فدا جو آپ پہ خیر الانام ہوتا ہے
اسی کے حق میں شفاعت کا جام ہوتا ہے
نوازش آپ کی آقا کرم یہ آپ کا ہے
سلام کے لئے حاضر غلام ہوتا ہے
جو در پہ آنے کی رکھتا ہے آرزو دل میں
ضرور اس کا کوئی انتظام ہوتا ہے
یقیناً اس کو زیارت نصیب ہوتی ہے
زباں پہ جس کی سدا ان کا نام ہوتا ہے
جو ذکر وفکر میں ڈوبا ہے آپ کی آقا
وہ خوش نصیب ہی عالی مقام ہوتا ہے
جو حق پرست ہے چلتا ہے راہ پر ان کی
ہزار کانٹے ہوں محوِ خرام ہوتا ہے
جو ان کا عاشق صادق ہے خوش نصیب ہے و ہ
توجہ اس پہ ہے ان کی کلام ہوتا ہے
Comments From Facebook


0 Comments