أَعُوذُ بِاللهِِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمنِ الرَّحِيمِ
فَلَوْ لَا كَانَ مِنَ الْقُرُوْنِ مِنْ قَبْلِكُمْ اُولُوْا بَقِیَّةٍ یَّنْهَوْنَ عَنِ الْفَسَادِ فِی الْاَرْضِ اِلَّا قَلِیْلًا مِّمَّنْ اَنْجَیْنَا مِنْهُمْ واتَّبَعَ الَّذِیْنَ ظَلَمُوْا مَااُتْرِفُوْا فِیْهِ وَ كَانُوْا مُجْرِمِیْنَ)وَ مَا كَانَ رَبُّكَ لِیُهْلِكَ الْقُرٰى بِظُلْمٍ وَّ اَهْلُهَا مُصْلِحُوْنَ (سورہ ہود، 117/116)
ترجمہ: پھر کیوں نہ ان قوموں میں جو تم سے پہلے گزر چکی ہیں ایسے اہل خیر موجود رہے جو لوگوں کو زمین میں فساد برپاکرنے سے رو کتے ؟ ایسے لوگ نکلے بھی تو بہت کم ، جنکو ہم نے ان قوموں میں سے بچا لیا ورنہ ظالم لوگ تو انھی مزوں کے پیچھے پڑے رہے جنکے سامان انہیں فراوانی کے ساتھ دیئے گئے تھے اور وہ مجرم بن کر رہے۔ تیرا رب ایسا نہیں ہے کہ بستیو ںکو نا حق تباہ کرے ۔حالانکہ انکے باشندے اصلاح کرنے والے ہوں ۔
اس آیت میں پچھلی امتوں سے مراد پچھلی مسلم قومیں ہیں ۔ قوم کا بگاڑ ہمیشہ اس طرح ہوتاہےکہ د نیوی سامان جو خدا کی طرف سے انہیں اس لئے دیا گیا تھا کہ اس سے ان کے اندر شکر کا جذبہ ابھرے ، وہ ان کے لئے سرمستی اور دنیا پرستی پیدا کرنے کا ذریعہ بن گیا۔
اس آیت میں فساد سے مراد صرف قتل و غارتگری نہیں ہے بلکہ بدعات و خرافات اورمعاشرتی امور میں فضول رسم و رواج بھی فساد ہیں۔دین میں نت نئی بدعات اور دن بہ دن بڑھتے جاہلانہ رسم ورواج نے مسلم معاشرے میں سخت تباہی مچا رکھی ہے ۔کسی قوم پر عذاب اس وقت تک نہیں آ تا جب تک اس میں اہلِ خیر موجود ہوں اور وہ قوم کی اصلاح کی کوشش میں لگے ہوں، اگرچہ وہ تھوڑے ہوں۔ ایسے لوگوں کی وجہ سے مجرم بھی عذاب الہی سے محفوظ رہتے ہیں ۔عذاب اس وقت آتا ہے جب برائی علانیہ ہر طرف پھیل جائے اور کوئی اصلاح کرنے والا موجود نہ ہو ۔
یہ حکم مسلمانوں کو ان کی ایک عظیم ذمہ داری سے باخبر کر رہا ہے، اور اس سے اعراض کے نتیجے میں سنگین عذاب سے متنبہ کر رہاہے۔ اس سے مراد یہ ہے کہ مسلم معاشرہ میں ہمیشہ ایسے افراد موجود ہونے چاہئےجو مسلمانوں کو خدا اور آخرت کی یاد دلائیں۔ دینی و دنیوی تمام معاملات میں ان کو راہ راست پر قائم رکھنے کی کوشش کریں۔ اللہ تعالٰی نے اس امت میں ایسی جماعت کی موجودگی کا قطعی اور فرضی حکم دیا۔’’ اور تم میں ایک جماعت ایسی ضرور ہونی چاہئےجو لوگوںکو بھلائی کا حکم دے، برائی سے روکے اور یہی لوگ فلاح پانے والے ہیں۔‘‘ (۔آل عمران 104) یعنی آخرت کی کامیابی کا دارو مدار اس بات پرہے کہ ہم اپنی اصلاح کے ساتھ ساتھ معاشرے کی اصلاح کے لئے بھی فکر مند ہوں ۔ اور اعلاء کلمہ اللہ کے لئے کوشا ں رہیں ۔
حضرت جریر کہتے ہیں:’’ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئےسنا جوآ دمی کسی ایسی قوم میں ہو جس میں گناہ کے کام کئے جاتے ہوں اور وہ اسے روکنے پر قدرت رکھتا ہو، اور نہ روکے تو اللہ اسے مرنے سے پہلے ضرور کسی نہ کسی عذاب میں مبتلا کر دیتا ہے۔‘‘(ابوداؤد 4339 )
اسی طرح ایک دوسری حدیث میں آتا ہےکہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالٰی نے جبرئیلؑ کی طرف وحی بھیجی کہ فلاں شہر کو اس کے باشندوں سمیت الٹ دو ، پس جبرئیل نےعرض کیا باری تعالی اس بستی میں تیرا فلاں بندہ ہے جس نے آنکھ جھپکنے کے برابر بھی تیری نافرمانی نہیں کی۔ تو ارشاد باری ہوا اس شہرکوپہلے اس نیک بندے پرالٹ دو۔ کیوں کہ میری خاطر(یعنی میری نافرمانیوں اور کھلے عام گناہ ہوتے دیکھ کر) کبھی اس کے چہرے کا رنگ متغیر نہیں ہوا( شعب الایمان للبیہقی (7595)
امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ کسی خاص فرد ،کسی خاص جماعت یا صرف علماء کرام کی ذمہ داری نہیں،بلکہ پوری امت مسلمہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔اس حکم میں مرد اور عورت دونوں برابر کے ذمہ دار ہیں۔سورہ توبہ میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے:
’’مسلمان مرد اور مسلمان عورتیں ایک دوسرے کے رفیق ہیں۔بھلائی کا حکم دیتے ہیں، برای سے روکتے ہیں۔نماز قائم کرتے ہیں، زکات دیتے ہیں ۔ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے ہیں ۔یہی وہ لوگ ہیں عنقریب اللّه ان پر رحم فرماے گا۔ بیشک اللّه زبردست حکمت والا ہے ۔‘‘
(سوره توبہ :71)
اس فریضے کی ابتداء اسلامی نقطہ نظر سے اپنے اہل و عیال اور اعزہ و اقارب سے کرنی چاہیے۔عموما لوگ اس معاملے میں کوتاہی کرتے ہیں۔اللّه کا فرمان ہے کہ اپنے رشتے داروں کو ڈراو(سورہ شعراء 214) ۔ایک دوسری جگہ بیان فرمایا کہ اپنے آ پ کو اور اپنے اہل وعیال کو جہنم کی آ گ سے بچاو ۔
(سورہ تحریم : 6)
سورہ عصر میں اللّه نے زمانے کی قسم کھا کر پوری انسانیت کو خسارے میں بتایا۔اہل ایمان کو چار شرطون کے ساتھ اس خسارے سے بری الذمہ قرار دیا جس میں یہ بھی شامل ہے کی وہ ایک دوسرے کو حق کی نصیحت کرتے رہیں ۔
امر بالمعروف ونہی عن المنکر ہمارے ایمان کی علامت ہے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’ تم میں سے جو شخص منکر (ناقابل قبول عمل) دیکھے اسے چاہیے کہ اپنے ہاتھ (قوت) سے بدلنے کی کوشش کرے اور اگر اسکی طاقت نہ ہو تو زبان سے برائی کو روکنے کی کو شش کرے اور اگر اسکی بھی طاقت نہ ہو تو دل میں اسے برا سمجھے اور یہ سب سے کمزور ایمان ہے ۔(صحیح مسلم)
امر بالمعروف ونہی عن المنکر کا مقصد یہ نہیں ہے کہ کسی کو جبرا ًبرائی سے روکا جاے اور نیکی کے راستے پر مجبور کیا جائے بلکہ اسکا مقصد صرف اصلاح اور خیر خواہی ہے ۔ہمارا کام حکمت اور نرمی کے ساتھ خدا کا پیغام لوگوں تک پہنچا دیناہے ،تاکہ بروز قیامت ہم سرخ رو ہو سکیں ۔
سورہ اعراف آیت 164میں اللّه نے بنی اسراییل کے تین گروہوں کا ذکر کیا۔ ایک گروہ جو اللہ کے احکام کا منکر تھا۔ دوسرا جو اللّه کے احکام کا تابع تھا اور برای سے متنفر بھی تھا مگر خاموشی اختیار کیے ہوئے تھا ۔تیسرا گروہ جو اپنی اصلاح کے ساتھ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دیتا تھا ۔ دوسرے گروہ نے ان سے کہا تم ایسے لوگوں کو نصیحت کیوں کرتے ہو جنکو اللّه ہلاک کرنے والا ہے یا عذاب دینے والا ہے تو انہوں نے جواب دیا کی رب کے حضور معذرت پیش کرنے کے لئے اور اس امید پہ کہ شاید یہ ایمان لے آئیں۔
مندرجہ بالا آیت و احادیث سے یہ بات ثابت ہوتی ہےکہ صرف اپنی اصلاح کافی نہیں ہے بلکہ امربالمعروف ونہی عن المنکر کے فریضے کے لیے پوری امت مسلمہ اپنی صلاحیت و استعداد کے مطابق رب کے حضور جوابدہ ہے، نیز یہ فریضہ اسلامی معاشرت کا اہم ستون ہے ۔تو آ ئیے قوم کی خیر خواہی و اصلاح کے جذبے کے ساتھ اس فریضے کو انجام دینے کی کوشش کریں، یہاں تک کی رب کی زمین پر رب کا دین نافذ ہو جائے اور ہمارا رب ہم سے راضی ہو جائے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments