیاسی اعتبار سے انگریزوں کے مخالف ہیں اور انگریزی حکومت کو ان سے کسی حالت میں اطمینان نہیں ہونا چاہیے۔ انگریز پہلے ہی مسلمانوں کے خلاف تھے،ان کے مزید مخالف ہونے کا اندیشہ تھا ۔ اس لیے سر سید نے ڈاکٹر ہنٹر کی تنقید کی اورغلط ثابت کر دکھایا ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. ظفر اقبال

    مغلوں نے آٹھ سو سال حکومت کی۔ یہ جملہ قابل ترمیم و اصلاح ہے۔ اصل مدت اس سے نصف بھی نہیں۔
    دوم یہ کہ جنگ آزادی میں سرسید کا کردار کمپنی کے وفادار ملازم کی حیثیت سے مجاہدین آزادی کے خلاف رہا بلکہ باقاعدہ مسلح لڑائی کی۔ انگریز کے دفاع میں اور ان راتوں کی لڑائی پر وہ فخر محسوس کرتے تھے۔ مسلمانوں اور ہندوستان کے لئے جنگ آزادی کو نہ صرف مضر محسوس کرتے تھے بلکہ اس کے خلاف خود مسلح ہو کر لڑنے کا ذکر (غالباً بجنور گزٹ) میں موجود ہے۔ لہٰذا ایک ہی سطر میں جنگ آزادی اور سرسید کی اس کے خلاف جنگ کو تحسین پیش کرنا ممکن نہیں ہے ۔

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے